Tag: ارشد ملک

  • ‘وفاقی وزیر کے بیان کے بعد پی آئی اے کے نقصان کی تلافی ابھی تک نہیں ہو سکی’

    ‘وفاقی وزیر کے بیان کے بعد پی آئی اے کے نقصان کی تلافی ابھی تک نہیں ہو سکی’

    لاہور: قومی ایئر لائن کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر ہوا بازی کے بیان کے بعد پی آئی اے کے نقصان کی تلافی ابھی تک نہیں ہو سکی ہے۔

    سی ای او پی آئی اے ارشد ملک نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غیر ملکی پروازوں پر پابندی کے جلد خاتمے کا امکان ظاہر کیا، اور کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے باعث کرایوں میں اضافے کا امکان ہے۔

    انھوں نے کہا منسٹر ایوی ایشن کے بیان کے بعد پی آئی اے کے نقصان کی تلافی ابھی تک نہیں ہو سکی ہے، پائلٹس کے جعلی ڈگری کے مسئلے پر دنیا کے کئی ممالک نے ہم پر پابندی عائد کر دی تھی۔

    انھوں نے کہا جس ادارے نے پائلٹ کی جعلی ڈگری کے حوالے سے رپورٹ دی تھی اس جعلی رپورٹ بنانے والوں کے خلاف تاحال کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

    ارشد ملک نے کہا قومی ایئر لائن اب نئے روٹس تلاش کر کے خسارے کو کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک روٹس کو بڑھایا جا رہا ہے، پی آئی اے میں نئے طیاروں سمیت اصلاحات کا عمل بھی جاری ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشل آڈیٹر مارچ کے آخر تک اپنا آڈٹ مکمل کر لیں گے، امید ہے کہ آڈٹ مکمل ہونے کے بعد یورپی یونین پروازوں پر لگائی جانے والی پابندی ختم ہو جائے گی۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ باکو اور آسٹریلیا کے لیے آپریشن شروع کرنے جا رہے ہیں، اور چار نئے طیارے ڈرائی لیز پر پی آئی اے کے بیڑے میں شامل ہو رہے ہیں۔

  • پی آئی اے کے سی ای او نے مدت ملازمت میں توسیع سے معذرت کرلی

    پی آئی اے کے سی ای او نے مدت ملازمت میں توسیع سے معذرت کرلی

    کراچی: قومی ایئر لائن پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ایئر مارشل ارشد ملک کی 3 سالہ مدت ملازمت 25 اپریل کو ختم ہو رہی ہے، انہوں نے مدت ملازمت میں توسیع سے معذرت کرلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ایئر مارشل ارشد ملک نے مدت ملازمت میں توسیع سے معذرت کرلی، پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے انہیں مدت ملازمت میں توسیع کی پیشکش کی تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ارشد ملک کی 3 سالہ مدت ملازمت 25 اپریل کو ختم ہو رہی ہے۔

    پی آئی اے کے نئے سی ای او کی تقرری کے لیے اشتہار بھی جاری کردیا گیا ہے، سی ای او کے لیے 20 سال کا ایوی ایشن سیکٹر کا تجربہ درکار ہے۔

    کامیاب بزنس مین بھی سی ای او پی آئی اے کے عہدے کا اہل ہو سکتا ہے۔

  • پی آئی اے: دیگر ممالک کے لیے براہ راست پروازوں سے متعلق خوشخبری

    پی آئی اے: دیگر ممالک کے لیے براہ راست پروازوں سے متعلق خوشخبری

    کراچی: قومی ایئر لائن نے دیگر ممالک کے لیے براہ راست پروازوں سے متعلق خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ آسٹریلیا، مالدیپ اور ہانگ کانگ کے لیے براہ راست پروازوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ارشد ملک نے کہا ہے کہ پی آئی اے نے آسٹریلیا، مالدیپ اور ہانگ کانگ کے لیے براہ راست پروازوں کا فیصلہ کیا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ان تین ممالک کے لیے براہ راست پروازوں کی منصوبہ بندی پر کام تیز کر دیا گیا ہے، استنبول اور بینکاک کے لیے بھی دوبارہ براہ راست فضائی آپریشن کا پلان بنایا گیا ہے۔

    ارشد ملک کا کہنا تھا کہ برطانیہ، امریکا اور یورپی ملکوں کے لیے بھی براہ راست پروازوں کی بحالی کے لیے یورپی، برطانوی اور امریکی سول ایوی ایشنز کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ ایاسا نے یورپی ملکوں کے لیے پروازیں چلانے کے لیے آڈٹ کا کہا ہے، آڈٹ کلیئر ہوتے ہی پروازیں بحال ہو جائیں گی۔

