Tag: اردو ادب

  • سمندر کنارے دو بوڑھوں‌ کی بھیگی ہوئی یادیں

    سمندر کنارے دو بوڑھوں‌ کی بھیگی ہوئی یادیں

    سرما کی شام تھی۔ بندرگاہ پہلوی کے کہر آلود اور اُداس ساحل پر میں اور محمود چہل قدمی کر رہے تھے۔ موجوں کا شور اور پرندوں کی آوازیں چاروں طرف گونج رہی تھیں۔ وہ دور سمندر کی سطح سے ملے پَر مارتے چلے جاتے تھے۔ مزید آگے بڑھے تو سمندر تاریک ہو گیا۔ کالے بادل اس پر یوں جھک آئے کہ خیال ہوتا وہاں آسمان اور سمندر ایک ہو گئے ہیں۔

    ایک بہت بڑی موج سفید چادر کے مانند ہمارے پیروں کے آگے بچھ گئی۔ کچھ دیر زمین پر سفید سفید جھاگ ٹکا رہا، پھر وہیں جذب ہو گیا۔ ہمارے پیروں تلے ریت دب کر سخت ہو گئی اور اس میں سمندر کا پانی اکٹھا ہونے لگا۔ ہم پلٹے، مڑ کر دیکھا تو موجوں نے ہمارے قدموں سے پڑنے والے نشانوں کو بھر دیا تھا۔ گویا ہم وہاں تھے ہی نہیں، کبھی کسی نے وہاں قدم ہی نہیں رکھا تھا۔

    اسی دم محمود اپنی داستان سنانے لگا۔

    عجیب دنیا ہے۔ چند سال پہلے تک میں اس شہر میں توپ خانے کا افسر تھا۔ جنگ چھڑی تو سب کچھ الٹ پلٹ ہوا۔ میں روسی فوج کے ہاتھوں گرفتار ہو کر اسی شہر میں سلاخوں کے پیچھے پہنچ گیا۔ روسیوں نے توپوں پر قبضہ کیا اور افسروں کو جیل میں ڈال دیا۔ سپاہی بھی اِدھر اُدھر ہوئے، بس گھوڑے باقی رہ گئے۔ میرا گھوڑا ابلق (سیاہ و سفید) تھا۔ بڑا خوش رنگ جوان اور چلبلا۔ خوب گردن اکڑا کر چلتا۔ اس کی آنکھوں کی رنگت بھی انوکھی تھی، نیلی نیلی سی معلوم ہوتی۔ فوجی بیرکوں میں اس کا نام کاسی پڑ گیا تھا۔

    کاسی میری سواری کا گھوڑا تھا۔ جوانی کے دن تھے۔ اِس پر سوار ہوتا تو مزہ آ جاتا۔ افسر کا گھوڑا تھا اسی لیے اس کی خیال داری بھی دوسرے گھوڑوں سے زیادہ ہوتی اور وہ ہمیشہ چاق چوبند رہتا۔ میں جیسے ہی اس پر سوار ہوتا وہ گردن اکڑا کر اگلی ٹاپوں پردُلکی چلنے لگتا۔ راستے کی پتھریلی زمین پر اس کے نعل پڑنے کی آواز سے فضا گونجنے لگتی۔ لوگ کاسی کی مستانہ چال دیکھنے چلتے چلتے رک جاتے۔ میں اس پر سینہ تانے بیٹھا گردن بھی اکڑا لیتا اور ترنگ میں آ کر جھومنے لگتا۔

    میں اور کاسی شہر بھر میں مشہور تھے۔ کاسی مجھ سے اتنا مانوس تھا کہ اگر میں دور سے اُسے پکارتا تو وہ فوراً گردن گھماتا اور جواب میں ہنہنا کر مجھے دیکھنے لگتا۔ جب میں جیل میں قید ہوا تو سب سے زیادہ فکر مجھے کاسی ہی کی تھی کہ معلوم نہیں اس کے دانے پانی اور گھاس کی خبر گیری ہو رہی ہے یا نہیں اور یہ کہ اس کا کیا حشر ہو گا۔

    جنگی قیدیوں کے بارے میں طرح طرح کی افواہیں سننے میں آ رہی تھیں، مختصر یہ کہ جتنے منہ اتنی باتیں۔ جیل میں ہمارے پاس کرنے کو کچھ نہ تھا۔ میں ایک کونے میں جا بیٹھتا اور سوچتا رہتا۔ دل چاہتا تھا آزاد ہو جاؤں اور جا کر کاسی کو دیکھوں، اس کی گردن تھپتھپاؤں، اس کی تھوتھنی پر ہتھیلی رکھ کر سانس کی گرمی محسوس کروں۔ یہ سارے خیالات دن ہی دن میں رہتے، مگر راتیں۔۔۔

    راتیں وحشت ناک ہوتیں۔ قیدیوں کے سونے کی اپنی ادائیں تھیں۔

    میرے خوابوں کی دنیا کے زیادہ حصے پر کاسی کا عمل تھا۔ مجھے اس کی نیلگوں آنکھیں نظر آتیں کہ اندھیرے میں چمکتی ہوئی میری طرف ٹکٹکی باندھے ہیں۔ ان نگاہوں میں التجا ہوتی اور ملامت بھی۔

    ایک دن جیل میں خبر پھیل گئی کہ کل روسی توپیں اور گھوڑے جہازوں میں لے جا رہے ہیں۔ میرا دل ڈوبنے لگا۔ کاسی کا کیا ہوا؟ اسے بھی لیے جا رہے ہیں؟ اگر یہی ہوا تو میں اکیلا رہ جاؤں گا۔ یہ آس بھی ٹوٹ جائے گی کہ کاسی کو پھر دیکھ سکوں گا۔ وہ میرا دوست تھا۔ ہم دونوں ہی جنگ کی لپیٹ میں آئے تھے۔

    میں نے ساتھی قیدیوں کے سامنے توپوں اور گھوڑوں کا ذکر چھیڑا اور کاسی کے بارے میں ان کا خیال دریافت کیا۔ سب قیاس آرائیاں کرنے لگے۔ آخر ایک قیدی نے کہا کہ کاسی سواری کا گھوڑا ہے توپ گاڑی کھینچنے کے کام کا نہیں۔ پھر لڑائی کا زمانہ ہے رسد کی یوں بھی کمی ہے۔ اس لیے یقینی ہے کہ کاسی کو کھا لیا جائے گا۔

