Tag: اردو شاعری

  • انقلابی نظموں کے خالق کیفی اعظمی کی برسی

    انقلابی نظموں کے خالق کیفی اعظمی کی برسی

    کیفی اعظمی ہندوستان کے نام وَر اور مقبول قوم پرست شاعر تھے جو 10 مئی 2002ء کو ہمیشہ کے لیے اس دنیا سے رخصت ہوگئے تھے۔ کیفی اعظمی نے اپنی انقلابی نظموں اور آزادی کی امنگ و ترنگ سے بھرے ترانوں سے ہندوستان کے عوام میں جوش و ولولہ پیدا کیا اور ترقی پسند مصنفّین میں اپنے نظریات اور تخلیقات کے سبب ممتاز ہوئے۔

    انھوں نے ملکی اور غیر ملکی سیاسی واقعات پر پُراثر نظمیں لکھیں۔ ان کی شاعری میں عوام کے سکھ دکھ اور ان کی زندگی نمایاں ہوتی ہے۔ طبقاتی تصادم اور سماجی استحصال ان کی شاعری کا موضوع رہا۔ وہ انیس، حالی، شبلی، اقبال، اور جوش ملیح آبادی سے متاثر تھے۔ کیفی اعظمی فلمی دنیا کے ان گنے چنے قلم کاروں میں سے ایک ہیں جنھوں نے نغمہ نگاری کے ساتھ ساتھ فلموں کی کہانیاں، مکالمے اور منظر نامے لکھے۔

    کیفی اعظمی 1918ء میں اعظم گڑھ کے ایک گاؤں میں پیدا ہوئے۔ ان کا اصل نام سید اطہر حسین رضوی تھا۔ انھوں نے عربی اور فارسی کی اسناد حاصل کیں اور مطالعے سے اپنے علم میں اضافہ کرتے رہے۔ کیفی اعظمی نے کم عمری میں‌ شاعری شروع کردی تھی، ابتدائی دور میں انھوں نے رومانوی نظمیں لکھیں، لیکن بعد میں ان کی شاعری پر انقلابی فکر غالب ہوگئی۔

    مطالعے کے شوق نے انھیں مارکسزم، کمیونزم اور دیگر نظریات کی طرف متوجہ کیا اور اپنے وقت کے مشہور اور نام ور ترقی پسند مصنّفین کا ساتھ نصیب ہوا تو وہ کمیونسٹ پارٹی کے ہمہ وقتی کارکن بن گئے۔ اب ان پر مزدوروں اور عوام کی حالت بدلنے اور سماج کی فرسودہ و کہنہ روایات کو ختم کرنے کی دھن سوار ہو گئی تھی جس کا اظہار قلم کے ذریعے کرنے لگے۔ کیفی اعظمی ممبئی منتقل ہوئے تو 1943ء میں ان کا پہلا مجموعہ کلام شائع ہوا۔ وہ ترقی پسند مصنفّین کے اجلاسوں میں شرکت کرتے رہے اور تخلیقی سفر بھی جاری رکھا۔

    اس زمانے میں عوام اور بالخصوص نوجوانوں میں انگریزوں کے خلاف غم و غصّہ اور آزادی کی خواہش زور پکڑ رہی تھی اور ایسے میں‌ جن ترقی پسند قلم کاروں کو مقبولیت مل رہی تھی، ان میں کیفی اعظمی بھی شامل تھے۔ ترقی پسندوں کے خلاف کارروائیاں شروع ہوئیں تو کیفی اعظمی کو بھی روپوشی اور مالی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد کے برسوں میں انھوں نے فلمی گیت لکھے اور نام بنایا۔ اسی دوران مکالمے اور منظر نویسی کا بھی سلسلہ شروع ہو گیا اور وہ فلمی دنیا میں مصروف ہوگئے۔ کیفی اعظمی نے فلم نگری کے کئی اعزازات بھی اپنے نام کیے۔
    کیفی اعظمی ترقی پسند تحریک اور ترقی پسند شاعری میں ممتاز اور غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں۔ ان کی شاعری اور خاص طور پر نظمیں فکر و فن کے معیار کے اعتبار سے اردو شاعری میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔

