اسلام آباد : رواں مالی سال2018-19کی پہلی ششماہی ( جولائی تا دسمبر 2018-19) کے دوران ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں0.06 فیصدکا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال 2018-19کی پہلی ششماہی ( جولائی تا دسمبر 2018-19) کے دوران ٹیکسٹائل کی 6ارب 64کروڑ 57لاکھ ڈالر کی برآمدات کی گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال 2017-18کی پہلی ششماہی ( جولائی تا دسمبر 2017-18) کے دوران ٹیکسٹائل کی ملکی برآمدات کا حجم 6ارب 64کروڑ 14لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
پی بی ایس کے اعداد و شمار کے مطابق نیٹ ویئرز کی برآمدات میں10.51فیصد کا اضافہ ہوا ،جس کی برآمدات کا حجم گزشتہ سال کے ایک ارب41کروڑ38لاکھ ڈالر سے بڑھ کر ایک ارب 47کروڑ 48لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق بیڈ وئیر کی برآمدات3.27فیصد اضافے سے ایک ارب 16کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ ریڈی میڈ گارمنٹس کی برآمدات 0.89کے معمولی اضافے سے ایک ارب 26کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔
دوسری جانب خام کپاس کی برآمدات 73فیصد کمی سے ایک کروڑ 40لاکھ ڈالر تک رہیں جبکہ کاٹن یارن کی برآمدات17فیصد کمی سے 55کروڑ ڈالر تک رہیں، تولیہ کی برآمدات 2 فیصد کمی سے 38کروڑ ڈالر رہیں۔