Tag: اروند کیجروال

  • متنازعہ شہریت قانون مودی کے گلے پڑگیا، دہلی انتخابات میں بی جے پی کو شکست

    متنازعہ شہریت قانون مودی کے گلے پڑگیا، دہلی انتخابات میں بی جے پی کو شکست

    نئی دہلی: بھارت میں ریاستی انتخابات میں مودی اور ان کی انتہا پسندی کو منہ کی کھانی پڑگئی، نئی دہلی کے عوام نے سیکولر جماعت عام آدمی پارٹی کو منتخب کرلیا۔

    بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے انتخابات جیتنے کے لیے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ دیے اور متنازعہ شہریت قانون بھی منظور کیا لیکن عوام نے انہیں اور ان کی انتہا پسندی کو مسترد کر کے عام آدمی پارٹی کو چن لیا۔

    نئی دہلی کی اسمبلی کے انتخابات میں وزیر اعلیٰ اروند کیجروال کی جماعت عام آدمی پارٹی نے 70 میں سے 63 سیٹیں حاصل کرلیں، جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) صرف 7 سیٹیں حاصل کرسکی۔

    فتح کے بعد عام آدمی پارٹی مسلسل تیسری بار دہلی میں حکومت بنانے جارہی ہے۔

    گزشتہ انتخابات میں عام آدمی پارٹی کو 70 میں سے 67 سیٹیں ملی تھیں جبکہ انتہا پسند جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی صرف 3 سیٹیں حاصل کرسکی تھی۔ اس سے قبل کانگریس دہلی پر مسلسل 15 سال حکومت کرتی رہی تھی۔

    اروند کیجروال اور ان کی پارٹی نے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ مانگے تھے جبکہ بی جے پی دہلی کے مسائل سے زیادہ ملکی سطح کے مسائل اور اپنی کارکردگی کو دہراتی رہی۔

    بی جے پی کو امید تھی کہ انہیں شہریت کے متنازعہ قانون کا فائدہ پہنچے گا لیکن الٹا یہ قانون ان کے گلے پڑ گیا ہے۔ سیاسی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر یہ قانون عام انتخابات میں بھی مودی اور ان کی جماعت کو لے ڈوبے گا۔

  • اروند کیجروال کا عوام کےلیے مفت بجلی کا اعلان

    اروند کیجروال کا عوام کےلیے مفت بجلی کا اعلان

    نئی دہلی:نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ نے 200 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کے لیے بجلی مفت کرنے کا اعلان کر دیا، کیجریوال کا کہنا ہے کہ وی آئی پی شخصیات کو مفت بجلی ملنے پر کوئی کچھ نہیں کہتا، تو عام آدمی کیوں محروم رہے؟

    تفصیلات کے مطابق نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ‘201 سے 400 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کو نصف قیمت ادا کرنی ہوگی کیونکہ دہلی حکومت انہیں 50 فیصد سبسڈی فراہم کرے گی۔

    انہوں نے اس فیصلے کو عام آدمی کے لیے تاریخی فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں سب سے سستی بجلی دہلی میں ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر وی آئی پی شخصیات اور بڑے سیاستدانوں کو مفت بجلی ملنے پر کوئی کچھ نہیں کہتا، تو عام آدمی کیوں محروم رہے؟ کیا میں نے یہ قدم اٹھا کر غلط کی؟

    اروند کیجریوال کا کہنا تھا کہ اس اسکیم سے دارالحکومت کے 33 فیصد صارفین کو فائدہ ہوگا جو گرمی میں 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرتے ہیں، جبکہ سردیوں میں تقریباً 70 فیصد افراد کا بجلی کا استعمال 200 یونٹ سے کم ہوجاتا ہے۔

    نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ کے نائب مَنیش سِسوڈیا نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ‘اچھی تعلیم اور صحت کی سہولیات کی طرح گھروں میں لائٹ اور پنکھے چلانے جتنی بجلی بھی عوام کے لیے ضروری ہے۔

    دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اس اعلان کو الیکشن اسٹریٹیجی قرار دیا۔

    سربراہ بی جے پی دہلی مَنوج تیواری نے کہا کہ یہ اروند کیجریوال کی پارٹی کا فیصلہ نہیں ہے بلکہ یہ بی جے پی کی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم اسے دو زاویوں سے دیکھ سکتے ہیں، یہ انتخابات سے قبل عوام کو متوجہ کرنے کی اسٹریٹیجی ہے، انہوں نے دہلی کے عوام سے 7 ہزار کروڑ لوٹے، عوام کو وہ یہ پیسے کب واپس کر رہے ہیں؟

  • نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ پر مرچ سے حملہ ، فوٹیج سامنے آگئیں

    نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ پر مرچ سے حملہ ، فوٹیج سامنے آگئیں

    نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت کے وزیراعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے رہنما اروند کیجریوال پر ایک شخص نے لال مرچ کا پاؤڈر پھینکا جسے پولیس نے فوری گرفتار کرلیا گیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اپنے دفتر کے چیمبر سے باہر نکل رہے تھے کہ اسی دوران ایک شخص اُن کے قریب گیا اور پھر اُس نے لال مرچ پھینک دیں جو اُن کی آنکھوں میں چلی گئیں۔

    رپورٹ کے مطابق واقعے کے بعد سیکریٹریٹ میں بھگدڑ بھی مچی جس کے باعث اروند کیجریوال کا چشمہ بھی ٹوٹ گیا جبکہ پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو گرفتار کرلیا۔

    سیکریٹریٹ میں نصب سی سی ٹی وی واقعے کی فوٹیج محفوظ ہوگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح مذکورہ ملزم نے وزیراعلیٰ پر مرچیں پھینکیں۔

    وزیراعلیٰ پر حملہ کرنے والے شخص کی شناخت چالیس سالہ انیل کمار کے نام سے ہوئی جس نے اپنی وابستگی بھارتیہ جنتا پارٹی سے بتائی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزم کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا۔

    عام آدمی پارٹی کی ترجمان اور رکن اسمبلی القا لامبا نے الزام عائد کیا ہے کہ کارروائی کے پیچھے بھارتیہ جنتا پارٹی کا ہاتھ ہے کیونکہ وزیراعظم مودی کے حکم پر نئی دہلی کے وزیر اعلیٰ کی سیکیورٹی گزشتہ روز ہی کم کی گئی تھی۔

    اُن کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے بھی دہلی پولیس نے سوشل میڈیا پر مخالف مہم چلانے والے عناصر کو گرفتار کیا تھا، تمام ملزمان کو بھارتیہ جنتا پارٹی نے رہائی دلوائی کیونکہ سب کا تعلق بی جے پی سے ہی تھا۔

    دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی کے ڈپٹی چیف منسٹر نئی دہلی منیش نے واقعے کو ڈرامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’اروند کیجریوال نے سستی شہرت اور مشہوری کے لیے اپنے ہی حامی سے خود یہ حرکت کروائی‘۔

  • وزیراعلیٰ دہلی اروند کیجروال پرخاتون نے سیاہی پھینک دی

    وزیراعلیٰ دہلی اروند کیجروال پرخاتون نے سیاہی پھینک دی

    نئی دہلی : دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجروال پر ایک خاتون نے سیاہی پھینک دی۔ تفصیلات کے مطابق بھارت میں کالک ملنے کا رواج زور پکڑنے لگا۔

    دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجروال بھی اس کالے کلچر سے نہ بچ سکے۔ان پر بھی ایک خاتون نے سیاہی پھینک کر اپنی نفرت کا اظہار کیا۔

    دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجروال ایک تقریب سے خطاب کیلئے کھڑے ہی ہوئے تھے کہ مجمع سے ایک خاتون بھاونا اروڑا آگے بڑھی اور سیاہی کیجروال کی جانب اچھال دی۔ جس سے ان کے کپڑے خراب ہوئے اور سیاہی کی چھینٹیں ان کے منہ پر بھی پڑیں۔

    خاتون نے سیاہی کے ساتھ سی ڈی اور کچھ کاغذ بھی پھیینکے، سیاہی پھینکنے کے بعد خاتون نے نعرے بازی بھی کی اور وزیر اعلیٰ کیخلاف احتجاج کیا۔

    پولیس نے بروقت مداخلت کر کے سیاہی پھینکنے والی خاتون کو گرفتار کرلیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سیاہی پھینکنے والی خاتون بھاونا اروڑا وزیر اعلیٰ اروند کیجروال ہی کی عام آدمی پارٹی کی ذیلی تنظیم عام آدمی سینا کی رکن ہیں۔

    اس سے پہلے بھارت میں انتہاء پسندوں کی جانب سے کلکرنی اور کشمیری رہنماؤں پر سیاہی پھینکنے کے واقعات سامنے آئے تھے۔ ریاستی انتخابات میں ان کی پارٹی نے کانگریس اور بی جے پی کو شکست فاش دی تھی۔