کراچی: (28 اگست 2025): کراچی سمیت سندھ بھر میں بارشوں کا نیا الرٹ جاری کر دیا شدید بارشیں اور اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کراچی سمیت سندھ بھر میں 30 اگست سے 2 ستمبر تک بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ میں کراچی کے علاوہ حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، سجاول، تھرپارکر، سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ، جیکب آباد، کشمور اور دادو سمیت دیگر علاقوں میں بھی اسی دوران بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے کراچی میں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
اس سے قبل محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی تھی کہ شہر قائد میں آئندہ چند روز تک تیز بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ تاہم صبح و رات میں بوندا باندی ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ کراچی میں ہونے والی طوفانی بارشوں نے پورے شہر کو دریا میں تبدیل کر دیا تھا۔ کئی علاقوں میں کشتیاں چلا کر متاثرین کو ریسکیو کرنا پڑا۔ کرنٹ لگنے اور دیگر حادثات میں 15 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے جب کہ پانی متعدد افراد کی زندگی بھر کی جمع پونجی برباد کر گیا۔
مجموعی طور پر 200 ملی میٹر سے زائد بارشوں نے شہر کا نقشہ ہی بگاڑ دیا اور اب سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ دوسری جانب بارش ختم ہونے کے کئی روز بعد تک بجلی کی بندش نے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کیے رکھا۔
https://urdu.arynews.tv/reason-behind-karachi-drown-in-rains-experts-reveal/