Tag: ازبکستان

  • ازبک صدر 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے

    ازبک صدر 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے

    اسلام آباد: ازبکستان کے صدر 3 مارچ سے 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے، وزیر اعظم پاکستان عمران خان معزز مہمان کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ 3 مارچ کو ازبک صدر 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔

    معاون خصوصی نے بتایا کہ 3 مارچ کی شام وزیر اعظم پاکستان عمران خان معزز مہمان کے اعزاز میں عشائیہ پر ان کی میزبانی کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم معزز مہمان کو دل و جان سے خوش آمدید کہتی ہے۔

    ذرائع کے مطابق ازبک صدر کے دورہ پاکستان کے موقع پر دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم موضوعات زیر گفتگو آئیں گے جن میں باہمی دلچسپی کے امور اور عالمی صورتحال پر غور شامل ہے۔

  • قدیم ایرانی تہذیب کے مرکز بخارا کا طرزِ تعمیر اور جیومیٹری پیٹرن

    قدیم ایرانی تہذیب کے مرکز بخارا کا طرزِ تعمیر اور جیومیٹری پیٹرن

    آپ نے بخارا کا شہرہ و نام بہت سنا ہو گا۔ یہ قدیم ایرانی تہذیب کا اہم ترین مرکز اور نمایاں شہر تھا جہاں کئی نادرِ روزگار شخصیات نے جنم لیا، کئی عالم فاضل اس شہر سے وابستہ ہوئے اور یہ علم و فنون، ہنر اور صنعت گری کے سبب عالم میں ممتاز ہوا۔

    بخارا کا طرزِ تعمیر اور آثارِ قدیمہ ایرانی تاریخ اور فن کے ستونوں میں سے ایک ہے۔ موجودہ دور میں یہ شہر ازبکستان کا پانچواں سب سے بڑا اور صوبہ بخارا کا صدر مقام ہے۔

    بخارا میں کئی قدیم مساجد، مدارس اور دوسری شان دار عمارتیں آج بھی سیروسیّاحت کے لیے آنے والوں کو اپنی انفرادیت کے لیے کھینچتے ہیں۔ تاریخ کے اوراق بتاتے ہیں کہ بخارا میں ایرانی تمدن و تہذیب کی جھلک اس کے طرزِ تعمیر اور آثار قدیمہ سے آج بھی نمایاں‌ ہے اور یہ مقامات قدیم فارس کے فنِ معماری کے ستونوں میں سے ایک ہیں۔

    صدیوں قبل وسیع پیمانے پر تعمیراتی کاموں کے دوران مختلف تکنیکیں اپنائی گئی تھیں جنھیں اس دور کے اذہان نے اپنے زمانے کے مختلف علوم جیسے ریاضی، جیومیٹری کے علاوہ ہنر و اختراع جیسے رنگ ریزی، نقّاشی، گُل کاری، شیشہ گری، خوب صورتی و دل کشی کی مدد سے نہایت مہارت اور مشّاقی سے برتا اور عظیمُ الشّان عمارتیں بنائیں۔

    ماہرین کے مطابق ابتدائی تعمیراتی مواد میں اینٹوں کو آرائشی شے کے طور پر استعمال کیا گیا تھا۔ یہ اینٹیں کاشی گری کے ساتھ خطّاطی کے نمونوں سے سجائی جاتی تھیں، اور ماہر خطّاط، مصوّر انھیں اپنے فن سے نئی جہت عطا کرتے تھے۔ان پر عربی، کوفی اور نسخ رسمُ الخط سے آیات و ابیات لکھے جاتے تھے۔ مصوّر ان اینٹوں پر گُل بوٹے بناتے اور یہ پودوں، پھولوں، بیلوں سے مزّین دیوار کے طور پر عمارت کا حصّہ بن جاتی تھیں۔

