Tag: ارجنٹائن

  • 51 منزلہ عمارت میں آتش زدگی کی ویڈیو سامنے آ گئی

    51 منزلہ عمارت میں آتش زدگی کی ویڈیو سامنے آ گئی

    ارجنٹائن میں ایک 51 منزلہ عمارت میں آتش زدگی کے باعث کئی منزلیں لپیٹ میں آ گئیں، گیارویں منزل پر لگنے والی آگ نے 9 منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پورٹو مادیرو میں منگل کو 51 منزلہ اپارٹمنٹ کی عمارت میں آگ لگنے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے عمارت میں پھنسے ہوئے 100 سے زائد افراد کو بہ حفاظت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

    ارجنٹائن کے دارالحکومت میں ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں کا کہنا تھا کہ ٹاور پر ہونے والے حادثے کے دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے، تاہم تقریباً 40 افراد کو موقع پر دھویں کے باعث طبی امداد فراہم کی گئی اور 3 کو اسپتال میں داخل کرایا گیا۔

    اطلاعات کے مطابق آگ بیونس آئرس شہر کی بلند ترین رہائشی عمارتوں میں سے ایک کی 11 ویں منزل پر دوپہر کے قریب لگی اور فوری طور پر اس پر قابو پا لیا گیا، تاہم آگ لگنے کی وجہ کا تعین تاحال نہیں ہو سکا ہے۔

    فرض شناسی یا بے وقوفی؟ دل کا دورہ پڑنے کے بعد مریض کو اسپتال کے بجائے دفتر جانے کی فکر

    رہائشی افراد نے اے ایف پی کو بتایا کہ اس عمارت میں آگ لگنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، 6 ماہ میں کمپلیکس میں یہ تیسری آگ تھی، عمارت میں ارجنٹائن کے سابق پروفیشنل فٹبالر ماریانو پاوون کی بھی رہائش ہے، ان کا کہنا تھا کہ جب انھوں نے دھواں دیکھا تو اپنے بیٹے اور کتے کو ساتھ لے کر عمارت سے نکل آیا۔

  • امریکا اور ارجنٹائن میں طیارے گرنے کے خوفناک حادثات، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    امریکا اور ارجنٹائن میں طیارے گرنے کے خوفناک حادثات، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    ہونولولو/بیونس آئرس: امریکا اور ارجنٹائن میں طیارے گرنے کے خوفناک واقعات پیش آئے ہیں جن میں 4 افراد ہلاک ہو گئے۔

    امریکی ریاست ہوائی میں تربیتی طیارہ گرنے سے 2 افراد ہلاک ہوئے، جب کہ ارجنٹائن میں طیارہ رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہوا، جس میں پائلٹ سمیت 2 افراد جان سے گئے، طیارہ گرنے سے گاڑیوں اور مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔

    ریاست ہوائی میں واقعہ منگل کی سہ پہر کو پیش آیا، ہوائی کے محکمہ ٹرانسپورٹیشن کے مطابق چھوٹا طیارہ ڈینیئل کے انوئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہوا۔ اے بی سی نیوز کے مطابق طیارہ تربیتی پرواز پر تھا، ٹیک آف کے فوراً بعد پائلٹ نے کنٹرول کھو دیا۔

    ڈیش کیم ویڈیو میں ریکارڈ منظر کے مطابق جہاز گرنے سے پہلے تیزی سے نیچے کی طرف جھک گیا تھا، ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور سے بات کرتے ہوئے پائلٹ نے کہا کہ طیارہ کنٹرول سے باہر ہو گیا ہے اور وہ اترنے کے لیے جگہ تلاش کر رہا ہے، ٹاور سے پائلٹ کو اترنے کی کوشش کرنے کی ہدایت کی گئی لیکن وہ ناکام رہا۔

    چھوٹا طیارہ ایک ایسی خالی عمارت سے ٹکرا گیا، جسے پہلے ہی مسمار کرنے کا منصوبہ تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے وقت ایک زوردار دھماکا سنائی دیا۔ اس حادثے میں ہلاک ہونے والے کی عمر 22 سال تھی، اور وہ اپنے پائلٹ لائسنس کے لیے گریجویٹ ٹریننگ پر تھا۔

