Tag: ارشد ندیم

  • ملک میں ایتھلیٹکس کی سہولتیں دی جائیں تو نتائج بہتر آئیں گے، ارشد ندیم

    ملک میں ایتھلیٹکس کی سہولتیں دی جائیں تو نتائج بہتر آئیں گے، ارشد ندیم

    لاہور: ورلڈ اتھیلٹکس چیمپئن شپ میں شرکت کے بعد ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے، لاہور ایئرپورٹ پر ارشد ندیم کا شاندار استقبال کیا گیا۔

    ایئرپورٹ پر وہاب ریاض، اسپورٹس بورڈ پنجاب کے نمائندوں نے ان کا استقبال کیا،ارشد ندیم پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے گئے۔

    ارشد ندیم نے ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ کے جیولن تھرو میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا، ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ ہنگری کے دارالحکومت پڈایسٹ میں منعقد ہوئی۔

    لاہور ایئرپورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کیلئے بہت محنت کی تھی اللہ تعالیٰ مجھے کامیابی عطا کی، انہوں نے کہا کہ ملک میں ایتھلیٹکس کی سہولتیں دی جائیں تو نتائج بہتر آئیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ مکمل فٹ ہوں،ایشین گیمز کیلئے بھرپور تیاری کروں گا، پیرس اولمپکس 2024 میں بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔

    ارشدندیم نے کہا کہ پاکستان میں ایتھلیٹکس کیلئے عالمی معیار کی سہولتیں ہونی چاہئیں، عالمی معیار کی سہولتوں اور کوچنگ سے مزید بہتر پرفارم کرسکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ ورلڈ اتھلیٹکس چیمپئن شپ کی تاریخ میں پاکستان نے پہلی مرتبہ میڈل جیتا، فائنل میں ارشد ندیم نے 87.82میٹر دور نیزہ پھینک کر دوسری پوزیشن حاصل کی، یاد رہے کہ ارشد ندیم پہلے ہی پیرس اولمپکس 2024 کیلئے کوالیفائی کرچکے ہیں۔

  • ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں ارشد ندیم کی کامیابی پر نگران وزیراعظم کی مبارکباد

    ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں ارشد ندیم کی کامیابی پر نگران وزیراعظم کی مبارکباد

    اسلام آباد: ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں ارشد ندیم کی کامیابی پر نگران وزیراعظم انوالحق کاکڑ  نے مبارکباد دی ہے۔

    نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ارشد ندیم کی کامیابی پاکستان کیلئے خوشی کا دن ہے، ارشد ندیم آپ نے قوم کو خوش اور سر فخر سے بلند کر دیا۔

    نگران وزیراعظم نے ایکس پر جاری پیغام میں مزید کہا کہ بہترین اسپورٹس مین شپ کی بدولت آپ اورپاکستان کو سلور میڈل ملا۔

    ارشد ندیم نے جیولن تھرو فائنل میں سلور میڈل جیت لیا

    واضح رہے کہ جیولن تھروور اولمپئن ارشد ندیم نے ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپین شپ میں پاکستان کے لیے تاریخ رقم کرتے ہوئےسلور میڈل جیت لیا۔

    ارشد ندیم ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپین شپ میں پاکستان کے لیے پہلا میڈل جیتنے والے ایتھلیٹ بھی بن گئے ۔

    ہنگری کے شہر بڈاپسٹ میں ہونے والی چیمپئن شپ کے جیولن تھرو کے مقابلے میں ارشد ندیم دوسرے نمبر پر رہے  جبکہ بھارت کے نیرج چوپڑا آدھے میٹر سے بھی کم فرق کی وجہ سے گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب ہوئے۔

  • ارشد ندیم ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں حصہ لینے کے لئے ہنگری روانہ

    ارشد ندیم ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں حصہ لینے کے لئے ہنگری روانہ

    لاہور: اسٹار ایتھلیٹ ارشد ندیم ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں حصہ لینے کے لئے ہنگری روانہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹار ایتھلیٹ ارشد ندیم ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں حصہ لینے کے لئے ہنگری روانہ ہوگئے، ان کے کوچ سلمان اقبال بٹ بھی ان کے ہمراہ روانہ ہوئے ہیں۔

    روانگی سے قبل ارشد ندیم  نے لاہور میں آخری ٹریننگ سیشن میں بھرپور ٹریننگ کی، وہ ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئین شپ میں شاندار کم بیک کیلئے پر امید ہیں۔

    ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے جیولن تھرو ایونٹ کا کوالیفائنگ راؤنڈ 25 اگست کو ہوگا اور فائنل 27 اگست کو ہوگا۔

