Tag: ادارہ امراض قلب

  • ادارۂ امراض قلب: مذاکرات کی کامیابی کے بعد سندھ حکومت کا اہم اعلان

    ادارۂ امراض قلب: مذاکرات کی کامیابی کے بعد سندھ حکومت کا اہم اعلان

    کراچی: قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) اور انتظامیہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے، ملازمین نے احتجاج ختم کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملازمین اور ادارۂ امراض قلب کی انتظامیہ میں مذاکرات ہو گئے، این آئی سی وی ڈی ملازمین نے احتجاج ختم کر دیا، مذاکرات کی کامیابی کے بعد سندھ حکومت نے بھی ہیلتھ الاؤنس کا اعلان کر دیا۔

    انتظامیہ اور ملازمین میں مذاکرات کی کامیابی کے بعد قومی ادارہ امراض قلب میں تمام امور بحال ہو گئے، کل سے او پی ڈی سروس بھی بحال ہو جائے گی۔

    مذاکرات میں ملازمین کو ہیلتھ رسک الاؤنس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، گریڈ 1 سے 7 تک کے ملازمین کو ہیلتھ الاؤنس ادا کیا جائے گا۔

    سندھ حکومت کی جانب سے 24 جنوری کو گرانٹ موصول ہوگی، سندھ حکومت کے نوٹیفکیشن کے مطابق 2 ماہ کے بقایا جات ادا کیے جائیں گے۔

    تمام عارضی ملازمین کو بھی گورننگ باڈی کی منظوری کے بعد مستقل کر دیا جائے گا، جب کہ گورننگ باڈی کا اجلاس 22 مارچ 2022 کو منعقد ہوگا۔

    واضح رہے کہ اسپتال کا جونیئر عملہ ہیلتھ الاوئنس، کرونا الاؤنس اور مستقل نہ کیے جانے کے خلاف کئی دنوں سے احتجاج کر رہا تھا، او پی ڈی میں کام بند کر دیا گیا تھا، جس کی وجہ سے اسپتال آنے والے مریض داد رسی سے محروم رہے۔

    پیر کو ترجمان این آئی سی وی ڈی نے کہا تھا کہ ملازمین نے کووِڈ الاؤنس کے لیے او پی ڈی کا بائیکاٹ کیا ہے،ان کو گزشتہ مہینے الاؤنس دیا گیا تھا مگر اس مہینے گرانٹ نہ آنے کے باعث الاؤنس جاری نہیں کیا جا سکا، جیسے ہی حکومتِ سندھ سے گرانٹ آئے گی ان کو تمام مہینوں کا الاؤنس جاری کر دیا جائے گا۔

    ترجمان این آئی سی وی ڈی کا کہنا تھا کہ ادارے میں کووِڈ 19 وبا کے باوجود روزانہ 700 سے 800 تک او پی ڈی مریضوں کو علاج کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور 700 سے زائد مریض ایمرجنسی کی سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں۔

  • ادارہ امراض قلب میں مبینہ کرپشن پر سندھ حکومت کو لکھا گیا خط سامنے آ گیا

    ادارہ امراض قلب میں مبینہ کرپشن پر سندھ حکومت کو لکھا گیا خط سامنے آ گیا

    کراچی: این آئی سی وی ڈی میں مبینہ کرپشن پر سندھ حکومت کو لکھا گیا ایک خط سامنے آ گیا ہے، جس میں چیف سیکریٹری سندھ سے درخواست کی گئی ہے کہ ادارے میں جاری کرپشن پر نوٹس لیا جائے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں امراض قلب کے لیے قائم اہم ادارے NICVD میں مبینہ کرپشن کے سلسلے میں 5 ماہ قبل چیف سیکریٹری سندھ کو ایک خط لکھا گیا تھا، جس میں کرپشن اور غیر قانونی بھرتیوں کی شکایت کی گئی تھی تاہم پانچ ماہ گزرنے کے باوجود ان شکایات پر ایکشن نہیں لیاگیا۔

    ذرایع این آئی سی وی ڈی کا کہنا ہے کہ چیف سیکریٹری اور سیکریٹری صحت کو اس سلسلے میں متعدد خطوط لکھے جا چکے ہیں، تاہم سیکریٹری صحت نے خط لکھنے والے ڈاکٹر ہی کو نوکری سے فارغ کر دیا۔

    ذرایع کے مطابق نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز میں کرپشن سے متعلق اعلیٰ افسران خاموش رہے۔

    معلوم ہوا ہے کہ چیف سیکریٹری کو خط ڈاکٹر طارق شیخ کی جانب سے لکھا گیا تھا، جس میں انھوں نے لکھا ’ادارے میں ڈاکٹر ندیم قمر نے کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے، 27 بینک اکاؤنٹس کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے، اور من پسندافراد کو نوازا جا رہا ہے۔‘

    این آئی سی وی ڈی میں بچے کا پیچیدہ آپریشن کامیاب

    ڈاکٹر طارق شیخ نے خط میں مزید لکھا کہ من پسند افراد کو قابلیت سے زیادہ تنخواہیں اور مراعات دی جا رہی ہیں، اعلیٰ عہدے پر براجمان افسران رشتے داروں اور اہل خانہ کو نواز رہے ہیں، غیر قانونی طریقے سے بھرتیاں اور آؤٹ آف ٹرن پروموشنز کیے گئے، جب کہ ریٹائرڈ ملازمین کو عمر کی حد میں بھی کمی ظاہر کر کے انھیں دوبارہ لگایا جا رہا ہے۔

