Tag: اردو اقتباس

  • جب ایک پاکستانی مصوّر نے بھوک مٹانے کے لیے تصویری زبان کا سہارا لیا

    جب ایک پاکستانی مصوّر نے بھوک مٹانے کے لیے تصویری زبان کا سہارا لیا

    انسان نے جب اپنی عقل اور سوجھ بوجھ سے کام لے کر زمین پر اپنے ہی جیسے دوسرے انسانوں سے اپنا مافی الضمیر بیان کرنا چاہا تو ابتداً لکیروں اور مختلف نشانیوں کا سہارا لیا اور پھر تصویریں بنانے لگا پھر تحریر کا سلسلہ شروع ہوا۔ آج اگر ہم بیرونِ ملک جائیں یا ایسے مقام پر ہوں جہاں کوئی ہماری مادری زبان نہ سمجھتا ہو تو اپنی بات اسے سمجھانا کتنا مشکل ہوگا، اس کا اندازہ آپ کر ہی سکتے ہیں۔

    اردو ادب اور مشاہیر سے متعلق تحریریں پڑھیں

    عطاء اللہ پالوی اردو کے ایک ایسے نثر نگار گزرے ہیں جنھوں نے علمی و ادبی موضوعات پر کئی مضامین اور کتب یادگار چھوڑی ہیں جو مصنف کے فلسفیانہ اور تنقیدی شعور کے ساتھ مذہبی رجحان، قرآن فہمی اور دینی تعلیمات میں غور و فکر کا نمونہ ہیں۔ وہ ایک صاحبِ مطالعہ ادیب تھے اور تاریخ و مذہب، سوانح و ادبی تذکرہ نویسی میں پہچان بنائی۔ وہ 1913 میں پیدا ہوئے تھے اور 1998 میں انتقال کیا۔ انھوں نے اپنی کتاب مشاطہ گانِ ادب میں زبان سے ناواقفیت کا ایک دل چسپ واقعہ رقم کیا ہے جو پاکستان کے ممتاز مصور زین العابدین کے اسپین میں قیام سے متعلق ہے۔ ملاحظہ کیجیے:

    نشانوں اور لکیروں نے ہی ترقی کر کے تحریر کی طرف قدم بڑھایا ۔ انسان کی پہلی تحریر بڑی سادہ اور بچوں جیسی تھی۔ اُس نے اپنا مطلب بیان کرنے کے لئے تصویریں بنانی شروع کیں۔ اس کو تصویری خط پکٹوریل (PICTORIAL) یا تصویری زبان ہیروگلی فکس (HIEROGLYPHICS) کہتے ہیں۔ تصویر کشی یا مرقع نویسی، دنیا میں انسان کی سب سے پہلی تحریر یا تصویری زبان ہے۔ اور اس تصویری تحریر یا تصویر کی زبان استعمال کرنے کی منزل سے، اگر چہ انسان، عرصہ دراز گزرا کہ ترقی کر کے بہت آگے بڑھ گیا ہے، مگر یہ تصویری زبان، اب بھی رائج اور کارفرما ہے۔

    مسٹر زین العابدین، پاکستان کے دوسرے نامور مصور ہیں۔ انھوں نے اپنے سفرِ اسپین کی روداد، رسالہ ماہِ نو، کراچی کے اگست نمبر1955ء میں شائع کرایا تھا۔ انھوں نے لکھا تھا کہ مجھے ایک اہم ضرورت سے اسپین جانا پڑا۔ ہوٹل میں اوپر سامان رکھنے کے بعد، نیچے کھانے کے لئے گئے۔ ہوٹل کے ویٹر صرف فرانسیسی اور اسپینی زبانیں بولتے تھے اور زین العابدین صاحب ان دونوں زبانوں سے ناواقف تھے۔ اب مصیبت ہو گئی۔ ویٹر ان کے پاس آتے تھے اور اپنی زبان میں سوال کر کے آرڈر لینا چاہتے تھے۔ جواب نہ ملنے پر واپس چلے جاتے تھے۔ زین العابدین صاحب نے لکھا ہے کہ بغل کے ٹیبل پر ایک صاحب مچھلی کھا رہے تھے۔ میں نے سوچا کہ ویٹر کو اس کی شکل دکھا کر مچھلی ہی منگا کے کھا لوں۔

    مگر جب تک ویٹر آوے آوے، وہ صاحب مچھلی کا آخری لقمہ بھی منہ میں ڈال چکے تھے۔ ناچار خاموش رہے اور سوچتے رہے کہ اس صورت حال میں تو پاکستان واپس چلا جانا ہو گا۔ کیونکہ یہ دقت ہر جگہ ہو گی اور بالخصوص جب کھانا ہی نہیں مل سکے گا تو یہاں رہا کیسے جا سکتا ہے؟

    ایک ذہین معمر ویٹر جب ان کے پاس آرڈر لینے کے لئے آیا اور اس کو سوال کا جواب اسپینی اور فرانسیسی دونوں زبانوں میں نہ ملا تو وہ سمجھ گیا کہ مسافر فرانسیسی اور اسپینی زبانیں نہیں جانتا اور اُس کو کھانا ملنا بھی چاہیے، لہٰذا اس نے منیجر کے پاس جا کر اس کو صورت حال سے آگاہ کیا۔ تجربہ کار منیجر نے ویٹر سے کہا کہ اس مسافر کو باورچی خانہ میں لے جاؤ اور سب کھانے دکھاؤ اور جس جس چیز کو وہ پسند کرے، وہ اس کو دی جائے۔ چنانچہ وہ زین العابدین صاحب کو باورچی خانہ میں لے گیا۔ وہاں سب عورتیں ہی عورتیں تھیں۔ ویٹر کے صورت حال سمجھانے پر وہ سب کھل کھلا کے ہنس پڑیں، جس سے زین العابدین صاحب کو گُونہ خفت محسوس ہوئی مگر اسے برداشت کرنا ہی پڑا۔

    آخر کھانے سب دکھائے گئے اور جنہیں انھوں نے پسند کیا وہ ان کے سامنے پیش کیے گئے۔ اُس وقت تو کھانے کا مسئلہ یوں حل ہو گیا، مگر وہ بیچارے پریشان تھے کہ اس طرح کب تک اور کہاں کہاں کام چلے گا؟ بالآخر انہیں یکایک خیال آیا کہ تصویری زبان میں کیوں نہ بات کی جائے؟

    چنانچہ اس کے بعد جب وہ کھانے کی میز پر جاتے تو پنسل اور کاغذ ساتھ لے جاتے اور جو جو چیزیں چاہتے تھے، اس کی تصویریں بنا دیتے تھے۔ مثلاً بوائلڈ انڈہ طلب کرنا ہوا تو مرغی کی تصویر بنائی۔ اس کے پاس انڈے کی تصویر بنائی۔ اس کے سامنے چولھا کی تصویر بنائی اور اس پر پانی کو اُبلتے دکھا کے، انڈے کو اس میں کھولتے دکھاتے تھے۔ ویٹر مسکرا کر ان کے لئے ابالے ہوئے انڈے لے آتا تھا، یا گوشت منگوانا ہوا تو خصّی کی ران اور چولھا کی تصویر بنائی اور تیر کے ذریعہ اس کو چولھے کی طرف لے گئے اور دیگچی میں پکتے دکھایا۔ اس تصویری زبان کو دیکھنے اور مزہ لینے کے لئے ہر کھانے کے وقت متعدد ویٹر ان کے پاس اکٹھے ہو جاتے تھے اور دو ایک اور گاہک بھی وہاں پر تماشا دیکھنے آجاتے، اور ان میں سے کوئی نہ کوئی انگریزی زبان جاننے والا اُن کو مل جاتا تھا۔ انہوں نے لکھا ہے کہ مجھے جو کام تھا اور جتنے دن کا کام تھا، میں نے ہر جگہ اسی ’تصویری زبان‘ کو استعمال کیا اور اس موقع سے کوئی نہ کوئی انگریزی داں مجھے مل جاتا تھا۔ یہاں تک کہ میں اپنا کام پورا کر کے کراچی واپس آیا۔ اس طور پر ساری ترقیوں کے باوجود اب بھی تصویری زبان سے انسان کام لے رہا ہے اور یہ زبان اب بھی زندہ ہے اور شاید ہمیشہ زندہ رہے گی۔