     اسٹار ایتھلیٹ ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ مکمل فٹ ہوں اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کروں گا، فٹ ہونے کے بعد بھرپور ٹریننگ کی ہے۔

    ارشد ندیم نے مزید کہا کہ ورلڈ ایتھلیٹکس میں نیرج چوپڑا کے ساتھ اچھا مقابلہ ہونے کی توقع ہے۔

  • ارشد ندیم نے پھر گولڈ میڈل جیت لیا

    ارشد ندیم نے پھر گولڈ میڈل جیت لیا

    34ویں نیشنل گیمز جیولن تھرو فائنل میں پاکستان واپڈا کے ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کامن ویلتھ گیمز کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے نیشنل گیمز میں بھی سونے کا تمغہ جیت لیا، جیولن تھرو فائنل میں واپڈا کے اسٹار ایتھلیٹ نے 78 میٹر سے زائد کی تھرو کی۔

    واپڈا ہی کے یاسر جیولن تھرو میں چاندی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوئے۔

    ارشد ندیم نے کہا کہ سرجری کے بعد صرف ایک ماہ ٹریننگ کی، نیشنل گیمز میں صرف گولڈ کی تیاری کی تھی، کامن ویلتھ گیمز اور اسلامک گیمز کے بعد سرجری کے عمل سے گزرا۔

    انہوں نے کہا کہ سرجری کے بعد کم بیک کیا، اب گولڈ میڈل لینے سے حوصلہ ملا ہے، آئندہ ماہ ٹریننگ کے لیے جرمنی جارہا ہوں، اگست میں ورلڈ چیمپئن شپ پھر ایشین گیمز اور پیرس اولمپکس جیسے بڑے ایونٹ ہیں۔

    قومی ایتھلیٹ نے کہا کہ ساری توجہ پیرس اولمپکس پر ہے، خود کو مکمل فٹ رکھنے کی بھرپور کوشش ہوگی۔

  • ’حکومت سے اپیل ہے ہمیں انٹرنیشنل لیول کی ٹریننگ دی جائے‘

    ’حکومت سے اپیل ہے ہمیں انٹرنیشنل لیول کی ٹریننگ دی جائے‘

    لاہور: کامن ویلتھ گیمز کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم وطن پہنچ گئے، علامہ اقبال ایئر پورٹ پر ان کا شان دار استقبال کیا گیا، انھوں نے گفتگو میں کہا کہ حکومت سے اپیل ہے کہ ہمیں انٹرنیشنل لیول کی ٹریننگ دی جائے۔

    اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

    تفصیلات کے مطابق گولڈ میڈلسٹ ایتھلیٹ ارشد ندیم غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز میں استنبول سے لاہور پہنچ گئے، ایئر پورت پر اہل خانہ، رشتہ داروں اور شہریوں کی بڑی تعداد ان کے استقبال کے لیے موجود تھی۔

    اسپورٹس بورڈ کے عہدے داروں کی جانب سے بھی بھرپور استقبال کیا گیا، ایئر پورٹ پر ارشد ندیم کے مداحوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑا ڈالا۔

    کامن ویلتھ گیمز کے ہیروز کو وزیراعظم ہاؤس سے بلاوا آگیا

    ارشد ندیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اللہ پاک کے فضل اور عوام کی دعاؤں سے 2 گولڈ میڈل جیتے، جس کے لیے میں کوچز اور فیڈریشن کا شکر گزار ہوں جنھوں نے مجھے ہمیشہ سپورٹ کیا۔

    گولڈ میڈلسٹ نے بتایا کہ ٹوکیو گیمز میں بھی انجریز تھیں لیکن میں نے ہمت نہیں ہاری، حکومت سے اپیل ہے کہ ہمیں انٹرنیشنل لیول کی ٹریننگ دی جائے، اور ایتھلیٹس کے لیے الگ میدان مہیا کرے۔

    یاد رہے کہ ارشد ندیم نے کامن ویلتھ گیمز کے جیولین تھرو ایونٹ میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔

    صوبائی وزیر کھیل ملک تیمور مسعود نے کہا کہ ارشد ندیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے، ہم ملک میں ایتھلیٹس کی بھرپور سپورٹ کریں گے، اور میاں چنوں میں واقع ارشد ندیم کے گاؤں میں عالمی معیار کا گراؤنڈ بنائیں گے۔

