Tag: اردن

  • اُردن نے بڑی سازش ناکام بنا دی

    اُردن نے بڑی سازش ناکام بنا دی

    عَمَّان: اردن کے نائب وزیر اعظم ایمن الصفدی نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے بغض و عناد پر مبنی سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اردن کے نائب وزیر اعظم نے ملک کو درپیش ایک نازک صورت حال میں اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ شاہ اردن عبداللہ ثانی کے سوتیلے بھائی شہزادہ حمزہ غیر ملکیوں سے رابطے میں تھے، جو ملک میں عدم استحکام لانا چاہتے تھے۔

    نائب وزیر اعظم ایمن الصفدی نے پریس کانفرنس میں بتایا اردن کی انٹیلی جنس نے ’زیرو آور‘ کے نام سے کچھ کمیونیکیشنز پکڑی تھیں، اور سازش کرنے والے منصوبہ بندی سے آگے بڑھ کر کارروائی کی طرف جانے والے تھے۔

    شہزادہ حمزہ بن الحسین، جنھیں نظر بند کیا گیا ہے

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق اس وقت شاہ اردن عبداللہ ثانی کے سوتیلے بھائی حمزہ نظر بند ہیں، جب کہ نائب وزیر اعظم کے مطابق سینئر عہدے داروں سمیت 14 سے 16 افراد اس وقت زیر حراست ہیں، ان افراد کی گرفتاری کا پہلے ہی اعلان کیا جا چکا ہے۔

    سعودی عرب اور امریکا کا شاہِ اُردن کے حوالے سے بڑا اعلان

    ایمن الصفدی کا کہنا تھا سابق ولئ عہد شہزادہ حمزہ کی کچھ عرصے سے نگرانی کی جا رہی تھی، حکام نے ان کی غیر ملکیوں کے ساتھ ہونے والی بات چیت پکڑی، جس میں کہا گیا تھا کہ اردن کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے لیے کس وقت کیا اقدامات کیے جائیں۔

    انھوں نے کہا شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ شہزادہ حمزہ بیرونی اداروں اور اردن کی نام نہاد حزب اختلاف سے رابطے میں تھے، اور شہزادہ حمزہ نے 2 عربی انگریزی ویڈیوز کے ذریعے انھیں اکسایا، نیز شہزادہ حمزہ کی اہلیہ نے بحفاظت فرار ہونے کے لیے غیر ملکی نمائندے سے رابطہ بھی کیا تھا۔

  • سعودی عرب اور امریکا کا شاہِ اُردن کے حوالے سے بڑا اعلان

    سعودی عرب اور امریکا کا شاہِ اُردن کے حوالے سے بڑا اعلان

    ریاض: سعودی عرب اور امریکا سمیت عرب ممالک نے اُردن کے شاہ عبداللہ ثانی کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

    سعودی نیوز ایجنسی کے مطابق سعودی رائل کورٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مملکت شاہ عبداللہ اور شہزادہ الحسین بن عبداللہ ثانی کے فیصلوں اور امن و استحکام کے لیے اٹھائے اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے۔

    امریکی دفتر خارجہ نے بھی ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ شاہ عبداللہ امریکا کے اہم اتحادی ہیں اور ان کو ہماری مکمل حمایت حاصل ہے، ہم اردن حکام سے اس حوالے سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

    خیال رہے کہ اردن میں گزشتہ رات بڑے پیمانے پر گرفتاریاں ہوئی ہیں، گرفتار کیے گئے افراد میں اردن کی رائل کورٹ کے سابق سربراہ باسم عوض اللہ بھی شامل ہیں، جب کہ اردن کے سابق شہزادے حمزہ بن الحسین نے ایک ویڈیو پوسٹ میں گھر پر نظر بند کیے جانے کا دعویٰ کیا۔

