Tag: ازمیر

  • ترکی کے آسمان پر جلتا ہوا گولہ، کیا کسی میزائل اور سیٹلائٹ میں تصادم ہوا؟

    ترکی کے آسمان پر جلتا ہوا گولہ، کیا کسی میزائل اور سیٹلائٹ میں تصادم ہوا؟

    ترکی کے آسمان پر جلتے بھڑکتے سبز رنگ کے شہاب ثاقب نے خوف کی لہر دوڑا دی اور لوگ اسے اڑن طشتری سمجھ بیٹھے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ترکی کے شہر ازمیر میں گزشتہ رات 2 بجے آسمان پر سبز رنگ کا جلتا ہوا گولہ دیکھا گیا جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آسمان سے ایک گولہ تیزی سے زمین کی طرف بڑھ رہا لیکن اچانک اس میں سبز رنگ کی آگ بھڑک اٹھتی ہے اور آسمان پر سبز رنگ چھا جاتا ہے۔

    صارفین کا کہنا ہے کہ یہ شاید کوئی اڑن طشتری تھی جو بے قابو ہوگئی، کچھ افراد نے تبصرہ کیا کہ یہ کوئی میزائل تھا جو کسی سیٹلائٹ سے جا ٹکرایا ہے۔

    تاہم سوشل میڈیا پر ہی آسٹرو فزکس کے ایک پروفیسر نے اس کی وضاحت کردی۔

    پروفیسر کا کہنا تھا کہ خلا سے برسنے والے ٹکڑے اکثر زمین کی فضا میں داخل ہونے سے پہلے ہی جل جاتے ہیں اور یہ بھی انہی میں سے ایک تھا، جو ٹکڑا صحیح سلامت زمین پر گر جائے اسے شہاب ثاقب کہا جاتا ہے۔

    پروفیسر کے مطابق ہر سال جولائی اور اگست میں خلا سے پتھروں کی بارش ہوتی ہے اور فی گھنٹہ 50 شہاب ثاقب کے ٹکڑے زمین کی طرف گرتے ہیں لیکن زیادہ تر زمین کی فضا میں داخل ہونے سے پہلے ہی جل کر بھسم ہوجاتے ہیں۔

    پروفیسر کی اس وضاحت کے بعد خوفزدہ شہریوں کی کچھ تسلی ہوئی اور وہ پرسکون ہوئے۔

  • ماں کی تڑپ: بلی بیمار بچوں کو علاج کے لیے خود اسپتال لے آئی (ویڈیو دیکھیں)

    ماں کی تڑپ: بلی بیمار بچوں کو علاج کے لیے خود اسپتال لے آئی (ویڈیو دیکھیں)

    ازمیر: ترکی کے شہر ازمیر میں ایک بلی ممتا کی تڑپ لیے اپنے بیمار بچوں کو خود اسپتال لے آئی، اور ڈاکٹرز سے مدد طلب کرنے لگی۔

    تفصیلات کے مطابق ازمیر کے ضلع کارابگلر کے ایک اسپتال میں علاج کے لیے آنے والی ایک بلی نے لوگوں کے دلوں کو پگھلا دیا، بلی نے منہ میں اپنا بچہ پکڑا ہوا تھا اور ڈاکٹرز سے مدد طلب کر رہی تھی۔

    اسپتال کے کیمرے سے لی گئی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بلی اپنے بچے کو منہ میں اٹھا کر اسپتال کے دروازے سے اندر آتی ہے، اور دروازے پر کھڑے لوگ بلی کو راستہ دینے کے لیے ایک طرف ہو جاتے ہیں جب کہ کچھ لوگ دوسروں کو بلی کے لیے راستہ بنانے کا کہتے ہیں۔

    جب بلی کےبچوں کا معائنہ کیا گیا تو معلوم ہوا کہ ان کی آنکھوں میں انفیکشن ہو گیا ہے، جس پر جانوروں کے ڈاکٹر سے علاج کے لیے مدد طلب کی گئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نرس بلی کے بچوں کی آنکھوں میں دوا کے قطرے ڈال رہی ہے۔ ایک منظر میں بلی کے دونوں بچوں سے ڈاکٹر باتیں کر رہے ہیں۔

    مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسپتال کے اسٹاف نے بتایا کہ وہ اکثر اس بلی کو کھانا اور دودھ دیتے رہتے تھے، جو پاس ہی سڑک پر کہیں رہتی ہے۔

    اسٹاف کا کہنا تھا کہ وہ صبح کے وقت مریض دیکھ رہے تھے جب یہ بلی اپنے بچے کو منہ میں دبائے آ گئی، اور وہ دیر تک میاؤں میاؤں کرتے ہوئے مدد مانگتی رہی، جسے دیکھ کر ہم دنگ رہ گئے، جب ہم نے احتیاط سے معائنہ کیا تو معلوم ہوا کہ انفیکشن کی وجہ سے بلونگڑا آنکھیں نہیں کھول پا رہا تھا۔

    بلی بیمار بچے کو لے کر اسپتال پہنچ گئی، تصاویر وائرل ہوگئیں

    آئی ڈراپس ڈالنے کے بعد جب بلونگڑوں نے آنکھیں کھولیں تو ہم سب بہت خوش ہوئے۔ بعد ازاں ہم نے بلی کو اس کے بچوں سمیت مزید علاج کے لیے دوسرے شہر بھیج دیا۔

