Tag: اردن

  • ساس نے داماد کو قتل کر کے لاش جلا دی

    ساس نے داماد کو قتل کر کے لاش جلا دی

    اومان: اردن میں ساس نے داماد کو قتل کر کے لاش جلا دی، ملزمہ نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ اس نے خاندانی جھگڑے کے باعث اپنے داماد کو قتل کیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق اردن میں ساس نے داماد کو قتل کر کے جرم چھپانے کے لیے لاش جلا دی۔

    یہ واقعہ معان شہر کے مغربی علاقے الطاحونہ میں پیش آیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ ساس نے اپنے داماد مہند عدنان ذیب السعایدۃ کو پہلے گولی مار کر قتل کیا اور پھر لاش کو نذر آتش کردیا۔

    پولیس نے سوختہ نعش برآمد کرلی۔ ملزمہ نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ اس نے خاندانی جھگڑے کے باعث اپنے داماد کو قتل کیا۔

    پولیس حکام کے مطابق لاش کے معائنے سے پتہ چلا کہ متعدد گولیاں چلائی گئیں، پھر لاش نذر آتش کر کے غیر آباد علاقے میں پھینک دی گئی۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ سرکاری و سیکیورٹی اداروں نے ملک میں رائج قبائلی نظام کے مطابق ضروری اقدامات کرلیے۔

  • پناہ گزین کیمپوں میں 36 لاکھ کھانے تقسیم

    پناہ گزین کیمپوں میں 36 لاکھ کھانے تقسیم

    اومان: اردن میں پناہ گزینوں کے کیمپوں میں 36 لاکھ کھانوں کی تقسیم کی گئی، یہ تقسیم ایک ارب کھانوں کی تقسیم کی مہم کا حصہ ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق 1 ارب کھانوں کی مہم کے تحت اردن میں پناہ گزین کیمپوں میں 36 لاکھ کھانوں کی تقسیم مکمل کرلی گئی۔

    فوری طور پر قابل تبادلہ اسمارٹ واؤچرز کی شکل میں یہ کھانے اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) کے تعاون سے مستحقین میں براہ راست تقسیم کیے گئے۔

    ڈبلیو ایف پی کے تعاون سے، محمد بن راشد المکتوم گلوبل انیشیٹوز (ایم بی آر جی آئی ) کے زیر اہتمام ایک ارب کھانے کے منصوبے کے تحت یہ کھانے اردن کے پناہ گزین کیمپوں میں ایک فوڈ سیفٹی نیٹ بناتے ہوئے ضرورت مندوں ایک وسیع طبقے تک پہنچائے گئے۔

    اردن میں 40 ہزار 109 افراد کو فوڈ سپورٹ فراہم کرتے ہوئے، سمارٹ واؤچرز مستفید کنندگان کے موبائل فون پر الیکٹرانک کوڈ کے طور پر بھیجے گئے جس سے مستفید ہونے والے ڈبلیو ایف پی سے تصدیق شدہ دکانوں، گروسری اور بیکریوں سے اپنی ضرورت کا کھانا خرید سکتے ہیں۔

    ایم بی آرجی آئی کی ڈائریکٹر سارہ النعیمی کا کہنا ہے کہ اردن میں پناہ گزین کیمپوں میں اس مہم کے تحت ضرورت مندوں کو براہ راست کھانوں کی فراہمی ہمارے منفرد تعاون کے ماڈل کی عکاسی کرتی ہے۔

    اس مہم نے بھوک کے خلاف عالمی جنگ اور غذائی قلت، جس سے دنیا بھر میں 82 کروڑ 80 لاکھ سے زیادہ لوگوں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے، میں فعال کردار ادا کیا ہے۔

  • اردن کے ولئ عہد کی اعلیٰ تعلیم یافتہ سعودی خاتون سے منگنی

    اردن کے ولئ عہد کی اعلیٰ تعلیم یافتہ سعودی خاتون سے منگنی

    ریاض: اردن کے ولئ عہد الحسین کی سعودی شہری رجوہ آل سیف سے منگنی ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اردن کے ولئ عہد الحسین بن عبداللہ دوم کی سعودی شہری رجوہ خالد بن عبدالعزیز آل سیف سے منگنی ہو گئی۔