  • زمزمۂ حیات اور غزال و غزل کے شاعر سراج الدّین ظفر کا تذکرہ

    زمزمۂ حیات اور غزال و غزل کے شاعر سراج الدّین ظفر کا تذکرہ

    6 مئی 1972ء کو اردو کے معروف شاعر سراج الدّین ظفر وفات پاگئے تھے۔ وہ دنیائے ادب میں اپنے منفرد لب و لہجے اور اسلوب کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں۔

    جہلم میں‌ پیدا ہونے والے سراج الدّین ظفر کا تعلق ایک علمی و ادبی گھرانے سے تھا۔ والدہ بیگم زینب عبدالقادر اردو کی مشہور مصنفہ تھیں جب کہ نانا فقیر محمد جہلمی سراج الاخبار کے مدیر تھے اور ان کی کتاب حدائقُ الحنیفہ ایک بلند پایہ تصنیف تسلیم کی جاتی ہے۔

    سراج الدین ظفر نے شاعری تخلیق کرنے کے ساتھ افسانے بھی لکھے۔ انھیں منفرد لب و لہجے کا شاعر کہا جاتا ہے۔ نئی زمینیں اور ادق قافیے ان کے کلام کی خوب صورتی اور ان کے فن کی انفرادیت کا ثبوت ہیں۔ ان کی شاعری کے دو مجموعے زمزمہ حیات اور غزال و غزل منظرِ عام پر آچکے ہیں۔ غزال و غزل وہ مجموعہ تھا جس کے لیے 1968ء میں انھیں آدم جی ادبی انعام دیا گیا۔ سراج الدین ظفر کی شاعری میں حسن و شباب اور رندی و سرمستی کے موضوعات ملتے ہیں۔

    ان کی ایک غزل کے چند اشعار دیکھیے۔

    موسمِ گل ترے انعام ابھی باقی ہیں
    شہر میں اور گل اندام ابھی باقی ہیں

    اور کھل جا کہ معارف کی گزر گاہوں میں
    پیچ، اے زلف سیہ فام ابھی باقی ہیں

    اک سبو اور کہ لوحِ دل مے نوشاں پر
    کچھ نقوشِ سحر و شام ابھی باقی ہیں

    ٹھہر اے بادِ سحر، اس گلِ نورستہ کے نام
    اور بھی شوق کے پیغام ابھی باقی ہیں

    اٹھو اے شب کے غزالو کہ سحر سے پہلے
    چند لمحاتِ خوش انجام ابھی باقی ہیں

    اردو زبان کے اس نام ور شاعر کی ابدی آرام گاہ کراچی میں ہے۔

  • دوست احباب کے لیے مجازؔ ناقابلِ برداشت ہوچکے تھے!

    دوست احباب کے لیے مجازؔ ناقابلِ برداشت ہوچکے تھے!

    اپنے ہم عصروں میں جو مقبولیت مجازؔ کو حاصل ہوئی وہ کم لوگوں کے حصّے میں آئی ہے۔ مجازؔ نے کبھی کوئی ڈولی نہیں بنائی، شہرت کے لیے اس نے کوئی جال نہیں بچھایا، ہم عصروں میں سے ہر ایک سے اسی سطح پر ملتا رہا۔ اس کے دوستوں میں ہر مسلک اور مشرب کے آدمی تھے۔

    ایک کی برائی دوسرے سے کرنا اس کا شعار نہ تھا۔ وہ سب کا دوست تھا، صرف اپنا دشمن تھا۔ ماحول نے اس کے ساتھ بے حسی اور بے پروائی برتی مگر اس نے ماحول کی شکایت بھی نہیں کی۔ اس میں بڑا ظرف تھا۔ اس نے کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلایا۔