  • دلّی والے اور برسات

    دلّی والے اور برسات

    اب ہم نشیں میں روؤں کیا اگلی صبحوں کو
    بن بن کے کھیل ایسے لاکھوں بگڑ گئی ہیں

    جن وقتوں کا یہ ذکر ہے، ان کو بیتے 50 سال سے اوپر ہوئے، ہر چند کہ ’غدر‘ کے بعد دلّی والوں کی قسمت میں زوال آگیا تھا اور مصائب و آلام نے ان کو گھروں سے بے گھر کر دیا تھا، مگر اَمی جَمی ہو جانے پر ان کی فطری زندہ دلی پھر کے سے ابھر آئی۔

    بے شک وقت اور حالات نے ان سے سب کچھ چھین لیا تھا، لیکن ان کے طور طریق، ان کا رکھ رکھاؤ، ان کی قدیم روایات، ان کا ہنسنا بولنا اور ان کی وضع داریاں ان کے سینوں سے لگی رہیں، مگر یہ سب باتیں بھی انھی لوگوں کے دم قدم سے تھیں۔ جب نئی تعلیم اور نئی تہذیب نے نئی نئی صورتوں کے جلو میں اپنی جوت دکھائی تو ’شاہ جہاں آباد‘ کے وہ سدا بہار پھول کملانے لگے۔ ان وقتوں میں دلّی والے اپنی زندگی ہنس بول کر گزارتے تھے۔ سال کا ہر موسم اور مہینے کا ہر روز ان کے لیے خوشی کا ایک نیا پیغام لاتا تھا۔ آندھی جائے، مینہ جائے ان کو خوش رہنے اور خوش رکھنے سے کام۔

    یادش بخیر، مینہ کا ذکر آیا، تو برسات کے وہ سہانے سمے آنکھوں کے سامنے پھر گئے۔ آج کی دہلی دیکھیے تو زمین آسمان کا فرق…! اب کی باتیں تو خیر جانے دیجیے کہ اس زمانے میں خوش وقتی کا جو ہدڑا بنا ہے وہ ہر بھلے مانس کو معلوم ہے۔ آئیے ذرا دیکھیں کہ ان مبارک دنوں میں دلّی والے برسات کو کس طرح مناتے تھے۔

    جیٹھ بیساکھ کی قیامت خیز گرمیاں رخصت ہوئیں، اب برسات کی آمد آمد ہے۔ بہنوں کو سسرال آئے ہوئے مہینوں گزر گئے اور ان کی آنکھیں میکے کے کاجل کے لیے تڑپ رہی ہیں۔ نیم میں نبولیاں پکتی دیکھ کر ان کو میکہ یاد آ رہا ہے اور وہ چپکے چپکے گنگناتی ہیں۔

    نیم کی نمبولی پکی، ساون بھی اب آوے گا
    جیوے میری ماں کا جایا، ڈولی بھیج بلاوے گا

    لیجیے یہ وقت بھی آگیا، ساون کی اندھیری جھکی ہوئی ہے۔ لال کالی آندھیاں چل رہی ہیں۔ خاک اور ہوا کا وہ زور کہ الامان الحفیظ! آخر مینہ برسنا شروع ہوا، خاک دب گئی ہے اور پچھلے مہینوں گرمی نے جو آفت ڈھائی تھی، اس سے خدا خدا کر کے چھٹکارا ملا۔ بارش کے دو چار ہی چھینٹوں نے ہر شے میں نئی زندگی پیدا کر دی ہے۔ لوؤں کے تھپیڑوں سے جھلسے ہوئے درخت اور پودے جو سوکھ کر کھڑنک ہوگئے تھے، اب پھر ہرے بھرے ہو گئے ہیں۔ اونچے اونچے پیڑوں کی ٹہنیاں خوشی سے جھوم رہی ہیں، جہاں تک نظر جاتی ہے، مخملی فرش بچھا ہوا ہے۔ دلّی والے، سیلانی پنچھی، گھڑی گھڑی آسمان کو دیکھتے ہیں اور دل میں کہہ رہے ہیں۔

    کبھی ساون کی جھڑی اور کبھی بھادوں برسے
    ایسا برسے میرے اللہ کہ چھاجوں برسے

    (اردو زبان کے ممتاز افسانہ نگار، ڈراما نویس اور مترجم صادق الخیری کے مضمون سے اقتباسات جو 1939ء میں لکھا گیا تھا)

  • ہمیں ستارہ شناس نگاہوں کی ضرورت ہے!

    ہمیں ستارہ شناس نگاہوں کی ضرورت ہے!

    سعادت حسن منٹو افسانہ نگاری کےساتھ فلم کی دنیا میں بطور لکھاری بھی مصروف رہے اور ہندوستان کے بڑے نگار خانوں سے وابستگی کے دوران انھوں نے فلم اور فلم سازی کو جس طرح سمجھا اسے اپنے مضامین کی شکل میں پیش کیا۔ ان کی ایک تحریر ہندوستانی صنعت فلم سازی پر ایک نظر کے عنوان شایع ہوئی تھی۔ اسی مضمون سے یہ اقتباس پیش خدمت ہے۔

    تیس برس سے ہالی ووڈ کے اربابِ فکر اس بات کا فیصلہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ فلم سازی میں اسٹار کو زیادہ اہمیت حاصل ہے یا خود فلم کو۔

    اس مسئلے پر اس قدر بحث کی جا چکی ہے کہ اب اس کے تصور ہی سے الجھن ہونے لگتی ہے۔ آخر متذکرہ صدر سوال کا فیصلہ کن جواب کیا ہو سکتا ہے۔ سوائے اس کے یہ سوال سن کر یوں کہہ دیا جائے، ’’کیا فرمایا آپ نے؟‘‘ مرغی پہلے پیدا ہوئی یا انڈا؟ اگر اس کا جواب کچھ ہو سکتا ہے تو یقیناً اس سوال کا جواب بھی مل جائے گا کہ اسٹار زیادہ اہمیت رکھتا ہے یا خود فلم۔

    فرینک کیپرا کولمبیا
    فلم کمپنی کے ماہرِ فن ڈائریکٹر نے حال ہی میں اس مسئلے پر اپنے افکار انگریزی اخبارات میں شائع کئے ہیں۔ مسٹر کیپرا کہتے ہیں، ’’میں ان لوگوں کا ہم خیال ہوں جو فلم کو سب سے اہم سمجھتے ہیں۔ فلم، اسٹار بناتے ہیں اور درخشاں سے درخشاں ستارہ کمزور یا برے فلم کو ناکامی سے بچانے میں کامیاب نہیں ہو سکتا۔‘‘ تجربے سے یہی ظاہر ہوتا ہے کہ فلم ستارہ ساز ہے اور ستارے کمزور فلم کو تابانی نہیں بخش سکتے، مگر ہمارے یا مسٹر کیپرا کے خیال سے سب متفق نہیں ہو سکتے۔ ایسے سیکڑوں اصحاب موجود ہوں گے جو اپنے نظریے کے جواز میں اور مسٹر کیپرا کے نظریے کے ابطال میں ٹھوس دلائل و براہین پیش کر سکتے ہیں۔

    اس ضمن میں سب سے زیادہ قابل غور بات یہ ہے کہ ستارے کیوں کر بنتے ہیں یا وہ کون سی چیز ہے جو ستارے بناتی ہے؟

    مسٹر کیپرا نے اس سوال کا جواب نہایت دلچسپ انداز میں دیا۔ آپ کہتے ہیں، ’’اگر دنیا کے تمام پروڈیوسر اپنا سرمایہ جمع کر کے میرے حوالے کر دیں (جو یقیناً کافی و وافی ہوگا) اور مجھ سے یہ کہیں کہ ہمارے فلمی آسمان کے لئے تین ستارے چن کر لا دو، تو میں یقیناً خالی الذہن ہو جاؤں گا۔ اس لئے کہ مجھے وہ جگہ معلوم ہی نہیں۔ جہاں سے یہ ستارے مل سکتے ہیں۔‘‘