    منگنی کی تقریب سعودی دارالحکومت الریاض میں ایک خوب صورت باغیچے ہوئی، ملکہ رانیا کی موجودگی نے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ منگنی میں اردن کے شاہ عبداللہ دوم اور اور دلہن کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔

    ملکہ رانیا نے انسٹاگرام کی پوسٹ میں اس منگنی کا اعلان کیا اور اس پر اپنی بے پایاں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا: ’’میرے سب سے بڑے شہزادے حسین اور ان کی خوب صورت منگیتر رجوہ آل سیف کو منگنی کی بہت مبارک باد۔‘‘

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Queen Rania Al Abdullah (@queenrania)

    دلہن رجوہ آل سیف 28 اپریل 1994 کو ریاض میں پیدا ہوئیں، انھوں نے سعودی عرب میں ثانوی تعلیم حاصل کی اور نیویارک کی سیراکیوز یونیورسٹی کے اسکول آف آرکیٹیکچر سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی ہے۔

     

    سعودی عرب کے ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اردن کے ولئ عہد الحسین سعودی شہری رجوہ خالد بن مساعد بن سیف بن عبدالعزیز السیف کے ساتھ ان کی منگنی پر مبارک باد بھیجی۔

    اس سے قبل اردن کی شہزادی ایمان بنت عبداللہ نے جولائی میں جمیل الیگزینڈر تھرمیوٹس سے اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا۔

  • باپ نے کمسن بیٹیوں کو ڈنڈوں کے وار سے قتل کردیا، لاشیں گھر میں دفنا دیں

    باپ نے کمسن بیٹیوں کو ڈنڈوں کے وار سے قتل کردیا، لاشیں گھر میں دفنا دیں

    اومان: اردن میں ایک شخص نے اپنی 2 بچیوں کو ڈنڈے برسا کر ہلاک کر دیا اور لاشیں گھر میں ہی دفن کردیں، دلخراش واقعے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق اردنی حکام کا کہنا ہے کہ عرب خاتون نے اردنی محکمہ امن عامہ میں شکایت درج کروائی تھی کہ اسے شمالی اردن کے صوبے اربد میں اپنے باپ کے ساتھ رہنے والے چار بچوں کی زندگی خطرے میں نظر آرہی ہے، باپ ذہنی مریض بھی ہے۔

    محکمہ امن عامہ کے ترجمان کرنل عامر السرطاوی کا کہنا ہے کہ شکایت ملنے پر اردنی شہری کو حراست میں لے کر بچوں کو تلاش کیا گیا، پتہ چلا کہ 4 بچوں میں سے صرف 2 گھر میں موجود ہیں، دونوں کا بیان ریکارڈ کیا گیا جس میں انہوں نے ہولناک انکشاف کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ ان کے والد انہیں مسلسل مار پیٹ کا نشانہ بناتے رہے، گزشتہ دنوں ان کے والد نے 2 بہنوں جن کی عمریں 9 اور 12 سال تھیں، انہیں ڈنڈے سے مار مار کر ہلاک کر دیا اور گھر کے صحن میں دفنا دیا تھا۔

    بعد ازاں اردنی شہری نے پوچھ گچھ کے دوران اقرار کیا کہ اس نے 10 روز پہلے ایک بچی کو ڈنڈے سے مار کر ہلاک کر کے گھر کے صحن میں دفن کیا کردیا، اس کے چند روز بعد دوسری بیٹی کو ڈنڈے مار کر ہلاک کیا اور لاش گھر کے قریب ایک گڑھے میں پھینک دی تھی۔

    محکمہ امن عامہ کے ترجمان نے بتایا کہ دونوں بچیوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دی گئی ہیں جبکہ زندہ بچنے والے 2 بچوں کو طبی معائنے کے لیے اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے، ان کی ذہنی حالت بہت زیادہ خراب تھی۔

    بچیوں کے لرزہ خیز قتل کے بعد پورا ملک غم و غصے کی کیفیت میں ہے۔

  • اردن: بندرگاہ پر پیلے رنگ کا زہریلا دھواں پھیل گیا، 13 افراد ہلاک (دل دہلا دینے والی ویڈیو)