    نشے کے عالم کی بات دوسری ہے۔ اس عالم میں اکثر لوگ ناقابلِ برداشت ہوجاتے ہیں۔ آخر میں مجازؔ کی بھی یہی کیفیت ہو گئی تھی، مگر نشے میں ایک دفعہ جو کچھ اس نے کیا میں بھول نہیں سکتا۔

    ہوا یوں کہ ڈاکٹر علیم، احتشام اور میں ایک اردو کانفرنس میں شرکت کے لیے پٹنے گئے، مجازؔ بھی ساتھ تھے۔ ایک ڈبّے میں صرف تین برتھ خالی تھیں۔ مجازؔ کو دوسرے ڈبّے میں جانا پڑا۔ جلد ہی لوٹ آئے، میں نے پوچھا، کیا ہوا، کہنے لگے، وہاں ایک سردار جی کرپان لیے میرے منتظر تھے۔ چناں چہ میں نے شان دار پسپائی ہی میں نجات سمجھی، فرش پر بستر بچھا کر لیٹ گئے۔

    پٹنے پہنچے تو سب ایک ہی ہوٹل میں ٹھہرائے گئے، ایک کمرے میں، مَیں اور احتشام تھے۔ برابر کے کمرے میں پنڈت کیفیؔ تھے۔ اس کے بعد کے کمرے میں مجازؔ اور جذبیؔ تھے۔

    رات کو سب سونے لیٹے ہی تھے کہ پنڈت جی کے کمرے سے شور اٹھا ’’ارے دوڑیو، بچائیو۔ یہ مار ڈالتا ہے۔‘‘ ہم لوگ گھبرا کر دوڑے تو دیکھا کہ مجازؔ نشے میں پنڈت جی کے پیر زور زور سے داب رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ آپ بزرگ ہیں۔ آپ کی خدمت میں سعادت ہے۔

    پنڈت جی چیخ رہے تھے کہ ہائے میں مرا، بڑی مشکل سے مجازؔ کو علاحدہ کیا۔ صبح ہوئی تو اب مجازؔ پنڈت جی کے سامنے نہیں آتے۔ آخر پنڈت جی نے گلے سے لگایا اور کہا کہ ’’مجازؔ تم سے اردو شاعری کی بڑی امیدیں وابستہ ہیں۔ تمہارے خلوص سے میں بڑا متاثر ہوا مگر خلوص میں تم نے میرا کام ہی تمام کر دیا ہوتا۔ بھائی اپنے آپ کو سنبھالو۔ تمہیں ابھی بہت کچھ کرنا ہے۔‘‘ ہم سب آبدیدہ ہوگئے۔

    (اردو کے نام وَر مضمون نگار، نقّاد اور شاعر آل احمد سرور کے مشہور شاعر اسرار الحق مجاز کے بارے میں مضمون سے اقتباس)

  • دشمن کی بھاشا نہیں سمجھو گے تو اپنی لڑائی کیسے لڑو گے؟

    دشمن کی بھاشا نہیں سمجھو گے تو اپنی لڑائی کیسے لڑو گے؟

    ہندوستان کے بٹوارے اور تقسیم کے کئی سال بعد بھی بھارت میں متعصب اور انتہا پسند حلقوں کی جانب سے اردو کی مخالفت میں باقاعدہ مہم چلائی گئی اور ہر سطح پر اردو بولنے اور لکھنے کی حوصلہ شکنی کی جاتی رہی۔

    اس زمانے میں اردو بولنا اور لکھنا جیسے جرم تھا اور یہ سوچ مذہبی شخصیات اور عوام ہی تک محدود نہیں‌ تھی بلکہ علم و دانش اور ادب سے وابستہ افراد نے بھی اس حوالے سے تنگ نظری اور پستی کا ثبوت دیا، لیکن بعض عالی دماغ اور روشن نظریات و خیالات رکھنے والی شخصیات نے اسے علم دشمنی اور صدیوں پرانی تہذیب اور ثقافت کا قتل قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا تھا۔