    خاموش فلموں کے زمانے میں ہالی ووڈ کے آسمان فلم کے لئے ستارے عام طور پر ہوٹلوں، کارخانوں اور دفتروں وغیرہ سے آتے تھے، لیکن اب فلموں کی خاموشی تکلم میں تبدیل ہو چکی ہے اور اس صنعت کو کافی فروغ حاصل ہو چکا ہے۔ ستاروں کی سپلائی بہت کم ہو گئی ہے۔ ہمارے یہاں صنعت فلم سازی کے آغاز میں قحبہ خانے تھیٹر اور چکلے ستارے مہیا کیا کرتے تھے اور اب کہ ہماری صنعت کو کسی قدر فروغ حاصل ہوا ہے، علمی طبقے نے بھی ہمارے فلمی آسمان کے لئے ستارے پیش کرنے شروع کئے ہیں اور مستقبل بعید یا مستقبل قریب میں ایک ایسا وقت آئے گا، جب ہالی ووڈ کی طرح یہاں بھی ستاروں کی سپلائی کم ہو جائے گی۔ مگر ہم یہ سوچ رہے تھے کہ وہ کون سی شے ہے جو ستارے بناتی ہے؟

    مسٹر فرینک کیپرا کی (جن کی ڈائریکشن میں ہالی ووڈ کے بڑے بڑے نامور ستارے کام کر چکے ہیں) رائے ہے کہ کرداروں کی صحیح تقسیم (یعنی موزوں و مناسب کاسٹ) ستارے بناتی ہے۔ ان کے نظریے کے اعتبار سے چینی آدمی کا روپ صرف چینی ہی بطریق احسن دھار سکتا ہے اور لنگڑے یا کبڑے آدمی کا پارٹ صرف لنگڑا یا کبڑا آدمی ہی خوبی سے ادا کر سکتا ہے۔ ہمیں مسٹر کیپرا کے اس نظریے سے اتفاق ہے۔ اسکرین پر کسی کیریکٹر کی ادائیگی کے لئے اتنا ہی زیادہ انہیں کامیابی کا موقع ملے گا، جس آسانی سے ہم اور آپ اپنے آپ یعنی اپنے اصل کو پیش کر سکتے ہیں۔ اس آسانی سے ہم کسی اور کی نقل نہیں کر سکتے جہاں تصنع اور بناوٹ کو دخل ہوگا وہاں اصلیت برقرار نہیں رہ سکتی۔

    اس نظریے کے جواز میں مسٹر فرینک کیپرا نے بہت سی مثالیں پیش کی ہیں، جن میں سے ایک گیری کو پر کی ہے۔ آپ کہتے ہیں، گیری کوپر اسکرین پر اپنے آپ کو اصلی رنگوں میں پیش کرتا ہے اور چونکہ وہ ایک خوش ذوق، عالی خیال اور صاحب فہم انسان ہے، اسی لئے وہ اپنی کوششوں میں کامیاب رہتا ہے۔

    ہم یہ کہہ رہے تھے کہ موزوں و مناسب کاسٹ ستارے بناتی ہے، مگر یہ قطعی اور آخری فیصلہ نہیں ہے۔ اس لئے کہ صرف کاسٹ کا موزوں و مناسب ہونا ہی کسی فلم کو کامیاب نہیں بنا سکتا۔ فلم کی کامیابی کے لئے اور بہت سی چیزوں کی ضرورت ہے جن کو آپ بخوبی سمجھتے ہوں گے۔ مختصر الفاظ میں یوں کہا جا سکتا ہے کہ جب تک مشینری کے سب پرزے اپنی اپنی جگہ پر اچھا کام نہ کریں گے، فلم کامیاب نہیں ہو سکتا۔ کرداروں اور ٹیکنیشینوں کا باہمی اتحاد پکچر کی صحت کے لئے بہت ضروری ہے۔ جس طرح قیمتی سے قیمتی گھڑی ایک ٹک کرنے سے بھی انکار کر دیتی ہے، ا س لئے کہ اس کے کسی پرزے کے ساتھ میل کا ایک ننھا سا ذرہ چمٹا ہوتا ہے، ٹھیک اسی طرح قیمتی سے قیمتی فلم، ایک حقیر اور معمولی سی فروگزاشت یا غلطی کے باعث فیل ہو جاتے ہیں۔ صحیح کاسٹ ستارے بنانے میں دیگر عناصر سے کہیں زیادہ ممد و معاون ہے۔ آپ تھوڑی دیر کے غورو فکر کے بعد یقیناً ہمارے ہم نوا ہو جائیں گے، چنانچہ فلموں کو کامیاب بنانے اور ستارے پیدا کرنے کے لئے ہمیں ستارہ شناس نگاہوں کی ضرورت ہے۔

  • عمر کا چالیسواں برس اور مِڈ لائف کرائسس

    عمر کا چالیسواں برس اور مِڈ لائف کرائسس

    اشفاق احمد اور ان کی شریکِ سفر بانو قدسیہ کی باتیں، ان کی تخلیقات یعنی ناول اور آپ بیتیاں یا تذکرے ہماری زندگی کے مختلف ادوار، ہمارے شب و روز اور رشتوں ناتوں کی وہ جھلک ہیں جن میں ہم اپنا آپ اچھا یا برا جیسا ہو، دیکھ سکتے ہیں۔

    راہِ رواں بانو قدسیہ کی تصنیف ہے جسے ہم انہی دو شخصیات کے تعلق اور انمول یادوں کا عکس کہہ سکتے ہیں لیکن اس میں بیان کردہ واقعات، تجربات اور مشاہدات ہم سب کو کچھ نہ کچھ سیکھنے اور غور کرنے پر مجبور کردیتے ہیں۔ بانو قدسیہ کی اسی کتاب سے ایک پارہ آپ کے لیے نقل کیا جارہا ہے۔ ملاحظہ کیجیے:

    ہر انسان چالیس کے لگ بھگ پہنچ کر midlife کے (crisis) اور اس سے جنم لینی والی تبدیلیوں کا شکار ہو جاتا ہے۔ اس عمر کو پختگی کی عمر کہہ لیجیے لیکن یہی عمر ہے جب عام آدمی بڑی بڑی غلطیاں کرتا ہے۔ اور عمل میں نا پختگی کا ثبوت دیتا ہے۔

    تبدیلی کو خاموشی سے قبول نہ کرنے کی وجہ سے کئی بار انسان کا (image) سوسائٹی میں بالکل برباد ہو جاتا ہے۔

    پے در پے شادیاں، معاشقے، معیارِ زندگی کو بلند کرنے کے لیے دربدر کی ٹھوکریں، ماں باپ سے ہیجانی تصادم، اولاد سے بے توازن رابطہ غرضیکہ اس عہد کی تبدیلی میں زلزلے کی سی کیفیت ہوتی ہے۔

    آخری تبدیلی عموماً بڑھاپے کے ساتھ آتی ہے جب نہ اشیاء سے لگاؤ رہتا ہے، نہ انسانی رشتے ہی با معنی رہتے ہیں۔ اب اطمینانِ قلب صرف ذکرِ الٰہی سے حاصل ہوتا ہے لیکن یہ بھی نصیب کی بات ہے۔

  • جب مولانا عبد السلام نیازی نے دہریے اور ایک حاجی کی خبر لی!

    جب مولانا عبد السلام نیازی نے دہریے اور ایک حاجی کی خبر لی!

