Tag: ارجنٹینا

  • میسی کو بارسلونا چھوڑنے کے لیے کیا کرنا ہوگا؟ مداحوں کے لیے بڑی خبر

    میسی کو بارسلونا چھوڑنے کے لیے کیا کرنا ہوگا؟ مداحوں کے لیے بڑی خبر

    بار سلونا: دنیائے فٹبال کے عظیم کھلاڑی لیونل میسی نے اپنے فٹبال کلب بار سلونا کو چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے تاہم اس سے قبل معاہدے کے تحت انہیں کلب کو کروڑوں ڈالر کی رقم ادا کرنی ہوگی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق فٹبال لیگ لا لیگا کا کہنا ہے کہ ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے دنیائے فٹبال کے عظیم کھلاڑی لیونل میسی کا معاہدہ ابھی بھی قابل عمل ہے اور انہیں بارسلونا چھوڑنے کے لیے ریلیز کے اصول کے مطابق 83 کروڑ ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔

    اپنے فٹ بال کلب بار سلونا کو چھوڑنے کا اعلان کرنے والے میسی بار سلونا کے سیزن سے قبل میڈیکل ٹیسٹ میں شریک نہیں ہوئے۔ اتوار کی صبح بار سلونا ٹیم کے کئی کھلاڑی ٹیسٹ کے لیے پہنچے لیکن میسی نہیں آئے۔ مقامی وقت کے مطابق انہیں صبح 10 بجے میدان میں ہونا چاہیئے تھا۔

    مختلف میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ میسی پیر کو نہ تو میڈیکل سیشن میں اور نہ ہی ٹریننگ میں شرکت کریں گے۔

    دوسری جانب لا لیگا کا کہناہے کہ میسی کا معاہدہ ابھی تک قابل عمل ہے، قانون کے مطابق لا لیگا اسپین فٹ بال فیڈریشن کے ساتھ رجسٹرڈ کسی کھلاڑی کو اس وقت تک معاہدے کو توڑنے کی اجازت نہیں دے سکتا جب تک کہ ریلیز کے اصول میں دی گئی رقم کی ادائیگی نہ ہوجائے۔

    33 سالہ فٹبالر لیونل میسی نے بارسلونا کو بتایا تھا کہ وہ اپنے معاہدے میں 70 کروڑ یورو (83.3 کروڑ ڈالر) کی ریلیز کے اصول کے باوجود کلب چھوڑنا چاہتے ہیں۔

    ارجنٹینا کے ٹی وی چینل ٹی وائی سی اسپورٹس کے مطابق میسی نے اپنے معاہدے کی میعاد ختم ہونے کے حوالے سے کلب کو ایک رجسٹرڈ فیکس بھیجا تھا جس میں ایک قاعدے کا خاکہ پیش کیا گیا تھا جس سے وہ سیزن کے اختتام پر یکطرفہ طور پر اپنا معاہدہ منسوخ کرنے کی اجازت دیتا ہے۔

    بارسلونا کے ایک مقامی اخبار کے مطابق کلب کو میسی کی طرف سے ایک خط موصول ہوا لیکن معاہدہ ختم کرنے کے لیے ان کے پاس 10 جون تک کا وقت تھا جو اب ختم ہوچکا ہے۔

    اسی کے ساتھ ساتھ میسی کے مطابق یہ مضحکہ خیز ہے کیونکہ بار سلونا کی مہم 14 اگست کو چمپیئنز لیگ میں بائرن میونخ کو 2-8 سے شکست دینے کے بعد ختم ہوئی۔

    گزشتہ ہفتے میسی کی بار سلونا کلب چھوڑنے کی خبروں کے بعد بار سلونا کے حامیوں و مداحوں کی بڑی تعداد ان کے اسٹیڈیم نو کیمپ کے باہر جمع ہوگئی تھی اور انہوں نے انتظامیہ اور بورڈ کے خلاف مظاہرے کیے تھے۔

  • لاک ڈاؤن: پولیس کی آنکھوں میں دھول جھونکنے والا جوڑا پکڑا گیا

    لاک ڈاؤن: پولیس کی آنکھوں میں دھول جھونکنے والا جوڑا پکڑا گیا

    بیونس آئرس: ارجنٹینا میں لاک ڈاؤن کے دوران پابندی کے باوجود پولیس نے بچوں کو گاڑی کی ڈگی میں چپا کر سالگرہ میں لے جانے والے ماں باپ کو پکڑ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ارجنٹینا میں لاک ڈاؤن کے دوران ہائی وے پولیس کو اس وقت حیرت کا سامنا کرنا پڑا جب انہوں نے ایک ایس یو وی گاڑی کو روکا اور اس میں سوار میاں بیوی سے سفر کا اجازت نامہ طلب کیا۔