    معروف ہندوستانی ادیب رتن سنگھ نے اسی حوالے سے بیسویں صدی کے نام وَر شاعر، ادیب اور نقّاد فراق گورکھپوری کا ایک واقعہ بیان کیا ہے جو ہم یہاں اپنے باذوق قارئین اور علم و ادب کے شیدائیوں کے لیے نقل کررہے ہیں۔ ملاحظہ کیجیے۔

    ‘فراق صاحب ریڈیو کے پروڈیوسر ایمریٹس تھے، اُن دنوں یہ ممکن نہیں تھا کہ کسی ریکارڈنگ کے لیے اُنہیں فیس کا چیک دیا جائے۔ ایسی صورت میں فراق صاحب کو یہ سمجھانا ایک ٹیڑھی کھیر تھی۔

    اس معاملے کے حل کے لیے میں نے ایک صورت یہ نکال لی کہ الٰہ آباد سے لکھنؤ آنے کا کرایہ اور ڈی اے وغیرہ دے دیا جائے۔ میں یہی کرتا تھا۔

    فراق صاحب اسی پر ہی ریکارڈنگ کے لیے راضی ہوجاتے تھے، لیکن ایک بار ایک نئی قسم کا مسئلہ کھڑا ہوگیا۔

    فراق صاحب کو اُردو زبان اور اس کے مستقبل کے بارے میں بولنا تھا۔ اس کے بارے میں باتیں کرتے کرتے وہ اتنی کڑوی باتیں بھی کر گئے کہ اگر اُنہیں نشر کردیتا تو واویلا کھڑا ہوجاتا۔

    ہزاری پرساد دیویدی اور نہ جانے کس کس کو اُردو کے حق سے محروم رکھنے کی شکایت کرتے ہوئے اُنہوں نے صاف صاف کہا کہ اے ہندوﺅ! میری مراد آر ایس ایس والے ہندوﺅں سے ہے، اور میں اُنہی کے لب و لہجے میں کہہ رہا ہوں کہ اے ہندوﺅ! اُردو پڑھ لو، پاکستان دشمن ہو رہا ہے۔ اگر دشمن کی بھاشا نہیں سمجھو گے تو اپنی لڑائی کیسے لڑو گے؟

    اے ہندوﺅ! اُردو پڑھ لو، اپنے ملک میں کروڑوں مسلمان رہتے ہیں۔ اُن کی زبان نہیں سمجھوگے تو بھی مشکل پیدا ہوجائے گی۔ اس طرح کی باتیں کرکے فراق صاحب چلے گئے۔

    پھر الٰہ آباد سے مجھے لکھا کہ بھائی جو کچھ میں نے کہا ہے، اس کو براڈ کاسٹ کرنے کی ذمے داری تمہاری ہے۔ دیکھ لینا غور سے۔’

  • کسی کا سکّہ یہاں دیر تک نہیں چلتا….

    کسی کا سکّہ یہاں دیر تک نہیں چلتا….