    یہاں ہم ایک خاص جیومیٹری پیٹرن (girikh) کی بات کریں گے جو دسویں صدی سے آرائشی مصوّری کے طور پر متعارف ہوا۔ یہ عربی اصطلاح جیومیٹری نمونوں اور اپنے پیٹرن کے بنیادی عنصر، دونوں کی مہارت کے لیے استعمال ہوتی ہے، جس سے اس وقت ریاضی میں عروج و کمال کا اندازہ کیا جاسکتا ہے۔ اس دور میں جیومیٹری سے فنِ تعمیر میں مدد لی گئی تھی اور اس کے نمونے آج بھی ان یادگاروں میں ملاحظہ کیے جاسکتے ہیں۔ آج اسی پیٹرن میں ازبکستان اور دنیا میں جدید تعمیرات کے دوران بھی مدد لی جارہی ہے۔

    مؤرخین اور محققین کا کہنا ہے کہ بخارا ایک ایسا شہر ہے جو تاریخ و آثارِ قدیمہ میں دل چسپی رکھنے والوں، بالخصوص طالبِ علموں کو عظمتِ رفتہ کی یاد ہی نہیں دلاتا بلکہ ان پر علم و فنون کی اہمیت بھی واضح کرتا ہے۔

  • وزیر اعظم سے ازبک وزیر کی ملاقات، دورہ ازبکستان کی دعوت

    وزیر اعظم سے ازبک وزیر کی ملاقات، دورہ ازبکستان کی دعوت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے ازبک وزیر مواصلات میخاموف الخم نے آج ملاقات کی جس میں انھوں نے اپنے صدر کی جانب سے وزیر اعظم کو دورہ ازبکستان کی دعوت دی۔

    تفصیلات کے مطابق آج ازبکستان کے وزیر میخاموف نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی روابط، خطے میں امن و سلامتی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر اعظم نے ازبکستان کے ساتھ مشترکہ مذہبی، تاریخی اور ثقافتی برادرانہ تعلقات پر زور دیا، مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق رائے کیا گیا، جب کہ وسطی ایشیا کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی میں تعلقات کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔

    وزیر اعظم نے خطے کی معاشی نمو اور ترقی کے لیے علاقائی رابطے کے فروغ کی اہمیت کو اجاگر کیا، وزیر اعظم عمران خان نے ازبک صدر سے اپنی گزشتہ ملاقات کا ذکر بھی کیا، انھوں نے کہا ہم ازبک صدر کے جلد دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔

    وزیر اعظم نے بتایا کہ پاکستانی بندرگاہوں نے وسطی ایشیائی ریاستوں کو بحیرہ ہند تک رسائی فراہم کی۔

    ملاقات میں مزار شریف، کابل، پشاور ریلوے لائن منصوبے کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا افغانستان میں تنازعے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، انھوں نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار پر بات کرتے ہوئے کہا جامع اور وسیع البنیاد سیاسی حل پائیدار امن و استحکام میں معاون ثابت ہوگا۔

    دریں اثنا، ازبک وزیر نے ازبکستان کے صدر کی نیک خواہشات وزیر اعظم تک پہنچائیں، ازبک وزیر نے اپنے صدر کی جانب سے وزیر اعظم کو دورہ ازبکستان کی دعوت بھی دی۔

  • پاکستان اور ازبکستان میں تجارت کا حجم بڑھانے پراتفاق

    پاکستان اور ازبکستان میں تجارت کا حجم بڑھانے پراتفاق

    اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ازبکستان وزیر خارجہ نے دونوں ممالک میں تجارت کا حجم بڑھانے پراتفاق کرلیا ، شاہ محمود قریشی نے کہا باہمی سیاسی مشاورت کا افتتاحی دور اسلام آباد میں جلد منعقد ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ازبکستان کےہم منصب سے فون پر رابطہ کیا ، جس میں باہمی تعلقات، علاقائی صورتحال اورباہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اورازبکستان کے درمیان گہرے برادرانہ مراسم ہیں، دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کےلیےپر عزم ہیں۔

    شاہ محمود نے کورونا وبا کے دوران پاکستانی کمیونٹی کا خیال رکھنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا باہمی سیاسی مشاورت کا افتتاحی دور اسلام آباد میں جلد منعقد ہوگا۔

    دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ازبکستان میں تجارت کا حجم بڑھانے پراتفاق کیا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نےدورہ پاکستان کی دعوت کو دہرایا، جس پر ازبک وزیر خارجہ نے وبائی صورتحال میں بہتری کے بعد دورے پر آمادگی ظاہر کردی۔