    اطلاعات کے مطابق شاہ عبداللہ کے سوتیلے بھائی شہزادہ حمزہ سے حکام کی جانب سے ملک کو عدم استحکام کے حوالے کرنے کے مبینہ منصوبے سے متعلق سوالات پوچھے گئے ہیں۔

    ہفتے کو اردن کی فوج کی جانب سے بھی بتایا گیا ہے کہ سابق شہزادے حمزہ بن حسین سے کہا گیا تھا کہ وہ ایسی سرگرمیاں ترک کر دیں جن سے ملک کے امن اور استحکام کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

    اس سلسلے میں دیگر عرب ممالک اور تنظیموں خلیج تعاون کونسل اور عرب لیگ نے بھی اردن کے شاہ عبداللہ کی حمایت کا اعلان کیا ہے، عرب ممالک میں مصر، کویت، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، عراق، یمن، فلسطین اور لبنان شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ اردن کے سابق ولی عہد نے اپنے سوتیلے بھائی اور ملک کے بادشاہ پر کرپشن، نا اہلی اور لوگوں کو ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے تھے، بعد ازاں شاہ عبداللہ پر تنقید کرنے والوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع کیا گیا۔

  • باپ نے کمسن بچیوں کو بے دردی سے ذبح کردیا

    باپ نے کمسن بچیوں کو بے دردی سے ذبح کردیا

    اردن میں سفاک باپ نے اپنی کمسن بچیوں کو چھریوں کے وار کر کے بہیمانہ طریقے سے قتل کردیا، پولیس تاحال ملزم کی تلاش کر رہی ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق ملزم اس سے قبل ہی منشیات اسمگلنگ کے جرم میں ملوث تھا جبکہ اس کے خلاف گھریلو تشدد کی شکایات بھی درج کروائی جاچکی تھیں۔

    واقعے کے روز وہ علیٰ الصبح اٹھا اور اپنی 2 اور 3 سالہ بیٹیوں کی گردنوں پر چھری پھیر کر انہیں ذبح کردیا۔

    اتفاقاً اسی روز ملزم کا بھائی اس سے ملنے پہنچا تو اس نے دروازے پر خون کے دھبے دیکھے، دروازہ چوپٹ کھلا ہوا تھا اور اندر جانے پر اس نے معصوم بچیوں کی لاشیں دریافت کیں۔

    چچا نے روتے ہوئے پولیس کو کہا کہ انہیں بکریوں کی طرح ذبح کیا گیا تھا۔ مقامی پولیس ملزم کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔

    اردن کے پبلک سیکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کے مطابق اردن میں گزشتہ 5 برس میں گھریلو تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے جس کی ایک بڑی وجہ ابتر معاشی حالات ہیں۔

    سنہ 2018 میں اردن میں گھریلو تشدد کے 24 ہزار جبکہ سنہ 2019 میں 26 ہزار واقعات رپورٹ کیے گئے تھے۔

  • اردن پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے: سفیر ابراہیم المدانی

    اردن پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے: سفیر ابراہیم المدانی

    اسلام آباد : پاکستان میں تعینات اردن کے سفیر جناب ابراہیم المدانی نے سفارتخانے کے ہیڈ آف میشن ڈاکٹر مائین کھر یسوات کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اورچیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس خان، سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر عبدالرحمٰن خان، گروپ چیئرین میاں اکرم فرید اور تاجر برادری کے دیگر ممبران کے ساتھ اردن اور پاکستان کے مابین دوطرفہ تجارتی اور معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔

    اس موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے ابراہیم المدانی نے کہا کہ اردن پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کی بہت قدر کرتا ہے اورپاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے کیونکہ دونوں ممالک متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تجارتی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اردن اور پاکستان مشترکہ مذہب، ثقافت اور اقدار رکھتے ہیں جو انہیں تجارتی اور معاشی تعلقات کو مزید ترقی دینے کے لئے مضبوط بنیادیں فراہم کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اردن اپنے نجی شعبے کو بااختیار بنارہا ہے، آزاد معیشت کی طرف پیش رفت کر رہا ہے دیگر ممالک کے ساتھ جوائنٹ وینچرز کی حوصلہ افزائی کرتا ہے لہذا پاکستان کی تاجر برادی اردن کے فری اکنامک زونز میں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے پر توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک سیاحت، فارماسوٹیکلز، زراعت، دفاع اور دیگر شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے ملک میں منعقد ہونے والی تجارتی نمائشوں میں شرکت کر کے اور تجارتی وفود کا تبادلہ بڑھا کر اردن اور پاکستان باہمی تجارت میں بہتر اضافہ کر سکتے ہیں۔

    اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے پاکستان اور اردن موجودہ باہمی تجارت صرف پانج سے چھ کروڑ ڈالر تک ہے جو دونوں ممالک کی صلاحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے بہت ہی کم ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک دوطرفہ تجارت کو بہتر کرنے کیلئے نجی شعبوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اردن تجارتی رکاوٹوں کو دور کرنے اور تجارتی حجم کو بہتر کرنے کے لئے آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اب صنعتی ترقی کی طرف مثبت پیشرفت کر رہا ہے جبکہ ملک کی ٹریڈ باڈیز سیاحت، صنعت اور سروسز سمیت معیشت کے دیگر اہم شعبوں کو مزید فروغ دینے کے لئے حکومت سے پالیسی اصلاحات پر زور دے رہی ہیں لہذا یہی مناسب وقت ہے کہ اردن کی بزنس کمیونٹی پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرے۔

    آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید نے کہا کہ سی پیک کی دوسرے مرحلے پر عمل درآمد سے پاکستان میں صنعتی ترقی کا عمل تیز ہو گا جبکہ سی پیک منصوبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے بھی پرکشش مواقع موجود ہیں لہذا اردن کے سرمایہ کار پاکستان کا دورہ کر کے ان مواقعوں سے فائدہ ا ٹھانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ اردن اپنا ایک تجارتی وفد پاکستان کے دورے پر بھیجے تا کہ باہمی تعاون کی نئی راہیں تلاش کی جا سکیں اور یقین دہانی کرائی کہ چیمبر وفد کے دورے کو کامیاب بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔

    چیمبر کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظم اور نائب صدر عبد الرحمن خان نے کہا کہ مشترکہ مذہب اور ثقافت کی وجہ سے دونوں ممالک کی کاروباری برادری ایک دوسرے کے ساتھ کاروبار کرنے کو ترجیح دیتی ہے تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان اور اردن کی حکومتیں نجی شعبوں کو ہرممکن تعاون فراہم کریں تا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔

    اسلم کھوکھر، عبد الرحمن صدیقی، جاوید اقبال، محمد شاکر، راجہ حسن اختر، چوہدری اشرف فرزند، خالد چوہدری، نوید ملک، محترمہ نیلم خالد چوہدری، محترمہ ناصر علی اور تاجر برادری کے دیگر ممبران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

  • اردن: تمام سرکاری ادارے کھولنے کا اعلان

    اردن: تمام سرکاری ادارے کھولنے کا اعلان

    عمان: اردن کی حکومت نے عید کے بعد تمام سرکاری ادارے اور محکمے کھولنے کا اعلان کیا ہے، عید کے پہلے دن پورے ملک میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ رہے گا۔

    مقامی میڈیا کے مطابق اردن کے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات امجد العضایلہ نے کہا ہے کہ عید الفطر کے بعد تمام سرکاری ادارے اور محکمے کھول دیے جائیں گے تاہم عید کے پہلے دن پورے ملک میں مکمل لاک ڈاؤن رہے گا۔

    انہوں نے کہا کہ گاڑیوں سے سفر کی اجازت نہیں ہوگی، عوام بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے گھروں سے پیدل آ جا سکیں گے۔