    گویا کاسی کو ذبح کرکے اس کا گوشت فوجیوں کو کھلادیا جائے گا۔

    جب یہ خبر اڑی کہ کل گھوڑوں کو لے جائیں گے، مجھے سارا دن کاسی ہی کا خیال آتا رہا۔ رات کوبھی بڑی بے چین نیند سویا۔ دوسری صبح ہم سب قیدی وقت سے پہلے جاگ اٹھے تاکہ جیل کی کھڑکیوں سے توپیں اور گھوڑے جانے کا منظر دیکھیں۔

    ہم کھڑکیوں کے قریب جا کھڑے ہوئے۔ وہاں سے بیرکوں کا احاطہ اور اصطبل دکھائی دیتے تھے۔ تھوڑی دیر بعد بارش کی ہلکی دھند میں دور سے گھوڑوں کے سَر نظر آئے۔ ایک ایک روسی سپاہی دو گھوڑوں کو دہانوں سے پکڑے کھینچتا لا رہا تھا۔ اُنھیں دیکھ کر مجھ پر عجیب ناامیدی سی چھا گئی۔ دل تیزی سے دھڑکنے لگا، ٹانگوں میں دَم نہ رہا اور منہ خشک ہو گیا۔ پھر بھی میں نے گردن آگے بڑھائی کہ اِن میں کاسی کو تلاش کروں۔ ہماری فوج کے سب گھوڑے گہرے رنگ کے سرنگ اور کمیت تھے۔ صرف کاسی کے رنگ میں سفیدی اور اجلا پن تھا۔ اس کے بدن پر چھوٹی چھوٹی بھوری اورکتھئی چتیاں تھیں، ایسا معلوم ہوتا تھا کہ سفید رنگ پر ان دو رنگوں کا چھینٹا دیا گیا ہو۔

    آخر میں نے اس کا چتکبرا رنگ دیکھا۔ میرا دَم گھٹنے لگا۔ یہ وہی تھا۔ اس کے تیوروں کا تیکھا پن اور گردن کا کھنچاؤ رخصت ہو چکا تھا۔ سَر لٹکا اور کنوتیاں گری ہوئی تھیں۔ چھل بل اور طراروں کا کہیں نشان نہ تھا۔ میلا چکٹ ہو رہا تھا۔

    وہ جیل کے سامنے پہنچا تو میری زبان کو قفل لگ گیا۔ چاہتا تھا پکاروں، اُسے بلاؤں، چوکی داروں سے کہوں کہ اسے ذرا میری طرف گھما دیں۔ میں نے کسی طرح خود کو سنبھالا اور سوکھے گلے سے دو تین بار صرف ایک لفظ نکال پایا

    کاسی، کاسی۔۔۔۔کاسی

    یہ آواز سن کر ابلق گھوڑے میں جان سی پڑ گئی۔ یقین کرو، اس نے گردن تان لی۔ پھر سَر گھمایا اور جہاں سے میں نے اسے پکارا تھا، اس طرف دیکھنے لگا اور زور سے ہنہنایا۔ نہیں معلوم قیدیوں کے جھرمٹ میں کھڑکی کے پیچھے میں اُسے دکھائی دیا کہ نہیں، مگر چند لمحوں کے لیے اس کے پیروں میں وہی رقص کی سی چلت پھر نظر آئی۔ پھر سپاہی نے اس کے دہانے کی آہنی ڈنڈی کو منہ کے اندر زور سے کھٹکھٹایا۔ تکلیف کی شدت سے اس کی حالت پھر اسی طرح ردی ہو گئی۔

    وہ کاسی کو لے گئے۔ دوسرے گھوڑوں کے ساتھ اسے بھی جہاز پر چڑھا دیا گیا۔ ہم دیکھتے رہے کہ وہ دور ہوتے جا رہے ہیں۔

    ہم دونوں سنسان پشتے پرچل رہے تھے۔ سمندر کی جانب سے تیز ہوا کے جھونکے آ رہے تھے۔ موجیں پشتے سے ٹکرا ٹکرا کرپانی اُڑا رہی تھیں۔ ہلکی ہلکی پھوار بھی پڑرہی تھی۔ میں نے محمود کی طرف دیکھا،اس کی آنکھوں کے نیچے اور رخساروں پہ نمی تھی۔ میں نے پوچھا۔

    کیا روئے ہو؟ وہ بولا۔ نہیں، ہماری عمر کے آدمی روتے نہیں۔ آنسو ہی نہیں نکلتے، بارش ہوئی ہے۔

    اندھیرا پھیل رہا تھا۔ سمندر سیاہ ہوتا جا رہا تھا۔ ہم واپس آنے لگے۔ راستے میں محمود کو میں نے یہ قصہ سنایا۔

    میں فوج میں نیا نیا افسر ہوا تھا۔ روزانہ صبح اپنے گھر کی گلی کے آگے سڑک پر جا کھڑا ہوتا۔ میری رجمنٹ کی بس آتی اور میں اس پر کیمپ چلا جاتا۔ ایک دن میں ذرا جلد سڑک پرآ گیا۔ کچھ بس نے بھی دیر لگائی۔ میرا ایک دوست ادھر آ نکلا اور ہم وہیں کھڑے باتیں کرنے لگے۔ وہ بھی فوج میں افسر تھا۔

    باتوں باتوں میں اس نے بتایا، میرے پاس ایک خوب صورت سَمند (بادامی) گھوڑا ہے۔ وہ اُسے بیچنا چاہتا تھا۔ میں اس دوست سے بخوبی واقف تھا۔ وہ معاملت کا کھرا ہے اور سَمند گھوڑے مجھے پسند بھی تھے۔ لہٰذا میں نے دیکھے بغیر خرید لیا اور سودا وہیں کا وہیں پکا ہو گیا۔ دوست یہ کہہ کر رخصت ہوا کہ اسی دن گھوڑے کو میری رجمنٹ میں بھجوا دے گا۔

    ہماری رجمنٹ کا پڑاؤ شہر سے فاصلے پر تھا اور دوپہر کو ہم وہیں رہ جاتے۔ اُس دن میں کھانا کھا کر اٹھا ہی تھا کہ ایک سپاہی خبر لایا، گھوڑا آ گیا ہے۔