  • ازبکستان کی  پاکستانی بندرگاہوں کے ذریعے سمندری تجارت تک رسائی اور تجارتی راہداری پر اہم پیش رفت

    ازبکستان کی پاکستانی بندرگاہوں کے ذریعے سمندری تجارت تک رسائی اور تجارتی راہداری پر اہم پیش رفت

    اسلام آباد : ازبکستان کی سمندری تجارت تک رسائی اور تجارتی راہداری پر اہم پیش رفت سامنے آئی، وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ پاکستانی بندرگاہوں کو ریل اور روڈ کے ذریعے ازبکستان سے جوڑا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ازبکستان کی پاکستانی بندرگاہوں کے ذریعے سمندری تجارت تک رسائی اور تجارتی راہداری پر اہم پیش رفت ہوئی ، وفاقی وزیر برائے سمندری امور علی زیدی  سے ازبک نائب وزیر اعظم برائے سرمایہ کاری اور خارجہ تجارت ، مسٹر سرڈور عمورزاکوف کی کی ملاقات ہوئی ، ملاقات میں تجارتی راہداری اور ازبکستان کیلئے پاکستانی بندرگاہوں کے استعمال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وفاقی وزیرعلی زیدی نے کہا کہ 2 سال میں ازبکستان اور پاکستان کے مابین تجارت بڑھی ہے، تجارتی راہداری ازبکستان کی اشیاافریقہ،ایشیا،یورپ پہنچانے میں مدد دے گی۔

    علی زیدی کا کہنا تھا کہ پاکستانی بندرگاہیں وسطی ایشیائی تجارت کیلئےمختصر،کم لاگت کاتجارتی راستہ ہے، اس سلسلے میں جوائنٹ ورکنگ گروپ بنانے کی تجویز بھی پیش کردی گئی۔

    ملاقات میں کراچی اور گوادر پرٹرمینل،خصوصی بحری بیڑےکی بھی تجویز زیرغور آئی، علی زیدی نے کہا کہ پاکستانی بندرگاہوں کو ریل اور روڈ کے ذریعے ازبکستان سے جوڑا جائے گا۔

    خیال رہے گذشتہ روز ازبک نائب وزیر اعظم پاکستان پہنچے تھے ، دورے کے دوران انھوں نے وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کیں۔

  • آرمی چیف سے ازبکستان کے اسٹیٹ سیکیورٹی سروسز کے چیئرمین کی ملاقات

    آرمی چیف سے ازبکستان کے اسٹیٹ سیکیورٹی سروسز کے چیئرمین کی ملاقات

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ازبکستان کے اسٹیٹ سیکیورٹی سروسز کے چیئرمین عبدالسلام عزیزو کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں فوجی رابطوں، تربیت اور انسداد دہشت گردی کے امور کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ازبکستان کے اسٹیٹ سیکیورٹی سروسز کے چیئرمین عبدالسلام عزیزو کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی سیکیورٹی اور پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    دوران ملاقات دونوں جانب سے دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کے امور بھی زیر غور آئے، دونوں کے درمیان فوجی رابطوں، تربیت اور انسداد دہشت گردی کے امور کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

    ازبک مہمان نے علاقائی استحکام کے لیے پاک فوج کی کوششوں کی تعریف کی۔

    گزشتہ روز آرمی چیف اور وزیر اعظم عمران خان کی ملاقات بھی ہوئی تھی جس میں ملکی سلامتی اور سیکیورٹی کی صورتحال پرتبادلہ خیال ہوا۔

    گزشتہ ہفتے آرمی چیف نے وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ امریکا کا دورہ کیا تھا۔ اپنے دورہ امریکا کے دوران انہوں نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات کی تھی۔

    آرمی چیف اور امریکی وزیر خارجہ کی ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی اور افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں امریکی اور پاکستانی قیادت کی ملاقات کے پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا جبکہ افغان قیادت میں افغان کنٹرولڈ حل پر بھی زور دیا گیا۔