    غزل
    دماغ پھیر رہا ہے یہ تاج تیرا بھی
    بگاڑ دے گی حکومت مزاج تیرا بھی

    عروجِ بام سے اترا تو جان جائے گا
    مِرا نہیں تو نہیں ہے سماج تیرا بھی

    کسی کا سکّہ یہاں دیر تک نہیں چلتا
    ہمیشہ رہنا نہیں ہے رواج تیرا بھی

    بس ایک نام محبّت کے گوشوارے میں
    بیاضِ دل میں ہوا اندراج تیرا بھی

    مجھے غرور سے معزول کرنے والے سن
    نہ رہنے دوں گا ترے دل پہ راج تیرا بھی

    تو کیوں یہ روح کی باتیں سنائے جاتا ہے
    جو مسئلہ ہے فقط احتیاج تیرا بھی

    وہ خوش گمان مجھے کہہ گیا دمِ رخصت
    مرض نہیں ہے بہت لاعلاج تیرا بھی

    اڑایا جیسے برس کر عتاب میں مرا رنگ
    ملمع ایسے ہی اترا ہے آج تیرا بھی


    (پیشِ نظر کلام منڈی بہاءُ الدین سے تعلق رکھنے والے خوش فکر شاعر اکرم جاذب کا ہے، وہ غزل اور نظم دونوں اصنافِ سخن میں طبع آزمائی کرتے ہیں اور ملک کے مختلف ادبی رسائل اور قومی سطح کے روزناموں میں ان کا کلام شایع ہوتا رہتا ہے، اکرم جاذب کے دو شعری مجموعے بھی منظرِ عام پر آچکے ہیں جنھیں قارئین سے داد اور ناقدین سے حسنِ معیار کی سند مل چکی ہے)

  • عجلت اور بے صبری کی عادت نے کیا رنگ دکھایا، تفصیل جانیے

    عجلت اور بے صبری کی عادت نے کیا رنگ دکھایا، تفصیل جانیے

    ن م۔ راشد نے روایت سے انحراف کرتے ہوئے اردو نظم میں طرزِ نو کی بنیاد رکھی، آزاد نظم کو عام کیا، اسے مقبول بنایا۔ یہی نہیں بلکہ نئی نسل کو فکر و نظر کے نئے زاویوں سے آشنا کرتے ہوئے تخلیقی سطح پر نئے رویّوں کو متعین کیا۔

    ن م راشد مزاجاً سخت گیر اور جلد باز مشہور تھے اور اسی عادت سے متعلق ان کے ایک رفیق اور ممتاز افسانہ نگار غلام عبّاس نے نہایت دل چسپ واقعہ رقم کیا ہے جو ہم یہاں نقل کررہے ہیں۔

    "راشد کو اپنی اس بے صبری اور جلد بازی کی عادت کی ایک دفعہ اور بھی سخت سزا بھگتنی پڑی تھی۔ راشد کو جیسے ہی معلوم ہوا کہ انھیں فوج میں کمیشن مل گیا ہے اور اب صرف چند ابتدائی کارروائیاں باقی رہ گئی ہیں، مثلاً جسمانی معائنہ وغیرہ۔ تو وہ خود ہی فوج کے دفتر میں پہنچ گئے کہ میرا معائنہ کر لیجیے۔ شام کو جب واپس آئے تو ان کی بری حالت تھی۔ ان کے جسم پر جگہ جگہ چوٹیں آئی تھیں، گھٹنے زخمی تھے اور منہ سوجا ہوا۔ سارا جسم اکڑ گیا تھا، چلنا پھرنا دوبھر تھا۔

    ان کی یہ حالت دیکھ کر مجھے ملال بھی ہوا اور ہنسی بھی آئی۔ کہنے لگے بھائی یہ امتحان تو پل صراط سے گزرنے سے کم نہ تھا۔ مجھے خار دار تاروں پر سے گزرنا پڑا، خاصے اونچے اونچے درختوں پر چڑھا اور وہاں سے زمین پر چھلانگیں لگائیں۔ کبھی دوڑتا تھا، کبھی رینگتا تھا، قدم قدم پر ٹھوکریں کھاتا تھا۔

    بعد میں معلوم ہوا کہ انھوں نے اس جسمانی معائنہ کی صعوبتیں ناحق ہی اٹھائیں۔ کیوں کہ انھیں تو اس معائنہ سے مستثنیٰ قرار دیا گیا تھا۔ یہ معائنہ تو صرف جنگ میں لڑنے والے سپاہیوں کے لیے لازمی تھا، لکھنے پڑھنے کا کام کرنے والوں کے لیے نہیں۔

  • جہانِ سخن میں‌ ممتاز صہبا اختر کا یومِ وفات

    جہانِ سخن میں‌ ممتاز صہبا اختر کا یومِ وفات

    آج جہانِ سخن میں ممتاز صہبا اختر کا یومِ وفات ہے جو زود گو اور ہر صنفِ سخن میں‌ طبع آزمائی کرنے والے ان شعرا میں‌ سے ہیں‌ جنھوں‌ نے غزل کے ساتھ ساتھ مختلف موضوعات پر نہایت خوب صورت نظمیں کہیں اور ادب میں بڑا نام پیدا کیا۔

