Tag: ارشدیپ سنگھ

  • ارشدیپ سنگھ کے لیے آئی سی سی کا اہم اعزاز

    ارشدیپ سنگھ کے لیے آئی سی سی کا اہم اعزاز

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھارتی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ کو ٹی 20 کرکٹر آف دی ایئر قرار دے دیا۔

    آئی سی سی نے 2024 میں شاندار کارکردگی کی بدولت بھارتی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگ کو ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹر آف دی ایئر کے اعزاز سے نوازا ہے۔

    انہوں نے کیریبین اور امریکا میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، اور پاور پلے اور ڈیتھ اوورز میں شاندار بولنگ کی۔

    25 سالہ نوجوان کرکٹر نے 2022 میں ڈیبیو کے بعد سے بھارت کے لیے کئی اہم مواقعوں پر شاندار بولنگ کی۔

    وہ گزشتہ سال ٹی 20 انٹرنیشنل میں بھارت کے لیے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر تھے جنہوں نے 18 میچوں میں 36 وکٹیں حاصل کیں۔

    دنیائے کرکٹ کے چار کھلاڑیوں نے 2024 میں ارشدیپ سے زیادہ ٹی 20 وکٹیں حاصل کی ہیں جن میں سعودی عرب کے عثمان جیب 38، ونندو ہسارنگا 38، یو اے ای کے جنید صدیق 40 اور ہانگ کانگ کے احسان اللہ 46 وکٹوں کے ساتھ نمایاں ہیں۔

    تاہم چاروں کھلاڑیوں نے ارشدیپ سے زیادہ میچز کھیلے جنہوں نے 15.31 کی اوسط اور 7.49 کی اکانومی ریٹ سے بولنگ کی ہے۔

    ارشدیپ سنگھ نے پاور پلے اور ڈیتھ اوورز میں بولنگ کرنے کے باوجود 10.80 کا شاندار اسٹرائیک ریٹ برقرار رکھا تھا۔

  • کامیاب ہونا ہے تو شاہین کی طرح بولنگ کرو! وسیم اکرم کا بھارتی پیسر کو مشورہ

    کامیاب ہونا ہے تو شاہین کی طرح بولنگ کرو! وسیم اکرم کا بھارتی پیسر کو مشورہ

    سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے بھارتی پیسر ارشدیپ سنگھ کو مشورہ دیا ہے کہ شروع کے اوورز میں کامیاب ہونے کیلئے شاہین کی طرح بولنگ کریں۔

    سابق پاکستانی کپتان نے کہا کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں ارشدیپ سنگھ کو پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی سے سیکھنا چاہیے کہ نئے بال سے کس طرح بولنگ کی جائے، انھوں بھارتی پیسر کو بال کو فل لینتھ پر پھینکنے کا بھی مشورہ دیا۔

    وسیم اکرم نے کہا کہ ویسٹ انڈیز میں ارشدیپ نئے بال سے مدد حاصل کرسکتا ہے، یہاں کی پچز آئی پی ایل یا پاکستانی پچز کی طرح فلیٹ نہیں ہیں، وہ نئے بال کو بیٹرز کے سامنے پچ کرتے ہوئے چانس لے سکتا ہے، انھیں شاہین آفریدی کی طرح بولنگ کرنا ہوگی۔

    انھوں نے کہا کہ بھارتی بولر میچز کے دوران اس چیز کی کوشش کرسکتے ہیں، انھیں مڈ آن اور مڈ آف کو تھوڑا سا سیدھا رکھنا پڑے گا، وہ اپنے دوسرے اسپیل میں مختلف ویریشن کا استعمال کرسکتے ہیں۔

    سابق پاکستانی کرکٹر نے مزید کہا کہ میرے خیال میں ارشدیپ کافی باصلاحیت اور متاثرکن ہیں، انھیں چار روزہ کرکٹ پر بھی توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔

    انھوں نے کہا کہ ارشدیپ گیند کو دونوں جانب سوئنگ کراتے ہیں اور ان کے پاس پیس بھی ہے، میں نے دو سال پہلے ارشدیپ کو دبئی میں دیکھا تھا وہ نئی بال سے اچھی بولنگ کرسکتے ہیں۔

  • ارشدیپ سنگھ نے ایک اور منفی ریکارڈ اپنے نام کرلیا

    بھارتی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں منفی ریکارڈ بنالیے۔

    بھارتی بولر ارشدیپ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ان کا نو بال سے پرانا رشتہ ہے، گزشتہ روز بھارت اور نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے پہلے 3 اوور میں بہترین بولنگ کرتے ہوئے 24 رنز دیے۔

