Tag: اختتامی تقریب

  • چیمپئنز ٹرافی اختتامی تقریب میں میزبان پاکستان کو نظر انداز کرنے پر پی سی بی کا بڑا فیصلہ

    چیمپئنز ٹرافی اختتامی تقریب میں میزبان پاکستان کو نظر انداز کرنے پر پی سی بی کا بڑا فیصلہ

    چیمپئنز ٹرافی کی اختتامی تقریب میں میزبان ملک پاکستان کو نظر انداز کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔

    آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کو بھارت نے اپنے اقدامات سے متنازع بنانے کی کوشش کی۔ دبئی میں ہونے والی اختتامی تقریب میں میزبان ملک پاکستان کا کوئی نمائندہ آفیشل تقریب میں پوڈیم پر مدعو نہیں کیا گیا جب کہ اس وقت پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر اسٹیڈیم میں ہی موجود تھے۔

    آئی سی سی کی میگا ایونٹ کی اختتامی تقریب میں میزبان ملک کو نظر انداز کرنے پر اب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) بھی حرکت میں آ گیا ہے اور اس نے یہ معاملہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے فورم پر اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس معاملے پر آئی سی سی کو خط لکھے گا جس میں اختتامی تقریب میں پاکستان کو نظر انداز کرنے پر آئی سی سی سے وضاحت طلب کی جائے گی۔

    پاکستان کی میزبانی میں کھیلی گئی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 بھارت کی فتح کے ساتھ ہی اختتام پذیر ہوئی۔

    ہائبرڈ ماڈل کے تحت دبئی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ کے بعد آفیشل اختتامی تقریب کے پوڈیم پر آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ، راجر بنی اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے راجر ٹوز تو موجود تھے۔ تاہم پی سی بی کا کوئی نمائندہ نظر نہیں آیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید اس وقت اسٹیڈیم میں ہی موجود تھے، تاہم انہیں پوڈیم پر نہیں بلایا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی انٹرنیشل کونسل کو لکھے جانے والے خط میں اختتامی تقریب کے ساتھ ساتھ بھارت، بنگلہ دیش کے میچ میں براڈ کاسٹنگ چینل پر میزبان پاکستان کا نام ہٹانے اور لاہور میں بھارتی ٹیم کے نہ کھیلنے کے باوجود بھارت کا ترانہ چلانے پر بھی جواب طلب کرے گا۔

    یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی اختتامی تقریب میں میزبان ملک پاکستان کو نظر انداز کرنے پر سابق قومی کرکٹرز بھی آواز اٹھا رہے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/host-pakistans-absence-champions-trophy-closing-ceremony-shoaib-akhtar/

  • ورلڈ کپ فائنل: میچ سے قبل رنگا رنگ اختتامی تقریب

    ورلڈ کپ فائنل: میچ سے قبل رنگا رنگ اختتامی تقریب

    میلبرن: آسٹریلیا کے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں فائنل کے ٹاس کے بعد رنگا رنگ اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس میں مقامی فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں فائنل کے ٹاس کے بعد رنگا رنگ اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔

    اختتامی تقریب میں آسٹریلیا کی مقامی ثقافت کو پیش کیا گیا۔ اس موقع پر کھچا کھچ بھرا اسٹیڈیم موسیقی پر جھوم اٹھا۔

    پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے فائنل کے لیے انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

    میچ کچھ دیر میں شروع ہوجائے گا۔

  • ایشین گیمز رنگارنگ تقریب کے بعد اختتام پذیر

    ایشین گیمز رنگارنگ تقریب کے بعد اختتام پذیر

    جنوبی کوریا : سترہویں ایشین گیمز رنگارنگ اختتامی تقریب کے بعد اختتام پذیر ہوگئے۔ زبردست آتش بازی اور موسیقی نے تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔

    تمغوں کی دوڑ میں چین سب سے بازی لے گیا۔رنگا رنگ اختتامی تقریب کے بعد سولہ روز تک جاری رہنے والے کھیلوں کےایشین میلے کا اختتام ہوگیا۔ زبردست آتش بازی اور موسیقی نے سماں باندھ دیا۔

    گلوکاروں نے سریلی آواز کا جادو جگایا تو میوزیکل بینڈ نے بھی اپنی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔ جنوبی کورین فنکاروں کی خوبصورت پرفارمنس محفل کو چار چاند لگا دئیے اور پھر رنگا رنگ آتش بازی سے فضا جگمگا گئی۔

    سترہویں ایشین گیمز میں چین نے ایک سو اکیاون گولڈ ایک سو آٹھ سلور اور تراسی کانسی کے تمغوں کے ساتھ میدان مارلیا۔ میزبان جنوبی کوریا نے دوسری اور جاپان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

    پاکستان نے کرکٹ میں گولڈ اور ہاکی میں چاندی کے تمغے ساتھ تین کانسی کے تمغے اپنے نام کیے اور مجموعی طور پر تئیسویں نمبر پر رہا۔جنوبی کوریا نے ایشین گیمز کا جھنڈا انڈویشیا کے حوالے کیا۔

    ایشین گیمز دو ہزار اٹھارہ کا ایونٹ انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں ہوگا۔

  • گلاسگو :کامن ویلتھ گیمزرنگا رنگ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر

    گلاسگو :کامن ویلتھ گیمزرنگا رنگ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر

    گلاسگو : بیسویں کامن ویلتھ گیمز رنگا رنگ تقریب کے ساتھ گلاسگو میں اختتام پذیر ہوگئے۔ اختتامی تقریب میں فنکاروں کی پرفارمنس نے تقریب کو چار چاند لگادیئے۔بیسویں کامن ویلتھ گیمز انگلینڈ کی حکمرانی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئے۔ اختتامی تقریب میں مشہور گلوکارہ کائیلی مینوگ سمیت کئی فنکاروں نے پرفارم کرکے سماں باندھ دیا۔

    اختتامی تقریب کو دیکھنے کے لئے اسٹیڈیم میں چالیس ہزار سے زائد افراد اسٹیڈیم میں موجود تھے۔ دلکش تقریب میں فنکاروں کی پرفارمنس نے سماں باندھ دیا۔ میزبان اسکاٹ لینڈ، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے مختلف فنکار وں نے تقریب میں اپنے فن کے جلوے بکھیرے۔

    دولت مشترکہ کھیلوں کی اختتامی تقریب گلاسگو کے آسمانوں پر قوس قزح کے رنگ سجا کر اختتام پذیر ہوگئی۔ تقریب کے اختتام پر کامن ویلتھ گیمز کا جھنڈا آسٹریلیا کے حوالے کیا گیا جہاں دوہزار اٹھارہ میں کامن ویلتھ گیمز منعقد ہوں گے۔