    وہ بڑے قد کاٹھ اور بلند گردن کا گھوڑا تھا۔ جسامت ایسی کہ اس کے زین پر بیٹھا سپاہی چھوٹا سا معلوم ہوتا تھا۔ قریب آیا تو دیکھا کہ عجب خو ش انداز اور خوش رنگ گھوڑا ہے۔ اس کے رونگٹے سنہری مائل اور جھل مل جھل مل کر رہے تھے۔ چھوٹا سَر، نرم چمکیلی آنکھ، مضبوط جوڑ بند اور بھاری سُم، اونچی گردن، کشادہ سینہ، چلنے رکنے میں سَر کو تانے ہوئے۔ اس چھب کا گھوڑا آج تک میری نظر سے نہیں گزرا تھا۔ خصوصاً یکساں اور شوخ بادامی رنگ کا۔

    آزمائش کے لیے اس کی رکاب میں پیر ڈال زین پر بیٹھ گیا۔ گھوڑا آگے بڑھا تو میں نے اسے پویا چلایا پھر دُلکی۔ اس کے بعد کیمپ کی سڑک پر دور تک بڑے اطمینان کے ساتھ سرپٹ دوڑایا۔ اس کی سواری ایسی ہم وار اور آرام دہ تھی کہ معلوم ہوتا تھا نرم گدے پر بیٹھا فضا میں تیر رہا ہوں۔

    میں نے اُسے اصطبل پہنچا دیا۔ وہاں سپاہی کو لوٹانے کے لیے اس کا زین اتارا گیا تو ہم یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ یہ خوب صورت گھوڑا زین پشت ہے۔ زین پشت اُسے کہتے ہیں جس کی کمر میں خم ہو۔ یہ گھوڑے کا عیب سمجھا جاتا ہے۔ کہتے ہیں اس خم کے زیادہ ہونے سے گھوڑے کا دَم کم ہو جاتا ہے۔ اس گھوڑے کی کمر میں زیادہ خم تھا۔ اس کی پیٹھ کا وہ حصہ جہاں زین رکھتے ہیں کمان کی طرح جھکا ہوا تھا۔

    لمحہ بھر کو مجھے خیال آیا کہ اسے واپس پھیر دوں، لیکن میرا جی نہ مانا۔ وہ بہت خوب صورت تھا۔ اس کی اصالت، تیور اور جمال سے کیوں کر آنکھیں پھیر لیتا؟ دوسرے دن سے وہ میری سواری میں رہنے لگا۔ میرا بلند قامت زین پشت سمند، جو گردن اٹھا کر چلتا اور بن بن کر زمین پر پاؤں رکھتا بہت جلد مشہور ہو گیا۔

    دو سال گزرے تھے کہ توپ گاڑیاں پٹرول سے چلنے لگیں۔ پرانی چال کی گاڑیاں کباڑخانوں میں ڈھیر ہوتی گئیں۔ انھیں کھینچنے والے گھوڑے گلوں میں بھیجے جانے لگے۔ فوج سے اصطبل اور گھوڑوں کا صیغہ ہی ختم ہوا تو میں بھی مجبور ہوا کہ اپنے سمند کو وہاں سے ہٹا لے جاؤں۔ چوں کہ میرے پاس رکھنے کا ٹھکانا نہیں تھا لہٰذا اِسے بیچنے کے سوا چارہ نہ رہا۔

    میری رجمنٹ کا سائیس ایک خریدار کو لے آیا۔ میں نے اس سے صرف اتنا کہا کہ اس لاڈلے گھوڑے کو تکلیف نہ دینا۔ اگر اسے بیچے تو کسی ایسے آدمی کو دے جو اس کو فٹن یا چھکڑے میں نہ جوتے۔

    کئی مہینے گزر گئے۔ مجھے اپنے زین پشت سمند کی یاد آتی رہتی، جیسا کہ تم نے بتایا میرا بھی دل چاہتا کہ کسی صورت اسے دیکھوں تھپ تھپائوں، اس بے زبان کے منہ کے آگے ہاتھ کروں اور گرم اور نرم سانسوں کومحسوس کروں۔

    ایک دن خیابان شمیران کی چڑھائی پر مجھے ایک اونچا لاغر سمند گھوڑا دکھائی دیا۔ کوچوان نیچے اتر کر اس پر چابک برسا اور کھڑکھڑے کو دھکا لگا کر چڑھائی چڑھنے کی کوشش کر رہا تھا۔ یہ وہی تھا!

    اس کا سنہرا بدن میل کچیل اور پسینے کے لیپ سے چکٹ کر کالا ہو چکا تھا۔ میرا بہت جی چاہا کہ قریب جا کر دیکھوں، اسے پکاروں اور اس کا بدن سہلاؤں، لیکن مجھے شرم سی آ رہی تھی۔ وہ ایسے حال میں نہ تھا کہ میں اس کے سامنے جا سکتا،اس کی رگیں ابھر آئی تھیں۔ میں نے سوچا کوچوان سے بات کر کے اِس کی کچھ سفارش کروں، لیکن اس سے کیا ہونا تھا؟ وہ شکستہ حال قیدی، تھکا ہارا زین پشت سمند جو اب میرا نہیں تھا، اپنے مقدر کا لکھا پورا کر رہا تھا۔ میں خود سمجھ سکتا تھا کہ وہ میرے بارے میں کیا سوچتا ہو گا۔

    بارش تیز برسنے لگی اور تاریکی پھیل گئی۔ میں اور محمود اپنے کمرے میں پہنچ گئے۔ بلب کی روشنی میں محمود نے مجھے دیکھا اور بولا۔

    تمھارا چہرہ بھیگا ہوا ہے۔ روئے ہو؟

    اس عمر کو پہنچ کر آدمی نہیں روتا… میں نے کہا، پانی برس رہا ہے۔

    نوٹ: اس فارسی کہانی کا عنوان باران و اشک ہے جس کے مصنف بابا مقدم ہیں‌ اور اسے اردو کے قالب میں‌ نیّر مسعود نے ڈھالا ہے

