Tag: ادویات کی قیمتوں

  • ادویات کی قیمتوں میں ہر ماہ خود ساختہ ہوشربا اضافے کا انکشاف

    ادویات کی قیمتوں میں ہر ماہ خود ساختہ ہوشربا اضافے کا انکشاف

    کراچی: ادویات کی قیمتوں میں ہر ماہ خودساختہ اضافے کا انکشاف سامنے آیا، جس نے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے میڈیسن کی قیمتیں ڈی کنٹرول کرنے کے بعد ادویات بنانے والی کمپنیوں نے من مانی قیمتوں کا تعین شروع کردیا ہے، جس کے باعث ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    ہر ماہ ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا انکشاف ہوا ہے جس نے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کردیا ہے۔

    فارماسیوٹیکل کمپنیوں کی جانب سے بڑھائی گئی ادویات کی قیمتوں کی تفصیلات کے مطابق نیوروبیان انجیکشن کی قیمت 1100 سے بڑھا کر 1400 روپے کردی گئی اور پیٹ کےامراض کی فلیجل ٹیبلٹ پیکٹ 803 سے بڑھا کر 923 روپے کردیا گیا۔

    اس کے ساتھ سینگوبیان کیپسول (خون کی کمی کے لیے) 230 سے بڑھا کر 300 روپے ، پونسٹان فورٹ پیکٹ 865 سے 1095 اور پونسٹان سادہ 1800 سے بڑھا کر 2108 روپے جبکہ سکارڈ پلس 156 سے بڑھا کر 256 روپے کردیا گیا۔

    ڈیکلوران ٹیبلٹ 170 روپے سے بڑھا کر 365 روپے ، سیٹامیٹ پیکٹ (شوگر کے مریضوں کے لیے) 470 سے بڑھا کر 650 روپے، میو کین سیرپ 156 سے بڑھا کر 173 روپے اور پیناڈول ٹیبلٹ پیکٹ 600 روپے سے بڑھا کر 843 روپے کردیا گیا۔

    ادویات کی قیمتوں میں اضافے سے نہ صرف عام استعمال کی میڈیسن بلکہ مہنگی اور جان بچانے والی ادویات بھی متاثر ہوئی ہیں

    وینٹاکسن ٹیبلٹ (بلڈ کینسر کے مریضوں کے لیے) 62 ہزار 500 سے بڑھا کر 69 ہزار 999 روپے اور ایزاسیٹاڈن انجیکشن (بون میرو نہ کرنے والے مریضوں کے لیے) 32 ہزار سے بڑھا کر 35 ہزار روپے کردیا گیا۔

    ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں اس تیز رفتاری سے ہونے والا اضافہ علاج کے اخراجات میں کئی گنا اضافہ کر رہا ہے اور غریب مریضوں کے لیے زندگی بچانے والی دوائیاں تک پہنچنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔

  • حکومت کی جانب سے عوام کے لیے بڑا ریلیف

    حکومت کی جانب سے عوام کے لیے بڑا ریلیف

    اسلام آباد : کابینہ نے ادویات کی قیمتوں میں 55 سے65 کمی کی منظوری دے دی ، یہ ادویات آئی سی یو میں داخل مریضوں کیلیے استعمال ہوتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وفاقی وزیر صحت کی ہدایت پر 4 ادویات کی قیمتوں میں کمی کردی گئی ، ترجمان وزارت صحت نے بتایا کہ کابینہ نے ادویات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دی۔

    ترجمان وزارت صحت کا کہنا تھا کہ وزیر صحت ندیم جان نے کہا ہے کہ کولسٹیمیٹیتھ سوڈیم کی قیمت 55 سے65 فیصد کم ہوئی، 1 ملین یونٹ انجکشن کی قیمت 2987 سےکم ہو کر 1036روپے، 2ملین یونٹ انجکشن کی قیمت 4564 سے کم ہو کر 1737 روپے اور 3 ملین یونٹ انجکشن کی قیمت 5855 سےکم ہوکر 2591 روپے ہوگئی ہے۔

    یہ ادویات آئی سی یو میں داخل مریضوں کیلیے استعمال ہوتی ہے، مشکل حالات کے درپیش چیلنجز کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کیلے پر عزم ہوں ، جعلی اور آن رجسٹرڈ ادویات کیخلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔

  • ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ، فیصلہ آج ہوگا

    ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ، فیصلہ آج ہوگا

    اسلام آباد : اقتصادی رابطہ کمیٹی آج پیراسیٹا مول سمیت 131 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس آج ہوگا۔

    وزارت صحت کی جانب سے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری منظوری کیلئے پیش کی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق پیراسیٹا مول سمیت ایک سواکتیس ادویات کی قیمتوں میں اضافہ فیصلہ کیا جائےگا جبکہ کمیٹی بیس ادویات کی قیمتوں میں کمی کی بھی منظوری دے گی۔