    ویڈیو: ممبئی میں سیاحوں کی کشتی کو خوفناک حادثہ

    دوسرا واقع گزشتہ روز 18 دسمبر کو ارجنٹائن میں پیش آیا، بیونس آئرس کے سان فرنینڈو ایئرپورٹ پر لینڈنگ کرنے والا طیارہ رن وے سے گزر کر ایک مکان سے ٹکرا گیا۔ رپورٹس کے مطابق طیارہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر کے قریب زمین پر آنے کے بعد کنٹرول کھو بیٹھا تھا۔

    جیٹ نے پھر رفتار بڑھانے اور دوبارہ ٹیک آف کرنے کی کوشش کی، لیکن اس کی بجائے وہ رن وے سے نکل گیا اور زوردار طریقے سے ایک مکان سے ٹکرا گیا۔ جس سے طیارے میں آگ بھڑک اٹھی، اور پائلٹ اور کو پائلٹ ہلاک ہو گئے۔

  • لڑکی سے بات کیوں کی؟ خاتون نے بوائے فرینڈ کو قتل کردیا

    لڑکی سے بات کیوں کی؟ خاتون نے بوائے فرینڈ کو قتل کردیا

    ارجنٹائن میں ایک نوجوان صرف اس وجہ سے اپنی جان گنوا بیٹھا کیونکہ اس نے راہ چلتے ہوئے اپنے اسکول کی پرانی دوست سے خیریت دریافت کی تھی۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے ارجنٹائن کے صوبے بیونس آئرس کے شہر گونزالیز کاتان میں 23 سالہ ماریانو گرنسپن کو اس کی گرل فرینڈ نے اسے اسکی اسکول کی سابقہ دوست کی خیریت دریافت کرنے پر چاقو سے حملہ کرکے قتل کردیا۔

    مقامی ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ واقعہ 21 اکتوبر کی صبح اس وقت پیش آیا جب ماریانو گرنسپن اور اسکی گرل فرینڈ نتاشا پلاویسینو ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے چہل قدمی کررہے تھے۔

    اس موقع پر پر ماریانوکی پرانی اسکول کی دوست نظر آگئی، اس نے اس کی خیریت دریافت کی۔ اس کی دوست کو یہ سب برداشت نہ ہوا اور چاقو کے وار سے اپنے ہی دوست کی جان لے لی۔

    رپورٹس کے مطابق قاتل خاتون جس کی عمر 32 سال بتائی گئی ہے وہ اس سے قبل بھی 2021 میں اپنے ایک سابق بوائے فرینڈ کے سینے پر چاقو سے حملہ کرنے کے الزام میں جیل کی ہوا کھا چکی ہے۔

    برطانیہ : دو ہفتے سے لاپتہ ماں اور بچے کا سراغ مل گیا

    مقتول بھی پہلے مذکورہ بالا قاتل خاتون کے خلاف پولیس کے پاس جسمانی تشدد اور دھمکیوں کی شکایت درج کرا چکا تھا تاہم اس نے بعدازاں معاملہ رفع دفع کرکے پھر سے دوستی قائم کرلی تھی۔

  • ارجنٹائن پولیس نے مظاہرین پر کالی مرچ کا اسپرے، ربڑ کی گولیاں برسا دیں

    ارجنٹائن پولیس نے مظاہرین پر کالی مرچ کا اسپرے، ربڑ کی گولیاں برسا دیں

    بیونس آئرس: پنشن میں اضافہ روکے جانے پر ارجنٹائن میں عوام مشتعل ہو گئے ہیں، بڑی تعداد میں مظاہرین نے پارلیمنٹ کے باہر جمع ہو کر احتجاج کیا، مظاہرین پر پولیس نے کالی مرچ کا اسپرے کیا، اور ربڑ کی گولیاں برسائیں۔

    روئٹرز کے مطابق پنشن میں اضافہ روکے جانے کے بعد ارجنٹائن کانگریس کے باہر جھڑپیں شروع ہو گئی ہیں، بدھ کو ملک کی کانگریس کے باہر پولیس اور مظاہرین کے مابین جھڑپ ہوئی، یہ احتجاج ایوان زیریں کے قانون سازوں کی جانب سے پنشن میں طے شدہ اضافے کو روکنے کے حق میں ووٹ دینے پر شروع ہوا ہے۔

    ایوانِ نمائندگان نے پنشن میں اضافے کے حق میں 153 ووٹ ڈالے اور اس کے خلاف 87 ووٹ پڑے، تاہم بل کی منظوری کے لیے دو تہائی اکثریت درکار تھی جو مکمل نہ ہو سکی، دائیں بازو کے صدر جیویر میلی نے اس بل کی مخالفت کی اور اسے ویٹو کر دیا۔