    صہبا اختر کا اصل نام اختر علی رحمت تھا۔ وہ 30 ستمبر 1931ء کو جموں میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد منشی رحمت علی اپنے زمانے کے ممتاز ڈراما نگاروں میں شمار ہوتے تھے۔ یوں انھیں‌ شروع ہی سے علمی و ادبی ماحول ملا اور وہ شعروسخن کی طرف مائل ہوئے۔

    صہبا اختر نے بریلی سے میٹرک کا امتحان پاس کیا اور قیامِ پاکستان کے بعد کراچی آگئے۔ ہجرت کے بعد ان کے خاندان نے نامساعد حالات کا سامنا کیا، یہاں‌ صہبا اختر کو بالآخر محکمہ خوراک میں ملازمت مل گئی اور اسی محکمے سے ریٹائر ہوئے۔

    صہبا اختر نے حمد و نعت کے علاوہ غزل، نظم، قطعہ، گیت، ملی نغمے، دوہے، رباعی جیسی اصنافِ سخن میں طبع آزمائی کی۔ انھیں پاکستانی ادب کے معماروں‌ میں‌ شمار کیا جاتا ہے۔ صہبا اختر کے مجموعہ ہائے کلام میں اقرا، سرکشیدہ، سمندر اور مشعل شامل ہیں۔ حکومتِ پاکستان کی جانب سے ان کے لیے بعد از مرگ صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی عطا کیا گیا۔

    صہبا اختر کی ایک غزل آپ کے ذوقِ مطالعہ کی نذر ہے

    چہرے شادابی سے عاری آنکھیں نور سے خالی ہیں
    کس کے آگے ہاتھ بڑھاؤں سارے ہاتھ سوالی ہیں

    مجھ سے کس نے عشق کیا ہے کون مرا محبوب ہوا
    میرے سب افسانے جھوٹے سارے شعر خیالی ہیں

    چاند کا کام چمکتے رہنا اس ظالم سے کیا کہنا
    کس کے گھر میں چاندنی چھٹکی کس کی راتیں کالی ہیں

    صہباؔ اس کوچے میں نہ جانا شاید پتّھر بن جاؤ
    دیکھو اس ساحر کی گلیاں جادو کرنے والی ہیں

    اس نام وَر شاعر کو کراچی میں گلشنِ اقبال کے قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔

  • فراقؔ اکثر بدل کر بھیس ملتا ہے…

    فراقؔ اکثر بدل کر بھیس ملتا ہے…

    فراق گورکھپوری ایک عہد ساز شاعر اور نقّاد تھے۔ انھیں اپنے دور میں‌ جو شہرت اور مقبولیت ملی وہ کم ہی شعرا کو نصیب ہوئی۔ فراق نے ایک نسل کو متاثّر کیا، اور نئی شاعری کی آب یاری میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ حسن و عشق کے شاعر تھے، لیکن نہ صرف جذبات و احساسات کی ترجمانی کی بلکہ شعور و ادراک اور جمالیاتی احساس کے حوالے سے بھی اپنے ہم عصروں‌ میں ممتاز ہوئے۔ ان کی ایک غزل باذوق قارئین کی نذر ہے۔

    غزل
    بہت پہلے سے اُن قدموں کی آہٹ جان لیتے ہیں
    تجھے اے زندگی ہم دور سے پہچان لیتے ہیں

    نگاہ بادہ گوں یوں تو تری باتوں کا کیا کہنا
    تری ہر بات لیکن احتیاطاً چھان لیتے ہیں

    طبیعت اپنی گھبراتی ہے جب سنسان راتوں میں
    ہم ایسے میں تری یادوں کی چادر تان لیتے ہیں

