Tag: اختیارات کا ناجائز استعمال

  • اختیارات کا ناجائز استعمال،  نیب کی عبدالحفیظ شیخ کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی سفارش

    اختیارات کا ناجائز استعمال، نیب کی عبدالحفیظ شیخ کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی سفارش

    کراچی : قومی احتساب بیورو کراچی چیپٹر نے سابق وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ ، سابق چیئرمین ایف بی آر عبد اللہ یوسف اور دیگر کے خلاف اختیارات کے مبینہ غلط استعمال سے متعلق کیس میں ریفرنس دائر کرنے کی سفارش کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈی جی نیب نجف قلی مرزا کی زیرصدارت ریجنل بورڈ کا اجلاس ہوا ،جس میں مختلف شکایات، انکوائریز اور تفتیش پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ریجنل بورڈ کی 2 ریفرنسز اور2شکایات انکوائریز میں تبدیل کرنے کی سفارش کی۔

    ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ منظور شدہ مقدمات میں قومی خزانے کوکروڑوں کا نقصان پہنچایاگیا ، ایل یو، بورڈ آف ریوینیو سمیت دیگر کے خلاف ریفرنس کی شکایت کی گئی۔

    ترجمان کے مطابق ملزم غلام مصطفی پھل،سابق ممبر ایل یو اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث ہیں جبکہ ڈی سی آصف میمن ،ای ڈی اواور دیگر بھی ملوث نکلے، ملزمان نے قیمتی سرکاری زمین کی کوڑیوں کے نرخ غیر قانونی الاٹمنٹ کی۔

    نیب کے ترجمان نے بتایا کہ بورڈآف ریونیوافسران و عہدیداران اور دیگر کے خلاف ریفرنس کی سفارش کردی ہے ، ملزمان میں سابق وزیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ، سابق چیئرمین ایف بی آر عبداللہ یوسف شامل ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ سابق چئیرمین ایف بی آر سلمان صدیق اور دیگر بھی اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث ہیں، ملزمان نے سرکاری خزانے کو 11 اعشاریہ 125 ملین ڈالر کا نقصان پہنچایا۔

    بورڈ نے ڈی سی غربی فیاض سولنگی کے خلاف انکوائری کی اجازت دے دی، ملزم فیاض سولنگی کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث ہے۔

    ترجمان نیب کے مطابق اجلاس میں بورڈ نے میگا کرپشن کیسز میں کامیاب تفتیش پر مشترکہ کمیٹیوں کو سراہا۔

  • نارووال اسپورٹس سٹی کیس:  ن لیگ کے رہنما احسن اقبال  کیخلاف ریفرنس دائر

    نارووال اسپورٹس سٹی کیس: ن لیگ کے رہنما احسن اقبال کیخلاف ریفرنس دائر

    راولپنڈی : نیب راولپنڈی نے نارووال اسپورٹس سٹی میں اختیارات کے غلط استعمال کے الزام میں احسن اقبال کیخلاف ریفرنس دائر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب راولپنڈی نے نارووال اسپورٹس سٹی میں اختیارات کےغلط استعمال اور پروجیکٹ سات سو تیس ملین سے تین ارب تک پہنچانے کے الزام میں احسن اقبال کیخلاف ریفرنس دائر کردی، ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا گیا۔

    ریفرنس میں احسن اقبال،سابق ڈی جی اختر نواز،سرفراز رسول نامزد کیا گیا ہے جبکہ آصف شیخ اور محمد احمد بھی ملزمان کی فہرست میں شامل ہیں۔

    ریفرنس میں کہا گیا کہ احسن اقبال نے اختیارات کاناجائزاستعمال ،بجٹ میں اضافہ کرایا، پراجیکٹ 34.75ملین سے 2994ملین روپے تک پہنچایا گیا۔

    ریفرنس کے متن کے مطابق احسن اقبال نے غیر قانونی طور پر صوبائی پراجیکٹ کو ہائی جیک کیا، 730ملین کا پراجیکٹ 3ارب تک پہنچایا،وفاق کاپیسہ لگایاگیا، یہ پراجیکٹ پنجاب حکومت نے مکمل کرنا تھا۔

