Tag: اداکار

  • آرنلڈ شوازینگر نے پاکستان مداحوں کا شکریہ کیوں ادا کیا؟

    آرنلڈ شوازینگر نے پاکستان مداحوں کا شکریہ کیوں ادا کیا؟

    معروف ہالی ووڈ اداکار آرنلڈ شوازینگر نے اپنی نئی سیریز فوبر کو پسند کرنے پر اپنے پاکستانی مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    آرنلڈ شوازینگر کی نئی سیریز فوبر امریکی اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر دو دن قبل ہی ریلیز کی گئی ہے جو تیزی سے مقبول ہورہی ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک یوکرینی مداح نے نیٹ فلکس کی مقبول سیریز اور فلموں (پاپولر آن نیٹ فلکس) کا اسکرین شاٹ شیئر کیا اور کہا کہ یوکرین میں یہ سیریز اس وقت صف اول پر ہے۔

    اداکار نے اس ٹویٹ پر جواب دیتے ہوئے کہا، شکریہ یوکرین۔

    اسی ٹویٹ کے رپلائی میں ایک پاکستانی مداح نے بھی نیٹ فلکس کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان میں بھی اس وقت یہ سیریز سب سے زیادہ دیکھی جارہی ہے اور پہلے نمبر پر ہے۔

    شوازینگر نے اس ٹویٹ کا بھی جواب دیا اور لکھا، میرے پاکستانی مداحوں کا شکریہ۔

    8 اقساط پر مشتمل یہ سیریز فوبر اداکار کی اسٹریمنگ ویب سائٹ کے لیے پہلی سیریز ہے جو ایکشن اور تھرل سے بھرپور ہے۔

    آرنلڈ شوازینگر اس میں امریکی خفیہ ایجنٹ کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

  • فلم آر آر آر میں اہم کردار ادا کرنے والے اداکار چل بسے

    فلم آر آر آر میں اہم کردار ادا کرنے والے اداکار چل بسے

    فلم آر آر آر  میں برطانوی گورنر اسکاٹ بکسٹن کا منفی کردار ادا کرنے والے  رے اسٹیونسن 58 سال کی عمر میں اٹلی میں چل بسے۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق اداکار رے اسٹیونسن کی موت کی وجہ فی الحال سامنے نہیں آئی ہے تاہم ان کے نمائندے نے تصدیق کی ہے کہ اداکار کی موت اتوار کو ہوئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق رے اسٹیونسن موت سے پہلے ایک ایکشن فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے انہیں اٹلی میں فلم کی شوٹنگ کے دوران طبعیت بگڑنے پر اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

    رے اسٹیونسن کو تھور فلم میں اسگارڈین جنگجو کا کردار ادا کرنے کے لیے بھی جانا جاتا تھا۔

    دوسری جانب آر آر آر کے آفیشل سوشل میڈیا ہینڈلز نے بھی اس خبر کی تصدیق کی ہے جبکہ ایس ایس راجامولی نے اداکار کی موت پر غم کا اظہار کیا ہے۔

    آر آر آر کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈلز پر رے اسٹیونسن کی موت پر حیرانگی کا اظہار کیا گیا ہے اور کہا آپ ہمارے دلوں میں ہمیشہ رہیں گے۔

    رے اسٹیونسن نے اپنے کیرئیر کا آغاز 1990 میں ایک ٹی وی شو سے کیا اور پھر 2000 کی دہائی سے ہالی وڈ فلموں میں ایکشن کردار ادا کرنے لگے، 2008 میں انہوں نے مارول اور وار زور میں مرکزی کردار ادا کیا۔

  • ’نعمان حبیب کی دیوانی‘ اداکار نے دلچسپ قصہ سنا دیا

    ’نعمان حبیب کی دیوانی‘ اداکار نے دلچسپ قصہ سنا دیا

    شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار نعمان حبیب نے اپنی ایک فین کا دلچسپ قصہ سنا دیا۔

    شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار نعمان حبیب  اے آر وائی زندگی کے ’ دی نائٹ شو ’ کے مہمان بنے، جہاں انہوں نے میزبان ایاز سمو کو بتایا کہ ان کی ایک فین تھی جسے وہ زندگی بھر نہیں بھول سکتے۔

    اداکار نعمان حبیب  نے کہا کہ مجھے نہیں پتا وہ کون ہے لیکن مجھے وہ فین زندگی بھر یاد رہیں گی، انہوں نے بتایا کہ انٹرنیٹ پر  ’ نعمان حبیب کی دیوانی‘ کے نام سے ایک فین پیج تھا۔

    ’لوگوں نے مجھ سے  اس بارے میں پوچھنا شروع  کردیا، یہ نعمان حبیب کی دیوانی کون ہے؟ لیکن میرا یہی جواب ہوتا تھا کہ مجھے نہیں پتا ہوگی کوئی‘۔

