کراچی (31 جولائی 2025): کیش وین سے 97 لاکھ روپے کی ڈکیتی واردات کے بعد کرائم سین پر آئی جی سندھ کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی دیکھی گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق آج کراچی کے علاقے کورنگی میں بینک سے رقم لے کر نکلنے والی کیش وین سے ڈاکو 97 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے۔ یہ واردات چمڑا چورنگی کے قریب پیش آئی۔
واردات کے بعد کرائم سین پر اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کے اہلکار پہنچے تاہم انہوں نے اس موقع پر آئی جی سندھ کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی کی اور کرائم سین پر سادہ لباس افراد جدید ہتھیاروں کے ساتھ موجود رہے۔ جب کہ آئی جی سندھ کی جانب سے بغیر یونیفارم آپریشن پر پابندی عائد ہے۔
بینک کے باہر ہتھیاروں کی کھلی نمائش سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا جب کہ گزرنے والے افراد رک رک کر ہتھیار بند سادہ لباس اہلکاروں کو دیکھتے رہے۔
دوسری جانب گودام چورنگی پر نجی بینک کی کیش وین سے 97 لاکھ روپے ڈکیتی کی واردات کا وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے بھی نوٹس لے لیا ہے اور ایس ایس پی کورنگی کو واردات کے بعد ابتدائی پولیس ایکشن سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر داخلہ نے جائے وقوعہ پر ماہر پولیس افسران کو ذمہ داریاں سونپنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہےکہ ملزمان کسی بھی صورت بچ نکلنے میں کامیاب نہ ہوں۔
واضح رہے کہ آج بینک کی کیش وین سے ڈکیتی کی واردات میں ڈاکو 97 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہو گئے جب کہ مزاحمت پر فائرنگ کرتے ہوئے دو سیکیورٹی گارڈز کو بھی زخمی کر دیا۔
https://urdu.arynews.tv/karachi-korangi-robbers-cash-van-31-july-2025/