    خود اپنا فیصلہ بھی عشق میں کافی نہیں ہوتا
    اسے بھی کیسے کر گزریں جو دل میں ٹھان لیتے ہیں

    ہم آہنگی میں بھی اک چاشنی ہے اختلافوں کی
    مری باتیں بہ عنوانِ دگر وہ مان لیتے ہیں

    تجھے گھاٹا نہ ہونے دیں گے کاروبارِ الفت میں
    ہم اپنے سر ترا اے دوست ہر احسان لیتے ہیں

    زمانہ وارداتِ قلب سننے کو ترستا ہے
    اسی سے تو سَر آنکھوں پر مرا دیوان لیتے ہیں

    فراقؔ اکثر بدل کر بھیس ملتا ہے کوئی کافر
    کبھی ہم جان لیتے ہیں، کبھی پہچان لیتے ہیں

  • پیار بھرے خط کے منتظر، دُعا کے طالب راجیندر منچندا بانیؔ

    پیار بھرے خط کے منتظر، دُعا کے طالب راجیندر منچندا بانیؔ

    راجیندر منچندا بانی کو اردو شاعری میں ان کے جدید لب و لہجے اور توانا غزل کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

    1932 کو ملتان میں‌ پیدا ہونے والے بانیؔ کا خاندان تقسیمِ ہند کے بعد بھارت ہجرت کر گیا جہاں‌ 1981 میں‌ اس شاعر کی زندگی کا سفر تمام ہوا۔

    بانیؔ نے پنجاب یونیورسٹی سے اقتصادیات کے مضمون میں‌ ماسٹر کیا اور تدریس کا پیشہ اپنایا۔ ان کے تین شعری مجموعے منظرِ عام پر آئے جن کے نام‌ حرفِ معتبر، حسابِ رنگ اور شفقِ شجر ہیں۔

    راجیندر منچندا بانیؔ کی ایک غزل ملاحظہ کیجیے۔

    غزل
    خط کوئی پیار بھرا لکھ دینا
    مشورہ لکھنا، دعا لکھ دینا

    کوئی دیوار شکستہ ہی سہی
    اس پہ تم نام مرا لکھ دینا

    کتنا سادہ تھا وہ امکاں کا نشہ
    ایک جھونکے کو ہوا لکھ دینا

    کچھ تو آکاش میں تصویر سا ہے
    مسکرا دے تو خدا لکھ دینا

    برگِ آخر نے کہا لہرا کے
    مجھے موسم کی انا لکھ دینا

    ہاتھ لہرانا ہوا میں اس کا
    اور پیغامِ حنا لکھ دینا

    سبز کو سبز نہ لکھنا بانیؔ
    فصل لکھ دینا فضا لکھ دینا

  • رجحان ساز شاعر ن۔ م راشد کا یومِ وفات

    رجحان ساز شاعر ن۔ م راشد کا یومِ وفات

    ن۔م۔ راشد دنیائے ادب کا ایک معتبر نام ہے جنھوں نے اردو نظم کو نئی ترنگ، آہنگ دیا اور شاعری کی اس صنف میں نئے اور منفرد موضوعات کو اس خوبی سے سمیٹا کہ ان کا اسلوب اور انداز ان کی پہچان بن گیا۔ آج اردو کے اس ممتاز شاعر کا یومِ وفات ہے۔ وہ لندن میں 9 اکتوبر 1975 کو انتقال کرگئے تھے۔

    ان کا اصل نام نذر محمد راشد تھا۔ یکم اگست 1910 کو اکال گڑھ، ضلع گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے۔ شاعری کا سلسلہ شروع ہوا تو خود کو ن۔ م راشد کے نام سے متعارف کروایا۔ نظم گوئی اس شاعر کا وہ حوالہ ہے جس نے اس صنف کو عہد آفریں تبدیلیوں سے ہم کنار کیا اور روایت سے ہٹ کر ہیئت و اسلوب میں‌ وہ تجربات کیے جس نے نظم کو نئی ترنگ اور آہنگ دیا۔