    پولیس کی جانب سے سفری دستاویزات مانگنے پر 35 سالہ مارٹن اور ان کی اہلیہ گھبرا گئیں جس پر پولیس کو شک ہوا اور انہوں نے دونوں کو گاڑی سے باہر آنے کا کہا۔پولیس نے تلاشی کے دوران گاڑی کی ڈگی کھولی تو اس میں 13 سالہ لڑکا اور 12 سالہ لڑکی موجود تھے۔

    واقعے کے بعد پولیس نے بچوں کو والدین کو حراست میں لیا،ابتدائی تفتیش میں مارٹن نے بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ والد کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہا تھا۔پولیس نے حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر جوڑے کو سمن جاری کرنے کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی۔

    خیال رہے کہ ارجنٹینا کی حکومت نے رواں سال 20 مارچ کو کرونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا جس میں گزشتہ ہفتے 28 جون تک توسیع کر دی گئی تھی۔

    ارجنٹینا میں کرونا وائرس اب تک 878 افراد کی جانیں لے چکا ہے اور 34 ہزار 146 افراد اس مہلک وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 10 ہزار 161 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

  • ارجنٹینا اور یوروگوئے کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ برابر ہوگیا

    ارجنٹینا اور یوروگوئے کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ برابر ہوگیا

    بیونس آئرس: انٹرنیشنل فرینڈلی میچ میں ارجنٹینا اور یوروگوئے کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ 2-2 گول سے برابر ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل دوستانہ میچ میں ارجنٹینا اور یوروگوئے کےدرمیان سخت مقابلہ ہوا، یوروگوئے کی جانب سے ایڈنسن کوانی نے کھاتا کھولا، دوسرے ہاف میں اگویرو نے ارجنٹینا کا اسکور برابر کردیا۔

    اسٹار کھلاڑی لوئس سواریز نے فری کک پر شاندار گول داغا، ارجنٹینا کے کپتان لائنل میسی نے انجری ٹائم میں ٹیم کو شکست سے بچا لیا، میسی نے پیلنٹی پر گول اسکور کیا۔ دوسری جانب یورپین چیمپئن شپ کوالیفائینگ میچ میں اٹلی نے ارمینیا پر گول کی برسات کردی، اٹلی نے حریف ٹیم پر 3 نہ 6 بلکہ 9 گول اسکور کیے۔

    خیال رہے کہ اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم پرتگال کوالیفائنگ راؤنڈ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے یورپین چیمپئن شپ 2020 کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے، جبکہ انگلینڈ بھی اپنے کپتان ہینری کین کی بدولت ٹورنامنٹ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

    پرتگال اور انگلینڈ نے یورپین چیمپئن شپ 2020 کیلئے کوالیفائی کرلیا

    یاد رہے کہ 15 نومبر کو کھیلے جانے والے میچ میں بھی لیتھوینیا کے خلاف پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو نے حریف کو تگنی کا ناچ نچایا تھا، شاندار ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے ٹیم کو بھی فتح سے ہمکنار کیا، اسی جیت نے پرتگال کے لیے یورو2020 ٹورنامنٹ میں انٹری کی راہ ہموار کردی تھی۔

    اُسی دن انگلش فٹبال ٹیم نے اپنا ہزارواں میچ کھیلتے ہوئے مونٹی نیگرو کو آؤٹ کلاس کیا تھا۔

  • ارجنٹینا: تین کروڑ سال قدیم دیو قامت ڈائنا سارز کی باقیات دریافت

    ارجنٹینا: تین کروڑ سال قدیم دیو قامت ڈائنا سارز کی باقیات دریافت

    ارجنٹینا: ماہرینِ آثار قدیمہ نے ارجنٹینا کے شمال مغربی حصے میں نئی قسم کے دیو قامت ڈائنا سارز کی باقیات دریافت کرلی ہیں جسے انھوں نے انجینٹیا پرائما کا نام دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ارجنٹینا میں ماہرینِ آثار قدیمہ کو چار ڈھانچے ملے ہیں، جن میں سے تین ڈھانچے ایک ہی قسم کے ڈائنا سارز سے تعلق رکھتے ہیں۔