    اردن: بندرگاہ پر پیلے رنگ کا زہریلا دھواں پھیل گیا، 13 افراد ہلاک (دل دہلا دینے والی ویڈیو)

    عمان: اردن کی بندرگاہ پر زہریلی گیس سے 13 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پیر کو اردن کی عقبہ بندر گاہ پر موجود ایک ٹینک پھٹ گیا، جس سے زہریلی کلورین گیس خارج ہونے کی وجہ سے تیرہ افراد ہلاک اور 251 زخمی ہو گئے۔

    زہریلی گیس کے اخراج کے بعد آس پاس پیلے رنگ کی گیس کے بادل چھا گئے، حادثہ اس وقت پیش آیا جب جبوتی کو برآمد کی جانے والی 25 ٹن کلورین گیس سے بھرا ایک ٹینک ٹینکر پر منتقلی کے دوران گر گیا۔

    ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک کرین ٹرک سے گیس سے بھرے ٹینک کو اوپر اٹھاتی ہے، اور ٹینک بندرگاہ پر لنگر انداز ٹینکر کے عرشے پر گرتا ہے اور دھماکے سے پھٹ جاتا ہے۔


    مقامی حکام نے زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کرنے کے بعد علاقے کو سیل کر دیا اور لیک سے نمٹنے کے لیے ماہرین کو بھیجا، سول ڈیفنس سروس نے اپنے فیس بک پیج پر کہا کہ خصوصی ٹیمیں تاحال لیک سے نمٹ رہی ہیں۔

    سرکاری حکام نے شہریوں کو ہدایات کی ہیں کہ گھروں کی کھڑکیاں بند رکھیں اور گھروں سے باہر نہ نکلیں، اردن کے وزیرِ اعظم نے واقعے کی تحقیقات کے لیے ٹیم تشکیل دے دی۔

  • آثار قدیمہ پر چاکنگ کرنے والا شخص گرفتار

    آثار قدیمہ پر چاکنگ کرنے والا شخص گرفتار

    اومان: اردن میں آثار قدیمہ کو نقصان پہنچانے اور چاکنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا، آثار قدیمہ کو خراب کرنے پر ملک بھر میں شدید غم و غصہ پایا جارہا تھا۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق اردن کی پبلک سیکیورٹی سروس نے ایک ایسے شخص کی گرفتاری کا اعلان کیا ہے جس نے تاریخی شہر جرش میں آثار قدیمہ کے مقام پر دیواروں اور کالموں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی تھی۔

    اس واقعے پر اردن میں اور بیرون ملک شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔

    اردن میں پبلک سیکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کے میڈیا ترجمان کرنل عامر السرطاوی نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسزنے واقعے کی تحقیقات جاری رکھیں اور مجرم کی شناخت کے بعد اسے گرفتار کرلیا گیا۔

    گرفتار ملزم کو عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے تاکہ اس کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔

    خیال رہے کہ شمالی اردن کے قدیم شہر جرش کے یادگاری ستونوں پر سیاہ روشنائی سے چاکنگ کی گئی تھی اور انہیں پینٹ کیا گیا تھا۔

    اس واقعے نے ملک میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑا دی تھی، جرش اردن میں ایک تاریخی اور سیاحتی مقام ہے جو سیاحت اور ثقافت کے حوالے سے غیر معمولی طور پر اہم ہے۔

    جرش ٹورازم کے ڈائریکٹر فراس الخطاطبہ نے کہا کہ جرش کے قدیم شہر کے لیے سیکیورٹی سسٹم کی منظوری آنے والے ہفتوں میں دی جائے گی۔

    الخطاطبہ نے مزید کہا کہ آثار قدیمہ کی حفاظت کے نظام کے لیے ٹینڈر، اس میں آثار قدیمہ کی جگہ کے ارد گرد موجودہ باڑھ کو نئی باڑھ سے تبدیل کرنے، نگرانی کے کیمرے، الیکٹرانک گیٹس، اور آثار قدیمہ کے لیے روشنی کی تنصیب کے لیے جلد اقدامات کیے جائیں گے۔