    انھوں نے کہا یورپی فضائی سیفٹی ایجنسی نے مکتوب لکھا ہے کہ وہ پاکستان آکر سول ایوی ایشن اور پی آئی اے دونوں کا آڈٹ کرنا چاہتا ہے، پی آئی اے نے اصرار کیا ہے کہ ایاسا جلد از جلد آڈٹ کرے تا کہ یورپ اور برطانیہ کے روٹس بحال کیے جا سکیں، قومی ایئر لائن آڈٹ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، اور بہت زیادہ پر امید ہے کہ پابندیاں جلد ختم ہوجائیں گی۔

    ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ پی آئی اے کا ایک جامع بزنس پلان آیٹا نے مرتب کر لیا ہے جسے اگلے ہفتے حکومت کو منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، پی آئی اے کے بقا کے لیے فنانشل ریسٹرکچرنگ ناگزیر ہے جس کے بغیر کوئی منصوبہ کامیاب نہیں ہو سکتا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایوی ایشن میں پروفیشنل لوگوں کی ضرورت ہے، پاکستان میں ہوابازی کا بہت پوٹینشل ہے مگر بدقسمتی سے اس کو صنعت نہیں سمجھا جاتا، خلیجی ممالک میں ہوا بازی بحیثیت صنعت ملکی معیشیت کے سب سے بڑے شعبوں میں سے ایک ہے، وہاں پر قانون سازی اور بنیادی ڈھانچا ملکی ایئر لائنز اور ہوا بازی کی صنعت کے فروغ میں سب سے اہم کردار ادا کرتا ہے۔

    سی ای او پی آئی اے نے مزید کہا پوری دنیا میں حکومتی پالیسی سے لے کر ایئر پورٹ کی سہولیات تک تمام عناصر ہوا بازی کو فروغ دیتی ہیں، بد قسمتی سے ہمارے ملک کی پالیسیاں اور اجازت نامے بھی خلیجی ایئر لائنز کو ترجیح دیتے ہیں، پاکستان میں سول ایوی ایشن کو ملکی ایئر لائنز اور اس صنعت سے وابستہ لوگوں کو سپورٹ کرنا ہوگا، قومی ایئر لائن کے ساتھ ساتھ تمام مقامی ایئر لائنز کو بھی ترجیح دینی ہوگی، تب ہی پاکستانی ہوا بازی ترقی کرے گی۔

  • کرونا وائرس: احتساب عدالت کےسابق جج ارشد ملک انتقال کر گئے

    کرونا وائرس: احتساب عدالت کےسابق جج ارشد ملک انتقال کر گئے

    اسلام آباد: احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کرونا وائرس انفیکشن کے باعث انتقال کر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نواز شریف کو سزا سنانے والے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک انتقال کر گئے، وہ کرونا وائرس انفیکشن میں مبتلا تھے۔

    احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک ایک ہفتے سے وینٹی لیٹر پر تھے، اور شفا انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد میں زیر علاج تھے۔

    ارشد ملک کے اہل خانہ نے بھی ان کی وفات کی تصدیق کر دی ہے، انھوں نے سوگواران میں 2 بیٹے اور 2 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں برس 6 اگست کو لاہور ہائی کورٹ نے ارشد ملک کی ملازمت سے برطرفی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، انھوں نے اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج کی حیثیت سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو نیب کے العزیزیہ ریفرنس میں مجرم قرار دے دیا تھا اور فلیگ شپ ریفرنس میں انھیں بری کر دیا تھا۔

    ویڈیو اسکینڈل کیس، جج ارشد ملک کی برطرفی کا نوٹی فکیشن جاری

    واضح رہے کہ جج ارشد ملک کو 3 جولائی کو بر طرف کیا گیا تھا، ارشدملک کے خلاف ویڈیو اسکینڈل کی تحقیقات مکمل ہونے پر بر طرفی کا فیصلہ کیا گیا تھا، یہ فیصلہ چیف جسٹس قاسم خان کی سربراہی میں انتظامی کمیٹی نے سنایا تھا۔

    24 دسمبر 2018 کو نواز شریف کے خلاف فیصلہ دینے کے بعد جج ارشد ملک کا ویڈیو اسکینڈل منظر عام پر آیا، جس میں ارشد ملک نے نواز شریف اور حسین نواز سے ملاقاتوں کا اعتراف کیا تھا۔