  • ابنِ انشا کا ایک ادیب دوست کے نام خط

    ابنِ انشا کا ایک ادیب دوست کے نام خط

    8 اپریل، 1956،
    کراچی

    بھائی اعظمی

    آداب

    جس روز آپ کا تمغہ جمیل ”کاغذی پیرہن“ پہنچا ہے، اس روز میں نیم علیل، چھٹی لے کر گھر پر لیٹا ہوا تھا۔ سارا دن اسے پڑھتا رہا اور لطف لیتا رہا۔

    ارادہ یہ تھا کہ ابھی اٹھوں گا اور آپ کو اس کے متعلق خط لکھوں گا، لیکن ایسا نہ ہوا۔ اور بات ایک مرتبہ ٹل جائے تو بہت دن لیتی ہے۔ جمیل جالبی کو کتاب پہنچا دی تھی، لیکن آج اتوار کے روز آپ کو خط لکھنے کے موڈ میں کتاب دوبارہ تلاش کرتا ہوں تو نہیں ملتی۔ یہیں بیٹھک میں رکھی تھی۔ جو آتا تھا دیکھتا تھا۔ میرا خیال ہے ممتاز حسین لے گئے۔ وہ کچھ مضامین لکھ رہے تھے اور شاعری کے مجموعے لینے میرے پاس آئے تھے۔ میرا خیال ہے میں نے انھیں دے دی۔ وہ تو واپس کر دیں گے، لیکن اگر کسی اور کے پاس ہے تو واپسی میں شبہ ہے اور یہ بھی ممکن ہے کہ دوسرے کمرے میں کہیں دبی پڑی ہو یا پاس پڑوس کے کسی گھر میں گئی ہو۔

    بہرحال اب اس کو ڈھونڈوں تو مطلب یہ کہ خط نہ لکھوں اور پھر وہی چکر چلے۔ آج کل کام بہت ہے۔ رات کو آٹھ بجے دفتر سے آتا ہوں اور وہاں سوائے دفتر کے کام کے کچھ نہیں ہوتا۔ خیر آپ باقاعدگی سے یاد کر لیا کریں تو میں بھی خیال سے غافل رہنے والا نہیں ہوں۔ کاغذی پیرہن ایک سچے شاعر کا مجموعہ جذبات ہے۔ میں نے دانستہ مجموعہ افکار کے بجائے مجموعہ جذبات کا لفظ لکھا ہے اور خود اپنے مجموعے کو میں یہی نام دینا پسند کروں گا، لیکن آپ کے ہاں تو جذبے مجھ سے کہیں زیادہ شدید ہیں۔

    آپ میں مجھ کو اپنی بھٹکی ہوئی روح ملتی ہے اس لیے ان نظموں میں اور زیادہ اپنائیت کا احساس پیدا ہوتا ہے۔ اس وقت تفصیل تو کیا دے سکتا ہوں، مجموعہ سامنے نہیں، لیکن آپ کے مختصر اور حسین پیش لفظ سے لے کر (جس کے سامنے میرا مقدمہ بیکار ہے) آخر تک دل کے مسوسنے کے کئی مقام آتے ہیں۔

    ہم نے اس عشق میں کیا کھویا ہے کیا پایا ہے
    جُز ترے غیر کو سمجھاؤں تو سمجھا نہ سکوں

    میں اس کے متعلق آپ کو بھی لکھوں گا اور کسی پرچے میں لکھنے یا لکھوانے کی کوشش کروں گا۔ ایک دوست کی کتاب کے طور پر نہیں بلکہ ایک ایسے مجموعے کے طور پر جس میں اس دور کی روح جھلکتی ہے، لیکن یہ بازیاب تو ہو لے۔ ریویو کے لیے ایک کتاب ماہ نامہ مہر نیم روز کو بھی بھیجیے جس کے ایڈیٹر ابوالخیر کشفی ہیں۔

    میرے بھائی آپ نے آل احمد سرور کے تبصرے کا ذکر تو کر دیا، لیکن اردو ادب تو یہاں کبھی بھی نہیں آتا۔ آپ کو دو باتوں میں سے ایک کرنی ہوگی اور ضرور کرنی ہوگی۔ یا تو اردو ادب کا پرچہ خرید کر بھجوا دیجیے۔ یا اپنے پرچے میں سے کٹنگ بھیج دیجیے یا اس کو نقل کرا دیجیے یا کر دیجیے، لیکن اس تبصرے کا مجھ تک پہنچنا ضروری ہے۔

    باقی کیا لکھوں۔ کنور صاحب کو سلام۔ ان کی غزل میں نے غالباً شاہراہ میں دیکھی تھی۔ بہت اچھی تھی۔ زبان بھی ہمارے مطلب کی تھی۔ شاہد مہدی صاحب چپ ہی سادھ گئے۔ وہ کیا کرتے ہیں؟ اور چوپال کیا چوپٹ ہو گیا؟ بڑا افسوس ہے۔ میں یہاں سرکاری ملازمت میں ہوں ورنہ آپ کی اس یادگار کو یہاں سے نکالتا اور وہ کام یاب رہتی۔

    اس امید میں خط بند کرتا ہوں کہ آپ جلد جواب لکھیں گے۔

    نوٹ: معروف ادیب، شاعر اور نقاد خلیل الرحمٰن اعظمی ترقی پسند تحریک سے وابستہ رہنے والی شخصیات میں نمایاں تھے۔

  • رضی اختر شوق نے کہا تھا، کل کسی اور نام سے آجائیں‌ گے!

    رضی اختر شوق نے کہا تھا، کل کسی اور نام سے آجائیں‌ گے!