  • اردن آنے پر پی سی آرٹیسٹ کی شرط ختم

    اردن آنے پر پی سی آرٹیسٹ کی شرط ختم

    اومان: اردن میں کرونا وائرس سے متعلق بیشتر پابندیاں ختم کردی گئیں جن میں اردن آنے والے افراد پر پی سی آر ٹیسٹ کی پابندی بھی شامل ہے۔

    مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اردن نے کرونا وبا کی موجودہ لہر ختم ہوتے ہی بچاؤ کے لیے مقررہ بیشتر پابندیاں ختم کردی ہیں، حکومتت ترجمان فیصل الشبول کا کہنا ہے کہ باہر سے آنے والے مسافروں کو پی سی آر ٹیسٹ کے بغیر ملک میں داخل ہونے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

    علاوہ ازیں کرونا وائرس کے مریضوں سے ملنے والوں پر قرنطینہ کی پابندی ختم کردی گئی، اب بیرون ملک سے آنے والے اردنی شہریوں اور غیر ملکیوں میں سے کسی سے بھی پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ طلب نہیں کی جائے گی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ تقریبات، اجتماعات اور سماجی پروگراموں میں شرکت کے لیے کرونا ٹیسٹ کی پابندی بھی ختم کردی گئی، البتہ سرکاری اور نجی اداروں میں جانے کے لیے ویکسین کی دونوں خوراکوں کا ہونا لازمی ہے۔

    کووڈ 19 کے مریضوں کی آئسولیشن کا دورانیہ بھی کم کرکے 5 روز کردیا گیا۔

    ترجمان کے مطابق تمام اسکول باقاعدہ کھولے جائیں گے، اساتذہ اور طلبہ سب اسکولوں میں ہی پڑھنے اور پڑھانے کا عمل شروع کریں گے۔

    اگر کوئی طالب علم متاثر ہوگا تو اس صورت میں اسے 5 روز کے لیے گھر میں آئسولیٹ کردیا جائے گا اور 5 دن بعد وہ اسکول واپس آجائے گا۔

  • غربت میں زندگی گزارتی پاکستانی نژاد خاتون اچانک مالدار بن گئیں

    غربت میں زندگی گزارتی پاکستانی نژاد خاتون اچانک مالدار بن گئیں

    اومان: اردن میں مقیم پاکستانی خاتون کی اس وقت خوشی کا ٹھکانہ نہ رہا جب انہیں پتہ چلا کہ ان کے اکاؤنٹ میں ہزاروں دینار کی رقم موجود ہے، مذکورہ خاتون کو گزر بسر کرنے کے لالے پڑے تھے جب اس اچانک دریافت نے انہیں خوشی سے نہال کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستانی نژاد اردنی معمر خاتون عذرا قدسیہ غربت اور افلاس سے تنگ آ کر مدد کے لیے سرکاری ادارے پہنچ گئیں اور مدد کی درخواست کر دی لیکن وہاں انہیں معلوم ہوا کہ ان کے اکاؤنٹ میں تو اچھی خاصی رقم موجود ہے۔

    اکاؤنٹ میں پیسوں کی موجودگی پر خاتون خود بھی حیران رہ گئیں اور ان کی خوشی کی انتہا نہ رہی۔

    خاتون عذار قدسیہ لاعلم تھیں کہ ان کے اکاؤنٹ میں 2008 سے پنشن کی رقم جمع ہو رہی ہے اور اب ان کے اکاؤنٹ میں خطیر رقم موجود ہے۔

    عذرا قدسیہ 70 کی دہائی میں پاکستان سے اردن ملازمت کے لیے آئی تھیں جہاں وہ ایک اسپتال میں مڈ وائف کی خدمات انجام دیتی رہیں اور ریٹائر ہونے کے بعد بھی رضاکارانہ طور پر یہ خدمات انجام دیتی رہیں تاہم صحت کی خرابی کے باعث اب ان کے کام کرنا مشکل ہوگیا تھا۔

    ریٹائر ہونے کے بعد اردن کی حکومت نے معمر خاتون کو ان کی 50 سالہ خدمات کے اعتراف میں شہریت دے دی تھی تاہم عذرا قدسیہ کو یہ معلوم نہیں تھا کہ ان کی پنشن بھی ہر مہینے بینک اکاؤنٹ میں آ رہی ہے، انہیں اردن کے پینشن سسٹم کا علم ہی نہیں تھا۔