  • سی اے اے فضائی صنعت کی مالی مشکلات کم کرنے کے لیے مدد کرے، ارشد ملک

    سی اے اے فضائی صنعت کی مالی مشکلات کم کرنے کے لیے مدد کرے، ارشد ملک

    کراچی: سی ای او پی آئی اے ارشد ملک نے کہا ہے کہ سی اے اے فضائی صنعت کی مالی مشکلات کم کرنے کے لیے مدد کرے۔

    تفصیلات کے مطابق سی ای او پی آئی اے ارشد ملک نے ڈی جی سول ایوی اتھارٹی کو مراسلہ لکھا ہے جس میں انہوں نے فضائی صنعت کے خسارے،حالات بہتر بنانے کے لیے تعاون کی اپیل کی ہے۔

    ارشد ملک نے کہا کہ ایئر لائن انڈسٹری تاریخ کے بدترین دور سے گزر رہی ہے،مختلف ایئر لائنز سےملازمین کو فارغ کیاگیا، پی آئی اے نے ریلیف پروازیں چلا کر مشکل حالات سے نمٹنے کی کوشش کی۔انہوں نے حالات میں بہتری تک ایئر لائنز چارجز منجمد کیے جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس چیلنج سے پی آئی اے اکیلا نہیں نمٹ سکتا،حکومت اور سی اے اے کے بھرپور مدد اور تعاون کی ضرورت ہے۔

    ارشد ملک کا کہنا تھا کہ سی اے اے فضائی صنعت کی مالی مشکلات کم کرنے کے لیے مدد کرے،یہ عمل ناصرف قومی ائیرلائن کی بقا بلکہ انڈسٹری ملازمین کے لیے مددگار ہوگا۔

    سی ای او پی آئی اے نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر بہت جلد ان حالات پر قابو پایا جا سکے گا۔

  • پی آئی اے مشتبہ پائلٹس کی خبر امریکی ٹی وی پر، ایئر مارشل ارشد ملک کا امریکی حکام کو خط

    پی آئی اے مشتبہ پائلٹس کی خبر امریکی ٹی وی پر، ایئر مارشل ارشد ملک کا امریکی حکام کو خط

    اسلام آباد: امریکی ٹی وی سی این این نے بھی پی آئی اے کے پائلٹس کے جعلی لائسنس کے معاملے پر خبر نشر کر دی ہے، قومی ایئر لائن کے سی ای او نے امریکی حکام کو خط لکھ کر اعتماد میں لے لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی آئی اے کے پائلٹس کے مشتبہ اور مبینہ جعلی لائسنس کے معاملے میں قومی ایئرلائن کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے امر یکی حکام کو خط لکھ دیا، جس میں پاکستان میں امریکی سفیر پال جونز کو لائسنس کے مسئلے پر اعتماد میں لیا گیا۔

    ایئر مارشل ارشد ملک نے لکھا کہ مسافروں اور جہازوں کی سیفٹی کے لیے مشکوک لائسنس والے پائلٹس کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے، حکومتِ پاکستان جعلی لائسنس کے معاملے کی مکمل چھان بین کرے گی۔

    انھوں نے خط میں لکھا کہ حکومت نے تمام اندرون و بیرون پی آئی اے کی پروازوں میں پائلٹس کے پاس ہر وقت اصلی لائسنس پاس ہونا لازمی قرار دے دیا ہے۔

    پاکستان: کُل 450 پائلٹس میں‌ سے 262 مشکوک ہیں، وفاقی وزیر کا تہلکہ خیز انکشاف

    خیال رہے کہ قومی ایئر لائن نے حال ہی میں انتہائی تگ و دو کے بعد امریکا کے لیے اپنی براہ راست پروازیں شروع کی ہیں، اس سلسلے کو حالیہ جعلی لائسنس اسکینڈل سے نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے انکشاف کیا ہے کہ پی آئی اے سمیت دیگر ایئر لائنز میں مشکوک پائلٹس کی تعداد 262 ہے، ماضی میں قومی ایئرلائن کے جن پائلٹس کے خلاف تحقیقات ہوئیں انھیں پچھلی حکومتوں نے ملازمتیں دیں۔

    انھوں نے کہا کہ پائلٹس کے خلاف جو انکوائری ہوئی وہ 2018 سے پہلے کے لوگ ہیں، پی ٹی آئی حکومت نے پی آئی اے میں کوئی نئی بھرتی نہیں کی۔