    وزیر کا مزید کہنا تھا کہ منگل 12 مئی سے کرفیو کے اوقات میں مزید نرمی کردی جائے گی، عوام صبح 8 بجے سے شام 7 بجے تک اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے گھروں سے نکل سکیں گے۔

    ان کے مطابق منگل 26 مئی سے سرکاری ملازم دفاتر میں کام کرنا شروع کردیں گے، حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے ایک گائڈ بک تیار کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ عید الفطر کے بعد ڈیوٹی پر واپس آنے کی صورت میں کن امور کی کس طرح پابندی کریں گے۔

    گائڈ بک میں نئے کرونا وائرس سے بچاؤ اور اسے لگنے سے روکنے کے لیے مکمل حفاظتی تدابیر اور ہدایات درج کی گئی ہیں، سرکاری اداروں کے ملازم متعدد خدمات آن لائن انجام دیں گے جبکہ دیگر کارکن دفاتر پہنچ کر ڈیوٹی دیں گے۔

    خیال رہے کہ اردنی حکومت نے 17 مارچ 2020 سے تمام سرکاری ادارے اور محکمے بند کردیے تھے البتہ اہم اداروں کو اس سے استثنیٰ دیا گیا تھا، وزیر کے مطابق ہر جمعے کو پورے ملک میں تا اطلاع ثانی مکمل کرفیو رہے گا۔

  • کرونا وائرس: عمان، اردن اور مصر میں اسکول بند

    کرونا وائرس: عمان، اردن اور مصر میں اسکول بند

    مسقط / قاہرہ: کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے تحت عمان، اردن اور مصر میں اسکول بند کردیے گئے، مذکورہ ممالک میں وائرس سے بچنے کے لیے دیگر کئی اقدامات بھی کیے جارہے ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق عمان، اردن اور مصر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے تحت اسکول بند کردیے گئے ہیں۔ سلطنت عمان میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے تمام تعلیمی ادارے اتوار سے ایک ماہ کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    عمان میں اعلیٰ تعلیمی کمیٹی کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں وبائی صورتحال اختیار کرلینے والے مرض سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں تمام تعلیمی ادارے ایک ماہ کے لیے بند کر دیے جائیں۔

    عمانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ادارہ صحت نے کہا ہے کہ مقیم غیر ملکی اور مقامی شہری کرونا وائرس سے بچاؤ کےلیے کی جانے والی احتیاطی تدابیر کا خاص خیال رکھیں۔

    اردن میں بھی کرونا وائرس کے پیش نظر تمام فلائٹس معطل ہیں، عوامی اجتماعات پر پابندی اور تعلمی ادارے بند ہیں۔

    مصر میں بھی تمام تعلیمی ادارے 2 ہفتے کے لیے بند کرنے کے احکامات صادر کر دیے گئے ہیں۔

    مصری ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی جانب سے تعلیمی اداروں کی عارضی بندش کے خصوصی احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

    مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے وزیر اعظم کے ساتھ خصوصی ملاقات کی جس میں مختلف امور زیر بحث آئے، ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ کرونا سے نمٹنے کے لیے 100 ارب مصری پونڈ مختص کیے جائیں۔

  • اردن میں گھر میں آگ لگ گئی، 8 بچوں سمیت 13 پاکستانی جاں بحق

    اردن میں گھر میں آگ لگ گئی، 8 بچوں سمیت 13 پاکستانی جاں بحق

    عمان: اردن کے مغربی علاقے میں ایک گھر میں آگ لگنے سے 8 بچوں سمیت 13 پاکستانی جاں بحق ہو گئے، جب کہ 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    ترک میڈیا کے مطابق مغربی اردن میں ایک زرعی اراضی میں بنی رہایش گاہ میں آتش زدگی کے باعث تیرہ پاکستانی جاں بحق ہو گئے ہیں، جن میں آٹھ بچے بھی شامل ہیں۔