    آرمی چیف نے امریکی دفاعی ہیڈ کوارٹر پینٹا گون کا دورہ بھی کیا تھا جہاں ان کا تاریخی استقبال ہوا اور انہیں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

  • پاکستان ازبکستان تاریخی اور ثقافتی تعلقات میں جڑے ہیں: وزیر اعظم

    پاکستان ازبکستان تاریخی اور ثقافتی تعلقات میں جڑے ہیں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے ازبکستان کے ڈپٹی وزیر اعظم الیور گنیف نے ملاقات کی، جس میں باہمی دل چسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے ڈپٹی وزیر اعظم ازبکستان نے ملاقات کی، یہ ملاقات وزیر اعظم آفس میں ہوئی، عمران خان نے الیور گنیف کا استقبال کیا۔

    ملاقات میں باہمی دل چسپی کے مختلف امور اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطوں کے نیٹ ورک کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا تاکہ دونوں ممالک کے مابین موجود باہمی تجارتی امکانات کا درست طور پر ادراک کیا جا سکے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ازبک نائب وزیراعظم 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

    ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی سرگرمیاں بڑھانے پر بھی گفتگو کی گئی، اور خطے کی مجموعی صورتِ حال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ دونوں ممالک تاریخی اور ثقافتی تعلقات میں جڑے ہیں، ہمیں تجارتی، معاشی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانا ہوگا، ازبک صدر سے بھی دورۂ چین کے موقع پر ملاقات ہوئی تھی، ان سے دو طرفہ تعلقات اور رابطے بڑھانے پر زور دیا تھا۔

    دریں اثنا، ازبک ڈپٹی وزیر اعظم نے صدر کی جانب سے عمران خان کو نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا، وزیر اعظم عمران خان کو سہ ممالک ریلوے لائن منصوبے پر بھی بریفنگ دی گئی، ازبکستان سے افغان شہر مزار شریف، پشاور تک ریلوے کوریڈور منصوبے سے آگاہ کیا گیا، وزیر اعظم نے ریلوے کوریڈور منصوبے کی تعریف کی۔

    انھوں نے کہا کہ یہ منصوبہ خطے میں رابطوں کے فروغ کے لیے اہم ثابت ہوگا، منصوبے سے چین اور یورپ تک تجارتی راستوں کو ہم وار کیا جا سکے گا۔

    خیال رہے کہ ازبک نائب وزیر اعظم 2 روزہ دورے پر آج اسلام آباد پہنچے ہیں، الیور گنیف وزیر خارجہ شاہ محمود سمیت دیگر وفاقی وزرا اور مشیروں سے ملاقاتیں کریں گے۔

    ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ازبک نائب وزیر اعظم کے ہم راہ ہے، جو سرمایہ کاری، بیرون ملک تجارت اور ٹرانسپورٹ کے ڈپٹی وزرا اور دیگر سینئر اہل کاروں پر مشتمل ہے۔

  • ازبک نائب وزیر اعظم کل 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے

    ازبک نائب وزیر اعظم کل 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ازبک نائب وزیر اعظم الیور گنیف کل پاکستان کے 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ازبک نائب وزیر اعظم کل 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ازبک نائب وزیر اعظم وفاقی وزرا اور مشیروں سے ملاقات کریں گے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اعلیٰ سطح وفد بھی ازبک نائب وزیر اعظم کے ہم راہ ہوگا، دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    ازبک نائب وزیر اعظم کے ہم راہ آنے والا وفد سرمایہ کاری، بیرون ملک تجارت اور ٹرانسپورٹ کے ڈپٹی وزرا اور دیگر سینئر اہل کاروں پر مشتمل ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  چین کے نائب صدر وانگ کشان تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، شاہ محمود نے استقبال کیا

    ازبکستان کے ڈپٹی وزیر اعظم الیور گینف وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات کریں گے، اور محکمہ ریلویز، منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات، نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ، صحت اور تجارت کے وفاقی وزرا اور مشیروں سے ملیں گے۔

    ڈپٹی پرائم منسٹر کے دورے سے پاکستان اور ازبکستان کے مابین کثیر الجہتی تعاون کو مختلف شعبہ جات میں مزید فروغ ملے گا۔

