سینئر اداکارہ و ہدایت کار روبینہ اشرف کی جانب سے علیزے شاہ کی اداکاری پر کیے گئے منفی تبصرے کی پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
علیزے شاہ ایک پاکستانی اداکارہ ہیں جو اس وقت انڈسٹری کی طرف سے تنقید کیے جانے کے خلاف آواز اٹھانے کی وجہ سے سرخیوں میں ہیں، اب علیزے کے مداح ان اداکاروں کے متعدد کلپس پوسٹ کر رہے ہیں جو علیزے کے خلاف بولے گئے تھے۔
سوشل میڈیا پر ایک ٹی وی شو سے لیا گیا کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں عتیقہ اوڈھو اور نادیہ جمیل نے بھی علیزے شاہ کی اداکاری پر تبصرہ کیا تھا، تاہم روبینہ اشرف نے انہیں زیادہ میک اپ کرنے پر آڑے ہاتھوں لیا تھا۔
میزبان کی جانب سے تینوں اداکاراؤں کو علیزے شاہ کے ایک ڈرامے پر مارکس دینے کا کہا گیا جس پر اداکارہ عتیقہ اور نادیہ جمیل دونوں نے علیزے کو 7 مارکس دیے۔
روبینہ اشرف نے اپنی باری پر علیزے کو کوئی مارکس نہ دیتے ہوئے کہا کہ میرے لیے علیزے شاہ ہ زیرو ہے جس پر عتیقہ نے سوال کیا کہ لکس کی وجہ سے؟ اس پر روبینہ اشرف نے ہاں میں جواب دیا۔
اداکارہ نے اپنے مؤقف کی وضاحت کیلئے علیزے کی اداکاری پر بھی تنقید کی اور کہا کہ علیزے کو ہر ڈرامے میں لپ اسٹک اور کرلی بالوں کے ساتھ دیکھا جاتا ہے، میرے لیے علیزے زیرو ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ علیزے کا سحری میں بھی میک اپ نہیں اتارا جاتا، اگر میں علیزے کیلئے کوئی ڈرامہ ڈائریکٹ کروں تو میں اسے کم ازکم ایک ڈرامے یا سین میں تو بغیر میک اپ کے دکھاؤں گی۔
روبینہ اشرف کا مزید کہنا تھا کہ علیزے جیسی اتنی un acting کا زمانہ بہت پہلے ہی ختم ہوچکا ہے، علیزے کی ایکٹنگ ڈرامے میں کہیں نہیں تھی۔
https://urdu.arynews.tv/alizeh-shah-to-juggan-kazim-apology-26-july-2025/