  • خوشی ہے14اگست کو جشن آزادی میڈلز کے ساتھ منائیں گے، ارشد ندیم

    خوشی ہے14اگست کو جشن آزادی میڈلز کے ساتھ منائیں گے، ارشد ندیم

    برمنگھم : کامن ویلتھ گیمز میں نیزے بازی کے فائنل مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستان کے قابل فخر کھلاڑی ارشد ندیم نے کہا ہے کہ یوم آزادی گولڈ میڈل کے ساتھ منائیں گے۔

    مقابلے میں کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں پہلی بار گولڈ میڈل جیتا ہے اور کامن ویلتھ گیمز میں ریکارڈ قائم کیا ہے۔

    ارشد ندیم نے کہا کہ جو قسمت میں ہوتا ہے وہی ملتا ہے، اللہ کا جتنا شکرادا کروں کم ہے، مجھے خوشی ہے کہ14اگست کو جشن آزادی میڈلز کے ساتھ منائیں گے۔

    انہوں نے بتایا کہ88میٹر کی تھرو کرنے کے بعد مزید جوش آیا اور سوچا کہ میں یہ کرسکتا ہوں، اللہ تعالٰی نے ہمت دی اور میں نے تھروکی۔

    گولڈ میڈ لسٹ ارشد کا کہنا تھا کہ بھارتی کھلاڑی نیرج چوپڑا میرا اچھا دوست ہے، ایونٹ میں اس کی کمی محسوس ہوئی۔

    انجری گیم کا حصہ ہے، دعا ہے کہ نیرج چوپڑا جلد صحت یاب ہو، نیرج چوپڑا بھی مقابلےمیں شریک ہوتے تو اور بھی مزا آتا۔

    ارشد ندیم نے کہا کہ ٹوکیو اولمپکس کے بعد انجری ہوئی، ایک سال بعد ورلڈ چیمپئن شپ میں حصہ لیا، اولمپکس کے بعد میرا ٹارگٹ ورلڈ چیمپئن شپ، کامن ویلتھ اور پھراسلامک گیمز تھے۔

    کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان نے ایک اور گولڈ میڈل جیت لیا

    انہوں نے مزید کہا کہ انجری پرکام کررہےہیں، آئندہ مقابلوں کے لئے بھرپور تیاری کروں گا، آئندہ بھی پاکستان کے لیے مقابلے جیت کر ملک کا نام روشن کروں گا۔

  • جیولین ہیرو ارشد ندیم کے بازو کے آپریشن سے متعلق بڑا فیصلہ

    جیولین ہیرو ارشد ندیم کے بازو کے آپریشن سے متعلق بڑا فیصلہ

    لاہور: پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن نے جیولین ہیرو ارشد ندیم کا آپریشن لندن میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایتھلیٹکس فیڈریشن کا کہنا ہے کہ پاکستانی اسپورٹس ہیرو ارشد ندیم کے بازو میں انجری کا آپریشن کامن ویلتھ گیمز کے بعد لندن میں کرایا جائے گا۔

    اس سلسلے میں صدر پاکستان ایتھلیٹکس جنرل ( ر) اکرم ساہی نے کہا ہے کہ ارشد ندیم کے بازو کے آپریشن کے لیے غیر ملکی اسپورٹس سرجن اور فزیوتھراپسٹ کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔

    انھوں نے کہا ارشد ندیم قومی ہیرو ہے، جنوبی افریقا میں بھی ٹریننگ کے دوران بھی اسپورٹس فزیو سے ان کا علاج کروایا گیا۔

    دوسری طرف جیولین ہیرو ارشد ندیم نے بھی امید ظاہر کی ہے کہ بازو کی سرجری کے بعد وہ اولمپکس سے پہلے فٹ ہو جائیں گے۔

    خیال رہے کہ پاکستانی اتھلیٹ ارشد ندیم اور جیولن تھرور یاسر علی جنوبی افریقا میں ٹریننگ کا پہلا مرحلہ مکمل کر کے گزشتہ ہفتے ہی لاہور واپس پہنچے ہیں۔

    اتھلیٹکس فیڈریشن نے ارشد ندیم کے لیے ٹاپ جیولن تھرو کوچ ٹرسیس لیبن برگ خدمات حاصل کی ہیں، جن کی زیر نگرانی انھوں نے ٹریننگ حاصل کی، اب لیبن برگ اہم ایونٹس میں ارشد ندیم کی کوچنگ کریں گے۔

  • پاکستان کے ارشد ندیم میڈل کی دوڑ سے باہر، دل جیت لیے

    پاکستان کے ارشد ندیم میڈل کی دوڑ سے باہر، دل جیت لیے

    ٹوکیو: پاکستان کے ارشد ندیم ٹوکیو اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلے میں میڈل نہ جیت سکے مگر قوم کے دل جیت لیے۔