    جیسے ہی ووٹنگ کی خبر پھیلی، مرکزی بیونس آئرس میں احتجاج کرنے والے سینکڑوں افراد نے پولیس کی طرف سے کھڑی کی گئی رکاوٹیں توڑ دیں اور سڑکوں پر ہنگامہ آرائی شروع کر دی، اس دوران سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں۔

    اے ایف پی کے مطابق صدر مملکت کی جانب سے بل کے ویٹو کیے جانے کی خبر پر ہزاروں شہری باہر نکل آئے، اور پارلیمنٹ کی جانب مارچ کیا، ایک گروپ نے ایوان کے سامنے کھڑی رکاوٹیں توڑ ڈالیں، جس پر پولیس نے انھیں منتشر کرنے کے لیے کالی مرچ کا اسپرے کیا اور ربڑ کی گولیاں چلائیں، پرتشدد احتجاج کے دوران 12 افراد زخمی اور 3 گرفتار ہوئے۔

    واضح رہے کہ ارجنٹائن کی حکومت کئی برسوں سے مالی خسارے کی شکار ہے، جس کو ختم کرنے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے اخراجات میں کٹوتیوں کے ایک سخت کفایت شعاری پیکج پر زور دیا جا رہا ہے۔

  • پیڈرو سانچیز کی اہلیہ کی تضحیک پر اسپین نے ارجنٹائن سے سفیر واپس بلا لیا

    پیڈرو سانچیز کی اہلیہ کی تضحیک پر اسپین نے ارجنٹائن سے سفیر واپس بلا لیا

    میڈرڈ: ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز کی اہلیہ کی تضحیک پر اسپین نے ارجنٹائن سے سفیر واپس بلا لیا۔

    روئٹرز کے مطابق ارجنٹائن کے صدر حاویئر مِلئی نے اسپین کے دورے کے موقع پر میڈرڈ میں انتہائی دائیں بازو کی ایک ریلی میں خطاب کے دوران ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز کی اہلیہ بگونیا گومیز کو ’کرپٹ‘ کہہ دیا تھا، جس پر اسپین نے اتوار کو بیونس آئرس سے اپنے سفیر کو مشاورت کے لیے واپس بلا لیا ہے۔

    ارجنٹائن کے صدر حاویئر مِلئی نے اپنی تقریر میں سوشلزم کو بھی ’’ملعون اور سرطانی‘‘ قرار دیا، کیوں ہسپانوی وزیر اعظم ایک سوشلسٹ پارٹی کی قیادت کرتے ہیں، اس بیان پر ہسپانوی وزیر خارجہ حوز مینوئل البرز نے کہا کہ وہ مِلئی سے معافی کی توقع رکھتے ہیں، دیگر وزرا نے بھی مِلئی کی تقریر کی مذمت کی۔

    ارجنٹائن کے صدر حاویئر مِلئی

    وزیر خارجہ البرز نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ اپنے رویے سے مِلئی نے اسپین اور ارجنٹائن کے درمیان تعلقات کو حالیہ تاریخ کی سنگین ترین حالت میں پہنچا دیا ہے۔

    دوسری طرف حاویئر مِلئی کے ترجمان نے اتوار کو ارجنٹائن کے ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ صدر معافی نہیں مانگیں گے، بلکہ ہسپانوی حکام ان کے خلاف توہین آمیز بیانات واپس لیں۔

    روئٹرز نے لکھا ہے کہ حاویئر مِلئی نے اپنے دورے کے دوران سفارتی پروٹوکول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسپین کے بادشاہ فیلپ اور سانچیز سے ملنے سے انکار کیا، اور اس کی بجائے ووکس پارٹی کے لیڈر سنتیاگو اباسکل کے ساتھ ریلی میں اپنی کتاب کی تشہیر کو ترجیح دی۔

    یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل نے سوشل میسجنگ ایپ X پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’’ہماری ثقافت میں سیاسی رہنماؤں کے خاندان کے افراد کے خلاف حملوں کی کوئی جگہ نہیں ہے۔‘‘ واضح رہے کہ میڈرڈ شہر کی ایک عدالت نے اپریل میں کہا تھا کہ وہ پیڈرو سانچیز کی اہلیہ کے خلاف اثر و رسوخ کے ناجائز استعمال اور کاروباری بدعنوانی کے الزامات کا جائزہ لے رہی ہے۔