    معدوم حیوانات کے ماہرین نے اس دریافت سے ڈائنا سارز کے متعلق نئی معلومات حاصل کرلی ہیں، ان کے مطابق نئی دریافت نے دیو قامت جانوروں کے بڑھنے سے متعلق نئے شواہد مہیا کیے۔

    سائنسی جریدے نیچر ایکولوجی اینڈ ایوولوشن کے مطابق ارجنٹینا میں پہلی بار کسی دیو قامت ڈائنا سار کی باقیات دریافت ہوئی ہیں، اسے انجینٹیا پرائما یعنی ’پہلا دیو قامت‘ کا نام دیا گیا ہے۔

    ماہر معدوم حیوانات ڈاکٹر سیسیلا اپالڈیٹی کے مطابق یہ ڈائنا سارز تین کروڑ سال قدیم ہیں، یہ اس دور سے تعلق رکھتے ہیں جب لمبی گردن والے سبزی خور ڈیپلو ڈوکس اور براچیو سارز ہوا کرتے تھے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ دریافت ہونے والے ڈائنا سارز کا وزن 10 ٹن کے لگ بھگ رہا ہوگا، یہ زیادہ بڑے نہیں تھے اور ایک گروہ کی صورت میں رہا کرتے تھے، ان کی گردن دس میٹر تک لمبی تھی۔

    کیا ڈائنو سار اب بھی زمین پر موجود ہیں؟


    ابتدا میں اس قسم کے ڈائنا سارز کے پیر چھپکلی کی طرح تھے، رفتہ رفتہ چار ٹانگوں والے جانور میں تبدیل ہوگئے اور کرۂ ارض کے سب سے بڑے جانور بن گئے۔

    ڈاکٹر سیسیلا اپالڈیٹی کے مطابق اس کے تیزی سے بڑے ہونے کی ایک اہم وجہ پرندوں جیسی سانس کی تھیلیاں تھیں جو بڑے جانوروں کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے ضروری تھیں، ہڈیوں کے مشاہدے سے بھی معلوم ہوا کہ ان کی افزائش بڑی تیزی کے ساتھ ہوئی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • فیفا ورلڈ کپ 2018: ارجنٹینا اور کروشیا نے اپنے میچز جیت لیے

    فیفا ورلڈ کپ 2018: ارجنٹینا اور کروشیا نے اپنے میچز جیت لیے

    ماسکو: روس میں کھیلے جانے والے فیفا ورلڈ کپ 2018 میں آج ارجنٹینا نے نائیجیریا جبکہ کروشیا نے آئس لینڈ کو شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق فٹبال کے میگا ایونٹ میں سنسی خیز مقابلے جاری ہیں، آج کھیلے جانے والے میچز میں ارجنٹینا نے نائیجیریا کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی جس کے بعد ارجنٹینا کی ٹیم پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔

    گروپ ڈی کے دوسرے میچ میں کروشیا نے آئس لینڈ کو 1-2 سے ہرا دیا، گروپ ڈی سے کروشیا اور ارجنٹینا کی ٹیمیں اگلے مرحلے میں پہنچ گئیں جبکہ نائیجیریا اور آئس لینڈ کی ٹیمیں ورلڈکپ سے باہر ہوگئیں۔

    قبل ازیں عالمی مقابلوں میں آج گروپ سی کے دو اہم میچز بھی ہوئے، جن میں پیرو اور آسٹریلیا، جب کہ فرانس اور ڈنمارک مدمقابل آئیں۔


    فیفا ورلڈ کپ 2018: پیرو نے آسٹریلیا کو ٹھکانے لگا دیا، فرانس اور ڈنمارک کا میچ برابر


    میچ سے قبل آسٹریلیا کے پاس ایک پوائنٹ تھا، جب کہ پیرو گروپ میں آخری نمبر پر تھی، آسٹریلیا کی ٹیم جیت کی امید کے ساتھ میدان میں اتری البتہ پیرو کے کھلاڑیوں نے اپنی بھرپور صلاحیتوں کا اظہار کیا۔