    کامیاب پاکستان پروگرام کی منظوری، وزیراعظم آفس کیلئےٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کااجرا اورگلگت بلتستان میں گندم سبسڈی کا مسئلہ بھی کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پیراسٹامول سیرپ کی قیمت میں بارہ روپے سے زیادہ کا اضافہ متوقع ہے، جس کے بعد پیراسٹامول کی ایک گولی اسی پیسے مہنگی ہوجائے گی۔

    دوا ساز کمپنیوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ چھ ماہ سے خام مال کی سپلائی متاثر ہے، ایل سی مسترد ہورہی ہیں، خام مال کی عدم دستیابی اور کم نرخوں کی وجہ سے کمپنیاں دیوالیہ ہو رہی ہیں جبکہ کئی ملٹی نیشنل کمپنیاں اپنے پلانٹ بند کرچکی ہیں، پرانے نرخوں پر کام کرنا اب ممکن نہیں رہا۔

  • مہنگائی سے تنگ عوام پر ایک اور بم گرا دیا گیا

    اسلام آباد : اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ڈریپ کی سفارش پر ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری منظور کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا ، جس میں ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری منظور کرلی گئی۔

    اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ڈریپ کی تجویز پر کیا گیا۔

    اجلاس میں کابینہ ڈویژن کیلئے تین ارب روپےکی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔

    اس کے علاوہ سپریم کورٹ اور ججزکی رہائش گاہوں کی ضروری مرمت کیلئے چوراسی کروڑ فنڈز منظوری کے ساتھ ساتھ ربیع سیزن کیلئے گندم کے بیج پر سبسڈی کی سمری بھی منظور کرلی۔

    اس مد میں وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ کوآٹھ اعشاریہ تین نوارب روپے گرانٹ ملے گی، یہ رقم بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام کے تحت کسانوں میں تقسیم کی جائے گی۔

  • حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں کمی کردی

    حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں کمی کردی

    اسلام آباد : وفاقی کابینہ نے 20 ادویات کی قیمتوں کی کمی کی منظوری دے دی، جس میں بلڈ پریشر، کینسر ،آنکھوں کی بیماریوں میں استعمال ہونے والی ادویات شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر صحت کی سفارش پر حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں کمی کردی گئی۔

    ترجمان وزارت صحت نے بتایا کہ کابینہ نے 20 ادویات کی قیمتوں کی کمی کی منظوری دے دی، زیادہ تر ادویات کی قیمتوں میں کمی 30 فیصد ہوئی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ادویات کی قیمتوں میں کمی لوگوں کو ریلیف دینے کیلئے ایک اور قدم ہے۔

    وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل نے بتایا کہ بلڈ پریشر، کینسر ،آنکھوں کی بیماریوں میں استعمال ہونے والی ادویات کی قیمتوں میں کمی کی گئی جبکہ 54نئی ادویات کی قیمتیں فکس کرنےکی بھی منظوری دی گئی ہے۔

    عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ یہ نئی ادویات کینسراور مختلف بیماریوں میں استعمال ہوں گی، حکومت ریلیف دینے کیلئے مؤثر اقدامات کو یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہے۔

    وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں 700فی صد تک اضافہ کیاتھا، ڈریپ میں میرٹ ،شفافیت کے نظام کو فروغ دینے کیلئے پر عزم ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ عوام کی فلاح وبہبود کیلئے معیاری ادویات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانا ترجیح ہے۔

  • ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کا نوٹیفکیشن جاری

    ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کا نوٹیفکیشن جاری

    لاہور: ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ، 50ادویات کی قیمتوں میں 15 سے 150فیصد تک اضافے کیا گیا ہے ، حکومت 3سال میں 12 مرتبہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کرچکی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کانوٹیفکیشن جاری کردیا ، جس کے تحت حکومت نے 50ادویات کی قیمتوں میں 15 سے 150فیصد تک کا اضافہ کیا جبکہ کچھ ادویات بھی رجسٹرڈکی گئی جوبھارت،بنگلادیش،ترکی کی نسبت3گنا مہنگی ہیں۔

    وفاقی کابینہ نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی تھی۔

    خیال رہے حکومت نے3سال میں 12 مرتبہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ، ادویات کی قیمتوں اضافہ جولائی میں ہواتھا،5اگست کونوٹیفکیشن جاری ہوا تاہم ادویات قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن ڈریب کی ویب سائٹ پرموجود نہیں تھا۔