    اداکار نعمان حبیب  نے کہا کہ  مجھے بھی پھر ایسا لگتا تھا کہ کوئی تو بات ہے اس میں کیوں کہ لوگ اس وجہ سےاس بات کو  بار بار یاد کررہے تھے، لیکن جب میری شادی ہوئی تو اس کے بعد وہ فین پیج ڈیلیٹ ہوگیا۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے آج تک نہیں پتا چلا کہ وہ کون ہے، کہاں ہے، لیکن یہ فین مجھے ہمیشہ یاد رہیں گی۔

  • عاشقی فلم کے اداکار کے ساتھ کروڑوں روپے کا دھوکا

    عاشقی فلم کے اداکار کے ساتھ کروڑوں روپے کا دھوکا

    90 کی دہائی کی مشہور بالی ووڈ فلم عاشقی کے اداکار دیپک تجوری نے اپنے معاون پروڈیوسر کے خلاف ڈھائی کروڑ روپے کے غبن کا مقدمہ درج کروا دیا۔

    معروف اداکار اور ہدایت کار دیپک تجوری نے مہاراشٹر کے امبولی پولیس اسٹیشن میں اپنے کو پروڈیوسر موہن نادار کے خلاف دھوکا دہی کا مقدمہ درج کروایا ہے۔

    اداکار کا کہنا ہے کہ موہن نے سنہ 2019 میں ایک تھرلر فلم بنانے کے لیے انہیں بطور پروڈیوسر لیا اور کانٹریکٹ سائن کروایا۔

    بعد ازاں لندن میں شوٹنگ کی لوکیشن کے پیسے دینے کے لیے انہوں نے دیپک سے 2 کروڑ 60 لاکھ روپے لیے اور جلد ہی واپس دینے کا وعدہ کیا۔

    لیکن کئی تقاضوں کے باوجود انہوں نے پیسے واپس نہیں کیے اور ان کے دیے گئے چیک بار بار باؤنس ہوتے رہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے اور تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

  • میرے شوہر نے اداکار کو قتل کیا ہے: بزنس مین کی بیوی کا پولیس کو خط

    میرے شوہر نے اداکار کو قتل کیا ہے: بزنس مین کی بیوی کا پولیس کو خط

    بالی ووڈ کے سینئر اداکار اور ہدایت کار ستیش کوشک چند روز قبل دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے تھے، اور اب ایک بزنس مین کی بیوی کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر نے اداکار کو قتل کیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے سینئر اداکار اور ہدایت کار ستیش کوشک کے کمرے سے کچھ مشکوک ادویات برآمد ہوئی ہیں جبکہ اداکار کو قتل کیے جانے کا انکشاف بھی سامنے آیا ہے۔

    وکاس مالو نامی ایک بزنس مین کی دوسری بیوی سانوی مالو نے دہلی کے پولیس کمشنر کو ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے اپنے شوہر پر اداکار کے قتل کا الزام لگایا ہے۔

    سانوی مالو نے اپنے خط میں پولیس کمشنر کو بتایا ہے کہ ستیش کوشک نے ان کے شوہر کو 15 کروڑ روپے کا قرض دیا تھا، اس رقم کی واپسی کے لیے ایک بار بیرونِ ملک ملاقات بھی ہوئی اور اس ملاقات کے دوران کافی تلخ کلامی کے بعد وکاس نے رقم واپس کرنے کا وعدہ کیا۔

    سانوی نے مزید بتایا کہ چونکہ اداکار ان کے شوہر کے فارم ہاؤس میں بیمار ہوئے تھے، اس لیے انہیں شک ہےکہ وکاس نے رقم واپسی کا مطالبہ کرنے پر انہیں قتل کر دیا۔

    دوسری جانب پولیس نے بھی دہلی کے اس فارم ہاؤس سے کچھ مشکوک ادویات برآمد کی ہیں جہاں ستیش کوشک نے اپنی موت سے قبل ایک پارٹی میں شرکت کی اور پھر مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ان کی موت ہوئی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق پولیس نے ان ادویات کو ٹیسٹ کے لیے بھجوا دیا ہے اور اب اداکار کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد اس بات کا تعین کیا جا سکے گا کہ ان ادویات کا اداکار کی موت سے کوئی لینا دینا ہے یا نہیں۔

  • سب کی نقلیں اتارنے والے جونی لیور اپنی نقل دیکھ کر حیران

    نئی دہلی: بالی ووڈ کے مزاحیہ اداکار جونی لیور اپنے ہمشکل کو اپنی نقل اتارتے دیکھ کر حیران رہ گئے، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    مزاحیہ بالی ووڈ اداکار جونی لیور سے مشابہت رکھنے والے مداح نے ان کے سامنے ہی نقل اتار کر اداکار کو حیران کر دیا۔