    مولانا عبد السلام نیازی اپنے وقت کے ایک بڑے مفکر و عالم، محقق، اور بزرگ شخصیت گزرے ہیں۔ مولانا سید ابو الاعلٰی مودودی، خواجہ حَسن نظامی، بابا غوث محمد یوسف شاہ تاجی اور جوش ملیح آبادی جیسی علمی، مذہبی و ادبی شخصیات نے ان سے استفادہ کیا۔ مولانا ابو الکلام آزاد، جواہر لعل نہرو، میر عثمان آف حیدر آباد دکن اور سر مسعود جیسے اکابر شرف یابی کے متمنی رہتے مگر کسی کو درخورِ اعتنا نہ گردانتے۔

    دنیا جہاں کے علوم گھوٹ پی رکھے تھے۔ متروک، غیر متروک زبانوں کے عالمِ بے بدل، حکمت، دین، تصوف، فقہ، ریاضی، ہیئت، تقویم، تنویم، موسیقی، راگ داری، نجوم، علم الانسان، علم الاجسام، علم البیان، معقول و منقول، علم الانساب، عروض و معروض ایسا کون سا علم تھا جہاں وہ حرفِ آخر نہ تھے۔

    جوش صاحب تو مولانا نیازی کے منظور نظر رہے ہیں۔ جوش صاحب خود بھی مولانا کے بہت نیازمند ہوا کرتے تھے۔ مگر جب وہ الحاد کی باتیں کرنے لگتے تو مولانا کا ناریل چٹخ جاتا، کہتے کہ ’’جوش تمہارا دماغ شیطان کی کھڈی ہے۔‘‘

    ایک مرتبہ ایک صاحب نے باقاعدہ اپنی دہریت کا اعلان کر دیا۔ اب مولانا نیازی کا ناریل بڑے زور سے چٹخا۔ بولے ’’دہریہ آدمی یوں نہیں بن جاتا۔ اس کو بہت عالم فاضل ہونا چاہیے، تم کو نہ فلسفہ سے مس ہے، نہ منطق سے آشنا ہو۔ جاہلِ مطلق ہو، تم کیسے دہریے بن جاؤ گے۔ یہاں سے سدھاریے۔

    لوگوں کو معلوم تھا کہ مولانا کا ناریل جب چٹختا ہے تو دو تین بار سدھاریے کہتے ہیں اور پھر گالیوں کی بوچھاڑ کر دیتے ہیں۔ تو قبل اس کے کہ یہ مرحلہ آئے وہ صاحب سر پہ پاؤں رکھ کر بھاگ کھڑے ہوئے۔

    خواجہ حسن نظامی نے ایک مرتبہ ان سے فرمائش کی کہ تصوف پر کتاب لکھیے۔ انھوں نے یہ پیش کش قبول کی اور دل لگا کر تصوف پر پوری کتاب لکھ ڈالی۔ خواجہ صاحب کو کتاب بہت پسند آئی مگر چھپنے کے سلسلہ میں شرط یہ پیش کی کہ کتاب میرے نام سے چھپے گی۔ بس مولانا کا ناریل چٹخ گیا۔ انھوں نے مسوّدہ لے کر چاک کیا اور ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔ پھر بولے، خواجہ خدا تمہیں خوش رکھے۔ اب تم ہمیں چائے پلواؤ۔

    خلیق انجم اپنے مضمون میں بتاتے ہیں کہ ایک صاحب حج سے واپس آنے کے بعد مولانا کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ مولانا کو بتانے والوں نے بتایا تھا کہ ان صاحب کی دو کنواری بیٹیاں گھر بیٹھی ہیں۔ یہ قرض لے کر حج پر گئے اور حج کے بعد بھی وہاں خاص وقت گزارا۔ اب واپس آئے ہیں۔ مولانا اس پر ناخوش تھے کہ گھر میں دو جوان بیٹیاں شادی کی منتظر ہوں اور باپ اس فرض کو فراموش کر کے قرض لے کر حج پر چلا جائے۔ یہ غیر شرعی عمل ہے۔

    مولانا نے ان صاحب سے کہا کہ آپ قرض لے کر حج پر گئے جب کہ آپ کی دو بیٹیاں شادی کی منتظر بیٹھی ہیں اور پھر حج کے بعد بھی وہاں اپنے قیام کو اتنا طول دیا۔

    ان صاحب نے جواب دیا، حضرت جب شمع جل رہی ہو تو پروانہ روشنی سے کنارہ کر کے اندھیرے کی طرف کیسے جائے۔

    بس پھر کیا تھا۔ مولانا کا ناریل چٹخ گیا۔ ’’بولے، سالے اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم اندھیرے میں رہتے ہیں۔ تو قرض لے کر اس روشنی میں گیا تھا۔ چل نکل یہاں سے۔ بس وہ صاحب فوراً ہی رفو چکر ہو گئے۔

    (معروف ادیب، ناول نگار اور کالم نویس انتظار حسین کی ایک تحریر سے اقتباسات)

  • لاہور کی اینگلو انڈین خواتین

    لاہور کی اینگلو انڈین خواتین

    گڑھی شاہو کے صدر بازار میں ہر وقت گہما گہمی رہتی۔ اتوار کے روز کریانے کی دکانوں جنرل اسٹورز اور گلیوں کے نکڑ پر تازہ سبزی فروشوں کے ہاں خاصی بھیڑ ہوا کرتی۔ عورتیں بچے، بوڑھے جوان، سبھی ہاتھوں میں تھیلے تھامے گھر سے نکل پڑتے۔ میرا بھی کچھ ایسا ہی معمول تھا۔

    ٹیلی ویژن اسٹیشن جانے کی جلدی نہ ہوتی تو بھرے بازار میں ایک چکر ضرور لگا لیتا۔ گھر کے لئے سودا سلف لیا، اڑوس پڑوس میں علیک سلیک کی، لوگوں سے ملے۔

    سڑک پر اکثر کیرج فیکٹری کی طرف سے سائیکلوں پر سوار سانولے سلونے نسوانی وجود دکھائی دیتے۔ یہ خواتین اسکرٹ اور بلاؤز میں ملبوس ہوتیں۔ گھنے، گھنگھریالے شارٹ کٹ بالوں میں اور بھی بھلی لگتیں۔ یہ اینگلو انڈین خواتین تھیں۔ یہیں رہائش پذیر تھیں۔ پیدائشی لاہورن تھیں، لیکن کسی تاریخی حادثے کی وجہ سے یہ قبیل اینگلو انڈین ہی کہلاتا۔

    انگریز برصغیر سے جا چکا تھا اور ملک آزاد ہوئے بھی عرصہ ہونے کو تھا، لیکن ان کے وجود کے ساتھ تاریخ کی ایسی مہر ثبت تھی جس پر کوئی بھی معترض نہ تھا۔ کیرج فیکٹری کے راستے کے دائیں بائیں آبادیوں میں یہ لوگ رہائش پذیر تھے۔ سائیکل کے کیریئر پر ٹوکریاں رکھے بازار میں آتیں۔ بریک لگاتیں، سائیکل سے اترتیں، ٹوکری ہاتھ میں تھامے، سبزی فروشوں کے ساتھ گفتگو میں مصروف ہو جاتیں۔ رنگ برنگے، پھولدار فراک ان کی پہچان تھے۔ بعض خواتین کے گلے میں کراس Cross جھولتا دکھائی دیتا۔ کبھی کبھار ان میں سے کچھ بغیر بازو کے فراک میں ہوتیں۔ ان کے سلیولیس Sleeveless ٹاپس اور عیاں پنڈلیوں پر کوئی بھی معترض نہ تھا۔ ہر کوئی اپنے آپ میں جی رہا تھا۔ یہ لوگ تو یہاں کے مکینوں سے بھی زیادہ مدت سے آباد تھے۔ ان کے آباء نے بھلے وقتوں میں ریلوے کے محکمے کو اپنا مسکن بنا لیا۔ یا یوں کہہ لیں انگریز کی زیرک نظر نے جہاں برصغیر میں وسیع اور جامع انفراسٹرکچر کی بنیاد فراہم کر دی وہاں پیشہ ورانہ انسانی وسائل کے صحیح استعمال کا اہتمام بھی کیا۔ اس اینگلو انڈین کمیونٹی کے محنتی افراد نے نارتھ ویسٹرن ریلویز کو ایک قابلِ رشک ادارہ بنا دیا۔ برصغیر میں ریلوے کے نظام کو بڑے مختلف انداز سے قائم کیا۔ مشرق میں بنگال آسام ریلوے لائن کا قیام عمل میں آیا، بمبئی سے بڑودہ تک ایک علیحدہ سلسلہ تھا۔ اوٹی اور اودھ کے درمیان ایک اور ریلوے کا سلسلہ تھا۔ شمال مغرب میں دلّی، لاہور، کراچی اور پشاور کو ایک نظام میں مربوط کرکے ’نارتھ ویسٹرن ریلوے‘ قائم کر دی گئی جس کا ہیڈ کوارٹر لاہور میں تھا۔