    پیرو نے آسٹریلیا کی پوسٹ پر متعدد حملے کیے اور دو گول داغنے میں کامیاب رہے، یوں آسٹریلیا کو آخری پوزیشن پر اکتفا کرنا پڑا۔

    گروپ سی کی ٹاپ ٹیم اور سابق چیمپین فرانس کا سامنا ڈنمارک سے ہوا، تو تجزیہ کار فرانس کو فیورٹ قرار دے رہے تھے، مگر ڈنمارک نے کانٹے دار مقابلہ کیا۔

    میچ میں دونوں ٹیموں نے اچھے پاسز کیے اور ایک دوسرے کی پوسٹ پر اٹیک کیے، مگر دونوں ٹیمیں نوئے منٹ تک گول کرنے میں ناکام رہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اسپتال میں اسٹریچر گھسیٹنے والا بھوت

    اسپتال میں اسٹریچر گھسیٹنے والا بھوت

    جنوبی امریکی ملک ارجنٹینا کے ایک اسپتال سے ایک غیر معمولی اور کسی حد تک خوفزدہ کردینے والی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آئی ہے جس میں ایک اسٹریچر خود بخود حرکت کرتا نظر آرہا ہے۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ویران جگہ پر رکھا ہوا اسٹریچر خود بخود آگے پیچھے حرکت کرنا شروع کردیتا ہے حالانکہ وہاں اسے حرکت دینے والا کوئی موجود نہیں ہے۔ تھوڑی دیر بعد اسٹریچر قریب موجود کیاری میں گر پڑتا ہے۔

    لوگوں نے اس فوٹیج کو دیکھ کر شدید خوف کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ جس تیزی سے اسٹریچر حرکت کر رہا ہے وہ تیزی ہوا کی وجہ سے نہیں ہوسکتی۔ یقیناً یہ کسی غیر مرئی مخلوق کی حرکت ہے، گویا مذکورہ اسپتال میں کچھ پراسرار مخلوقات موجود ہیں۔

    تاہم کچھ لوگوں نے یہ بھی کہا کہ ہو سکتا ہے کسی نے مذاق کیا ہو۔ ممکن ہے اسٹریچر کے پہیوں پر باریک رسیاں باندھ کر اسے کھینچا گیا ہو اور رسیاں اور کھینچنے والا کیمرے میں دکھائی نہ دے رہے ہوں۔

    مزید پڑھیں: چاندنی رات میں باغ میں چہل قدمی کرنے والا کون تھا؟

    اب اصل بات جو بھی ہو، اس فوٹیج نے عام لوگوں اور خاص طور پر اسپتال میں جانے اور کام کرنے والے افراد کو ضرور خوفزدہ کردیا ہے۔

  • جھیل میں تیراکی کا انوکھا ریکارڈ

    جھیل میں تیراکی کا انوکھا ریکارڈ

    ارجنٹینا میں جھیل میں 2 ہزار کے قریب افراد نے جھیل کی سطح پر تیر کر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کروا لیا۔

    ارجینٹینا کی جھیل میں لوگوں کا سمندر امڈ آیا۔ ہزاروں افراد کے ریلے نے فلوٹنگ شاندار مظاہرہ دکھایا۔

    argentina-2

    argentina-4

    ارجنٹینا کے جنوب مشرقی صوبے بیونس آئرس کی جھیل میں 19 سو 41 افراد نے 30 سیکنڈ تک ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر جھیل پر فلوٹنگ کا مظاہرہ کیا۔

    argentina-3

    ہزاروں افراد کے اس شاندار مظاہرہ کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر لیا گیا۔

  • ارجنٹینا میں حکومت کی ناقص پالیسیوں کے خلاف عوام کا احتجاج

    ارجنٹینا میں حکومت کی ناقص پالیسیوں کے خلاف عوام کا احتجاج

    بیونس آئرس: ارجنٹینا کے دارالحکومت میں حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں کے خلاف ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔

    تفصیلات کےمطابق ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس میں ہزاروں افراد نے معا شی عدم استحکام،حکومت کی ناقص پا لیسی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کےخلاف ایوان صدر تک مارچ کیا۔

    حکومت مخالف ریلی میں مظاہرین نےبینرز اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جس پر حکومت مخالف نعرےدرج تھے،ریلی کےشرکاء سے خطاب میں حزب اختلاف کے رہنما نے غریبوں کو کھانے پینے کی اشیاء پر زیادہ سے زیادہ سبسڈی دینے کا مطالبہ کیا۔

