Tag: اخراجات

  • مقروض ملک کی اشرافیہ کے اخراجات کتنے ہیں؟ ہوشربا رپورٹ

    مقروض ملک کی اشرافیہ کے اخراجات کتنے ہیں؟ ہوشربا رپورٹ

    انتخابات سے قبل عوام کو سنہرے خواب دکھانے والی موجودہ حکومت نے بجٹ پیش کرکے نہ صرف ساری امیدوں پر پانی پھیر دیا بلکہ اشرافیہ کو نواز کر عوام کے زخموں پر نمک پاشی کی جارہی ہے۔

    اگر اس مقروض ملک کی اشرافیہ پر خرچ کی جانے والی خطیر رقم کا ذکر کیا جائے تو سننے والے اپنے ہوش کھو بیٹھیں۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سوال یہ ہے‘ میں میزبان ماریہ میمن نے ملکی معیشت کی بڑی رقم اشرافیہ پر خرچ کرنے سے متعلق یو این ڈی پی کی رپورٹ کے ہوشربا نکات بیان کیے۔

    انہوں نے بتایا کہ سال 2021میں جاری کی جانے والی یو این ڈی پی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معیشت کے 17.4 ارب ڈالر اشرافیہ کی مراعات پر خرچ کیے جارہے ہیں۔

    اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کارپوریٹ سیکٹر، جاگیردار، سیاسی طبقہ اور اسٹیبلشمنٹ سمیت پاکستان کی اشرافیہ کو دی جانے والی معاشی مراعات ملکی معیشت کا چھ فی صد ہے جو تقریباً سترہ اعشاریہ چار ارب ڈالر بنتے ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ مراعات کا سب سے بڑا فائدہ کارپوریٹ سیکٹر اٹھاتا ہے، تخمینہ کے مطابق اس نے سات کھرب 18ارب روپے ( چار اعشاریہ سات ارب ڈالر) کی مراعات حاصل کیں۔

    اس کے بعد دوسرے نمبر پر مراعات حاصل کرنے والا ملک کا ایک فیصد امیر ترین طبقہ ہے جو ملک کی مجموعی آمدن کا نو فیصد کا مالک ہے، جبکہ تیسرے نمبر پر جاگیر دار اور بڑے زمیندار جو ملک کی ایک عشاریہ ایک فیصد آبادی ہے لیکن ملک کی 22فی صد قابل کاشت زمین کی مالک ہے۔

    یو این ڈی پی رپورٹ کے مطابق پاکستانی پارلیمنٹ میں دونوں طبقوں کی مضبوط نمائندگی ہے، بیشتر بڑی بڑی سیاسی جماعتوں کے امیدوار جاگیردار یا کاروباری طبقے سے تعلق رکھتے ہیں۔

    ملک کے غریب ترین 1فیصد کی آمدن صرف 0.15فیصد ہے، مجموعی طور پر 20فیصد امیر ترین لوگوں کے پاس قومی آمدنی کا 49.6فیصد ہے جب کہ 20 فیصد غریب ترین آبادی کے پاس قومی آمدنی کا صرف سات فیصد ہے۔

    ملک کا متوسط طبقہ سکڑ رہا ہے، یو این ڈی پی کے اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ متوسط آمدنی والے افراد 2009سے اب تک آبادی کے 42فیصد سے کم ہوکر 2019میں 36فیصد رہ گئے ہیں۔

    پاکستان میں یو این ڈی پی کی نمائندہ ایلیونا نیکولیتا کا کہنا ہے کہ غریب اور امیر ترین پاکستانی دو الگ ممالک میں رہتے ہیں کیونکہ دونوں کے معیار زندگی ایک دوسرے سے بہت علیحدہ اور مختلف ہیں۔

    اس کے علاوہ آئی ایم ایف کی سربراہ کا بھی یہی کہنا ہے کہ ہم نے ہمیشہ غریبون کے بجائے امیروں پر ٹیکس لگانے کی بات کی ہے، لیکن وہ لگاتے ہی غریبوں پر ہیں۔

    اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اشرافیہ کو دی گئی بے پناہ مراعات کے ملکی معیشت پر کیا اثرات مرتب ہوں گے؟

  • کترینہ اور وکی کی شادی پر کتنی رقم خرچ ہوئی؟

    کترینہ اور وکی کی شادی پر کتنی رقم خرچ ہوئی؟

    معروف بالی ووڈ اداکارہ کترینہ کیف 9 دسمبر کو وکی کوشل سے رشتہ ازدواج میں بندھ گئیں اور دونوں نے زندگی کے اہم ترین دن پر کروڑوں روپے خرچ کیے۔