  • وفاقی حکومت نے ایم ڈی پی آئی اے کےخلاف درخواست بدنیتی پر مبنی قرار دے دی

    وفاقی حکومت نے ایم ڈی پی آئی اے کےخلاف درخواست بدنیتی پر مبنی قرار دے دی

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے ایم ڈی پی آئی اےارشد ملک کےخلاف درخواست بدنیتی پر مبنی قرار دے دی اور کہا ارشدملک کی تعیناتی کےبعدپی آئی اے کے ریونیومیں چوالیس فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ان کے دورمیں آپریشنل خسارے میں پچھتر فیصد کمی آئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے ایم ڈی پی آئی اے ارشد ملک کےخلاف درخواست پر سپریم کورٹ میں جواب جمع کرادیا ، جس میں کہا گیا ایم ڈی پی آئی اے کے خلاف درخواست بدنیتی پر مبنی ہے ، ارشد ملک نے غیر قانونی کاموں کے خلاف سخت ایکشن لیے اور جعلی ڈگری اورغیرقانونی تقرری والوں کےخلاف بھی کارروائی کی۔

    جواب میں کہا گیا ارشدملک کی تعیناتی کےبعدپی آئی اے کے ریونیومیں چوالیس فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ان کے دورمیں آپریشنل خسارے میں پچھتر فیصد کمی آئی۔

    حکومت کی جانب سے بتایاگیاہےارشدمحمودنےکامرہ میں ڈپٹی چیئرمین کی خدمات انجام دیں ، انھوں نےجے ایف تھنڈر بنانے، مارکیٹنگ اور فروخت کی ذمے نبھائی، بطور ڈپٹی چیئرمین ارشدمحمود کے دورمیں کامرہ میں ریکارڈ سولہ تھنڈرطیارے بنائےگئے، جبکہ انھوں نے بطور چیئرمین جے ایف تھنڈر بلاک تین بھی بنایا۔

    حکومتی جواب میں مزید کہاگیاہے ارشد ملک کی تعیناتی کی منظوری وفاقی کابینہ نے دی، تقرری طے کردہ پیرا میٹرز کے مطابق ہوئی، ارشد ملک کو فنانس، کنٹریکٹنگ، ایچ آرسمیت تمام شعبوں میں تجربہ حاصل ہے، اُن کے آنے سے پی آئی اے کے مسائل میں کمی آئی۔

  • جج بلیک میلنگ اسکینڈل: دہشت گردی دفعات مقدمے میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ چیلنج

    جج بلیک میلنگ اسکینڈل: دہشت گردی دفعات مقدمے میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ چیلنج

    اسلام آباد: جج بلیک میلنگ اسکینڈل کیس میں دہشت گردی کی دفعات شامل نہ کرنے کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے جج بلیک میلنگ مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل نہ کرنے کے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کو دی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ مقدمہ انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) میں منتقل کرنے کی درخواست ٹرائل کورٹ نے مسترد کی، سائبر کرائم کورٹ نے قانون کے خلاف فیصلہ دیا ہے۔

    درخواست میں ایف آئی اے نے استدعا کی ہے کہ عدالت ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے، اور مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے کا حکم دیا جائے۔

    یہ بھی پڑھیں:  جج بلیک میلنگ اسکینڈل، نواز شریف کی نظرثانی درخواست سپریم کورٹ میں دائر

    خیال رہے کہ انسداد الیکٹرانک کرائم کی عدالت نے ایف آئی اے کی درخواست مسترد کی تھی، جس میں مذکورہ مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔

    وفاق کی جانب سے دائر کی گئی جج ارشد ملک کی ویڈیو بنانے والے میاں طارق کا کیس اے ٹی سی منتقلی کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کل ہوگی، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن کیانی درخواست پر سماعت کریں گے۔

    یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کو اختیار ہے کہ وہ اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد جج ارشد ملک کی طرف سے نواز شریف کو دی جانے والی سزا کا ازسر نو جائزہ لے۔

  • جج ویڈیو اسکینڈل میں بلیک میلنگ پر دس سال سزا ہوسکتی ہے: شہزاد اکبر

    جج ویڈیو اسکینڈل میں بلیک میلنگ پر دس سال سزا ہوسکتی ہے: شہزاد اکبر

    اسلام آباد: وزیر  اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب  شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ  جج ویڈیو  اسکینڈل میں بلیک میلنگ پر دس سال سزا ہوسکتی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جج ارشد ملک کی ایف آئی آر کا متن کافی چیزوں سے پردہ اٹھاتا ہے۔