    مزید پڑھیں:چلی میں پنشن سسٹم کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے

    یاد رہے کہ اس سےقبل چلی کےدارالحکومت سان تیاگومیں شہری فرسودہ پنشن نظام کے خلاف سراپا احتجاج بن گئےتھے۔دارالحکومت کی سڑکوں پراحتجاج کرتےہوئےشہریوں نےپنشن سسٹم میں اصلاحات کامطالبہ کیاتھا۔

    واضح رہے کہ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کارکنوں کواپنی آمدن کا ایک بڑاحصہ اے ایف پی میں جمع کرانا پڑتا ہےجبکہ ریٹائرمنٹ پران کو اس کے خاطر خواہ فوائد نہیں دیےجاتے۔

  • جدید دور میں حنوط کی جانے والی مشہور شخصیات کی لاشیں

    جدید دور میں حنوط کی جانے والی مشہور شخصیات کی لاشیں

    لاشوں کوحنوط کر کے رکھنے کا رواج ہزاروں سال قدیم ہے۔ قدیم مصر میں بادشاہوں اور فراعین کی لاش کو حنوط کر کے رکھ دیا جاتا ہے۔ مصریوں کا ماننا تھا کہ مرنے کے بعد انہیں دوبارہ زندگی ملے گی اور وہ دوبارہ جی اٹھیں گے۔ بڑے بڑے اہرام مصر جو دراصل فراعین کے مقبرے ہیں اسی عقیدے کی یادگار ہیں۔

    مصر میں فراعین کے مرنے کے بعد ان کی لاشوں کو حنوط کر کے ان کے ساتھ ڈھیر سارا سونا چاندی اور دولت بھی ان کے مقبرے میں رکھ دیا جاتا ہے، تاکہ جب یہ فراعین دوبارہ اٹھیں تو انہیں کسی چیز کی کمی نہ ہو۔

    دنیا میں موجود ہر مذہب میں لاشوں کو محفوظ طریقہ سے ٹھکانے لگادیا جاتا ہے۔ کہیں مردوں کو دفن کیا جاتا ہے، کہیں جلا دیا جاتا ہے۔ پارسی مذہب میں مردوں کو تابوت میں رکھ کر ایک کھلے ہوئے ٹاور یا کنویں یا ایک کھودے گئے گڑھے میں رکھا دیا جاتا ہے، تاکہ یہ مردار خور پرندوں کی خوراک بن سکیں۔ جس مقام پر ان مردوں کو رکھا جاتا ہے اسے مقام سکوت یا ٹاور آف سائلنس کہا جاتا ہے۔

    تاہم جدید دور میں لاشوں کو محفوظ کرنے کا رواج بھی جاری ہے۔ یہ رواج کہیں ثقافتی بنیادوں پر، اور کہیں صرف عقیدت کی بنیاد پر اپنایا جاتا ہے۔ مختلف ممالک نے نے اپنے ملک کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والے یا لیڈران کی لاشوں کو حنوط کر کے عجائب گھروں میں رکھ لیا ہے جنہیں دیکھنے کے لیے روزانہ سینکڑوں افراد آتے ہیں۔

    :لینن

    body_lenin

    روس کا انقلابی رہنما ولادیمیر لینن اپنی موت کے بعد اپنی والدہ کے پہلو میں دفن ہونا چاہتا تھا لیکن روسیوں نے اس کی لاش کو حنوط کر کے اسے ماسکو میوزیم میں رکھ چھوڑا جہاں روزانہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ لینن کے مردہ جسم کو دیکھنے آتے ہیں۔

    کچھ روسی ایسے بھی ہیں جو اب لینن کو دفنانے پر زور دے رہے ہیں، دیکھیئے وہ کب کامیاب ہوتے ہیں۔

    :ایوا پیرون

    body_eva

    ارجنٹینا کے صدر جان پیرون کی دوسری بیوی اور ملک کی پہلی خاتون صدر ایوا پیرون ارجنٹینا میں پسے ہوئے طبقہ کی آواز بن کر ابھری۔ اس نے مزدور طبقہ کی بہبود کے لیے بے تحاشہ کام کیا۔ اس کی موت کے بعد اسے دفن کیا گیا لیکن ایک فوجی بغاوت کے دوران فوجیوں نے اس کی لاش کو قبر سے نکال کر چھپا دیا۔

