کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے 11 میں گزشتہ رات واٹر ٹینکر نے 4 سال کے بچے کو کچل دیا، جاں بحق ارسلان والدہ کے انتظار میں گھر کے باہر بیٹھا تھا، گلی سے گزرتے تیز رفتار ٹینکر نے روند ڈالا۔
گلی میں موجود دیگر بچے ٹینکر کے پیچھے بھاگے، محلے والوں کو آوازیں دیتے رہے لیکن ڈرائیور تیز رفتاری سے فرار ہو گیا۔
معصوم ارسلان کی والدہ نے بتایا ’’میں گھروں میں کام کرتی ہوں، بیٹا گھر کے باہر بیٹھا روز کی طرح میرا انتظار کر رہا تھا۔‘‘ عینی شاہد خاتون نے بتایا کہ گلی میں جگہ کم ہونے کے باوجود ڈرائیور تیز رفتاری سے آیا اور بچے کو روند ڈالا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کی مدد سے ٹینکر تحویل میں لے لیا گیا ہے، جب کہ مفرور ڈرائیور کی تلاش کی جا رہی ہے۔