    ن۔ م راشد کا پہلا مجموعہ ’’ماورا‘‘ 1941 میں شایع ہوا جس نے روایت کی پابند اور مخصوص موضوعات تک محدود نظم گوئی کا سانچہ ہی بدل دیا۔ انھوں نے آزاد نظم کا تجربہ کیا اور اسے مقبول بنایا۔

    ن۔ م راشد نے عالمی ادب سے متاثر ہو کر نظم کو اس کے روایتی سانچے سے باہر نکالا اور جدید اسلوب کو اپنایا جس پر شدید تنقید بھی ہوئی، لیکن انھوں نے پروا نہ کی اور اسی اسلوب اور نظم میں جدت نے بہت جلد دیگر شعرا کو بھی اپنی طرف متوجہ کرلیا۔

    اردو شاعری کو راشد نے جہاں نئے ڈھب سے آشنا کیا، وہیں نظم گوئی میں ان کے تجربات نے امکانات کا در بھی کھولا جس کا بعد میں‌ آنے والے شعرا نے بھی تعاقب کیا اور اس صنف کو تازہ خیالات اور نادر موضوعات سے مالا مال کیا۔

    ن۔ م راشد مختلف ممالک میں قیام پزیر رہے اور ان کی زندگی کے آخری ایّام لندن میں گزرے۔ ن۔ م راشد نے غزلیں بھی کہیں، لیکن ان کی وجہِ شہرت ان کی نظمیں ہیں۔

    اس شاعر کی ایک مشہور نظم "زندگی سے ڈرتے ہو” باذوق قارئین کی نذر ہے

    زندگی سے ڈرتے ہو؟
    زندگی تو تم بھی ہو، زندگی تو ہم بھی ہیں!
    زندگی سے ڈرتے ہو؟
    آدمی سے ڈرتے ہو؟
    آدمی تو تم بھی ہو، آدمی تو ہم بھی ہیں
    آدمی زباں بھی ہے، آدمی بیاں بھی ہے
    اس سے تم نہیں ڈرتے!
    حرف اور معنی کے رشتہ ہائے آہن سے آدمی ہے وابستہ
    آدمی کے دامن سے زندگی ہے وابستہ
    اس سے تم نہیں ڈرتے
    ”ان کہی” سے ڈرتے ہو
    جو ابھی نہیں آئی اس گھڑی سے ڈرتے ہو
    اس گھڑی کی آمد کی آگہی سے ڈرتے ہو
    پہلے بھی تو گزرے ہیں
    دورِ نارسائی کے ”بے ریا” خدائی کے
    پھر بھی یہ سمجھتے ہو ہیچ آرزو مندی
    یہ شبِ زباں بندی، ہے رہِ خداوندی
    تم مگر یہ کیا جانو
    لب اگر نہیں ہلتے ہاتھ جاگ اٹھتے ہیں
    ہاتھ جاگ اٹھتے ہیں راہ کا نشاں بن کر
    نور کی زباں بن کر
    ہاتھ بول اٹھتے ہیں صبح کی اذاں بن کر
    روشنی سے ڈرتے ہو
    روشنی تو تم بھی ہو، روشنی تو ہم بھی ہیں
    روشنی سے ڈرتے ہو
    شہر کی فصیلوں پر
    دیو کا جو سایہ تھا پاک ہو گیا آخر
    رات کا لبادہ بھی
    چاک ہو گیا آخر خاک ہو گیا آخر
    اژدہامِ انساں سے فرد کی نوا آئی
    ذات کی صدا آئی
    راہِ شوق میں جیسے راہرو کا خوں لپکے
    اک نیا جنوں لپکے
    آدمی چھلک اٹھے
    آدمی ہنسے دیکھو، شہر پھر بسے دیکھو
    تم ابھی سے ڈرتے ہو؟
    ہاں ابھی تو تم بھی ہو
    ہاں ابھی تو ہم بھی ہیں!
    تم ابھی سے ڈرتے ہو