    یاد رہے گذشتہ سال اکتوبر میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان نے 94 جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا، جن ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے، ان میں ہائی بلڈ پریشر، کینسر، امراض قلب کی ادویات و اینٹی ریبیز ویکسین شامل تھیں۔

    وزیراعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹرفیصل سلطان نے 94 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا تھا حکومت قیمتیں بڑھانے کے معاملے پر دباؤ میں نہیں آئی، اہم ادویات کی قیمتیں اتنی بڑھائی ہیں کہ لوگوں تک پہنچ سکیں۔

  • ‘ادویات کی  قیمتوں میں اضافے پر نظرثانی کرکے کم سےکم قیمت پر لائیں’

    ‘ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر نظرثانی کرکے کم سےکم قیمت پر لائیں’

    پشاور : پشاور ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس قیصر رشید نے دواؤں کی قیمتوں میں اضافے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی سے دواؤں کی قیمتوں میں کمی پر رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کورٹ میں دواؤں کی قیمتوں میں اضافےسےمتعلق سماعت ہوئی ، قائم مقام چیف جسٹس قیصر رشید نے دواؤں کی قیمتوں میں اضافے پر برہمی کا اظہار کیا۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے نے دواؤں میں اضافے فہرست پڑھ کر سنائی ، جس پر قائم مقام چیف جسٹس قیصررشید نے کہا کہ سی ای او صاحب آپ کو قیمتوں میں اضافے کا پتہ ہی نہیں، صبح سے آپ عدالت میں غلط بیانی کررہے ہیں، اتنے بڑے عہدے پر ہیں اورعدالت میں غلط بیانی کررہے ہیں، کیو ں نہ آپ کے خلاف کارروائی شروع کریں۔

    جسٹس قیصررشید کا کہنا تھا کہ کس نے آپ کو اتنے بڑے عہدے پر بٹھایا ہے، عوام کی مشکلات کا آپ لوگوں کو احساس ہی نہیں ، عوام میں اتنی مہنگی دوائیں خریدنے کی سکت ہی نہیں۔

    عدالت نے کہا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی سے پریشان تھے ، دواؤں کی قیمتوں میں اضافہ کرکے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا، سی ای او صاحب دواؤں کی قیمت میں اضافے کی فہرست پرنظرثانی کریں اور قیمتوں میں اضافے پر نظرثانی کرکے اس کو کم سےکم قیمت پر لائیں۔

    جسٹس قیصررشید نے سی ای او ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی سے دواؤں کی قیمتوں میں کمی پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے اتائی ڈاکٹروں اور غیر قانونی کلینکس اور لیبزکےخلاف کارروائی جاری رکھنے کا حکم دے دیا اور سماعت 17 دسمبر تک ملتوی کردی۔

  • بلڈ پریشر، کینسر، دل کی ادویات اور اینٹی ریبیز ویکسین مہنگی ہوگئیں

    بلڈ پریشر، کینسر، دل کی ادویات اور اینٹی ریبیز ویکسین مہنگی ہوگئیں

    اسلام آباد : ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے 94 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق بلڈ پریشر، کینسر، دل اور اینٹی ریبیزویکسین مہنگی ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے جان بچانے والی 94 ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا اورادویات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

    ڈریپ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق جن ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے، ان میں ہائی بلڈ پریشر، کینسر، امراض قلب کی ادویات و اینٹی ریبیز ویکسین شامل ہیں۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ اضافہ شدہ ایم آر پی کے حصول کیلئے دو شرائط ہوں گے۔ان ادویات کی اضافہ شدہ قیمت 30 جون 2021 تک منجمد رہیں گے، ڈرگ لیبلنگ و پیکنگ رولز1986 کے تحت پیکٹ کے لیبل پر ایم آر پی پرنٹ کرے گی۔

    خیال رہے مذکورہ 94ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری کابینہ نے دی تھی، وفاقی کابینہ نے گذشتہ ماہ 22 ستمبر کو ان ادویات کی قیمتیں بڑھانے کی منظوری دی تھی۔

    بعد ازاں وزیراعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹرفیصل سلطان نے 94 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا تھا حکومت قیمتیں بڑھانے کے معاملے پر دباؤ میں نہیں آئی، اہم ادویات کی قیمتیں اتنی بڑھائی ہیں کہ لوگوں تک پہنچ سکیں۔

  • ڈاکٹر فیصل نے ادویات کی قیمتوں میں دوبارہ اضافے کی خبر کو بے بنیاد قرار  ‌دے دیا

