Tag: اختتام پذیر

  • باباگرونانک کے 550ویں جنم دن کی تقریبات ختم

    باباگرونانک کے 550ویں جنم دن کی تقریبات ختم

    ننکانہ صاحب: باباگرونانک کے 550ویں جنم دن کی تین روزہ تقریبات اختتام پذیر ہوگئیں، جنم دن کی خوشی میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا اور پاکستان کی ترقی وخوش حالی اور امن وامان کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ننکانہ صاحب میں باباگرونانک کے 550ویں جنم دن کی تین روزہ تقریبات ختم ہوگئیں، سکھ یاتریوں کی روانگی کا سلسلہ کل سے شروع ہوجائے گا، سکھ برادری نے پاکستانی عوام سے دلی محبت کا اظہار کیا۔

    یاتریوں نے پاکستان کی سیکیورٹی صورت حال سمیت حکومتی اقدامات کو بھی سراہا۔

    سکھ برادری نے گزشتہ روز اپنے مذہبی پیشوا بابا گرونانک کی پانچ سو پچاسویں سالگرہ منائی اور اسی سلسلے میں تقریبات کا سلسلہ تین روز تک جاری رہا، ہر سال پاکستان میں سکھ برادری کے مذہبی پیشوا بابا گرونانک کی سالگرہ کی تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے، جس میں شرکت کے لیے کینیڈا اور بھارت سمیت دنیا بھر کے ممالک سے سکھ یاتری پاکستان کا رخ کرتے ہیں۔

    یاد رہے 9 نومبر کو وزیر اعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کا افتتاح کیا تھا، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا سکھ برادری کوگرونانک کی سالگرہ کی مبارکباد دیتاہوں، راہداری کھولنے کی مجھے بہت خوشی ہوئی، امید ہے یہ شروعات ہے، انشااللہ بھارت سے تعلقات اچھے ہوں گے۔

    پاکستان کی جانب سے باباگرو نانک کی 550ویں سالگرہ پر یادگاری ٹکٹ اور یادگاری سکہ جاری کیا گیا تھا، یادگاری سکہ 50 روپے مالیت کا تھا، سکے کے ایک رُخ پر اسلامی جمہوریہ پاکستان اور قومی نشان ہے جبکہ دوسرے رُخ پر سکھوں کی عبادت گاہ کی تصویر کندہ ہے، یادگاری سکے پر گرونانک دیو جی 1469-2019 کے الفاظ کندہ ہیں۔

  • کیلاش قبیلے کا مذہبی تہوار چھومس اختتام پذیر ہوگیا

    کیلاش قبیلے کا مذہبی تہوار چھومس اختتام پذیر ہوگیا

    چترال: کیلاش قبیلے کا سالانہ مذہبی تہوار چھومس اپنی تمام تر رنگینیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا ہے۔

    کیلاش قبیلے کا مذہبی تہوار سات دسمبر سے شروع ہوتا ہے، اس دوران کیلاش قبیلے کی خواتین نئے کپڑے بنانے کی تیاری کرتی ہیں اور روایتی کھانے پکاتی ہیں۔

    چھومس کے تہوار کے دوران کیلاش قبیلے کے مرد و خواتین رقص کرتے ہوئے گیت پیش کرتے ہیں، جسے ان کی عبادت کاحصہ سمجھا جاتا ہے، جس کے بعد نوجوان جوڑے دوسرے گاؤں فرار ہوکر شادی کا اعلان کرتے ہیں۔

    جشن کی آخری رات کیلاش کے لوگ اپنے عقیدے کے مطابق مشعل بردار ریلی نکالتے ہیں، ریلی میں خواتین اپنے مخصوص راستوں سے گزرتی ہیں، اس تہوار کو دیکھنے کیلئے ملکی اور غیر ملکی سیاح بھی آئے تھے، جو کیلاش ثقافت کے رنگوں سے خوب محظوظ ہوئے۔

  • جرمنی: فیشن ویک اپنی رنگینیوں کے ساتھ اختتام پذیر

    جرمنی: فیشن ویک اپنی رنگینیوں کے ساتھ اختتام پذیر

    جرمنی میں جاری فیشن ویک اپنی رنگینیوں کے ساتھ  اختتام پذیر ہوا، فیشن ویک میں نت نئے کلیکشن نے لوگوں کی داد سمیٹی۔

    جرمنی کے شہر برلن میں فیشن کے رنگ بکھرے، حسین لبادے اوڑھے دلکش ماحول میں نزاکتوں سے بھرپور کیٹ واک دیکھنے کو ملی، فیشن شو کو دیکھنے نوجوانوں کی بڑی تعداد پہنچی۔

     ان کا فیورٹ برانڈ پہلی بار فیشن ویک میں شامل ہوا تھا، فیشن شو کا نام شاپ دا رن وے بھی دلچسپی سے بھرپور تھا، جس نے پہلے ہی دن سے مداحوں کو خریداری کرنے پر مجبور کر دیا۔

    نیا سال نیا کلیکشن دونوں ہی نوجوانوں کو اپنی طرف متوجہ کررہے تھے، شاپ دا رن وے فیشن شو میں جرمنی کی معروف ماڈل جیری ہل نے بھی شرکت کی۔