    خواجہ رضی الحسن انصاری کو دنیائے ادب رضی اختر شوقؔ کے نام سے جانتی ہے۔

    انھیں جدید لب و لہجے کا شاعر مانا جاتا ہے۔ رضی اختر شوق نے اردو شاعری میں اپنے تخیل کو کچھ اس سلیقے سے برتا کہ ہم عصروں نے انھیں سراہا اور ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا۔ شائقین نے ان کے کلام کو پسند کیا اور ان کے متعدد اشعار زباں‌ زد عام ہوئے۔

    22 جنوری 1999 کو کراچی میں اردو زبان کے اس معروف شاعر کی زندگی کا سفر تمام ہوا۔ سہارن پور کے رضی الحسن انصاری نے ابتدائی تعلیم حیدرآباد دکن سے حاصل کی۔ جامعہ عثمانیہ سے گریجویشن کے بعد وہ پاکستان چلے آئے جہاں کراچی میں قیام و قرار کیا۔ اس شہر میں ایم اے کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے جامعہ کراچی کا رخ کیا اور امتحان پاس کرنے کے بعد ریڈیو پاکستان سے وابستہ ہوئے۔ اسٹوڈیو نمبر نو کے نام سے ریڈیو پر ان کے کئی ڈرامے سامعین کے لیے یادگار ثابت ہوئے۔

    رضی اختر شوق کا شمار ان شعرا میں کیا جاتا ہے جن کا کلام خوب صورت جذبوں اور لطیف احساسات سے آراستہ ہونے کے ساتھ بلند خیالی کا نمونہ ہے۔ ان کے شعری مجموعوں میں مرے موسم مرے خواب اور جست شامل ہیں۔

    رضی اختر شوق کا یہ شعر تو سبھی کو یاد ہے۔

    ہم روحِ سفر ہیں ہمیں ناموں سے نہ پہچان
    کل اور کسی نام سے آجائیں گے ہم لوگ

    ان کی ایک غزل دیکھیے۔

    اے خدا صبر دے مجھ کو نہ شکیبائی دے
    زخم وہ دے جو مری روح کو گہرائی دے

    خلقتِ شہر یونہی خوش ہے تو پھر یوں ہی سہی
    ان کو پتّھر دے، مجھے ظرفِ پذیرائی دے

    جو نگاہوں میں ہے کچھ اس سے سوا بھی دیکھوں
    یا اِن آنکھوں کو بجھا یا انہیں بینائی دے

    تہمتِ عشق تو اس شہر میں کیا دے گا کوئی
    کوئی اتنا بھی نہیں طعنہَ رسوائی دے

    مجھ کو اس شہر کی درماندہ خرامی سے الگ
    پھر مرے خواب دے اور پھر مری تنہائی دے

  • ایک خط سے جھلکتی فراق گورکھ پوری کی انکساری اور عاجزی

    ایک خط سے جھلکتی فراق گورکھ پوری کی انکساری اور عاجزی

    اردو ادب میں‌ مرزا غالب کے خطوط تو بہت مشہور ہیں، مگر ہندوستان کے دیگر مشہور و معروف تخلیق کاروں‌ کے خطوط بھی اپنے متن اور اسلوب کی وجہ سے نہایت اہم اور علمی و ادبی سرمایہ ہیں۔

    ہم یہاں‌ معروف ادیب، خاکہ نگار اور ’نقوش‘ کے مدیر محمد طفیل کے نام مشہور شاعر اور نقاد فراق گورکھ پوری کا ایک خط پیش کر رہے ہیں۔

    اس خط میں‌ جہاں‌ آپ ایک ہم عصر سے دوستانہ تعلق، شائستہ اور پُرلطف طرزِ تخاطب کا رنگ دیکھیں‌ گے، وہیں فراق کی انکساری اور عاجزی بھی قابلِ توجہ ہے۔

    محمد طفیل،
    4/8 بینک روڈ، الٰہ آباد
    12جون 1954

    برادرم تسلیم

    آپ نے یہ خط بڑے دنوں کے بعد لکھا اور عذر یہ کیا کہ مصروف رہا۔ مصروف کون نہیں ہوتا، مصروف تو وہ بھی ہوتا ہے جسے دنیا کا کوئی کام نہیں ہوتا۔

    میں نے جو آپ کے خطوں کے جواب میں اتنے اتنے لمبے خط لکھے، تو اس کا مطلب یہ ہوا کہ میں بالکل ہی بیکار تھا۔

    پہلے تو آپ کا خیال یہ تھا کہ میرے جوابات کی روشنی میں مجھ پر لکھیں گے۔ اب آپ کا یہ کہنا ہے کہ اگر اجازت ہو تو ان خطوط کو ہوبہو چھاپ دوں۔ میری طرف سے تو ان کی اشاعت کی اجازت ہے، اس دریافت کا بھی شکریہ کہ ان خطوں میں تاریخی مواد ہے اور انھیں حرف بہ حرف چھپنا چاہیے۔ آپ کو یاد ہو گا کہ دو ایک بار آپ نے لکھا تھا کہ میں نے بعض جگہوں پر بڑی رواداری میں لکھا ہے، بس ان با توں کا خیال رکھ لیجیے، لیکن یہ مت کیجیے گا کہ آپ مجھے انسان بھی نہ بننے دیں۔ میری کم زوریوں کا بھی اظہار ہونا ہی چاہیے۔

    اگر مجھے پہلے علم ہوتا کہ آپ میرے ہی خط چھاپیں گے، تو میں صرف اپنی کم زوریاں ہی کم زوریاں بیان کرتا۔ اس لیے کہ لوگ صرف اپنی خوبیاں ہی خوبیاں بیان کرتے ہیں۔ اگر آپ انڈیا آ رہے ہیں تو اس سے بڑھ کر اور کیا خوشی ہو گی، لیکن الٰہ آباد کا نام انڈیا نہیں ہے، اور یہ آپ نے لکھا نہیں کہ الٰہ آباد بھی آؤں گا۔ مجھے اپنے پروگرام سے مطلع کیجیے گا۔

    آپ کا
    فراق

  • کرامات

    کرامات

    لوٹا ہوا مال برآمد کرنے کے لیے پولیس نے چھاپے مارنے شروع کیے۔

    لوگ ڈر کے مارے لوٹا ہوا مال رات کے اندھیرے میں باہر پھینکنے لگے، کچھ ایسے بھی تھے جنھوں نے اپنا مال بھی موقع پا کر اپنے سے علیحدہ کردیا تاکہ قانونی گرفت سے بچے رہیں۔

    ایک آدمی کو بہت دقت پیش آئی۔ اس کے پاس شکر کی دو بوریاں تھیں جو اس نے پنساری کی دکان سے لوٹی تھیں۔ ایک تو وہ جوں کی توں رات کے اندھیرے میں پاس والے کنوئیں میں پھینک آیا لیکن جب دوسری اٹھا کر اس میں ڈالنے لگا تو خود بھی ساتھ چلا گیا۔

    شور سن کر لوگ اکھٹے ہوگئے۔ کنوئیں میں رسیاں ڈالی گئیں۔

    دو جوان نیچے اترے اور اس آدمی کو باہر نکال لیا، لیکن چند گھنٹوں کے بعد وہ مرگیا۔

    دوسرے دن جب لوگوں نے استعمال کے لیے اس کنوئیں میں سے پانی نکالا تو وہ میٹھا تھا!