    اس سارے خطے میں پڑھا لکھا اینگلو انڈین جہاں کہیں بھی تھا، لاہور کی سمت کھینچا چلا آیا اور پھر یہیں کا ہو کر رہ گیا۔

    (طارق محمود کی خود نوشت ’دامِ خیال‘ سے اقتباس، مصنّف ریٹائرڈ بیورو کریٹ اور رائٹر ہیں جنھوں نے ملک کے مختلف علاقوں میں بغرضِ ملازمت قیام کیا اور اس کتاب میں انھوں نے اپنے مشاہدات اور واقعات کو نہایت خوب صورتی سے بیان کیا ہے)

  • "ہم تو چلم پییں گے چاہے آگ جہنم سے لاؤ۔”

    "ہم تو چلم پییں گے چاہے آگ جہنم سے لاؤ۔”

    پہاڑ کی کھوہ میں ایک فقیر رہتا تھا جو دن رات عبادت میں مصروف رہتا تھا۔ اس کے ساتھ ایک بالکا بھی تھا۔ فقیر حقہ پینے کا شوقین تھا، اس لیے اس نے اپنے بالکے کو حکم دے رکھا تھا ہر وقت آگ کا انتظام رکھے۔

    ایک روز آدھی رات کے وقت فقیر نے بالکے کو حکم دیا کہ چلم بھر دے۔ بالکے نے دیکھا کہ بارش کی وجہ سے آگ بجھ چکی تھی۔ اتفاق سے ماچس بھی ختم ہو چکی تھی۔ بالکا گھبرا گیا کہ اب کیا کرے۔

    اس نے فقیر سے کہا "جناب آگ تو بجھ چکی ہے، ماچس ہے نہیں کہ سلگا لوں، بتائیے اب کیا کروں؟” فقیر جلال میں بولا "ہم تو چلم پییں گے چاہے آگ جہنم سے لاؤ۔”

    بالکا چل پڑا چلتے چلتے جہنم کے صدر دروازے پر جا پہنچا۔ دیکھا کہ صدر دروازے پر ایک چوکیدار بیٹھا اونگھ رہا ہے۔ بالکے نے اسے جھنجھوڑا، پوچھا "کیا یہ جہنم کا دروازہ ہے؟” چوکیدار بولا، "ہاں یہ جہنم کا دروازہ ہے۔”

    بالکے نے کہا، "لیکن یہاں آگ تو دکھائی نہیں دیتی۔”

    چوکیدار نے کہا، "ہر جہنمی اپنی آگ اپنے ساتھ لاتا ہے۔”

    (ممتاز مفتی کی "تلاش” سے اقتباس)

  • جب منٹو کو یہ احساس ہوا کہ نور جہاں اپنے استاد کی بہترین شاگرد ثابت ہوگی!

    جب منٹو کو یہ احساس ہوا کہ نور جہاں اپنے استاد کی بہترین شاگرد ثابت ہوگی!

    نور جہاں کو میں نے صرف پردے پر دیکھا تھا۔ میں اس کی شکل و صورت اور اداکاری کا نہیں، اس کی آواز کا شیدائی تھا۔ وہ کم عمر تھی۔ اس لیے مجھے حیرت تھی کہ وہ کیونکر اتنے دل فریب طریقے سے گا سکتی ہے۔

    ان دنوں دو آدمیوں کا دور دورہ تھا۔ مرحوم سہگل کا اور نور جہاں کا۔ یوں تو ان دنوں خورشید چھائی ہوئی تھی، شمشاد کے بھی چرچے تھے مگر نور جہاں کی آواز میں سب کی آواز دب گئی۔ ثریا بعد کی پیداوار ہے۔ مجھے افسوس ہے کہ سہگل اور ثریا اکٹھے فلم میں پیش ہوئے لیکن نور جہاں اور وہ دونوں الگ الگ رہے۔ معلوم نہیں، پروڈیوسروں کے دماغ میں ان دونوں کو یکجا کرنے کا خیال پیدا نہ ہوا یا کسی اور وجہ سے پروڈیوسر ان کو ایک فلم میں کاسٹ نہ کرسکے۔ بہرحال مجھے اس کا افسوس ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ اگر وہ دونوں آمنے سامنے ہوتے تو موسیقی کی دنیا میں نہایت خوشگوار انقلاب برپا ہوتا۔

    نور جہاں سے میری پہلی ملاقات کیسے ہوئی، کب ہوئی اور کہاں ہوئی۔۔۔ یہ ایک لمبی داستان ہے۔ میں کئی برس تک بمبئی کی فلمی دنیا میں گزار کر چند وجوہ کی بنا پر دل برداشتہ ہوکر دہلی چلا گیا۔ وہاں پر میں نے آل انڈیا ریڈیو میں ملازمت کرلی۔ مگر یہاں سے بھی دل اچاٹ ہوگیا۔ بمبئی سے’’مصور‘‘ کے ایڈیٹر نذیرلدھیانوی کے متعدد خطوط آئے کہ تم واپس چلے آؤ۔ ’خاندان‘ کے ڈائریکٹر شوکت حسین رضوی یہاں آئے ہوئے ہیں اور میرے ہی پاس ٹھہرے ہیں۔ ان کی یہ خواہش ہے کہ تم ان کے لئے ایک کہانی لکھو۔

    میں دہلی چھوڑ کر چلا گیا۔ یہ اس زمانے کی بات ہے کہ جب کرپس مشن فیل ہو چکا تھا۔ میں غالباً ۷ اگست ۱۹۴۷ء کو بمبئی پہنچا۔ شوکت سے میری پہلی ملاقات ۱۷ اڈلفی چیمبرز کلیئر روڈ پر ہوئی۔ جو دفتر بھی تھا اور رہائشی مکان بھی۔ بڑا بانکا چھیلا نوجوان تھا۔ گورا رنگ، گالوں پر سرخی، مہین مہین جون گلبرٹ اسٹائل کی مونچھیں، گھنگھریالے بال، لمبا قد، بہت خوش پوش، بے داغ پتلون، شکنوں سے بے نیاز کوٹ ٹائی کی گرہ نہایت عمدہ، چال میں لٹک، ہم پہلی ملاقات میں ہی خوب گھل مل گئے۔ میں نے اس کو بہت مخلص انسان پایا۔ میں دہلی سے اپنے ساتھ اپنے پسندیدہ سگریٹ یعنی کریون اے کا کافی اسٹاک لے کر آیا تھا۔ جنگ چھڑی ہوئی تھی، اس لیے بمبئی میں یہ سگریٹ قریب قریب نایاب تھے۔ شوکت نے میرے پاس بیس پچیس ڈبے اور پچاس کے قریب ڈبیاں دیکھیں تو بہت خوش ہوا۔

    ہم دونوں کا قیام وہیں 17 اڈلفی چیمبرز میں تھا۔ دو کمرے تھے جہازی سائز کے۔ ایک میں دفتر تھا، دوسرے میں رہائشی معاملہ۔ مگر رات کو ہم دفتر میں سوتے تھے۔ مرزا مشرف وغیرہ آجاتے تھے، وہ ہماری چارپائیاں بچھا دیتے تھے۔ جب تک شوکت وہاں رہا، بڑے ہنگامے رہے، کریون اے کے سگریٹ اور ناسک کی ہرن مارکہ وسکی جو بڑی واہیات تھی۔ لیکن اس کے سوا اور کوئی چارہ ہی نہ تھا۔ شوکت’’خاندان‘‘ کے بعد گو بہت بڑا ڈائریکٹر بن گیا تھا۔ مگر لاہور سے بمبئی پہنچنے اور وہاں کچھ دیر رہنے کے دوران میں وہ سب کچھ خرچ ہو چکا تھا جو اس نے لاہور میں فلم کی ہنگامی اور اخراجات سے پر زندگی گزارنے کے بعد پس انداز کیا تھا۔ اور میرے پاس تو صرف چند سوتھے جو کہ ہرن مارکہ وسکی میں غرق ہوگئے۔