    یاد رہے رواں سال اگست میں نارووال سپورٹس سٹی کرپشن ریفرنس منظوری کے لیے چئیرمین نیب کو ارسال کیا گیا تھا ، ذرائع کا کہنا تھا کہ احسن اقبال نیب آرڈیننس کی دفعہ 9 کے تحت کرپشن کے مرتکب ہوئے، ان کے کرپشن میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

    نارووال اسپورٹس سٹی پروجیکٹ نواز شریف کےدوسرے دور 1998میں شروع کیاگیا ،احسن اقبال نےنارووال اسپورٹس سٹی بڑھا کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا۔

    احسن اقبال نےصوبائی حکومت کےمنصوبے کوہائی جیک کرکےاضافی فنڈخرچ کیے، انھوں نے بطوروزیرمنصوبہ بندی تمام قوانین کوجان بوجھ کر توڑا اور سیاسی مفادات کے لیےکروڑوں کا پروجیکٹ اربوں تک پہنچا دیا گیا۔

  • کرپشن، اختیارات کا ناجائز استعمال، پشاور ہائی کورٹ نے 2 ججز بر طرف کر دیے

    کرپشن، اختیارات کا ناجائز استعمال، پشاور ہائی کورٹ نے 2 ججز بر طرف کر دیے

    پشاور: ہائی کورٹ نے کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر دو ججز کو برطرف کر دیا ہے، برطرف ہونے والے ججز میں سول اور ایڈیشنل سیشن جج شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر پشاور ہائی کورٹ نے 2 ججز برطرف کر دیے، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ طیب علی سِول جج جب کہ ناصر کمال ایڈیشنل سیشن جج تھے جنھیں برطرف کیا گیا۔

    پشاور ہائی کورٹ سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ برطرف کیے جانے والے ججز کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث تھے۔

    اعلامیے کے مطابق دونوں ججز کو انکوائری کمیٹی کی سفارش کی روشنی میں برطرف کیا گیا۔

    اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ ججز کے خلاف ہائی کورٹ کو شکایات موصول ہونے پر انکوائری کی گئی، انکوائری کمیٹی نے تمام ثبوتوں اور مؤقف جاننے کے بعد بر طرفی کی سفارش کی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں:  بچوں کے بھاری اسکول بیگ سے متعلق قانون سازی کی جائے، پشاور ہائی کورٹ کا حکم

    یاد رہے کہ پشاور ہائی کورٹ ماضی میں کچھ اہم فیصلے کر چکی ہے، جن میں اپریل میں اسکول کے بچوں کے بھاری بستوں کے سلسلے میں بھی ایک حکم شامل ہے۔

    عدالت نے کے پی حکومت کو بچوں کے بھاری بستوں سے متعلق قانون سازی کا حکم دیتے ہوئے چار ماہ کی مہلت دی تھی، عدالت کا کہنا تھا کہ بھاری بستوں سے بچوں کی صحت متاثر ہو رہی ہے۔

    چند ماہ قبل پشاور ہائی کورٹ نے تمام ججز اور عدالتی عملے کو گاڑیوں پر سرکاری نمبر پلیٹ استعمال نہ کرنے کی ہدایت کی تھی، یہ ہدایت جسٹس محمد ایوب خان پر قاتلانہ حملے کے بعد جاری کی گئی تھی۔

  • احسن اقبال کے بھائی پر شہباز شریف کی نوازشات کی تفصیلات تیار

    احسن اقبال کے بھائی پر شہباز شریف کی نوازشات کی تفصیلات تیار

    اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کے بھائی پر شہباز شریف کی نوازشات کی تفصیلات تیار کر لی گئیں، یہ تفصیلات وزیر اعظم کے خصوصی کمیشن کو بھجوائی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے احسن اقبال کے بھائی پر کیا کیا نوازشات کیں، اس کی تفصیلات تیار کر لی گئیں، ذرایع کا کہنا ہے کہ دستاویزات وفاقی وزیر مراد سعید کی جانب سے کمیشن کو بھجوائی جائیں گی۔