    اسی رات اس آدمی کی قبر پر دیے جل رہے تھے۔

    مصنّف : سعادت حسن منٹو

  • مجذوب کا کہا سچ ہوا!

    مجذوب کا کہا سچ ہوا!

    میں مدرسۂ دینیات کے وظیفے کی تگ و دو میں تھا اور نواب صدر یار جنگ، صدر الصدور امورِ مذہبی کے بنگلے پر چکر لگاتا تھا۔ ان کا بنگہ خیریت آباد (حیدر آباد دکن) میں تھا۔

    ایک دن علی الصباح میں نواب صد یار جنگ سے ملنے خیریت آباد اپنی سائیکل پر جا رہا تھا کہ اسٹیشن کے قریب مجھے ایک شخص ملا جو ننگ دھڑنگ تھا۔

    اس نے میری سائیکل کے سامنے کھڑے ہو کر سائیکل روک لی۔ پھر نہایت درشت لہجے میں مجھ سے پوچھا کہاں جارہا ہے؟ میں نے جواب دیا نواب صدر یار جنگ سے ملنے۔ اس نے کہا کہ ان کا نام تو ہمارے یہاں سے کٹ گیا ہے۔ میں نے کہا۔ تمھارے یہاں سے کٹا ہو گا، مگر ہمارے یہاں سے نہیں۔ اس نے کہا تمھارے یہاں سے بھی چھے ماہ میں کٹ جائے گا۔

    یہ کہہ کر وہ سڑک کے ایک کنارے ہو گیا اور میں نے اپنا راستہ لیا۔ میں راستے میں اسے دیوانے کی بڑ سمجھتا رہا اور مجذوب کی اس بات کو بھول گیا۔ اس بات کو چھے ماہ گزرے ہوں گے کہ نواب لطفُ الدّولہ، صدر المہام امورِ مذہبی ہوئے۔ پہلے تمام کاغذات اعلیٰ حضرت کی پیشی میں صدر الصدور پیش کرتا تھا، اب یہ کاغذات بتوسط صدر المہام پیش ہونے لگے۔

    نواب صدر یار جنگ کے اختیار میں زوال آنا شروع ہوا۔ کہتے ہیں کہ نواب لطفُ الدولہ اور نواب صدر یار جنگ میں چلی ہوئی تھی۔ یہ اختلافات وسیع ہوتے چلے گئے۔ اگر نواب صدر یار جنگ دن کو دن کہتے تو وہ رات۔ اس صورتِ حال نے نواب صدر یار جنگ کو دل شکستہ کر دیا۔

    یہ واقعہ اعجاز الحق قدوسی نے اپنی یادداشتوں پر مبنی کتاب میں رقم کیا ہے۔ مجذوب سے ملاقات کے بعد انھوں نے وہی کچھ دیکھا جو اس نے بیان کیا تھا۔ یعنی لگ بھگ چھے ماہ بعد صدر یار جنگ عہدے پر نہ رہے۔ دونوں کے مابین اختلافات کا نتیجہ یہ نکلا کہ صدر یار جنگ مستعفی ہو کر اپنے وطن حبیب گنج چلے گئے۔

  • کیفی اعظمی: رومان پرور گیتوں‌ سے انقلابی نظموں‌ تک

    کیفی اعظمی: رومان پرور گیتوں‌ سے انقلابی نظموں‌ تک

    مشہور شاعر کیفی اعظمی کے سریلے گیتوں، غزلوں‌ اور لطیف جذبات سے آراستہ نظموں کے دیوانے آج ان کا یومِ پیدائش منا رہے ہیں۔

    سید اطہر حسین رضوی ان کا اصل نام تھا۔ وجہِ شہرت شاعری اور قلمی نام کیفی اعظمی سے معروف ہیں۔

      1919 کو بھارت کے شہر اعظم گڑھ میں پیدا ہونے والے کیفی اعظمی نے 11 برس کی عمر ہی میں شاعری شروع کر دی تھی۔ زندگی کا پہلا مشاعرہ پڑھنے کا موقع ملا تو سبھی کی توجہ حاصل کر لی۔ اس دور میں‌ یہ شعر ان کی شناخت بنا۔

    مدت کے بعد اس نے جو الفت سے نظر کی
    جی خوش تو ہو گیا مگر آنسو نکل پڑے

    غور و فکر کی عادت اور مطالعے کے شوق نے انھیں دنیا بھر کا ادب پڑھنے، مختلف نظریات اور تحریکوں سے آگاہی کا موقع دیا اور انھوں نے بامقصد تخلیق کو اہمیت دی۔ جلد ہی اشتراکیت اور کارل مارکس سے شناسائی ہو گئی۔ وہ ان تخلیق کاروں میں سے ایک ہیں جو ترقی پسند تحریک سے وابستہ رہے۔

    کیفی اعظمی کی غزلیں اور نظمیں جہاں انھیں اردو زبان کے ایک رومان پرور شاعر کے طور پر متعارف کرواتی ہیں، وہیں ان کی شاعری میں انسان دوستی کا رنگ بھی ہے اور ان کے کلام سے ان کی انقلابی فکر کا اظہار بھی ہوتا ہے۔

    وہ ظلم و جبر کے خلاف اپنی تخلیقات ہی کے ذریعے آواز نہیں اٹھاتے رہے بلکہ میدانِ عمل میں بھی پیش پیش رہے۔ کیفی اعظمی مزدور تحریک کا حصہ بنے، کمیونسٹ پارٹی کے رکن کے طور پر سرگرم رہے اور صحافت بھی کی۔

    فلم کے لیے گیت نگاری کے علاوہ صحافت بھی کیفی اعظمی کا ایک حوالہ ہے۔ ان کی غزلوں اور نظموں کی مقبولیت کی اصل وجہ جذبات کی فراوانی کے ساتھ خوب صورت الفاظ کا انتخاب اور منفرد لہجہ ہے جس میں انقلابی فکر اور باغیانہ ترنگ بھی شامل ہے۔ کیفی اعظمی 10 مئی 2002 کو اس دنیا سے رخصت ہوئے۔ ان کے کلام سے چند جھلکیاں پیشِ خدمت ہیں۔