    بہرحال کسی نہ کسی حیلے گزر ہوتا رہا۔ وہ وقت بہت نازک تھا۔ میں سات اگست کو وہاں پہنچا اور ۹ اگست کی صبح کو جب میں نے کہیں ٹیلی فون کرنے کی کوشش کی تو لائن ’’ڈیڈ‘‘ یعنی مردہ تھی۔ بعد میں پتہ چلا کہ کانگریسی لیڈروں کی گرفتاریاں چونکہ عمل میں آرہی تھیں، اس لیے احتیاطاً ٹیلی فون کا سارا سلسلہ منقطع کر دیا گیا تھا۔

    گاندھی جی، جواہر لعل نہرو اور ابوالکلام آزاد وغیرہ سب گرفتار کر لیے گئے، اور کسی نامعلوم جگہ منتقل کر دیے گئے۔ شہر کی فضا بالکل ایسی تھی جیسے بھری بندوق۔ باہر نکلنے کا تو سوال ہی نہ پیدا ہوتا تھا۔ کئی دن تک ہم ہرن مارکہ شراب پی کر اپنا وقت کاٹتے رہے۔ اس دوران فلم انڈسٹری میں بھی انقلاب برپا ہوچکا تھا۔ حالات چونکہ غیر یقینی تھے اس لیے کسی نئے فلم کی تیاری کون کرتا۔ چنانچہ جن لوگوں سے شوکت کی بات چیت ہورہی تھی، ایک غیر معینہ عرصے کے لئے کھٹائی میں پڑ گئی اور ہم نذیر لدھیانوی کے ہاں پکے ہوئے بدمزے کھانے کھا کر لمبی تان کر سوتے رہے۔ لیکن پھر بھی کبھی کبھار زندگی کے آثار پیدا ہو جاتے تھے اور ہم کہانیوں کے متعلق سوچنا شروع کر دیتے تھے۔

    اسی دوران میں مجھے معلوم ہوا کہ نور جہاں بھی بمبئی میں ہے لیکن ٹھہریے! میں آپ کو بتاؤں کہ مجھے کیسے معلوم ہوا۔ میرا حافظہ جواب دے گیا تھا۔ اصل میں مجھے یہ آٹھ اگست ہی کو معلوم ہوگیا تھا جب کہ میری ملاقات ابھی شوکت سے نہیں ہوئی تھی۔

    مجھے ماہم جا کر اپنے چند رشتہ داروں سے ملنا تھا۔ اس کے علاوہ مجھے ایک ریڈیو آرٹسٹ ثمینہ کا پتہ لینا تھا۔ (بعد میں کرشن چندر سے جس کے مراسم رہے۔) اس لڑکی کو میں نے آل انڈیا ریڈیو دہلی سے بمبئی بھیجا تھا کیونکہ اس کو فلم میں کام کرنے کا شوق تھا۔ میں نے اسے پرتھوی راج اور برج موہن کے نام تعارفی خط لکھ کر دے دیے تھے اور اب میں یہ معلوم کرنا چاہتا تھا کہ آیا وہ فلمی دنیا میں داخل ہو چکی ہے یا نہیں۔۔۔! لڑکی ذہین تھی، کردار اس کا بہت اچھا تھا، مکالمے بہت روانی کے ساتھ ادا کرتی تھی، شکل و صورت کی بھی خاصی تھی۔ اس لیے مجھے یقین تھا کہ وہ کامیاب ہوگئی ہوگی۔

    مجھے پتہ چلا کہ وہ شیوا جی پارک میں کہیں رہتی ہے۔ مگر یہ اتنی بڑی جگہ ہے کہ ثمینہ خاتون کا پتہ لگانا بہت مشکل تھا۔ چنانچہ میں نظامی صاحب کے ہاں روانہ ہوگیا جو قریب ہی کیڈل روڈ پر رہتے تھے۔ مجھے ان کا ایڈریس معلوم تھا کہ وہ اکثر مجھے خط لکھتے رہتے تھے۔ یہ وہی نظامی ہیں جنہوں نے ممتاز شانتی کو تربیت دی۔ جن کے پاس ولی صاحب برسوں پڑے رہے اور آخر میں ممتاز شانتی کو نظامی صاحب کے بتائے ہوئے اصولوں کے تحت ہی لے اڑے۔ یہ وہی نظامی صاحب ہیں جن کی بیوی گیتا نظامی کے نام سے فلمی دنیا میں مشہور ہوئی اور جس نے نظامی صاحب کو لات مار کر پے در پے کئی شادیاں کیں۔ عدالتوں میں جس کے کئی مقدمے چلے اور جو اب ایک نئی خوبصورت لڑکی کے ساتھ ڈانس پارٹی بنا کر شہر بہ شہر پاکستان کا پرچار کر رہے ہیں۔ نظامی صاحب سے میری ملاقاتیں صرف خطوط تک ہی محدود تھیں اور وہ بھی بڑے رسمی تھے۔ میں نے ان کو پہلی مرتبہ ان کے فلیٹ پر دیکھا۔ میں اگر اس ملاقات کو بیان کروں تو میرا خیال ہے، دس پندرہ صفحے اس کی نذر ہو جائیں گے، اس لیے میں اختصار سے کام لوں گا۔ نظامی صاحب جو کہ دھوتی اور بنیان پہنے تھے، مجھے بڑے تپاک سے ملے۔ انہوں نے میرے آنے کا مقصد پوچھا جو میں نے عرض کر دیا۔ آپ نے کہا، ’’ثمینہ خاتون ابھی آپ کے قدموں میں حاضر ہو جائے گی۔‘‘

    ان کا ایک مریل قسم کا ہندو منیجر تھا۔ اس کو آپ نے حکم دیا کہ منٹو صاحب کے لئے فوراً ثمینہ خاتون کو حاضر کرو۔ یہ حکم دینے کے بعد وہ میری طرف متوجہ ہوئے اور کہا کہ وہ میرے لیے ہر قسم کی خدمت کے لیے حاضر ہیں۔ چنانچہ انہوں نے فوراً زبانی طور پر میرے لیے ایک عمدہ فلیٹ، بہترین فرنیچر اور ایک عدد کار کا بندوبست کردیا۔

    ظاہر ہے کہ میں بہت خوش ہوا۔ چنانچہ میں نے مناسب اور موزوں الفاظ میں ان کا شکریہ ادا کیا جس کی ان کو بالکل ضرورت نہیں تھی، اس لیے کہ وہ میرے افسانوں کے گرویدہ تھے۔ قارئین سے مجھے یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ نظامی صاحب زبانی جمع خرچ کے بادشاہ ہیں۔

    ممتاز شانتی کو سیدھے راستے پر لگانے اور اس کو صالح تربیت دینے کے متعلق باتیں ہورہی تھیں تو نظامی صاحب نے نور جہاں کا ذکر کیا اور مجھے بتایا کہ ان دنوں وہ بھی ان کے زیر سایہ ہے اور ممتاز کی طرح تربیت حاصل کررہی ہے۔ آپ نے کہا: ’’منٹو صاحب! اگر یہ لڑکی زیادہ دیر لاہور میں رہتی تو اس کا بیڑہ غرق ہو جاتا، میں نے اسے یہاں اپنے پاس بلا لیا ہے اور سمجھایا ہے کہ دیکھو بیٹا! صرف فلم اسٹار بننے سے کچھ نہیں ہوگا۔ کوئی سہارا بھی ہونا چاہئے۔ اوّل تو شروع میں عشق لڑانے کی کوئی ضرورت نہیں ادھر ادھر دونوں طرف سے خوب کماؤ۔ جب بینک میں تمہارا کافی روپیہ جمع ہو جائے تو کسی ایسے شریف آدمی سے شادی کر لو جو ساری عمر تمہارا غلام بن کے رہے۔ آپ کا کیا خیال ہے منٹو صاحب! آپ تو بڑے دانا ہیں۔‘‘

