Tag: ازبک نائب وزیر اعظم الیور گنیف

  • پاکستان ازبکستان تاریخی اور ثقافتی تعلقات میں جڑے ہیں: وزیر اعظم

    پاکستان ازبکستان تاریخی اور ثقافتی تعلقات میں جڑے ہیں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے ازبکستان کے ڈپٹی وزیر اعظم الیور گنیف نے ملاقات کی، جس میں باہمی دل چسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے ڈپٹی وزیر اعظم ازبکستان نے ملاقات کی، یہ ملاقات وزیر اعظم آفس میں ہوئی، عمران خان نے الیور گنیف کا استقبال کیا۔

    ملاقات میں باہمی دل چسپی کے مختلف امور اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطوں کے نیٹ ورک کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا تاکہ دونوں ممالک کے مابین موجود باہمی تجارتی امکانات کا درست طور پر ادراک کیا جا سکے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ازبک نائب وزیراعظم 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

    ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی سرگرمیاں بڑھانے پر بھی گفتگو کی گئی، اور خطے کی مجموعی صورتِ حال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ دونوں ممالک تاریخی اور ثقافتی تعلقات میں جڑے ہیں، ہمیں تجارتی، معاشی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانا ہوگا، ازبک صدر سے بھی دورۂ چین کے موقع پر ملاقات ہوئی تھی، ان سے دو طرفہ تعلقات اور رابطے بڑھانے پر زور دیا تھا۔

    دریں اثنا، ازبک ڈپٹی وزیر اعظم نے صدر کی جانب سے عمران خان کو نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا، وزیر اعظم عمران خان کو سہ ممالک ریلوے لائن منصوبے پر بھی بریفنگ دی گئی، ازبکستان سے افغان شہر مزار شریف، پشاور تک ریلوے کوریڈور منصوبے سے آگاہ کیا گیا، وزیر اعظم نے ریلوے کوریڈور منصوبے کی تعریف کی۔

    انھوں نے کہا کہ یہ منصوبہ خطے میں رابطوں کے فروغ کے لیے اہم ثابت ہوگا، منصوبے سے چین اور یورپ تک تجارتی راستوں کو ہم وار کیا جا سکے گا۔

    خیال رہے کہ ازبک نائب وزیر اعظم 2 روزہ دورے پر آج اسلام آباد پہنچے ہیں، الیور گنیف وزیر خارجہ شاہ محمود سمیت دیگر وفاقی وزرا اور مشیروں سے ملاقاتیں کریں گے۔

    ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ازبک نائب وزیر اعظم کے ہم راہ ہے، جو سرمایہ کاری، بیرون ملک تجارت اور ٹرانسپورٹ کے ڈپٹی وزرا اور دیگر سینئر اہل کاروں پر مشتمل ہے۔

  • ازبک نائب وزیر اعظم کل 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے

    ازبک نائب وزیر اعظم کل 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ازبک نائب وزیر اعظم الیور گنیف کل پاکستان کے 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ازبک نائب وزیر اعظم کل 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ازبک نائب وزیر اعظم وفاقی وزرا اور مشیروں سے ملاقات کریں گے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اعلیٰ سطح وفد بھی ازبک نائب وزیر اعظم کے ہم راہ ہوگا، دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    ازبک نائب وزیر اعظم کے ہم راہ آنے والا وفد سرمایہ کاری، بیرون ملک تجارت اور ٹرانسپورٹ کے ڈپٹی وزرا اور دیگر سینئر اہل کاروں پر مشتمل ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  چین کے نائب صدر وانگ کشان تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، شاہ محمود نے استقبال کیا

    ازبکستان کے ڈپٹی وزیر اعظم الیور گینف وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات کریں گے، اور محکمہ ریلویز، منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات، نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ، صحت اور تجارت کے وفاقی وزرا اور مشیروں سے ملیں گے۔

    ڈپٹی پرائم منسٹر کے دورے سے پاکستان اور ازبکستان کے مابین کثیر الجہتی تعاون کو مختلف شعبہ جات میں مزید فروغ ملے گا۔

    دورے سے ازبکستان کے ساتھ پاکستان کے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، اور دونوں ممالک کے درمیان گہری اقتصادی پارٹنر شپ کا راستہ مزید ہم وار ہوگا۔