    شہزاد اکبر نے کہا کہ ایف آئی آر میں حکومت کا کوئی ادارہ شکایت کنندہ نہیں، الیکٹرونک کرائم ایکٹ کی چار دفعات، پی پی سی دفعات کی خلاف ورزی ہوئی، متن کہتاہےمیاں طارق ان کے گینگ نےویڈیو بنائی،بلیک میلنگ کی۔

    انھوں نے کہا کہ ایف آئی آر میں ہے کہ چند ماہ پہلے ن لیگ کے مقامی رہنما میاں رضا کو ویڈیو بیچی گئی، ن لیگ نے  پریس کانفرنس کی، ویڈیو کو بلیک میلنگ کے لئے استعمال کیا گیا۔ جج ارشد ملک کا کیریئر تباہ کرنے کی کوشش کی گئی۔

    مزید پڑھیں: ویڈیو بلیک میلنگ اسکینڈل کا ایک اور اہم کردار سامنے آگیا

    شہزاد اکبر کے مطابق جج ارشد ملک نے ایف آئی اے سے تمام کرداروں کے خلاف کارروائی کی استدعا کی ہے۔درج شکایت پر ادارہ کارروائی کرے گا، پہلے بلیک میلنگ کی، پھر ویڈیوز بنائیں، پھر ان کی تشہیر کی گئی۔

    ایف آئی آر میں درج نام سب زد میں آئیں گے، میاں طارق سے کام شروع ہوتا ہے، پریس کانفرنس کے کرداروں پربات ختم ہوگی، ایف آئی اے نے بتایا ہےکہ س وقت کس نے کیا کردار ادا کیا۔ معاملے پر  10 سال تک ہو سکتی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ویڈیومیں بینفشری کا کردار بھی دیکھا جائے گا، کوٹ لکھپت جیل میں ناصر جنجوعہ کی درجنوں ملاقاتیں ہوئی ہیں، نوازشریف کو  اس کےکردار کا پتا تھا، ملاقاتوں کی فوٹیجز ہیں۔

  • جج ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل،سپریم کورٹ میں سماعت شروع

    جج ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل،سپریم کورٹ میں سماعت شروع

    اسلام آباد: احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کے ویڈیو اسکینڈل سے متعلق درخواستوں کی سماعت شروع ہوگئی ہے، چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں بنچ سماعت کررہا ہے.

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جج ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل کے ضمن میں دائر  کردہ تین درخواستوں کی سماعت چیف جسٹس آف  پاکستان آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کرہا ہے۔ بنچ میں جسٹس عظمت سعید اور جسٹس عمر عطا بندیال شامل ہیں۔

    جج ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل سے متعلق اشتیاق مرزا، سہیل اختر اورطارق اسد نے 3 مختلف درخواستیں دائرکر رکھی ہیں، درخواستوں میں شہبازشریف،مریم نواز،شاہدخاقان کوفریق بنایاگیاہے۔

    دوسری جانب ان درخواستوں میںجج ارشد ملک، پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی اوروفاقی حکومت کو بھی فریق بنایا گیا ہے  ،درخواست گزاروں کی جانب سے عدالت سے معاملے کی تحقیقات کی استدعا کی گئی ہے۔

    اس موقع پر سیکیورٹی کےسخت ترین انتظامات کیے  گئے ہیں. صرف مقدمے کے فریقین، وکلا اور صحافیوں کوسپریم کورٹ جانے کی اجازت ملی ہے،  جس کے لیےخصوصی پاس جاری کیے گئے ہیں.

    واضح رہے کہ مریم نواز اپنی پریس کانفرنس میں احتساب عدالت کے جج کی خفیہ کیمرے سے بنی مبینہ ویڈیو سامنے لے آئی تھیں، جس سے یہ تاثر دیا گیا کہ احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے دباؤ کے تحت میاں نواز شریف کے خلاف فیصلہ دیا تھا۔

    احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کو ہٹانے سے متعلق نوٹی فکیشن جاری

    اسکینڈل سامنے آنے کے بعد جج ارشد ملک کو کام کرنے سے روک دیا گیا. بعد ازاں اس ضمن میں سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی، جسے چیف جسٹس نے سماعت کے لیے مقرر کیا.

    خیال رہے کہ گزشتہ روز احتساب عدالت نمبر 2 کے جج ارشد ملک کو ہٹانے سے متعلق نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے، وزارت قانون نے نوٹی فکیشن جاری کیا، جس کی کاپی رجسٹرارآفس کومل گئی ہے۔