  • ترکی میں 4 گھنٹوں کے دوران 3 بار زلزلے کے جھٹکے

    ترکی میں 4 گھنٹوں کے دوران 3 بار زلزلے کے جھٹکے

    انقرہ: ترکی کے ساحلی علاقوں میں 4 گھنٹوں کے دوران 3 بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، دوسری جانب ماہرین ارضیات نے خبردار کیا ہے کہ استنبول میں کسی بھی وقت 7.2 شدت کا زلزلہ آسکتا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی کے ساحلی علاقوں میں 4 گھنٹے کے دوران 3 بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، ریکٹر اسکیل پر پہلے جھٹکے کی شدت 4.8 محسوس کی گئی جبکہ بعد میں آنے والے دونوں زلزلوں کی شدت 5.1 تھی۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز بحیرہ احمر میں یونان کے جزیرے میں 10 میل کی گہرائی میں تھا اور جھٹکے ترکی کے مغربی صوبے ازمیر میں بھی محسوس کیے گئے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس 30 اکتوبر کو 7.0 شدت کے زلزلے نے ازمیر اور یونانی جزیرے ساموس کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ زلزلے سے ازمیر میں خوفناک تباہی ہوئی تھی جہاں زلزلے سے 117 افراد جاں بحق جبکہ 1 ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

    دوسری جانب ترک ماہرین ارضیات نے خبردار کیا ہے کہ استنبول میں کسی بھی وقت 7.2 شدت کا زلزلہ آسکتا ہے۔

    حال ہی میں مقامی میڈیا میں شائع کردہ رپورٹ کے مطابق استنبول کے نیچے زمین میں فالٹ لائن میں غیر معمولی تبدیلیاں آرہی ہیں جو کسی بھی وقت خطرناک زلزلے کا پیش خیمہ ثابت ہوں گی۔

    ماہرین ارضیات کا کہنا ہے کہ استنبول اس وقت دنیا میں زلزلے آنے والے علاقوں میں سب سے زیادہ خطرناک صورتحال کا شکار ہے۔ 1 کروڑ 60 لاکھ آبادی کا شہر استنبول شمالی اناطولیہ کی فالٹ لائن پر کھڑا ہے اور اس خطے میں کسی بھی وقت 7 یا اس سے زائد شدت کا زلزلہ آسکتا ہے۔

    استنبول میونسپل کارپوریشن کی پلاننگ ایجنسی کا کہنا ہے کہ شہر میں 48 ہزار عمارتیں ایسی ہیں جو 7 شدت کے زلزلے میں انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔

    ماہرین کے مطابق حکومت کو فوری طور پر کام کرنا ہوگا اور خطرناک عمارتوں کو خالی کروا کر نئی عمارتیں تعمیر کرنا ہوں گی۔

  • ملبے سے 4 روز بعد برآمد ننھی عائدہ کے لیے ترک صدر کا نیک خواہشات کا اظہار

    ملبے سے 4 روز بعد برآمد ننھی عائدہ کے لیے ترک صدر کا نیک خواہشات کا اظہار

    انقرہ: ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے زلزلے میں منہدم شدہ عمارت سے 4 روز بعد برآمد ہونے والی 4 سالہ عائدہ کے لیے دعاؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اسے معجزہ قرار دیا۔

    ترک صدر رجب طیب اردگان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر 4 سالہ بچی عائدہ کی تصویر اور ویڈیو ٹویٹ کی۔ یہ بچی ترک شہر ازمیر میں زلزلے سے منہدم عمارت کے ملبے سے 91 گھنٹوں بعد زندہ سلامت نکالی گئی۔

    اردگان نے عائدہ کی تصویر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ معجزے کا نام عائدہ ہے، اللہ نے 91 گھنٹوں کے بعد تمہاری ان مسکراتی آنکھوں کے ساتھ ہمیں ایک نئی خوشی عطا کی ہے۔

    انہوں نے لکھا کہ اس نعمت پر خدا کا بیش بہا شکر ہو، اللہ تمہیں اپنی حفظ و امان میں رکھے میری پیاری بچی۔

    صدر اردگان نے عائدہ کی ویڈیو بھی ٹویٹ کی جس میں معصوم بچی ہاتھ ہلاتی نظر آرہی ہے۔

    عائدہ کو گزشتہ روز زلزلے کے لگ بھگ 4 روز امدادی رضا کاروں نے ریسکیو کیا، رضا کاروں نے آواز کا تعین کر کے اس جگہ کو ڈرل کیا جہاں پر ملبے میں عائدہ زندہ سلامت موجود تھی۔

    رضا کاروں نے بڑے پتھر اور ملبہ ہٹا کر اس میں پھنسی ہوئی عائدہ کو باہر نکالا۔ ڈاکٹرز نے مطابق عائدہ کی گردن اور ریڑھ کی ہڈی متاثر ضرور ہوئی مگر اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    ترکی کے شہر ازمیر میں آنے والے قیامت خیز زلزلے میں اب تک 100 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