    سوشل میڈیا اسٹار روہن لگاس جو جونی لیور سے مشابہہ ہیں، حال ہی میں ایک تقریب میں شریک ہوئے جہاں جونی لیور سے ان کی ملاقات ہوئی۔

    اس دوران روہن لگاس نے جونی لیور کے سامنے ان کے جیسی اداکاری کر کے انہیں حیران کر دیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Rohan Lagas (@rohan_lagas)

    روہن لگاس نے جونی لیور کے سامنے ان کی نقل اتارنے کی ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی اور کیپشن میں لکھا کہ جونی لیور سے ملاقات کے بعد زندگی کا خواب پورا ہوگیا۔

  • ’ڈھونڈنے والوں کو دنیا بھی نئی دیتے ہیں‘

    ’ڈھونڈنے والوں کو دنیا بھی نئی دیتے ہیں‘

    شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار فیروز خان کی گھڑ سواری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’حبس‘ میں ’باسط‘ کا مرکزی کردار نبھانے والے اداکار فیروز خان نے انسٹا گرام پر ویڈیو اور تصاویر شیئر کیں۔

    ویڈیو میں فیروز خان کو گھڑ سواری سے لطف اندوز ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔

    اداکار نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے شاعر مشرق علامہ اقبال کا شعر بھی لکھا ’کوئی قابل ہو تو ہم شان کئی دیتے ہیں ، ڈھونڈنے والوں کو دنیا بھی نئی دیتے ہیں۔‘

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Feroze Khan 🇵🇰 (@ferozekhan)

    فیروز خان کی ویڈیو کو لاکھوں کی تعداد میں مداح دیکھ چکے ہیں اور ان کی ویڈیو کو پسند بھی کررہے ہیں۔

    گزشتہ دنوں بھی انہوں نے ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہیں گھڑ سواری کرتے دیکھا جاسکتا ہے، فیروز خان نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’ہمت نہ ہارو، برداشت کرو اور کامیابی حاصل کرو۔‘

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Feroze Khan 🇵🇰 (@ferozekhan)

    واضح رہے کہ اس سے قبل فیروز خان نے سابقہ اہلیہ کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر وضاحت پیش کی تھی۔

    اداکار نے لکھا تھا کہ ’میں تمام بے بنیاد بدنیتی پر مبنی اور جھوٹے الزامات کی سختی سے تردید کرتا ہوں جو مجھ پر لگائے گئے ہیں اور سوشل میڈیا پر افواہوں کی چکی میں گردش کررہے ہیں۔‘

    https://urdu.arynews.tv/actor-feroze-khan-twit-allegations-his-wife/

    فیروز خان کا کہنا تھا کہ ’میں ان کارروائیوں کے مرتکب افرااد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا ارادہ رکھتا ہوں اور اس سلسلے میں اپنی قانونی ٹیم کو ہدایت بھی کردی ہے۔

    یاد رہے کہ فیروز خان کی اہلیہ علیزے سلطان نے گزشتہ ماہ فیروز پر تشدد کا الزام عائد کرتے ہوئے علیحدگی کی تصدیق کی تھی جس کے بعد فیروز خان نے بھی ردعمل دیا تھا جبکہ کیس ابھی عدالت میں زیر سماعت ہے۔

  • ارمینہ خان کو انفلوئنسرز کی کون سی بات پسند نہیں آئی؟

    ارمینہ خان کو انفلوئنسرز کی کون سی بات پسند نہیں آئی؟

    ملک بھر میں تباہ کن سیلاب کے بعد ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سیلاب زدگان کی مدد کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔

    ان ہی میں اداکار اور انفلوئنسرز بھی شامل ہیں جو یا تو خود امداد اکٹھی کر رہے ہیں یا اپنے فالوورز کو امداد جمع کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں، تاہم کچھ ایسے بھی ہیں جنہیں اس تمام صورتحال سے کوئی فرق نہیں پڑا اور وہ معمول کے مطابق اپنی انٹرٹینمنٹ سے متعلق تصاویر و ویڈیوز پوسٹ کر رہے ہیں۔

    ایسے ہی افراد پر اداکارہ ارمینہ رانا خان نے افسوس کا اظہار کیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ جو پاکستانی اداکار اور انفلوئنسر انٹرٹینمنٹ سے متعلق مواد پوسٹ کر رہے ہیں، انہیں اپنی اخلاقی اقدار پر نظر ثانی کی ضرورت ہے۔

    ٹویٹ میں کہا گیا کہ قومی ایمرجنسی کے اس موقع پر اپنے ہم وطنوں کا کچھ تو خیال کریں۔

    اس ٹویٹ سے ارمینہ نے بھی اتفاق کیا۔

    ارمینا نے ایک اور ٹویٹ میں تصویر شیئر کی جس میں بتایا گیا کہ خیموں کی بڑھتی ہوئی طلب کی وجہ سے ان کی قیمت 15 ہزار روپے تک جا پہنچی ہے، ارمینہ نے اس پر کیپشن لکھا، ظالمو!

    ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ خود کچھ کرنا نہیں، جو کر رہے ہیں ان پر تنقید کرنی ہے اور عجیب عجیب سوالات کرنے ہیں، اگر اتنی ہی فکر ہے تو خود زحمت کریں اور سیلاب زدگان کی مدد کریں۔

  • 2 سال پہلے کی گئی ٹویٹس پر بھارتی اداکار گرفتار

    2 سال پہلے کی گئی ٹویٹس پر بھارتی اداکار گرفتار

    نئی دہلی: معروف بھارتی فلمی ناقد اور بالی وڈ اداکار کمال راشد خان المعروف کے آر کے کو، سنہ 2020 میں کی گئی ٹویٹس پر ممبئی پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق کمال راشد کو آنجہانی اداکار رشی کپور اور مرحوم عرفان خان سے متعلق 2020 میں کی گئی متنازعہ ٹویٹس کی وجہ سے ممبئی ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا ہے۔

    کے آر کے کو 30 اگست یعنی آج ہی ممبئی کی مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    کے آر کے، کے خلاف سیاسی جماعت شیو سینا کے رکن راہول کنال نے ایف آئی آر درج کروائی تھی جس کے بعد اب پولیس کی جانب سے کارروائی کی گئی ہے۔

    ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ اداکار نے مرحوم اداکاروں کے خلاف ٹویٹس کیں اور نامناسب الفاظ استعمال کیے۔

    واضح رہے کہ کمال راشد فلمی ناقد کے طور پر جانے جاتے ہیں جو آئے دن بالی ووڈ کی معروف شخصیات پر الزام تراشی اور تنقید کرتے نظر آتے ہیں۔

  • شوٹنگ پر خاتون کو ہلاک کرنے والے اداکار اپنے بچاؤ میں معاہدہ سامنے لے آئے

    شوٹنگ پر خاتون کو ہلاک کرنے والے اداکار اپنے بچاؤ میں معاہدہ سامنے لے آئے

    ہالی ووڈ اداکار ایلک بولڈون کے ہاتھوں گزشتہ برس فلم کی شوٹنگ کے دوران فائرنگ سے ایک خاتون کے ہلاک ہونے کے بعد، اداکار ایک قانونی معاہدہ سامنے لے آئے ہیں جس کے تحت ان پر مقدمات درج نہیں کیے جاسکتے۔

    ایلک بولڈون نے گزشتہ برس 21 اکتوبر کو شوٹنگ کے دوران اچانک فائرنگ کردی تھی، جس کے باعث فلم کی ڈائریکٹر فوٹوگرافی 42 سالہ ہیلینا ہچنس موقع پر ہلاک جبکہ ہدایت کار 48 سالہ جول سوزا زخمی ہوگئے تھے۔

    ایلک بولڈون کے خلاف 11 نومبر 2021 کو فلم کے ہیڈ آف لائٹنگ نے ریاست نیویارک میں پہلا سول مقدمہ دائر کیا تھا، اس کے بعد ان کے خلاف دیگر افراد نے بھی مقدمات دائر کیے تھے اور ہلاک ہونے والی خاتون کے شوہر اور بیٹے نے بھی اداکار کے خلاف گزشتہ ماہ فروری میں مقدمہ دائر کیا تھا۔

    اپنے خلاف متعدد مقدمات دائر ہونے کے بعد ایلک بولڈون نے امریکی عدالت میں ایک درخواست جمع کروائی ہے،جس میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ معاہدے کے تحت ان پر مقدمات دائر نہیں کیے جا سکتے۔

    انہوں نے اپنی درخواست میں دلیل دی ہے کہ وہ رسٹ کے واحد پروڈیوسر نہیں تھے،ان کے ہمراہ دیگر لوگ بھی فلم کے پروڈیوسر تھے، اس لیے ہرجانے کے دعوے صرف ان تک محدود نہیں رہ سکتے۔

    ایلک بولڈون نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ حادثاتی تھا اور انہیں تنہا مقدمات میں نامزد نہیں کیا جا سکتا۔

    ایلک بولڈون پر قتل ہونے والی خاتون کے شوہر اور کمسن بیٹے نے بھی ہرجانے کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے اور مجموعی طور پر ان کے خلاف سات ہرجانے کے دعوے دائر کیے جا چکے ہیں۔

    ایلک بولڈون اس دعوے کو مسترد کر چکے ہیں کہ انہوں نے جان بوجھ کر فائرنگ کر کے ہدایت کارہ کو قتل کیا، ان کے مطابق انہیں معلوم نہیں تھا کہ ہتھیار میں اصلی گولیاں موجود ہیں۔