    سنہ 1974 میں جان پیرون کی تیسری بیوی نے ایک معاہدے کے ذریعہ اس کا جسم واپس حاصل کیا ور اب یہ بیونس آئرس کے ایک میوزیم میں حنوط شدہ حالت میں موجود ہے۔

    :ہو تائی منگ

    body-3

    جدید ویتنام کا بانی ہو تائی منگ گو کہ چاہتا تھا کہ اس کے مرنے کے بعد اس کے جسم کو جلا دیا جائے اور اس کی راکھ کو فضاؤں میں اڑا دیا جائے، لیکن اس کی خواہش کے برخلاف اسے بھی حنوط کرکے ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی کے میوزیم میں رکھا گیا ہے۔

    :ماؤزے تنگ

    body_maozedong

    چین کے انقلابی لیڈر ماؤزے تنگ کے جسم کو بھی چینیوں نے محفوظ کر رکھا ہے۔ بیجنگ کے تائینامن اسکوائر میں واقع ماؤزے تنگ میموریل ہال میں ان کا جسد خاکی محفوظ ہے جسے ہر روز کیمیائی محلول سے دھویا جاتا ہے۔

    :فرنینڈ مارکوس

    body-4

    فلپائن کے سابق صدر فرنینڈ مارکوس نے 20 سال فلپائن پر حکومت کی۔ اس کے بعد انہیں جلا وطنی اختیار کرنی پڑی۔ ان کے انتقال کے بعد جب فلپائن میں آمریت کا خاتمہ ہوا تو ان کا خاندان ان کے جسم سمیت واپس فلپائن آگیا۔

    ان کے جسم کو ان کے آبائی گاؤں کے ایک میوزیم میں رکھ دیا گیا۔

    :کم سنگ دوئم اور کم جونگ دوئم

    body-5

    کوریا کے مسند صدارت پر یکے بعد دیگرے فائز رہنے والے باپ بیٹے کم سنگ دوئم اور کم جونگ دوئم کے مردہ جسموں کو بھی محفوظ کرلیا گیا ہے۔

    یہاں آنے والے افراد کے لیے مخصوص لباس پہننا لازم ہے اور ان افراد کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ان دونوں کی لاشوں کے سامنے پہنچ کر جھک کر انہیں تعظیم دیں۔

  • ریو اولمپکس : ہاکی میں ارجنٹینا پہلی مرتبہ چیمپیئن بن گیا

    ریو اولمپکس : ہاکی میں ارجنٹینا پہلی مرتبہ چیمپیئن بن گیا

    ریو ڈی جنیرو: ریو اولمپکس میں ہاکی کے فائنل میں ارجنٹینا نے بیلجیئم کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ہاکی میں طلائی تمغہ جیت لیا.

    تفصیلات کےمطابق میچ کے ابتدائی لمحات میں بیلجیئم کے ٹنگئے کوسنس نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی تھی لیکن اس کے بعد ارجنٹینا کی ٹیم پوری طرح کھیل پر چھائی رہی اور ہاف ٹائم سے پہلے تین گول کر دیے.

    ارجنٹینا کی طرف سے باپلو ابرا، اگناشیو ارتز اور گونزالو پیلٹ نے بیلجیئم کے خلاف گول کیے.

    بیلجیئم نے میچ میں اپنی گرفت دوبارہ مضبوط کرنے کی بھرپور کوشش کی اور گودیئر بوکارڈ نے ایک گول کر کے اس برتری کو کم کرنے کی کوشش کی.تاہم میچ کے آخری لمحات میں ارجنٹینا کے آگسٹن مزیلی نے گول کرکے ارجنٹینا کی فتح یقینی بنا دی.

    یاد رہے کہ ریو المپکس میں ہاکی کے میدان میں طلائی تمغہ حاصل کرنے والی ارجنٹینا کی ٹیم اس سے پہلے کبھی بھی اولمپکس مقابلوں میں سیمی فائنل تک بھی رسائی حاصل نہیں کر سکی تھی.

    واضح رہے کہ بیلجیئم کی ٹیم نے بھی پہلی مرتبہ اولمپکس مقابلوں میں فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا اور ہاکی کے مقابلوں میں سنہ 1920 میں کانسی کا تمغہ حاصل کرنے کے بعد اس کا یہ دوسرا تمغہ ہے.