    دستاویزات کے مطابق شہباز شریف نے مصطفیٰ کو پہلے چیئرمین ٹاسک فورس برائے ہارٹی کلچر بنایا، سابق وزیر اعلیٰ نے اختیارات کاغلط استعمال کر کے میٹرو بس کا ٹھیکا بھی دلوایا۔

    دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ لبرٹی مارکیٹ پارکنگ سمیت متعدد بڑے منصوبوں کے ٹھیکے بھی دیے گئے، اس عمل میں پیپرا رولز کو یکسر اٹھا کر ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا گیا، پنجاب یونی ورسٹی کا کنٹریکٹ بھی شہباز شریف کے کہنے پر دیا گیا۔

    مزید تازہ خبریں پڑھیں:  پیراگون اسکینڈل: خواجہ برادران کے خلاف سماعت 16 جولائی تک ملتوی کردی

    ریکارڈ کے مطابق احسن اقبال کے بھائی مصطفی کو خلاف ضابطہ پانچ کنٹریکٹ دیے گئے، تمام ٹھیکے دینے میں پیپرا رولز کی واضح خلاف ورزی کی گئی۔

    وفاقی وزیر مراد سعید کا کہنا ہے کہ سیاسی ارسطو نے کرپشن اور اقربا پروری کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے، پاکستان میں نظام سیاست اور حکومت تیزی سے بدل رہے ہیں۔

    مراد سعید نے کہا کہ جمہوریت کی آڑ میں قوم کو لوٹنے کی رسم مزید نہیں چلے گی، جس نے بھی قومی وسائل پر ہاتھ صاف کیے اسے جواب دینا ہوگا۔

  • جنوبی کوریا کی سابق صدر کو24 سال قید کی سزا

    جنوبی کوریا کی سابق صدر کو24 سال قید کی سزا

    سیئول : جنوبی کوریا کی سابق صدر پارک گن کو کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں 24 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا کی سابق صدر پارک گن کو کرپشن کے 18 مقدمات کا سامنا تھا جن میں سے 16 میں جرم ثابت ہونے پر انہیں 24 سال قید اور 17 ملین ڈالرجرمانے کی سزا سنا دی گئی۔

    عدالت کی جانب سے جب سابق صدر پارک گن کے خلاف فیصلہ سنایا گیا تواس وقت وہ کمرہ عدالت میں موجود نہیں تھیں، انہوں نے ٹرائل کو متعصابہ قرار دیتے ہوئے سماعت کا بائیکاٹ کررکھا تھا۔

    جنوبی کوریا کی سابق صدر پارک گن نے اپنے خلاف تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ان مقدمات کو اپنے خلاف سازش قرار دیا۔

    جنوبی کوریا کی تاریخ میں پہلی بار کرپشن اور اختیارات کے ناجائزاستعمال کے مقدمے کی سماعت کو براہ راست ٹی وی چینلزپردکھایا گیا جس سے اس مقدمے کی اہمیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

    جنوبی کوریا کی سابق صدرپارک گن گرفتار

    خیال رہے کہ 31 مارچ 2017 کو جنوبی کوریا کی پہلی خاتون صدر اور سابق آمر پارک چنگ ہی کی بیٹی پارک گن کو اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

    جنوبی کوریا کی صدرعہدے سے برطرف

    جنوبی کوریا کی آئینی عدالت نے گزشتہ سال 10 مارچ 2017 کو صدر پارک گن کے خلاف فیصلہ سناتے ہوئے انہیں عہدے سے برطرف کردیا تھا۔

    چیف جسٹس لی جنگ می نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ پارک گن کے اس اقدام نےجمہوریت کی روح اور قانون کی حکمرانی کو سنگین طور پر طور پر چوٹ پہنچائی ہےاس لیےانہیں عہدے سے برطرف کیا جاتا ہے۔

    کرپشن کےالزامات‘جنوبی کوریا کی سابق صد پرفرد جرم عائد

    یاد رہے کہ گزشتہ سال 18 اپریل 2017 کو جنوبی کوریا کی سابق صدر پارک گن پر کرپشن اسکینڈل میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