    میری ساری دانائی تو نظامی صاحب کے فلیٹ میں داخل ہوتے ہی نیچے فٹ پاتھ پر بھاگ گئی تھی۔ میں کیا جواب دیتا؟ بس کہہ دیا کہ آپ جو کر رہے ہیں وہ مصلحت کے خلاف کیونکر ہو سکتا ہے۔ وہ بہت خوش ہوئے۔ چنانچہ انہوں نے آواز دے کر نور جہاں کو بلایا مگر اسی وقت ٹیلی فون کی گھنٹی بجی اور چند لمحات کے بعد نور جہاں کی آواز کسی کمرے سے آئی، ’’ابھی آتی ہوں، کمال صاحب کا فون آیا ہے۔‘‘

    نظامی صاحب زیرِ لب مسکرائے۔ یہ کمال صاحب، حیدر امروہی تھے۔۔۔ ’’پکار کے شہرت یافتہ‘‘ نظامی صاحب مجھ سے مخاطب ہوئے، ’’میں عرض کررہا تھا کہ سہارا ہونا چاہیے تو نور جہاں کے لئے کمال امروہی سے بہتر سہارا اور کون ہو سکتا ہے۔ لیکن میں اس سے صاف صاف کہہ چکا ہوں کہ شادی وادی کا معاملہ غلط ہے، بس اپنا الو سیدھا کیے جاؤ۔ کمال کما سکتا ہے۔ اس کی آدھی کمائی اگر نور جہاں کو مل جایا کرے تو کیا ہرج ہے۔ اصل میں منٹو صاحب ان ایکٹرسوں کو روپیہ کمانے کے گر آنے چاہئیں۔‘‘ میں نے مسکرا کر کہا، ’’آپ گرو جو موجود ہیں۔‘‘ نظامی خوش ہوگیا اور اس نے مجھے فوراً ایک فسٹ کلاس لیمن اسکواش پلایا۔

    بس یہاں۔۔۔ نظامی صاحب کے فلیٹ میں، جہاں نور جہاں کی سائنٹیفک طریقے پر تربیت ہورہی تھی، اس کو وہ تمام چلتر خالص نظامی صاحب کی نگرانی میں سکھائے جارہے تھے، میری نور جہاں سے سرسری سی ملاقات ہوئی اور میرا رد عمل یہ تھا کہ یہ لڑکی اپنی جوانی کی منزلیں بڑی سرعت سے طے کررہی ہے اور جس کے ہونٹوں پر مسکراہٹ اور ہنسی تجارتی رنگ اختیار کر رہی ہے اور جو موٹاپے کی طرف مائل ہے، اپنے استاد کی بہترین شاگرد ثابت ہوگی۔

    (ممتاز افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کے مضمون سے اقتباس جو انھوں نے اداکارہ اور گلوکارہ نور جہاں پر لکھا ہے)

  • شمالی ورجینیا کا ایک قصبہ جہاں جگنو روشنی بکھیرتے ہیں!

    شمالی ورجینیا کا ایک قصبہ جہاں جگنو روشنی بکھیرتے ہیں!

    میں شمالی ورجینیا کے جس قصبے میں رہتا ہوں، اس میں ہر طرف ہریالی ہے۔ گھر کے چاروں طرف اتنے اور ایسے اونچے اونچے درخت ہیں کہ جنگل کا گمان ہوتا ہے۔ سڑکوں کے اطراف گھاس کے قطعات اور رنگ برنگے پھول نظر آتے ہیں۔ صبح گھر سے نکلتا ہوں تو خوش آواز پرندے گیت گاتے ملتے ہیں۔ سہ پہر کو واپسی پر تتلیاں استقبال کرتی ہیں۔ مغرب کے بعد جگنو روشنی بکھیرتے ہیں۔ یہ کوئی شاعرانہ تخیل نہیں، حقیقت کا بیان ہے۔

    گھر کے عقب میں ایک ندی بہتی ہے۔ سردیوں میں سکڑ جاتی ہے، لیکن گرمیوں میں خوب شور مچاتی ہے۔ سال کا بیش تر حصہ موسم خوش گوار رہتا ہے۔ اکثر بادل چھائے رہتے ہیں۔ ہفتے میں ایک دو بار بارش ہو جاتی ہے۔ صبح یا شام کو ہوا تیز چلتی ہے تو خنکی ہو جاتی ہے۔ محلہ صاف ستھرا ہے اور کئی اقوام کے تارکین وطن آباد ہیں۔ ہم سائے ہم درد ہیں۔ بجلی پانی جانے کا سوال پیدا نہیں ہوتا۔ اس قصبے کی آبادی صرف 40 ہزار ہے، لیکن بہترین اسکول، اپنا کالج اور کئی اسپتال ہیں۔ ڈاک خانہ، لائبریری اور عجائب گھر ہے۔ مسجد اور امام بارگاہ بھی ہے۔ گرمیوں میں سورج نو بجے غروب ہوتا ہے، لیکن بہت سی دکانیں پانچ بجے اور باقی سات بجے تک بند ہو جاتی ہیں، سپر مارکیٹس کا وقت نو بجے ہے۔ بعض میڈیکل اسٹور 24 گھنٹے کھلے رہتے ہیں۔ ہر گلی محلے میں دکان نہیں ہوتی۔ کاروباری علاقہ مخصوص ہے، جہاں رہایش نہیں ہوتی۔ شمالی ورجینیا میں ایسے ہر مقام پر مفت بے حساب پارکنگ دست یاب ہوتی ہے۔ آٹے دال اور دوا سمیت ہر شے خالص ملتی ہے۔ کھانے پینے کے ہر شے پر استعمال کی آخری تاریخ درج ہوتی ہے۔ مسلمان دکانوں کے علاوہ دوسرے سپر اسٹورز پر بھی حلال گوشت مل جاتا ہے۔

    نہ کوئی فون چھینتا ہے، نہ گاڑی چوری ہوتی ہے، نہ کبھی کوئی پولیس والا دکھائی دیا۔ ڈاکیا گھر کے باہر کتابوں کے پیکٹ رکھ جاتا ہے۔ کوئی ہاتھ نہیں لگاتا۔ شراب ہر اسٹور میں بکتی ہے، لیکن آج تک کسی کو نشے میں دھت نہیں دیکھا۔ ہمارے محلے میں زیادہ ہندوستانی پاکستانی نہیں، لیکن کہیں ملیں بھی تو آنکھیں نہیں ملاتے۔ باقی ہر قوم کے واقف اور اجنبی سب مسکرا کے ملتے ہیں۔ ہیلو ہائے اور ’گڈ مارننگ‘ ضرور کہتے ہیں۔ سڑک کی صفائی کرنے والا محنت کش میکسیکن ہر صبح ”یو ہیو اے بلیسڈ ڈے“ کہتا ہے۔

    علاج منہگا ہے اور اسپیشلسٹ ڈاکٹر کا اپائنٹمنٹ ہفتوں بعد ملتا ہے، لیکن اسپتالوں کی ایمرجینسی 24 گھنٹے کھلی رہتی ہے۔ نام پتا بعد میں پوچھتے ہیں، طبی امداد پہلے فراہم کرتے ہیں۔ کوئی حادثہ ہو جائے، تو ایمبولینس، فائر بریگیڈ اور پولیس چند منٹ میں پہنچ جاتی ہے۔ ایمبولینس میت ڈھونے والا ’کیری ڈبا‘ نہیں، جان بچانے والی گاڑی ہوتی ہے۔سڑکوں پر اسپیڈ بریکر نہیں ہوتے۔ سائیکل چلانے والوں کے لیے بیش تر سڑکوں پر الگ لین بنی ہے۔ اسٹریٹ لائٹس رات بھر روشن رہتی ہیں۔ سگنل آدھی رات کے بعد بھی کام کرتے ہیں اور قانون پسند شہری ان کا احترام کرتے ہیں۔ پاکستان کی طرح یہاں بھی سگنل پر کبھی کبھی خیرات مانگنے والے مل جاتے ہیں، لیکن نہ گاڑی کے سامنے آتے ہیں، نہ انگلی سے شیشہ بجاتے ہیں، نہ کچھ کہتے ہیں۔ بس ایک پلے کارڈ لے کر کھڑے رہتے ہیں۔ کسی کو گانا بجانا آتا ہے تو اپنا ساز لے کر میٹرو اسٹیشن کے سامنے پہنچ جاتا ہے۔