    جوڑے نے ریاست راجھستان کے 700 سالہ قدیم اور تاریخی سکس سینز ریزورٹ میں شادی کی، جہاں پر کمرے کا ایک رات کا کرایہ ساڑھے 6 لاکھ روپے تک ہے۔

    شوبز ویب سائٹ کوئی موئی نے اپنی رپورٹ میں دوسری شوبز ویب سائٹس کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل نے شادی پر دل کھول کر خرچ کیا، تاہم اس کے باوجود وہ انوشکا شرما اور ویرات کوہلی سمیت دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کو اخراجات میں پیچھے نہ چھوڑ سکے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Katrina Kaif (@katrinakaif)

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ چونکہ دونوں نے بھارت میں شادی کی جہاں پر یورپی ممالک سمیت بیرون ممالک کی نسبت اخراجات کم آتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان کی شادی کے اخراجات دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی سے بھی کم رہے۔

    دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے نومبر 2018 میں یورپی ملک اٹلی میں شادی کی تھی اور ان کی شادی پر 77 کروڑ روپے کے اخراجات آئے تھے۔

    ان سے قبل انوشکا شرما اور ویرات کوہلی نے بھی دسمبر 2017 میں اٹلی میں شادی کی اور ان کی شادی پر پورے 100 کروڑ روپے خرچ ہوئے تھے۔

    اسی طرح اداکارہ پریانکا چوپڑا اور امریکی گلوکار نک جونس نے دسمبر 2018 میں اپنی شادی پر 4 کروڑ 70 لاکھ کے اخراجات کیے تھے اور ان کی شادی بھی راجھستان کے ضلع جودھپور کے تاریخی و پر تعیش مقام پر ہوئی تھی۔

    کترینہ کیف اور وکی کوشل نے بھی راجھستان کے ضلع سوائی مدھوپور کے پرتعیش سکس سینز ریزورٹ میں شادی کی اور دونوں نے زندگی کے سب سے اہم ترین دن پر محض 4 کروڑ روپے خرچ کیے۔

    شادی کی تقریبات میں صرف 120 مہمانوں نے شرکت کی اور ان کی تقریبات تین دن تک جاری رہیں، جس کی وجہ سے ان کے اخراجات کم آئے۔

    دوسری جانب پنک ولا نے بتایا کہ دلہن کو دولہے کی جانب سے دی گئی انگوٹھی بھی اتنی زیادہ قیمتی نہیں تھی، تاہم انگوٹھی کی خوبصورتی کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ کترینہ کیف کو شادی پر دی گئی انگوٹھی کی قیمت محض ساڑھے سات لاکھ روپے تھی جب کہ دولہے کو ملنے والی انگوٹھی کی قیمت ڈیڑھ لاکھ روپے بھی نہیں تھی۔

    ادھر ایمازون ویڈیو کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کا کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی کی ویڈیوز اور تصاویر کے نشریاتی حقوق خریدنے کا کوئی ارادہ نہیں۔

    رپورٹ میں ایمازون ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ دونوں کی شادی کی ویڈیوز و تصاویر لیک ہونے کے بعد اسٹریمنگ ویب سائٹ نے نشریاتی حقوق خریدنے سے معذرت کرلی ہے۔

    اس سے قبل بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ ایمازون نے کترینہ کیف اور وکی کوشل سے شادی کے نشریاتی حقوق 80 کروڑ روپے میں خرید لیے ہیں۔

  • خیبرپختونخوا حکومت کا جان شیر خان کے علاج معالجے کے اخراجات ادا کرنے کا اعلان

    خیبرپختونخوا حکومت کا جان شیر خان کے علاج معالجے کے اخراجات ادا کرنے کا اعلان

    پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے سابق عالمی اسکواش چیمپیئن جان شیر خان کے علاج معالجے کے اخراجات ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے سابق عالمی اسکواش چیمپئن جان شیر خان سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔

    وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے جان شیر خان کے علاج معالجے کے اخراجات ادا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے محکمہ کھیل خیبر پختونخوا کو اخراجات کی بروقت ادائیگی کی ہدایت کی ہے۔

    محمود خان نے کہا کہ عالمی چیمپیئن کی جلد صحت یابی اور بہترصحت کے لیے دعاگو ہوں۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ جان شیر خان نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا،عالمی چیمپیئنز ہمارا سرمایہ ہیں جن پر قوم کو فخر ہے۔

    خیال رہے کہ جان شیر خان اسلام آباد کے نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔سابق عالمی چیمپئن نےگزشتہ دنوں 2 اسپائن سرجری کرائیں تھی۔