    دورے سے ازبکستان کے ساتھ پاکستان کے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، اور دونوں ممالک کے درمیان گہری اقتصادی پارٹنر شپ کا راستہ مزید ہم وار ہوگا۔

  • ازبکستان کی ہاکی اور رگبی کی ٹیمیں پاکستان پہنچ گئیں، پہلا میچ پیرکو کھیلا جائے گا

    ازبکستان کی ہاکی اور رگبی کی ٹیمیں پاکستان پہنچ گئیں، پہلا میچ پیرکو کھیلا جائے گا

    لاہور :  ازبکستان کی ہاکی اور رگبی کی ٹیمیں پاکستان پہنچ گئیں ، ہاکی ٹیم پاکستان کے13روزہ  دورے کے دوران8میچز کھیلے گی۔رگبی کا میچ کل جبکہ ہاکی کا پہلا میچ پیر کو کھیلا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ازبکستان کی ہاکی ٹیم پاکستان کے13روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئی ہے، ایئر پورٹ پر پی ایچ ایف کے آفیشلز نے غیر ملکی ٹیم کا استقبال کیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ازبکستان کی ہاکی ٹیم قومی ڈیویلپمنٹ ہاکی اسکواڈ سے میچز کھیلے گی، مہمان ٹیم دورے کےدوران مختلف اکیڈمیز کے ساتھ بھی میچز کھیلے گی۔

    مہمان ٹیم کے دورے کے دوران8میچز شیڈول ہیں، ذرائع کے مطابق ازبکستان ہاکی ٹیم اپنا پہلا میچ29اور دوسرا30اپریل کو کھیلے گی، مہمان ٹیم2، 3، 4، 5، 6، 7 اور 9 مئی کو بھی میچز کھیلے گی۔

    مزید پڑھیں: اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ورلڈ کپ کے فائنل میں ازبکستان نے پاکستان کو شکست دے دی

    ازبکستان ہاکی ٹیم کے چار میچ قومی ڈیویلپمنٹ اسکواڈ کے ساتھ ہوں گے، مہمان ٹیم مختلف اکیڈمیز کے ساتھ بھی چار میچ کھیلے گی۔

    علاوہ ازیں ازبکستان کی رگبی ٹیم بھی لاہورپہنچ گئی ہے، ازبکستان اور پاکستان کی رگبی ٹیموں کےدرمیان دو میچزکھیلےجائیں گے،15سائیڈ ایشین رگبی چیمپئن شپ کے دو میچزمیں سے پہلا میچ کل ہوگا۔

  • افغان مسئلے کے غیر فوجی حل پر پاکستان اور ازبکستان متفق ہیں: وزیرخارجہ

    افغان مسئلے کے غیر فوجی حل پر پاکستان اور ازبکستان متفق ہیں: وزیرخارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغانستان پر پاکستان اور ازبکستان دونوں کا مؤقف یکساں ہے۔ پاکستان اور ازبکستان کا مؤقف ہے افغان مسئلے کا فوجی حل نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے ازبک ہم منصب عبد العزیز کاملوف نے ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان قریبی تعاون کے بے پناہ مواقع ہیں۔ افغانستان پر دونوں ملکوں کا مؤقف یکساں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کا مؤقف ہے افغان مسئلے کا فوجی حل نہیں۔

    ازبک وزیر خارجہ عبد العزیز کاملوف کا کہنا تھا کہ دورے کی دعوت پر شاہ محمود قریشی کا شکر گزار ہوں۔ شاہ محمود سے اقتصادی و دیگر شعبوں میں تعاون پر بات ہوئی۔ مواصلاتی رابطوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔

    اننہوں نے کہا کہ پاکستان سے علاقائی سلامتی اور مشترکہ چیلنجز پر بھی بات ہوئی۔ پاکستان سے مثبت بات چیت قریبی دوستانہ تعلقات کی عکاس ہے۔

    ازبک وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ شاہ محمود کو جلد ازبکستان کے دورے کی دعوت دی ہے، پائیدار امن و استحکام کے لیے پاکستان سے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ ’پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات اور تعاون ہمارا ایجنڈا ہے‘۔