    دو روز قبل انہوں نے اردن کے صوبے المفرق کے حکام سے رابطہ کیا اور مدد کی درخواست دی تھی۔ انہوں نے درخواست میں لکھا کہ اب میں ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہی ہوں اور صحت کی خرابی کے باعث مزید کام کرنے کی ہمت نہیں رہی اس لیے گزر بسر کے لیے مدد کی جائے۔

    درخواست جمع ہونے کے بعد یہ انکشاف ہوا کہ سال 2008 سے ان کے اکاؤنٹ میں باقاعدگی کے ساتھ ہر ماہ پنشن آ رہی ہے اور اب وہ رقم اتنی ہے کہ وہ انتہائی اچھی زندگی گزار سکتی ہیں۔

    حکام نے معمر خاتون کو بتایا کہ ان کے اکاؤنٹ میں 45 ہزار اردنی دینار جمع ہیں۔

  • کرونا مریضوں کی اموات، سرکاری اسپتال کے ڈائریکٹر کو قید کی سزا

    کرونا مریضوں کی اموات، سرکاری اسپتال کے ڈائریکٹر کو قید کی سزا

    اردن میں کووڈ 19 کا شکار 10 مریضوں کی اموات پر سرکاری اسپتال کے ڈائریکٹر کو 3 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، مذکورہ اسپتال میں آکسیجن کی سپلائی معطل ہوگئی تھی۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق اردن کی ایک عدالت نے سلط شہر کے سرکاری اسپتال کے ڈائریکٹر کو کووڈ کا شکار 10 مریضوں کی موت کا سبب بننے کے الزام میں 3 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

    سرکاری اسپتال کے ڈائریکٹر عبدالرزاق الخشمان اور ان کے 4 معاونین کو ان مریضوں کی موت کا سبب بننے کا مجرم قرار دیا گیا تھا۔

    مذکورہ سپتال میں آکسیجن ختم ہوجانے کے بعد مریضوں کی موت ہوئی تھی، اسپتال میں کرونا وائرس میں مبتلا مریضوں کا علاج کیا جا رہا تھا۔

    اسپتال کے ڈائریکٹر اور ان کے معاونین کو اس عدالتی فیصلے کے خلاف 10 دن کے اندر اپیل کا حق دیا گیا ہے۔

    مارچ 2021 میں کرونا کے باعث ہونے والی ان اموات پر اردنی عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی تھی اور یہ عوامی ردعمل وزیر صحت نذیر عبیدات کے استعفے کا باعث بھی بنا۔

  • اردن: مسافروں سے بھرا طیارہ ہنگامی لینڈنگ پر مجبور ہو گیا

    اردن: مسافروں سے بھرا طیارہ ہنگامی لینڈنگ پر مجبور ہو گیا

    عمان: اردن کے طیارے کو ہنگامی لینڈنگ پر مجبور ہونا پڑا، طیارے میں 133 مسافر سوار تھے۔

    تفصیلات کے مطابق اردن کی رائل ایئر لائنز نے کہا ہے کہ ان کے ایک طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی ہے، حکام جہاز میں تکنیکی خرابی کی وجہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    عرب نیوز کے مطابق پرواز آر جے 508 قاہرہ سے عمان جا رہی تھی، طیارے کو اردن کے دارالحکومت عمان کے ملکہ عالیہ انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈنگ کے مقررہ وقت سے دس منٹ قبل ہنگامی لینڈنگ پر مجبور کیا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق پرواز نے ایئر پورٹ کے مرکزی رن وے پر کامیابی سے لینڈنگ کی، ایئر لائنز کا کہنا ہے کہ جہاز پر سوار تمام 133 مسافر اور عملے کے 6 ارکان محفوظ ہیں، جہاز لینڈ کرنے کے بعد مسافروں اور عملے کو نکال کر ایئر پورٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔

    دوسری طرف مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ رائل ایئر لائنز اس وقت متعلقہ حکام کے ساتھ جہاز میں تکنیکی خرابی کی وجہ جاننے میں مصروف ہے۔