    ڈاکٹر فیصل نے ادویات کی قیمتوں میں دوبارہ اضافے کی خبر کو بے بنیاد قرار ‌دے دیا

    اسلام آباد : وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ادویات کی قیمتوں میں دوبارہ اضافے کی خبر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا نئی آنے والی 253 ادویات کی ابتدائی قیمتیں طے کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں دوبارہ اضافے کی خبر بے بنیاد ہے، مارکیٹ میں نئی آنے والی 253 ادویات کی ابتدائی قیمتیں طے کی گئی ہیں۔

    ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا ویکسین کے ٹرائلز جاری ہے،  نتائج میں وقت ہے،بڑھتے کیسز کو مدنظر رکھتے ہوئے کورونا کی دوسری لہر کا خدشہ ہے بطور قوم احتیاط کا دامن نہیں چھوڑنا۔

    معاون خصوصی ڈاکٹرفیصل سلطان نے نیوٹریشن سروے کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غذائی قلت کےمعاملےپروزیراعظم کی خصوصی توجہ ہے، نیشنل نیوٹریشن سروے 19-2018 ماضی کےمقابلےمیں زیادہ معیاری ہے۔

    ڈاکٹرفیصل سلطان کا کہنا تھا کہ نیشنل نیوٹریشن سروےکے انعقادمیں ڈاکٹرثانیہ نشترکااہم کردارہے، نیشنل نیوٹریشن سروےغذائی قلت پرقابوپانےمیں معاون ثابت ہو گا۔

    انھوں نے کہا کہ ملک کے بعض اضلاع میں غذائی قلت کی صورتحال اور ماں وبچےکی غیرمناسب ومتوازن خوراک کامعاملہ تشویشناک ہے، وزیراعظم کی زیرصدارت غذائی قلت پر اہم اجلاس ہوا ، جس میں انھوں نے غذائی قلت پرقابوپانےکیلئےترجیحی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پرنیوٹریشن ایڈوائزری کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، غذائی قلت کامعاملہ آئندہ سی سی آئی اجلاس میں لیکر جائیں گے، حکومت نےنیوٹریشن کواحساس پروگرام کا حصہ بنا دیا ہے۔

    ڈاکٹرفیصل سلطان نے مزید کہا کہ وزارت صحت نے غذائی قلت پر قابو پانے بارے پروگرام ترتیب دیدیا ہے، غذائی قلت پر قابو پانے کے پروگرام کا پی سی ون تیار کر لیا ہے، غذائی قلت سے متعلق پروگرام صوبوں کی مشاورت سے تیار کیا ہے، اس حوالے سے انسداد غذائی قلت پروگرام کا تخمینہ 350 ارب روپے ہے جبکہ ملک بھرسے1 لاکھ 15 ہزار گھرانے نیشنل نیوٹریشن سروے کا حصہ تھے۔

  • ادویات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ،  ترجمان وزارت قومی صحت نے تردید کردی

    ادویات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ، ترجمان وزارت قومی صحت نے تردید کردی

    لاہور : ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے  ادویات کی قیمتوں میں ایک بار پھر 22 سے 35 فیصد تک کا اضافہ کردیا تاہم ترجمان وزارت قومی صحت نے ادویات قیمتوں میں اضافے کی خبر کی تردید کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی  کی جانب سے ادویات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا گیا اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا  ،جس میں کہا گیا کہ ادویات کی قیمتوں میں نیا اضافہ %22 سے %35 تک کیا گیا۔

    صدر پاکستان ڈرگ لائر فورم نور مہر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایک مہینے میں ادویات کی قیمتوں میں دوسرا اضافہ مریض کش حملہ ہے، یہ دوسرا ماہانہ اضافہ فوری فوری واپس لیا جائے۔

    نور مہر کا کہنا تھا کہ پچھلے مہینے 17 ستمبرکی تاریخ کا نوٹیفکیشن 29 ستمبر کو منظر عام پر آیا، اس نوٹیفکیشن میں 94 ادویات کی قیمتوں میں %510 تک اضافہ کیا تھا اور آج منظر عام آنے والے نوٹیفکیشن پر 5 اکتوبر کی تاریخ درج ہے، آج کے لیٹر میں 253 ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب ترجمان وزارت قومی صحت نے ادویات قیمتوں میں اضافے کی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ادویات کی قیمتوں میں تاحال کوئی اضافہ نہیں ہوا، دواؤں کی قیمتوں میں اضافےکی خبرمیں صداقت نہیں۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ ہ ‌ڈریپ نے94 اہم دواؤں کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا بعد ازاں وزیراعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹرفیصل سلطان نے 94 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کو ناگزیر قرار دے دیا اور کہا حکومت قیمتیں بڑھانے کے معاملے پر دباؤ میں نہیں آئی، اہم ادویات کی قیمتیں اتنی بڑھائی ہیں کہ لوگوں تک پہنچ سکیں۔