    تم  اتنا  جو مسکرا  رہے  ہو
    کیا غم ہے جس کو چھپارہے ہو
    آنکھوں میں نمی ہنسی لبوں پر
    کیا حال ہے، کیا  دکھا رہے ہو
    بن جائیں گے زہر پیتے پیتے
    یہ  اشک جو پیتے  جا رہے ہو
    ریکھاؤں  کا  کھیل  ہے  مقدر
    ریکھاؤں سے مات کھا رہے ہو

    یہ گیت آپ نے بھی سنا ہو گا۔

    جھکی جھکی سی نظر بے قرار ہے کہ نہیں
    دبا دبا سا  سہی دل میں پیار  ہے کہ نہیں
    تو اپنے دل کی جواں دھڑکنوں کو گن کے بتا
    مری طرح ترا دل بے قرار  ہے کہ نہیں
    وہ پل کہ جس میں محبت جوان ہوتی ہے
    اُس ایک پل کا تجھے انتظار ہے کہ نہیں

  • آدمی ہی سب میں بُرا ہے

    آدمی ہی سب میں بُرا ہے

    اردو زبان کا کوئی بڑا شاعر ایسا نہیں‌ جو جوشؔ ملیح آبادی سے متاثر نہ ہو۔ اپنے تخلیقی جوہر اور معنویت کے اعتبار سے جوشؔ صاحب کا کلام اردو شاعری کی تاریخ میں درخشاں باب کی حیثیت رکھتا ہے۔

    اس قادرالکلام شاعر کے رفقا اور دیگر ملاقاتی بھی شاعری کے علاوہ مختلف موضوعات پر جوش صاحب سے گفتگو کرکے خوشی محسوس کرتے تھے۔ اسی طرح‌ ہم عصروں اور رفتگاں کے کلام پر بھی ان کی رائے کو بہت اہم سمجھا جاتا تھا۔

    معروف ادیب، مورخ‌، محقق اور انشا پرداز اعجاز الحق قدوسی نے بھی جوش صاحب سے ایک سوال کیا تھا جس کی تفصیل انھوں‌ نے اپنی یادداشتوں‌ پر مبنی کتاب میں‌ یوں‌ بیان کی ہے۔

    جوش ملیح آبادی کی قوتِ مشاہدہ نہایت وسیع اور ہمہ گیر تھی۔

    ایک دن میں نے ان کی قوتِ مشاہدہ کی تعریف کی تو کہنے لگے۔

    قدوسی، شاید تمھیں یقین نہ آئے، مگر حقیقت یہ ہے کہ راہ میں ذرّات تک مجھے آواز دیتے ہیں کہ خدا کے لیے مجھے نظم کر جائیے۔

    ایک دن میں نے پوچھا کہ آپ کے نزدیک اردو کا سب سے بڑا شاعر کون ہے۔ ذرا اس کی وضاحت کیجیے۔ وہ بولے۔

    نظیر اکبر آبادی کہ اس کی شاعری عوام کی ترجمان ہے اور زندگی کے مختلف پہلوؤں کی عکاسی کرتی ہے۔ اب دیکھیے وہ انسانیت کی حقیقت کو کس طرح اور کس دل کش انداز میں بیان کرتا ہے۔

    اور سب میں جو برا ہے سو ہے وہ بھی آدمی

    پھر کہنے لگے۔ فارسی شاعری میں حافظ اور نظیری بھی اپنا جواب نہیں رکھتے۔

  • اللہ کے نافرمان بندے اور رزق، ایک حکایت

    اللہ کے نافرمان بندے اور رزق، ایک حکایت

    شیخ سعدی سے منسوب صدیوں پرانی یہ حکایت اور ایسے سبق آموز واقعات آج بھی ایک بہترین معاشرے اور خوب صورت سماج کی تشکیل میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

    یہ حکایت عدم برداشت کے اس دور میں خاص طور پر بااختیار افراد کو غور و فکر پر آمادہ کرتی ہے۔

    یہ ان چند نیک اور قابل لوگوں کا تذکرہ ہے جو میرے رفیق بھی تھے۔ ان کا ظاہر اور باطن ایک تھا۔ ان کی اسی خوبی کی وجہ سے ایک امیر نے ان کا وظیفہ مقرر کر دیا۔ یوں وہ روزی کمانے کی فکر اور اس حوالے سے جھگڑوں سے بچے ہوئے تھے۔

    ان کے شب و روز کسی محتاجی، تنگی کے بغیر نہایت عزت اور وقار سے گزر رہے تھے۔ پھر کچھ ایسا ہوا کہ ان میں سے ایک سے کچھ لغزش ہوئی اور وہ امیر ان سے بد ظن ہو گیا۔ اسے ان سبھی کے نیک اور شریف ہونے پر شبہہ ہوا اور اس نے ان کا وظیفہ بند کر دیا۔

    شیخ سعدی بیان کرتے ہیں کہ جب مجھے یہ معلوم ہوا تو میں نے امیر کے آگے اپنے ان رفقا کی صفائی پیش کرنے کا ارادہ کیا اور اس غرض سے ایک روز امیر کے درِ دولت پر پہنچا۔ اس کا دربان مجھے نہیں جانتا تھا، سو دروازے ہی سے لوٹنا پڑا۔ حسنِ اتفاق تھا کہ وہاں ایک شخص نے مجھے پہچان لیا اور یوں امیر تک رسائی ممکن ہوئی۔ امیر نے مجھے دیکھا تو خوشی کا اظہار کیا اور مسند پر خاص جگہ بیٹھنے کو کہا، لیکن میں عام صف میں بیٹھ گیا اور اس کی عنایتوں کا شکریہ ادا کر کے اپنے دوستوں کی بات چھیڑی۔

    اس گفتگو میں جب میں نے یہ کہا کہ اللہ پاک ہی رزق دینے والا ہے، وہ اپنے نافرمان بندوں کا رزق بھی بند نہیں کرتا، تو اس پر یہ بات اثر کر گئی۔ امیر کا دل پسیج گیا اور اس نے نہ صرف ان کا وظیفہ جاری کر دیا بلکہ پچھلے جتنے دنوں کا وظیفہ نہیں ملا تھا وہ بھی ادا کرنے کا حکم دے دیا۔ میں نے اس عالی ظرف کی بخشش کا شکریہ ادا کیا اور لوٹ آیا۔