    جس کے بعد کپتان ہاردک پانڈیا نے ارشدیپ پر بھرسہ کرتے ہوئے انہیں اننگز کا مشکل ترین 20 اوور کرانے کی ذمہ داری دی۔

    تاہم بھارتی بولر ارشدیپ یہاں ناکام ہوگئے اور آخری اوور کی پہلی بال کا آغاز ہی نو بال سے کیا، جس کے بعد فیلڈ میں موجود بھارتی کپتان بھی پریشان نظر آئے۔

    ارشدیپ نے آخری اوور میں 27 رنز دے کر ایک منفی ریکارڈ اپنے نام کیا، بولر کی اس اوور کی وجہ سے نیوزی لینڈ کی ٹیم 176 رنز بنا سکی تھی۔

    176 رنز کے تعاقب مین بھارتی ٹیم 155 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی اور اس میچ میں 21 رنز سے ہار گئی، جس کے بعد بھارت کی جانب سے ارشدیپ ٹی ٹوئنٹی کے 20 ویں اوور میں سب سے زیادہ رنز دینے والے بھارتی بولر بن گئے۔

    ارشدیپ نے  اس منفی ریکارڈ میں کرکٹر سریش رینا کو پیچھے چھوڑ دیا، 2012 میں سریش نے جنوبی افریقہ کے خلاف 20 ویں اوور میں 26 رنز دیے تھے۔

    واضح رہے کہ اس میچ میں بھارتی ٹیم کے فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ نو بال سے اپنا پیچھا چھڑانے میں ناکام ہے، اس قبل انہوں  نے سری لنکا کے خلاف پونے میں کھیلے گئے ٹی20 میچ میں مجموعی طور پر 5 نو بال کرائے تھے۔

    سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ارشدیپ سنگھ نے 2 اوورز میں 5 نو بالز کرا کر منفی ریکارڈ اپنے نام کیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ارشدیپ سنگھ نے پہلے اوور میں لگاتار 3 نو بولز بھی کرائیں جو کہ کسی بھی بھارتی بولر نے پہلی مرتبہ کیا ہے۔

  • بابر اعظم کو کون آؤٹ کرے گا، پیش گوئی درست ثابت ہو گئی

    بابر اعظم کو کون آؤٹ کرے گا، پیش گوئی درست ثابت ہو گئی

    میلبرن: پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم سے متعلق دو دن قبل کی گئی پیش گوئی درست ثابت ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق بھارتی بیٹسمین سریش رائنا نے پیش گوئی کی تھی کہ بابر اعظم کو بھارتی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ آؤٹ کریں گے۔

    یہ پیش گوئی آج میلبرن اسٹیڈیم میں بھارت کے خلاف کھیلتے ہوئے کپتان بابر اعظم کے بغیر کوئی رن بنائے ارشدیپ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہونے پر پوری ہو گئی۔

    بابراعظم کو کون سا بھارتی بولر آؤٹ کرے گا؟ حیران کن پیشگوئی

    ارشدیپ جیسے ہی اپنا پہلا اور میچ کا دوسرا اوور کرنے آئے، انھوں نے پہلی ہی گیند پر پاکستان ٹیم کے کپتان کو ایل بی ڈبلیو کر کے پویلین لوٹا دیا، اور یوں انھیں رنز کا کھاتا نہیں کھولنے دیا۔

    بھارت کے خلاف پاکستان کے دونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے

    یاد رہے کہ سابق انڈین بلے باز سریش رائنا نے پیش گوئی کی تھی کہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں ہونے والے ایونٹ کے سب سے بڑے ٹاکرے میں پاکستانی کپتان بابر اعظم کو آؤٹ کریں گے۔

    بھارتی میڈیا سے گفتگو میں سریش رائنا نے بابر اعظم کی تعریف کی اور ساتھ ہی پیش گوئی کی کہ وہ ارشدیپ سنگھ کی گیند پر آؤٹ ہو سکتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ وہ [بابر] اچھے کپتان اور واقعی اچھے کرکٹر ہیں، وہ اپنی ٹیم کے لیے بہت اچھا کھیل رہے ہیں، لیکن امید ہے کہ جب وہ ہمارے خلاف کھیلنے کے لیے آئیں گے تو ارشدیپ سنگھ انھیں آؤٹ کر دیں گے۔