  • ارجنٹائن کی 60 سالہ خاتون نے مس بیونس آئرس ٹائٹل اپنے نام کرلیا

    ارجنٹائن کی 60 سالہ خاتون نے مس بیونس آئرس ٹائٹل اپنے نام کرلیا

    ارجنٹائن کی 60 سالہ وکیل اور صحافی خاتون نے مس بیونس آئرس کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ارجنٹائن کی 60 سالہ وکیل اور صحافی خاتون نے تمام دقیانوسی تصورات کو توڑتے ہوئے مس بیونس آئرس کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، الجانڈرا مریسا روڈریگوئز نامی اس خاتون نے مس ارجنٹینا بیوٹی مقابلے کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا ہے۔

    الجانڈرا مریسا روڈریگز کے کوالیفائی کرنے کی وجہ اس عمر میں بھی حیرت انگیز طور پر جوان نظر آنا ہے، حالانکہ ان کے ساتھ مقابلے میں شریک زیادہ تر خواتین ان سے بہت کم عمر تھیں لیکن ججز نے انہیں کامیاب قرار دیا۔

    مس بیونس آئرس کا تاج جیتنے کے بعد الجانڈرا مریسا نے کہا کہ میں یہ سوچتی تھی کہ مقابلہ حسن میں حصہ لینے کی عمر نہیں ہے، لیکن قوانین میں تبدیلی کے بعد میں نے اس مقابلہ میں حصہ لیا اور تاج اپنے نام کرلیا۔

    واضح رہے کہ 1958 سے عمر کی جو حد مقرر تھی وہ اب ختم کردی گئی ہے، اس سال سے شروع ہونے والے یہ مقابلے اب صرف  18 سے  28 سال تک کی خواتین کے لیے محدود نہیں رہا ہے بلکہ اب میچور عمر کی خواتین بھی اس میں امیدوار بن سکتی ہیں۔

  • پولیس کا چوروں کا فلمی انداز میں سنسنی خیز تعاقب، انجام دھماکا خیز، ویڈیو

    پولیس کا چوروں کا فلمی انداز میں سنسنی خیز تعاقب، انجام دھماکا خیز، ویڈیو

    بیونس آئرس: ارجنٹائن پولیس کی ایک ایسی سنسنی خیز ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ کار چوروں کا تعاقب کرتی ہے، اور اس تعاقب کا انجام ایک دھماکا خیز حادثے پر ہوتا ہے۔

    یہ ویڈیو ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس کے قریب سان اسیڈرو اور سان فرنینڈو میونسپلٹی میں واقع ہائی وے پر پیش آنے والے واقعے کی ہے، جس میں چوروں کا پیچھا کرتی پولیس کے سنسنی خیز تعاقب کو دیکھا جا سکتا ہے۔

    مقامی میڈیا نے اس تعاقب کو فلمی انداز کا تعاقب قرار دیا، پولیس کو جب گاڑی چوری کی اطلاع ملی تو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر پولیس گاڑی میں چوروں کی گاڑیوں کا فلمی انداز میں پیچھا شروع کر دیا۔

    کافی دیر تک گاڑیاں دوڑانے کے بعد ایک چور کی گاڑی موڑ مڑتے ہوئے بے قابو ہو گئی اور کنارے کھڑی دوسری گاڑیوں سے ٹکرا کر رک گئیں، تاہم دونوں چور گاڑیوں سے نکل کر پیدل بھاگنے لگے۔

    رپورٹس کے مطابق پولیس اہلکاروں نے کچھ دیر بعد ہی دونوں چوروں کو دھر لیا، یہ ویڈیو پولیس کار کے ڈیش بورڈ میں لگے کیمرے میں ریکارڈ ہوئی۔

  • مہنگائی کے ستائے عوام بپھر گئے، دکانوں میں لوٹ مار

    مہنگائی کے ستائے عوام بپھر گئے، دکانوں میں لوٹ مار

    جنوبی امریکی ملک ارجنٹائن میں بدترین معاشی بحران، بیروزگاری اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے ستائے افراد نے دکانوں کو لوٹنا شروع کردیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لوٹ مار کے خوف سے کچھ دکانداروں نے دکانیں بند کردیں اور کچھ دکانداروں نے حفاظت کے لیے ہتھیار رکھ لیے ہیں،حالیہ دنوں میں پورے ملک میں لوٹ مار کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں۔

    سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دکانوں کو لوٹنے والے افراد دکانوں سے رقم سمیت دیگر اشیاء اُٹھا کر فرار ہورہے ہیں، جبکہ سیکورٹی کا نام و نشان نہیں ہے۔