    اس حکایت کا حاصل یہ ہے کہ امرا کو اپنے مرتبے اور منصب کا ہر حالت میں لحاظ کرنا چاہیے۔ ان کو معمولی باتیں نظر انداز کرنے اور اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی لگن ہونی چاہیے۔ معاشرے کے مستحق لوگوں کی امداد اس سے مشروط نہ ہو کہ امداد لینے والا شخص کامل ہو۔ انسان سے کبھی بھی، کسی قسم کی خطا، کوتاہی ہو سکتی ہے۔ تب غور کرنا چاہیے کہ اللہ تعالیٰ بھی اپنے نافرمان بندوں کو برابر روزی پہنچاتا ہے اور جو ان کے مقدر میں لکھا ہو اس میں کوئی کمی نہیں کرتا۔

  • سیمنٹ فیکٹری کا ملازم عبداللہ حسین

    سیمنٹ فیکٹری کا ملازم عبداللہ حسین

    عبداللہ حسین کا نام اردو ادب میں بطور فکشن نگار ہمیشہ زندہ رہے گا۔

    اداس نسلیں اور باگھ جیسے مقبول ناولوں کے خالق 84 سال کی عمر میں یہ دنیا چھوڑ گئے تھے۔ ان کے تخلیقی سفر کی ابتدا اور قلم سے تعلق کی کہانی بہت دل چسپ ہے۔ یہ قصہ انھوں‌ نے ایک علمی اور ادبی محفل میں حاضرین کے سامنے یوں بیان کیا تھا۔

    مجھے پہلی ملازمت ملی اور میں کام پر گیا تو وہاں روزانہ چھے، آٹھ گھنٹے ایسے ہوتے تھے، جن میں کوئی کام نہیں ہوتا تھا۔

    یہ بات جان لیں کہ جہاں سیمنٹ فیکٹری ہوتی ہے، وہ ایک مکمل سنگلاخ یا پہاڑی علاقہ ہوتا ہے اور ایسا ویران کہ عام طور پر درخت تک نہیں ہوتے۔ چند دن یونہی گزر گئے، پھر میں نے سوچا کہ کچھ لکھنا چاہیے، لکھنے بیٹھا تو خیال آیا کہ کہانی لکھوں۔ کہانی شروع کی اور کہانی چلی تو چلتی چلی گئی اور مجھے لگا کہ میں نے ایک مصیبت گلے میں ڈال لی ہے، خیر میں نے سوچا کہ دیکھتے ہیں یہ کہاں تک جاتی ہے اور وہ بڑھتے بڑھتے سیکڑوں صفحوں پر پھیل گئی۔ جب اسے پڑھا اور دیکھا تو خیال ہوا کہ یہ تو ناول سا بن گیا ہے اور اچھا بھی لگ رہا ہے۔

    لاہور میں چار جاننے والوں سے بات کی تو انھوں نے کتابیں چھاپنے والے ادارے کا بتایا۔ میں نے جا کر ناول ان کو دے دیا، انھوں کہا چند ہفتوں میں بتاتے ہیں کہ چھاپیں گے یا نہیں۔ میں نے کہا ٹھیک ہے۔ چند ہفتوں بعد معلوم کیا تو انھوں نے بتایا کہ ناول تو ٹھیک ہے اور ہم چھاپیں گے بھی، لیکن مسئلہ یہ ہے کہ آپ کو کوئی جانتا نہیں۔ اس لیے پہلے آپ کچھ کہانیاں لکھ کر دیں، ہم انھیں چھاپیں گے، اس طرح لوگ آپ کو جاننے لگیں گے اور پھر ہم اس ناول کو چھاپ دیں گے۔

    میں نے انھیں کہانی لکھ کر دی۔ یہ کہانی ‘‘ندی’’ کے نام سے ان کے رسالے سویرا میں چھپی۔ اس کے بعد میں نے ان سے جا کر پوچھا کہ اور کہانی کب دینی ہے تو انھوں نے کہا اس کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ چاہیں تو اور لکھیں، نہ چاہیں تو نہ لکھیں۔ ناول کی اشاعت کے لیے جتنی پہچان چاہیے وہ تو اس ایک کہانی نے ہی آپ کو دلا دی ہے۔ اس طرح ناول چھپ گیا۔

    یہ بات تو بعد میں پتا چلی کہ جب میں انھیں ناول دیا تو انھوں نے اسے حنیف رامے، محمد سلیم الرحمٰن اور صلاح الدین کو پڑھنے کے لیے دیا اور انھوں نے رائے دی تھی کہ ناول اچھا ہے، اسے چھپنا چاہیے۔

    اپنے انگریزی ناول کے بارے میں انھوں بتایا کہ جب وہ لندن گئے اور وہاں ایک بار لے لیا تو ان لوگوں کے بارے میں لکھنے کا سوچا جو ہمارے ہاں سے غیر قانونی طور پر جاتے ہیں اور پھر وہاں چھپ کر رہتے ہیں۔

    لندن میں ان کے بار میں ایسے لوگ بھی آتے تھے جن کا ادب، آرٹ اور فلم وغیرہ سے تعلق تھا۔ انھوں نے بتایا، ایک نوجوان ڈائریکٹر، جو خاصا نام بنا چکا تھا، اس نے ایک رسالے پر میری تصویر دیکھی تو پوچھا کہ یہ تصویر کیوں چھپی ہے، میں نے اسے بتایا کہ یہ ادبی رسالہ ہے اور میں ادیب ہوں۔

    اس نے یہ سنا تو مجھ سے میری تخلیقات اور موضوعات کے بارے میں تفصیل سے بات کی۔ میں نے بتایا کہ ان دنوں ایک ناولٹ بھی لکھ رہا ہوں۔ اس کے پوچھنے پر میں نے مختصراً کہانی بھی بتا دی۔ ڈائریکٹر نے مجھ سے ایک صفحے کا سناپسس لکھوایا اور فلم ساز کے پاس لے گیا۔ اسے کہانی پسند آئی اور یوں اس پر فیچر فلم بن گئی۔