    اردن کے سول ڈیفنس کا کہنا ہے کہ فارم ہاؤس میں آگ آدھی رات کے بعد لگی، شواہد بتاتے ہیں کہ آگ بجلی کے باعث لگی ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ کرامہ قصبے کے متاثرہ گھر میں 2 پاکستانی خاندان رہایش پذیر تھے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہ کا حتمی علم نہیں ہو سکا ہے، واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہے، جس کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔ تین زخمی افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی حالت بہتر بتائی جا رہی ہے۔

    واضح رہے کہ اردن ویلی میں ہزاروں غیر ملکی مزدور نہایت خراب حالت میں نجی فارمز میں رہایش پذیر ہیں، یہ علاقہ پھل اور سبزیوں کی کاشت کے لیے زرخیز ہے۔ اردن حکام کے مطابق تقریباً 8 ہزار پاکستانی اردن میں رہایش پذیر ہیں اور ایگریکلچرل سیکٹر میں کام کر رہے ہیں۔

  • وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اردن کی شہزادی کی ملاقات

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اردن کی شہزادی کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اردن کی شہزادی سارہ زید کی ملاقات ہوئی، اس موقع پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ حکومت خوراک کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اردن کی شہزادی سارہ زید دفتر خارجہ پہنچیں جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔ شہزادی سارہ زید کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بالمشافہ ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں نادار اور کمزور طبقات کی خوراک اور آبی تحفظ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ نے ورلڈ فوڈ پروگرام کے تحت زچہ و بچہ سے متعلق آگاہی کے عزم کو سراہا۔

    اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت خوراک کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے، خوراک کی کمی اور بچوں کی نشوونما کے مسائل سے نمٹنا ترجیحات میں شامل ہے۔

    وزیر خارجہ نےشہزادی کو خواتین کو بااختیار بنانے اور غربت کے خاتمے کے لیے احساس پروگرام سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ کی دعوت پر 3 عالمی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔

    اس سے قبل اردن کی شہزادی نے معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا سے ملاقات کی تھی۔

    ڈاکٹر ظفرمرزا کے مطابق ملاقات میں پاکستان میں نیوٹریشن اور اسٹنٹنگ کے مسئلے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ نیوٹریشن کے حوالے سے پاکستان شہزادی سارا کے لیے اہم ملک ہے، وہ نیوٹریشن کے حوالے سے فنڈ قائم کرنا چاہتی ہیں۔

  • مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی پراردن میں اسرائیلی سفیر کی طلبی، احتجاج ریکارڈ

    مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی پراردن میں اسرائیلی سفیر کی طلبی، احتجاج ریکارڈ

    عمان :اردن کی حکومت نے یہودی آباد کاروں، قابض صہیونی فوج اور پولیس کے ہاتھوں مسجد اقصیٰ کی مسلسل ہونے والی بے حرمتی پراسرائیل سے سخت احتجاج کیا ہے۔

    عرب ٹی وی کے مطابق اردن میں تعینات اسرائیلی سفیر کو وزارتِ خارجہ کے دفترمیں طلب کرکے حرم قدسی کی مسلسل بے حرمتی اور یہودی آباد کاروں کی اشتعال انگیز کارروائیوں پراحتجاج کیا گیا۔

    اردنی وزارت خارجہ کے ترجمان سفیان سلمان القضانے ایک بیان میں کہا کہ وزارت خارجہ کے سیکرٹری جنرل زید اللوز نے اسرائیلی سفیر کوطلب کر کے انہیں اپنے احتجاج اور موقف سے آگاہ کیا۔

    اسرائیلی سفیر کو ایک احتجاجی مراسلہ دیا گیا اور کہا گیا کہ وہ فوری طورپر یہ مراسلہ اپنی حکومت تک پہنچائے اور اس پرعمل درآمد کرائے۔