    پولیس نے مذکورہ واقعات رپورٹ ہونے کے بعد دکانیں لوٹنے والے درجنوں افراد کو حراست میں لے لیا ہے، دوسری جانب ارجنٹائن کے صدر البرٹو فرنینڈس نے لوگوں سے امن و امان قائم رکھنے کی اپیل کی ہے۔

    واضح رہے کہ کرنسی کی گرتی ہوئی قدر نے ملک میں مہنگائی میں ہوشربا اضافہ کردیا ہے، جس کے سبب ارجنٹائن کے عوام ان دنوں معاشی بحران اور سو فیصد سے زیادہ مہنگائی کا شکار ہیں۔

    عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے بدھ کو ارجنٹائن کے لیے 7.5 ارب ڈالر کی منظوری دی ہے۔حالیہ سالوں میں شدید معاشی بحران کے باعث ارجنٹائن آئی ایم ایف کا سب سے بڑا مقروض رہا ہے۔

    ارجنٹائن کی حکومت کو امید ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے رقم کی منظوری سے ملک کے معاشی حالات بہتری کی جانب گامزن ہوجائیں گے۔

  • ارجنٹائن میں 10 ہزار سے زائد مسافر ایئرپورٹس پر پھنس گئے

    ارجنٹائن میں 10 ہزار سے زائد مسافر ایئرپورٹس پر پھنس گئے

    بیونس آئرس: ارجنٹائن میں ایئرپورٹس عملے کی ہڑتال کے باعث 10 ہزار سے زائد مسافر ایئرپورٹس پر پھنس گئے۔

    بیونس آئرس ہیرالڈ کی رپورٹ کے مطابق بورڈنگ اور بیگیج کی سروسز فراہم کرنے والی کمپنی کے عملے کی ہڑتال کے باعث ارجنٹائن بھر کے ایئرپورٹس پر مختلف ایئرلائنز کی 60 سے زائد پروازیں منسوخ ہو گئیں، جس سے دس ہزار سے زائد مسافر متاثر ہوئے۔

    ہڑتال کا دورانیہ 20 گھنٹے رہا، جس کی وجہ سے چار ایئرپورٹس پر ہزاروں مسافر شدید پریشانی میں مبتلا رہے، ہڑتال کی وجہ ایئرلائنز کو سروسز فراہم کرنے والی ایک اور کمپنی کے ساتھ تنازعہ تھا۔

    انٹر کارگو کے عملے نے سوئسپورٹ کے عملے کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق عملے نے ہڑتال تب ختم کی جب وزارت محںت کی جانب سے ان سے مذاکرات کیے گئے۔

    فریقین میں طے پایا کہ ’مزدور مفاہمت‘ کے قانون کے تحت پندرہ دن میں اس مسئلے کو حل کرنا ہے، اور کسی معاہدے پر پہنچنا ہے۔

  • ارجنٹائن میں آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے

    ارجنٹائن میں آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے

    بیونس آئرس : ارجنٹائن میں آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے خلاف ہزاروں افراد سراپا احتجاج ہیں،مظاہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط تسلیم کرنے سے ملک میں بے روزگاری کا سیلاب آئے گا۔

    تفصیلات کے مطابق لاطینی امریکی ملک ارجنٹائن میں آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے، سراپاء احتجاج مظاہرین کا کہنا ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کر کے ملک کو تباہ کر دیا۔

    مظاہرین نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط تسلیم کرنے سے ملک میں بے روزگاری کا سیلاب آئے گا، مہنگے قرضوں کے بدلے سماجی اخراجات میں کٹوتی کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔

    خیال رہے عالمی مالیاتی فنڈ اور ارجنٹائن کےدرمیان 50 ارب ڈالرز کے قرضے کےلیے 3 سالہ اسٹینڈ بائی معاہدہ طے ہوگیا ہے۔

    ادارے کے مطابق گزشتہ مہینے ارجنٹائن نے قرضے کےلیے ہم سے رجوع کیا تھا جس پر غور کرنے کے بعد ہم نے 3 سالہ اسٹینڈ بائی قرضہ دینے پر اتفاق کرلیا ہے۔

    ماہرین کا کہنا تھا کہ ارجنٹائن کی ملکی کرنسی کی قدر میں حالیہ عرصے کے دوران نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور امید ہے کہ 50 ارب ڈالرز کی یہ رقم اس کے بیرونی قرضوں کی ادائیگی میں مدد دے گی۔