    تفصیلات کے مطابق جیولین تھرو فائنل کے آخری راؤنڈ میں ارشد ندیم کی باری ضائع ہوئی، ارشد ندیم نے فائنل مقابلے میں سب سے بڑی تھرو 84.62 میٹر دور پھینکی۔

    جیولین تھرو کا گولڈ میڈیل بھارت کے نیرج چوپڑا نے 87.58 میٹر کی تھرو کر کےجیت لیا، جمہوریہ چیک کے جیکب 86.67 میٹر کی تھرو کر کے سلور میڈل لے اڑے، جب کہ جمہوریہ چیک ہی کے ویزلے 85.44 میٹر کی تھرو کر کے برونز میڈل کے حق دار ٹھہرے۔

    پاکستان کے ارشد ندیم 84.62 میٹر کی تھرو کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہے، انھوں نے اپنی پہلی باری میں نیزہ 82.4 میٹر دور پھینکا تھا، اور پہلے راؤنڈ کی پہلی تھرو میں ارشد ندیم چھٹے نمبر پر رہے تھے۔

    بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا نے دوسری باری میں 87.58 میٹر کی تھرو کی، چیک ری پبلک کے ویزلے نے دوسری باری میں 80.30 میٹرکی تھرو کی، جرمنی کے ویبر دوسری باری میں 77.90 میٹر کی تھرو کر سکے، جب کہ دوسری باری میں ارشد ندیم کا پاؤں لکیر پر آ گیا، اور باری ضائع ہوگئی، دوسری باری کے اختتام پر بھی ارشدندیم چھٹے نمبر پر موجود رہے۔

    مولڈووا کے مارڈیر نے تیسری باری میں 82.84 میٹرکی تھرو کی، بھارت کے نیرج چوپڑا تیسری باری میں 76.79 میٹر کی تھرو کر سکے، اس راؤنڈ میں سوئیڈن اور رومانیہ جیولین تھرو کے مقابلوں سے باہر ہوگئے، جب کہ چیک ری پبلک کے ویزلے نے تیسری باری میں 85.44 میٹر کی تھرو پھینکی، جرمنی کے ویبر نے 78 میٹر کی تھرو کی، اور ارشد ندیم نے تیسری باری میں 84.62 میٹر کی تھرو کی، اس طرح پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے شان دار کارکردگی سے جیولین تھرو فائنل کے ٹاپ 8 میں کوالیفائی کر لیا، اور اختتام پر وہ چوتھے نمبر پر براجمان ہوئے۔

    دوسرے راؤنڈ کی پہلی باری میں فن لینڈ کے ایتلاتلو 79.20 میٹر کی تھرو کر سکے، جمہوریہ چیک کے ایتھلیٹ نے دوسرے راؤنڈ کی پہلی باری میں 82.86 میٹر کی تھرو کی، پاکستان کے ارشد ندیم نے 82.91 میٹر کی تھرو کی، جرمنی کے ویبر نے 83.10 میٹر کی تھرو کی، جب کہ اس موقع پر نیزہ پھینکنے کے دوران بھارتی ایتھلیٹ نیرج کا پاؤں لکیر سے ٹکرا گیا۔

    فائنل مقابلے کی دوسری تھرو، مولڈووا کے کھلاڑی نے 83.30 میٹر کی تھرو کی، جمہوریہ چیک کے کھلاڑی نے 86.67 میٹر کی تھرو کی، ارشد ندیم 81.98 میٹر کی تھرو کر سکے، فائنل مقابلے کی دوسری تھرو میں جرمنی کے ویبر نے 85.15 میٹر کی تھرو کر دی، جمہوریہ چیک کے ویزلے نے 84.98 میٹر کی تھرو کی۔

    جیولین تھرو فائنل کے آخری راؤنڈ میں ارشد ندیم کی باری ضائع ہوگئی، اور یوں پاکستانی ایتھلیٹ ٹوکیو اولمپکس کے میڈل کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔

    خیال رہے کہ ارشد ندیم اولمپکس کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی ہیں، میاں چنوں کے رہنے والے ارشد ندیم کے گاؤں میں مبارک باد دینے اور جشن منانے والوں کا رش لگا تھا، ان کے محلے والوں نے پاکستانی پرچم لہرا کر ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے، اور گاؤں میں فائنل دیکھنے کے لیے بڑی اسکرین اور پنڈال کا اہتمام کیا گیا تھا، ان کے والد اشرف کا کہنا تھا کہ ارشد بچپن ہی سے بہت محنتی اور نیزہ بازی کا شوقین تھا۔