    اردن نے واضح کیا کہ حرم قدسی اور مسجد اقصیٰ کے تاریخی، اسلامی اور عرب تشخص کے ساتھ کسی قسم کی چھیڑ چھاڑ کی اجازت نہیں دی جائے گی، عمان نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ مسجد اقصیٰ کی روز مرہ کی بنیاد پر جاری بے حرمتی کا سلسلہ بند کرائے، القدس اور قبلہ اول کے تاریخی، آئینی اور دینی تشخص کے حوالے سے طے پائے معاہدوں پرعمل درآمد کرے۔

    سفیان سلمان القضاءنے کہا کہ اسرائیلی سفیر پرواضح کیا گیا ہے کہ مسجد اقصیٰ کا 144 دونم حصہ صرف مسلمانوں کے لیے عبادت کی جگہ ہے، اس میں یہودی آبادکاروں کا داخلہ مذہبی اشتعال انگزی ہے۔

    اردنی وزارت خارجہ نے فلسطینی نمازیوں کے لیے مسجد اقصیٰ کے دروازے بند کرنے کے اقدام اور فلسطینیوں پر قبلہ اول میں نماز اور عبادت پرقدغنوں کی شدید مذمت کی اور فلسطینیوں پرعاید کی گئی تمام پابندیاں ختم کرنے اور مسجد اقصیٰ کے امور میں مداخلت سے باز رہنے کا مطالبہ کیا۔

    درایں اثناءاردن کے وزیرخارجہ ایمن الصفدی نے بھی مسجد اقصیٰ پر صہیونی یلغار کی شدید مذمت کی ،انہوں نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ اسرائیل کو قبلہ اول کی بے حرمتی سے روکے۔

    ایمن الصفدی نے کہا کہ مسجد اقصیٰ کےتاریخی اسٹیس کو نقصان پہنچانے کے خطرناک نائج سامنے آئیں گے،یورپی ممالک کے سفیروں سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ القدس اور مسجد اقصیٰ کے تاریخی اور قانونی تشخص کو پامال کرنے کے خطرناک نتائج سامنے آسکتے ہیں اور اس کی تمام تر ذمہ داری اسرائیل پرعاید ہوگی۔

  • زمین کا وہ مقام جو مریخ سے مشابہہ ہے

    زمین کا وہ مقام جو مریخ سے مشابہہ ہے

    ویسے تو سیارہ زمین دیگر تمام سیاروں سے مختلف اور نہایت حسین ہے جہاں فطرت کے تمام رنگ دکھائی دیتے ہیں۔ تاہم زمین پر ایک مقام ایسا بھی ہے جو سیارہ مریخ کی طرح دکھائی دیتا ہے۔

    مشرق وسطیٰ کے ملک اردن میں واقع صحرا ’وادی رم‘ کو مریخی وادی بھی کہا جاتا ہے۔ سنگلاخ پہاڑوں اور اونچے اونچے پتھروں پر مشتمل یہ علاقہ مریخ کی طرح لق و دق صحرائی میدان معلوم ہوتا ہے۔

    اس صحرا کے قریب کچھ بدو قبائل بھی آباد ہیں جو اپنی مہمان نوازی کے لیے مشہور ہیں۔ یہ وادی تاریخ کے بڑے بڑے سپہ سالاروں کی گزر گاہ بھی رہی جو یہاں سے گزرتے ہوئے یہاں آباد مقامی قبائل کی مہمان نوازی سے فیض یاب ہوا کرتے۔

    سورج ڈھلتے ہی جب رات کا اندھیرا یہاں ہر چیز کو اپنی لپیٹ میں لے لیتا ہے اور آسمان روشن ہوجاتا ہے تو جھلملاتے تاروں کی چادر پوری وادی پر اپنا سایہ کردیتی ہے۔

    یہاں اکثر ماہرین فلکیات، طالبعلم اور عام افراد مختلف فلکیاتی مظاہر کے نظارے کے لیے بھی جمع ہوتے ہیں۔

    اس صحرا کی خوبصورتی اور تاریخی حیثیت کی وجہ سے اسے یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں بھی شامل کیا گیا ہے۔