    ہر سڑک پر راستہ بتانے والے بورڈ لگے ہیں۔ ٹریفک کی علامتوں کے علاوہ جگہ جگہ حد رفتار کی نشان دہی کی گئی ہے۔ عام طور پر سر راہ اشتہاری بورڈ نہیں لگائے جاتے۔ ہر آبادی کی طرح ہمارے قصبے کے برابر سے بھی ہائی وے گزرتی ہے۔ اس ہائی وے پر آپ ایک لین میں رہتے ہوئے ایک رفتار سے سیکڑوں میل سفر کر سکتے ہیں۔ نہ کوئی ہارن بجاتا ہے، نہ ڈپر مارتا ہے۔ سپر ہائی وے پر کوئی پیٹرول پمپ تک نہیں ہوتا۔ ایندھن لینا ہے یا کچھ کھانا پینا ہے، تو ہائی وے سے اتریں اور قریبی کمرشل ایریا جائیں۔

    ہمارے گھر سے چار قدم پر بس اسٹاپ ہے جہاں آٹھ مختلف روٹس کی بسیں ہر چند منٹ بعد ٹھیرتی ہیں۔ بہت سے بس اسٹاپ پر بینچیں لگی ہوتی ہیں اور بارش سے بچنے کے لیے سائبان ہوتے ہیں۔ اسکول بس رکتی ہے، تو آگے پیچھے کی تمام گاڑیاں ٹھیر جاتی ہیں۔ جب تک اسکول بس دوبارہ نہ چلے، کوئی گاڑی حرکت نہیں کرتی۔

    شمالی ورجینیا کے اسکول اچھی پڑھائی کے لیے مشہور ہیں۔ بارہویں تک تعلیم مفت ہے۔ فیس، کتابوں کاپیوں اور لیپ ٹاپ کے لیے ایک پیسا نہیں دینا پڑتا۔ کوئی یونیفارم نہیں۔ بچہ جو مرضی کپڑے پہن آئے۔ اسکول وین بھی مفت، لیکن یہ سہولت ایک میل سے کم فاصلے پر رہنے والے بچوں کے لیے دست یاب نہیں۔ انہیں پیدل اسکول آنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ تعلیمی ادارے بڑے رقبے پر ہیں۔ کئی عمارتیں اور کئی میدان۔ لیب اور جمنازیم۔ ہر بچے کے لیے روزانہ ورزش، بھاگ دوڑ اور کھیل میں حصہ لینا لازم ہے۔ محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت کہتا ہے کہ آپ ہم سے اپنی زبان میں بات کریں۔ اسکول یا اسپتال میں کوئی آپ کی زبان جاننے والا نہیں تو وہ ایسا شخص بھرتی کرتے ہیں۔

    چہار جانب درختوں کے باوجود قصبے میں کئی پارک ہیں۔ ایک پارک ایک مربع میل کا ہے۔ کسی کو درخت کاٹنے کی اجازت نہیں۔ کسی کو بہتے پانی کا رخ بدلنے کی اجازت نہیں۔ کسی کو کوئی جانور یا پرندہ مارنے کی اجازت نہیں۔ کئی تنظیمیں ہیں جو مالک سے بچھڑ جانے والے پالتو جانوروں کو سنبھالتی ہیں۔ انہیں بچوں کی طرح پالتی ہیں۔ کوئی گود لینا چاہے تو مفت فراہم کرتی ہیں۔ صبح سویرے لوگ جاگ جاتے ہیں اور سر شام سو جاتے ہیں۔ صبح اور سہ پہر ایک دو گھنٹوں کے سوا زیادہ ٹریفک نہیں ملتا۔ کسی گاڑی یا گھر سے تیز موسیقی بلند نہیں ہوتی۔ مسجد، امام بارگاہ یا گرجا گھر پر لاؤڈ اسپیکر نہیں لگایا جاتا۔

    (مصنّف: مبشر علی زیدی)

  • ایک امریکی سیاہ فام شخص نے غیر معمولی کام یابی کیسے حاصل کی؟

    ایک امریکی سیاہ فام شخص نے غیر معمولی کام یابی کیسے حاصل کی؟

    مزاحیہ ٹی وی پروگرام دی کازبی (Bill cosby) شو جن دنوں شہرت کی بلندیوں پر تھا، اُس دوران بل کازبی کا شمار امریکہ میں سب زیادہ زیادہ معاوضہ لینے والے فن کاروں میں ہوتا تھا۔ وہ اب 87 سال کے ہیں۔ 2014ء میں دنیا بھر میں‌ مشہور اس امریکی کامیڈین پر ایک ساٹھ سال سے زائد عمر کی خاتون نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ بل کازبی نے اسے نوجوانی میں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔ اس کے بعد ایک درجن سے زائد خواتین اسی نوعیت کے مختلف الزامات کے ساتھ سامنے آئیں اور کامیڈین کو عدالتی کٹہرے میں لاکھڑا کیا۔ لیکن معروف اسکالر اور ادیب مولانا وحید الدین خاں کی یہ تحریر اس وقت کی ہے جب بل کازبی کی شہرت داغ دار نہیں ہوئی تھی۔

    مولانا اپنی ایک تحریر میں بل کازبی کے بارے میں‌ لکھتے ہیں: بل کازبی (Bill cosby) ایک سیاہ فام امریکی ہے۔ وہ 1937ء میں ایک غریب خاندان میں پیدا ہوا۔ ابتدا وہ بہ مشکل ایک ہزار ڈالر سالانہ کماتا تھا۔ آج اس کی سالانہ آمدنی کئی ملین ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔ سفید فام امریکا میں ایک سیاہ فام شخص کو یہ غیر معمولی کام یابی کیوں حاصل ہوئی؟

    جواب یہ ہے کہ تعلیم اور دانش مندانہ جدوجہد کے ذریعے۔ بل کازبی فلاڈالفیا کے ایک اسکول میں پانچویں گریڈ میں تھا۔ وہ اسکولوں میں اکثر تماشے کیا کرتا تھا اور پڑھائی پر زیادہ توجہ نہیں دیتا تھا۔ اس کی خاتون ٹیچر نیجل (Nagle) نے ایک روز اس سے کہا کہ اگر تم جو کرنا چاہتے، ہو تب بھی تمہیں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا چاہیے۔ تعلیم کے بغیر تم کسی بھی میدان میں ترقی نہیں کر سکتے۔

    بل کازبی نے اس نصحیت کو پکڑ لیا۔ اس نے پڑھنے میں محنت شروع کر دی۔ یہاں تک کہ اس نے ایجوکیشن میں ڈاکٹریٹ کر لیا۔ اس کے بعد اس نے تفریحی پروگراموں میں حصہ لینا شروع کیا۔ آخر کار اس کو ٹیلی ویژن پروگرام ملنے لگے۔ آج وہ امریکا کا مشہور ترین کامیڈین ہے۔ بل کازبی شو امریکی ٹی وی کا سب سے منہگا پروگرام ہوتا ہے۔ دوسرے بہت سے سیاہ فام امریکیوں کے برعکس، اس نے نسلی امتیاز کی باتیں کرنے سے پرہیز کیا۔ اس نے اپنی کہانیاں عالمی واقعات کی بنیاد پر بنائیں، جو تمام لوگوں کے لیے قابل فہم ہو سکیں۔

    امریکی عام طور پر سیاہ فام لوگوں کو پسند نہیں کرتے تھے، مگر وہ بل کازبی کے پروگرام کو نہات شوق کے ساتھ دیکھتے ہیں۔ بل کازبی نے سفید فام لوگوں کی رعایت کی تو سفید فام لوگوں نے بھی بل کازبی کی رعایت کرنا شروع کر دیا۔

    اگر آپ چاہتے ہیں کہ دوسرے آپ میں دل چسپی لیں، تو آپ بھی دوسروں میں دل چسپی لینا شروع کر دیجیے اور اس کے بعد آپ کو کسی سے شکایت نہ ہوگی۔