Tag: ارب پتی بھارتی تاجر جوائے الوکاس

  • رولز رائس ملازمین نے ارب پتی بھارتی تاجر کو بےعزت کرکے شوروم سے نکال دیا

    رولز رائس ملازمین نے ارب پتی بھارتی تاجر کو بےعزت کرکے شوروم سے نکال دیا

    مشہور زمانہ کمپنی رولز رائس کے ملازمین نے ارب پتی بھارتی تاجر کی بے عزتی کرتے ہوئے انھیں دبئی میں واقع شوروم سے نکال دیا تھا۔

    جیولری گروپ جوائے الوکاس کے چیئرمین جوائے الوکاس نے حال ہی میں اپنی پہلی رولس رائس خریدنے کا سبب بننے والے واقعے سے پردہ اٹھایا ہے، سن 2000 میں ملایالی بزنس مین دبئی میں واقع رولز رائس کے شوروم گئے تھے تاہم اسٹاف نے انھیں منہ تک نہیں لگایا تھا۔

    جب جوائے شورم کے اندر آئے تو وہاں موجود اسٹاف ممبر میں سے ایک ان کے پاس آیا اور ان سے پوچھا کہ آپ یہاں کیوں آئے ہیں، بھارتی تاجر نے اسے بتایا کہ میں ایک رولس رائس کار دیکھنا چاہتا ہوں۔

    تاہم انھیں شوروم کے عملے کی طرف سے تضحیک آمیز رویہ اختیار کیا گیا اور وہاں موجود اسٹاف ممبر نے کہا کہ ’نہیں، نہیں، نہیں، اگر آپ کار خریدنا چاہتے ہیں، تو آپ مٹسوبشی کے شوروم پر جائیں، وہاں آپ کو کار مل جائے گی۔

    جوائے الوکاس نے بتایا کہ میں نے اس قسم کے رویے سے شرمندگی محسوس کی اور میں نے ویسی ہی رولز رائس کار خرید لی، تاہم جوائے نے بعدازاں یہ کار متحدہ عرب امارات میں اپنی جیولری چین کے سالانہ ریفل ڈرا کے فاتح کو تحفے میں دینے کا فیصلہ کیا۔

    یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اس سال مارچ میں جوائے الوکاس نے مبینہ طور پر جدید ترین لگژری کار رولز رائس کلینن بھی خریدی ہے جس کی قیمت 6 کروڑ بھارتی روپے تھی۔

    خیال رہے کہ 67 سالہ کاروباری شخصیت جوائے الوکاس بھارت کے 50ویں امیر ترین شخص ہیں جبکہ ان کی مجموعی دولت کی مالیت 4.4 ارب ڈالرز ہے۔

    جوائے الوکاس کمپنی کے 9000 سے زیادہ ملازمین ہیں اور پورے بھارت میں اس کے 100 آؤٹ لیٹس موجود ہیں جبکہ 60 آؤٹ لیٹس بیرون ملک میں پھیلے ہوئے ہیں، یہ گروپ چنئی میں دنیا کے سب سے بڑے سونے کے زیورات کی ریٹیل دکان کا بھی مالک ہے۔