  • نوزائیدہ بچوں کے حج پیکج میں گزشتہ 3 سالوں میں دگنا اضافہ

    نوزائیدہ بچوں کے حج پیکج میں گزشتہ 3 سالوں میں دگنا اضافہ

    اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے نوزائیدہ بچوں کو حج پر لے جانے کی پالیسی جاری کر دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری کی گئی نئی پالیسی کے تحت اس کا اطلاق 5ستمبر2018 کے بعد پیدا ہونے والے بچوں پر ہوگا۔

    نوزائیدہ بچوں کےحج پیکج میں بھی گزشتہ 3سالوں میں دگنا اضافہ سامنے آگیا۔ وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ نوزائیدہ بچوں کا سفری کرایہ مجموعی کرائے کا 10فیصد ہوگا۔

    پالیسی کے تحت جنوبی ریجن کے نوزائیدہ بچوں کا حج پیکج31ہزار882روپے مقرر کیا گیا ہے۔ جبکہ شمالی ریجن کے نوزائیدہ بچوں کاحج پیکج32ہزار657 روپے ہوگا۔

    رواں سال حج اخراجات سے متعلق عازمین کے لیے بڑی خبر

    خیال رہے کہ دو روز قبل ترجمان وزارت مذہبی امور عمران صدیقی کا کہنا تھا کہ حج اخراجات میں صرف27ہزار روپے اضافہ کیا گیا، گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی 80سے 90 فیصدحاجی روڈ ٹو مکہ کا فائدہ اٹھا سکیں گے۔

    ترجمان وزارت مذہبی امور عمران صدیقی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبرسویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ حج اخراجات میں صرف27ہزارروپے اضافہ کیا گیا، انشورنس اور ویزا فیس میں سعودی عرب نے110 ریال کا اضافہ کیا۔

  • رواں برس حج کے اخراجات میں اضافے کا امکان

    رواں برس حج کے اخراجات میں اضافے کا امکان

    اسلام آباد: رواں برس فریضہ حج کی ادائیگی کا ارادہ رکھنے والوں کے لیے تشویشناک خبر سامنے آگئی، رواں برس حج کے اخراجات 5 لاکھ روپے سے تجاوز کرسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع مذہبی امور کا کہنا ہے کہ رواں برس حج 5 لاکھ روپے سے بھی زیادہ مہنگا ہوسکتا ہے۔ حج فارمولیشن کمیٹی سر جوڑ کر بیٹھ گئی ہے کہ حج اخراجات کو کیسے کم کیا جائے۔

    وزارت مذہبی امورحج پالیسی 2020 فارمولیشن کمیٹی کے پاس بھیج چکی ہے، کمیٹی حج پالیسی کو حتمی شکل دے کر کابینہ سے منظور کروائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ فارمولیشن کمیٹی کے متعدد اجلاس ہوئے مگر کمیٹی حتمی فیصلے پر متفق نہ ہو سکی، حج کو 5 لاکھ روپے سے کم کرنے کے لیے کمیٹی ارکان مختلف پہلوؤں پر غور کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ سال حج اخراجات 4 لاکھ 26 ہزار روپے تھے۔ سیکریٹری مذہبی امور کے مطابق سعودی عرب کے عائد ٹیکسز کی وجہ سے حج اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے، سعودی عرب نے حج اخراجات 24 سو سے 26 سو 50 ریال کردیے ہیں۔

    وزارت مذہبی امور نے گزشتہ برس حکومتی کفایت شعاری سے گزشتہ حج پر 5 ارب 53 کروڑ روپے حاجیوں کو واپس کیے تھے، اوسطاً فی حاجی 37 ہزار روپے واپس کیے گئے، 70 فیصد حاجیوں کو بچ جانے والی رقم واپس کی گئی۔

  • گزشتہ 5 سال میں سرکاری گاڑیوں کی مرمت پر ایک ارب روپے سے زائد اڑا دیے گئے

    گزشتہ 5 سال میں سرکاری گاڑیوں کی مرمت پر ایک ارب روپے سے زائد اڑا دیے گئے

    اسلام آباد: قومی اسمبلی اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ 5 سال میں سرکاری گاڑیوں کی مرمت و دیکھ بھال پر لگ بھگ ڈیڑھ ارب روپے خرچ کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران خزانہ ڈویژن نے وزارت کی 5 سال میں ہونے والی گاڑیوں کی مرمت اور دیکھ بھال کے اخراجات کی تفصیلات پیش کیں۔

    وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق 31 گاڑیوں کی مرمت اور دیکھ بھال پر 4 کروڑ 68 لاکھ سے زائد خرچ ہوئے، ملٹری فنانس ونگ کی 3 گاڑیوں پر 10 لاکھ 29 ہزار روپے خرچ ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق آڈیٹر جنرل کی 198 گاڑیوں کی مرمت پر 4 کروڑ 64 لاکھ سے زائد خرچ ہوئے۔ نیشنل سیونگ کی 61 گاڑیوں پر 2 کروڑ 5 لاکھ روپے خرچ کیے گئے۔

    وزارت خزانہ نے بتایا کہ ایس ای سی پی کی 14 گاڑیوں پر 31 لاکھ روپے خرچ ہوئے، زرعی ترقیاتی بینک کی 54 گاڑیوں پر 1 کروڑ 92 لاکھ روپے خرچ ہوئے جبکہ نیشنل بینک کی 58 گاڑیوں پر 4 کروڑ 94 لاکھ روپے خرچ ہوئے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایف بی آر کی 1490 گاڑیوں کی مرمت پر 1 ارب 77 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔

  • ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی وزارت کا خرچ صفر ہوگیا

    ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی وزارت کا خرچ صفر ہوگیا

    اسلام آباد: ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی وزارت کا اب تک کا خرچ صفر ہوگیا، وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے گزشتہ 11 ماہ میں قومی خزانے سے کوئی رقم استعمال نہیں کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت پر وزارتوں کے اخراجات میں کمی کے احکامات پر بھرپور عملدر آمد کیا جارہا ہے، ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی وزارت کا اب تک کا خرچ صفر تک آگیا۔

    وفاقی حکومت نے وزارت مواصلات کی 11 ماہ کی کارکردگی پر رپورٹ جاری کی ہے، رپورٹ کے مطابق وزارت مواصلات کی آمدن میں 51 فیصد سے زائد ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا۔ صرف 11 ماہ میں وزارت کا ریونیو 43 ارب روپے سے تجاوز کر گیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ سابقہ دور میں وزیر اور پارلیمانی سیکریٹری نے لاکھوں روپے محض بطور ٹی اے ڈی اے وصول کیے۔ سابق پارلیمانی سیکریٹری نے 48 لاکھ 52 ہزار اور وزیر نے 35 لاکھ 91 ہزار روپے خرچ کیے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ سابق دور میں صرف گاڑی اور پیٹرول کا خرچ ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد تھا۔ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے اب تک قومی خزانے سے کوئی رقم استعمال نہیں کی۔

    رپورٹ کے مطابق 11 ماہ میں 7 ارب کی رقم ریکور کر کے قومی خزانے میں جمع کروا دی گئی۔ اس کے برعکس سابق دور حکومت میں ریکوری کی مد میں کوئی رقم جمع نہیں کی گئی۔ موجودہ حکومت میں انسداد تجاوزات مہم کے ذریعے اربوں روپے ریکور کیے گئے۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ وزارت مواصلات کے منصوبوں میں شفافیت کے لیے بھی جدید نظام متعارف کروایا گیا۔ ای بلنگ، ای ٹینڈرنگ اور موبائل ایپ جیسی سہولتوں سے شفافیت کو بڑھایا گیا۔ پہلے سے شروع کیے گئے قومی شاہراہوں کے مختلف منصوبے بھی 3 سے 6 ماہ میں مکمل ہوجائیں گے۔

  • وزیر اعظم نے آصف زرداری اور نواز شریف کے ذاتی اخراجات کی تفصیل طلب کرلی

    وزیر اعظم نے آصف زرداری اور نواز شریف کے ذاتی اخراجات کی تفصیل طلب کرلی

    اسلام آباد: سابقہ ادوار حکومت میں قومی خزانے کو ذاتی فوائد کے لیے بے دریغ استعمال کیا گیا جس کی تفصیلات وزیر اعطم عمران خان نے طلب کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بطور سربراہ مملکت ذاتی اخراجات کی تفصیل طلب کرلی۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے دریافت کیا ہے کہ سنہ 2008 سے سربراہان مملکت اور ارکان پارلیمنٹ نے قومی خزانے کو کتنا نقصان پہنچایا؟ اور بیرون ملک دوروں، علاج، سیکیورٹی اور کیمپ آفس کے نام پر کتنی رقم وصول کی؟

    وزارت خارجہ اور کابینہ ڈویژن مذکورہ تفصیلات وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کریں گے جو وزیر اعظم نے کل طلب کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے اخراجات کی تفصیلات کو منظر عام پر لانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

