Tag: ادویات کی مفت فراہمی

  • پاکستان کی بڑی کامیابی، عالمی ادارہ صحت سے بچوں کے کینسر کی ادویات کی مفت فراہمی کا معاہدہ

    پاکستان کی بڑی کامیابی، عالمی ادارہ صحت سے بچوں کے کینسر کی ادویات کی مفت فراہمی کا معاہدہ

    اسلام آباد (29 جولائی 2025): پاکستان کو بڑی کامیابی ملی ہے اور عالمی ادارہ صحت سے بچوں کے کینسر کی ادویات کی مفت فراہمی کا معاہدہ ہو گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے درمیان بچوں کے کینسر کی ادویات کی مفت فراہمی کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔

    اس سلسلے میں اسلام آباد میں تقریب منعقد ہوئی جس میں بچپن کے کینسر کی دوا تک رسائی کے عالمی پلیٹ فارم ایل او اے پر دستخط کیے گئے۔ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اس موقع پر نیشنل ہیضہ کنٹرول پلان 28-2025 کا بھی افتتاح کیا۔

    وفاقی وزیر صحت نے بتایا کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً 8 ہزار بچے کینسر جیسے موذی مرض کا شکار ہو رہے ہیں۔ اس معاہدے سے پاکستان گلوبل پلیٹ فارم برائے چائلڈ ہوڈ کینسر میـڈیسن میں شامل ہوگا اور اس معاہدے کا مقصد بچوںمیں کینسر سے بچنے کی شرح 30 سے بڑھا کر 60 فیصد کرنا ہے۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک میں بچوں کی کینسر سے شرح اموات 70 فیصد ہے۔ اگر ہم بیماریوں کو روکنے میں ناکام رہے تو ملک میں صحت کا بڑا بحران جنم لے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کے لیے ایک بڑا دن ہے، ہم عالمی پروگرام کے وصول کنندہ بنے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت، وزارت صحت کے ساتھ مل کر تیکنیکی و عملی معاونت فراہم کرے گا جب کہ یونیسیف ادویات کی خریداری اور پاکستان کو فراہمی کی ذمہ داری سنبھالے گا۔

    وفاقی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ہمارا خواب ایک صحت مند معاشرہ ہے، جس کی بنیاد ماں اور بچے کی صحت سے شروع ہوتی ہے۔ لیکن پاکستان کا صحت کا نظام دباؤ کا شکار ہے، ہمیں مسائل کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ ایک دوسرے پر الزام تراشی کے بجائے حکومت اور عوام مل کر اپنے اپنے حصے کا کام کرے۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہیلتھ کیئر کا اصل مقصد مریض کو بیمار ہونے سے بچانا ہے۔ ہماری قوم کو یہ بات سمجھنا ہوگی اور ویکسین لگانے میں تعاون کرنا ہو گا۔ آپ کے دروازے پر ورکرز ویکسین لیکر کھڑے ہیں۔ اپنے بچوں کو 12 بیماریوں سے بچانے کے لیے ویکسین لگوائیں۔ بچوں کو مستقل معذوری سے بچانے کے لیے پولیو کے قطرے پلائیں۔