    خط میں انھوں نے لکھا کہ کئی سال سے ادارے میں آڈٹ نہیں ہوا، چیف سیکریٹری ان بے قاعدگیوں کا فوری نوٹس لیں۔

    تاہم این آئی سی وی ڈی میں کرپشن کے سلسلے میں لکھے گئے خطوط پر تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے، مزید برآں ذرایع کا کہنا ہے کہ  این آئی سی وی ڈی میں کرپشن سے متعلق سندھ حکومت اور چیف سیکریٹری آگاہ تھے۔

  • سندھ کے اہم ادارے میں بھرتیوں سے متعلق بڑا انکشاف

    سندھ کے اہم ادارے میں بھرتیوں سے متعلق بڑا انکشاف

    کراچی: قومی ادارہ برائے امراض قلب کراچی میں غیر قانونی بھرتیوں اور ٹھیکوں سے متعلق نیب کی تحقیقات میں اہم انکشافات سامنے آگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرایع کا کہنا ہے کہ نیب نے این آئی سی وی ڈی کے ڈائریکٹر ایچ آر داور حسین، چیف آپریٹنگ افسر عذرا مقصود اور کنسلٹنٹ حیدر اعوان سے ابتدائی تحقیقات مکمل کر لی ہیں۔

    ذرایع کے مطابق نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے گزشتہ روز چیف آپریٹنگ افسر کے عہدے پر تعینات عذرا مقصود اور کنسلٹنٹ حیدر اعوان کو تحقیقات کے لیے طلب کیا تھا۔

    چیف آپریٹنگ افسر عذرا مقصود اور کنسلٹنٹ حیدر اعوان سے نیب حکام نے تین تین گھنٹے تحقیقات کیں، ذرایع نے بتایا کہ کنسلٹنٹ حیدر اعوان کو بغیر درخواست کے تنخواہ اور الاؤنس کی مد میں 15 لاکھ روپے ماہانہ پر بھرتی کیا گیا تھا۔

    اربوں کے اثاثے، ریٹائرڈ آئی جی کے خلاف نیب نے تحقیقات شروع کر دیں

    حیدر اعوان نے تحقیقاتی ٹیم کے سامنے بیان دیا کہ 2015 میں ڈاکٹر ندیم قمر نے فون کر کے جوائننگ کا کہا، جب کہ اپریل 2020 میں کنٹریکٹ ختم ہونے کے باوجود تنخواہ جاری ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ حیدر اعوان کو بی اے آرٹس کے باوجود این آئی سی وی ڈی کے اہم عہدے کنسلٹنٹ پر بھرتی کیا گیا، حیدر اعوان نے تحقیقات میں انکشاف کیا کہ اسے تنخواہیں خیراتی فنڈز سے دی جا رہی ہیں۔

    دوسری طرف چیف آپریٹنگ افسر این آئی سی وی ڈی عذرا مقصود کا ہاسپٹل منیجمنٹ کا کوئی تجربہ نہیں ہے، یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ انھیں چیف آپریٹنگ افسر کی گریڈ 20 کی اسامی پر 2015 میں ایڈہاک بیسز پر بھرتی کر کے 6 ماہ میں مستقل کر دیا گیا تھا۔

    حیدر اعوان نیب کی تحریری ہدایات کے باوجود اپنی بی اے کی اسناد اور کنسلٹنسی کی رپورٹس پیش کرنے میں ناکام رہے، حیدر اعوان اور عذرا مقصود نے مزید ریکارڈ دینے سے متعلق 2 ہفتوں کا وقت نیب سے دینے کی درخواست کی ہے، جب کہ نیب نے این آئی سی وی ڈی میں مزید اعلیٰ عہدوں پر بیٹھے حکام کو طلب کر کے تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔

  • میئرکراچی کی طبیعت ناساز، ادارہ امراض قلب منتقل

    میئرکراچی کی طبیعت ناساز، ادارہ امراض قلب منتقل

    کراچی: میئر کراچی وسیم اختر کو سینے میں تکلیف کے بعد ادارہ امراض قلب منتقل کردیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اُن کے مختلف ٹیسٹ اور انجیو گرافی کی، اسپتال انتظامیہ نے رپورٹس اطمینان بخش قرار دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق میئر کراچی کو اچانک طبیعت ناساز ہونے کے بعد ادارہ امراض قلب منتقل کیاگیا جہاں ڈاکٹرز نے اُن کے مختلف ٹیسٹ کیے اور انجیوگرافی بھی کی، ڈاکٹرز نے رپورٹس اطمینان بخش قرار ہونے کے باوجود وسیم اختر کو 24 گھنٹے نگہداشت میں رکھا ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی رافع حسین کے مطابق وسیم اختر کو آج رات یا پھر کل صبح ڈسچارج کردیا جائے گا، میئر کراچی کی طیبعت ناسازی کی خبر سنتے ہی ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار اور عامر خان اسپتال پہنچے اور اُن کی عیادت کی۔

    ڈاکٹر فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے کہا کہ ’’وسیم اختر کی دل کی شریانیں بالکل ٹھیک ہیں، کام کے دباؤ کی وجہ سے اُن کا بلڈ پریشر ہائی ہوا تاہم وہ جلد صحت یاب ہوکر شہر کی خدمت کے لیے میدان میں اتریں گے‘‘۔