    قرض سے متعلق مفصل رپورٹ تیار کرنے کا فیصلہ

    دوسری جانب حکومت نے گزشتہ 10 سال میں لیے جانے والے قرض اور اس کے استعمال کی مفصل رپورٹ تیار کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا ہے۔

    رپورٹ میں بتایا جائے گا کہ کس محکمے نے کتنا قرض لیا اور کہاں استعمال کیا اور قومی خزانے کو کتنا نقصان پہنچایا گیا۔ اس ضمن میں مختلف وزارتوں اور محکموں سے قرضوں اور اخراجات کی تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق قرض سے متعلق مفصل رپورٹ قوم کے سامنےلائی جائے گی، قرض کے استعمال میں مبینہ کرپشن پر بھی آگاہ کیا جائے گا جبکہ رپورٹ ہائی پاورڈ انکوائری کمیشن کو بھی دی جائے گی۔

  • حج اخراجات معاشی حالات کے مطابق قوم کے سامنے رکھے گئے: وزیر مذہبی امور

    حج اخراجات معاشی حالات کے مطابق قوم کے سامنے رکھے گئے: وزیر مذہبی امور

    اسلام آباد: وزیرمذہبی امور پیرنورالحق قادری کا کہنا ہے کہ حج اخراجات معاشی حالات کے مطابق قوم کے سامنے رکھے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرمذہبی امورپیرنورالحق قادری کا میڈیا آگاہی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حج کو سیاست کی نظر کردیا گیا ہے، حج مہنگا یا سستا معاشی حالات کے مطابق قوم کے سامنے رکھ دیا۔

    انہوں نے کہا کہ کوشش ہے، عازمین حج کی تربیت زیادہ سے زیادہ ہو، بہتر حج تب ہوگا جب حاجی کی بہتر تربیت ہوگی۔

    پیرنورالحق قادری کا کہنا تھا کہ عازمین حج کی تربیت میڈیا، سوشل میڈیا اور اخبارات کے ذریعے کریں گے، سرکاری کے علاوہ پرائیویٹ میڈیا کو بھی حج تربیت آگاہی میں حصہ ڈالنا چاہیے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ وزیرِ اعظم عمران خان نے قومی اسمبلی کے اراکین سے ملاقات میں حج اخراجات میں اضافے کو حکومتی مجبوری قرار دیا تھا۔

    سعودی عرب میں بھی حج اخراجات میں 35 فی صد اضافہ ہوا: وزیرِ اعظم

    وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں بھی حج اخراجات میں 35 فی صد اضافہ ہوا، جانتا ہوں حج کے لیے لوگ سارا سال پیسے جمع کرتے ہیں، لیکن حکومت کو ہر روز قرضوں پر 6 ارب روپے سود ادا کرنا پڑتا ہے۔

    یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے رواں سال حج پر سبسڈی نہ دینے کے فیصلے کے بعد حاجیوں کے لیے حج اخراجات میں اضافہ ہوا ہے۔

  • ریلوے میں اب صرف کام ہوگا‘ شیخ رشید

    ریلوے میں اب صرف کام ہوگا‘ شیخ رشید

    لاہور: وفاقی وزیربرائے ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پروٹوکول نہیں لوں گا مجھے کوئی ضرورت نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرریلوے شیخ رشید احمد لاہور میں ریلوے ہیڈ کوارٹرز پہنچ گئے جہاں انہیں چیف ایگزیکٹو افسر ریلوے آفتاب اکبر نے بریفنگ دی۔

    اس موقع پرشیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے میں اب صرف کام ہوگا، ریلوے کے غیرضروری اخراجات ختم کردیے جائیں گے۔

    وزیرریلوے کا کہنا تھا کہ پروٹوکول نہیں لوں گا مجھے کوئی ضرورت نہیں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ریلوے سے متعلق اہم اقدامات کا اعلان آج پریس کانفرنس میں کروں گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پرویڈیو شیئرکی تھی، انہوں نے ٹرین پرروالپنڈی سے لاہور تک کا سفر کرکے سب کو حیران کردیا تھا۔

    وزیرریلوے کو ٹرین میں سفر کرتا دیکھ کرمسافروں کا کہنا تھا کہ اس سے ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے اور سہولیات مہیا کرنے میں مدد ملے گی۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل وفاقی وزیربرائے ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ وہ 18 گھنٹے کام کرکے عوام کے اعتماد اور توقعات پرپورا اتریں گے۔

    شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ کئی جماعتوں میں کرپٹ لوگ ہیں، ہاتھ ڈالیں گے تو اپوزیشن ایک ہوجائے گی۔