Tag: استدعا مسترد

  • سعودی خاتون کی موسیقار سے شادی کرنے کی استدعا مسترد

    سعودی خاتون کی موسیقار سے شادی کرنے کی استدعا مسترد

    ریاض: سعودی عدالت نے ایک خاتون کی موسیقار سے شادی کرنے کی استدعا کو مسترد کرتے ہوئے حکم جاری کیا ہے کہ موسیقار سے شادی مذہبی طور پر جائز نہیں ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق ایک سعودی لڑکی نے اپنی مرضی سے موسیقار سے شادی کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تاہم ان کے اہل خانہ نے انکار کردیا جس کے بعد خاتون نے انصاف کے لیے عدالت سے رجوع کیا اور استدعا کی کہ انہیں شادی کے لیے اجازت دی جائے تاہم عدالت نے استدعا مسترد کردی۔

    سعودی عدالت نے خاتون کے اہل خانہ کی تائید کی اور کہا کہ یہ شادی نہیں ہوسکتی کیونکہ مذہب کے مطابق موسیقی حرام ہے اور اس فیصلے کو اپیل کورٹ نے بھی حتمی فیصلہ قرار دیا ہے۔

    دوسری جانب سعودی خاتون کا کہنا ہے کہ وہ صرف موسیقار نہیں بلکہ ایک اچھے انسان بھی ہیں اور اب وہ اپنے قانونی حق کے لیے اعلیٰ حکام سے رابطہ کریں گی۔

    واضح رہے کہ مذکورہ سعودی لڑکی کو دو سال قبل ایک بینک منیجر نے شادی کی پیشکش کی تھی جو کہ موسیقار بھی ہیں لیکن خاتون کے گھر والے نہیں مانے جس پر لڑکی نے اپنے بھائیوں پر مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    سعودی عدالت کی جانب سے یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سعودی عرب میں خواتین کو خودمختار بنانے کے لیے معاشی اور معاشرتی اصلاحات نافذ کی جارہی ہیں جس کے پیش نظر ملک میں خواتین پر عائد ڈرائیونگ کی پابندی کو حال ہی میں ختم کیا گیا ہے۔

  • لاہور: میرشکیل کی طلبی کے سمن معطل کرنے کی استدعا مسترد

    لاہور: میرشکیل کی طلبی کے سمن معطل کرنے کی استدعا مسترد

    لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے جیو جنگ کے مالک میر شکیل کی طلبی کے سمن معطل کرنے کی استدعا مسترد کردی ہے۔

    لاہور ہائی کورٹ جسٹس اعجازالاحسن نے کیس کی سماعت کی، جیو جنگ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سیشن کورٹ نے اے آر وائی نیوز کے سینئر اینکر پرسن مبشر لقمان کی جانب سے فوجداری استغاثے میں سمن جاری کیے جبکہ میر شکیل کے وکلاء کو سمن سے پہلے دلائل کی اجازت نہیں ملی۔

    عدالت نے قرار دیا کہ عدالتی نظائر موجود ہیں کہ سمن ہونے تک ملزم کو صفائی دینے کا حق نہیں، عدالت جب دیکھے کہ جرم بنتا ہےتب ہی طلب کرتی ہے، میر شکیل کو بطور ملزم بلایا گیا ہے، وہ سیشن عدالت میں دفاع کرتے ہوئے خود کو بے گناہ ثابت کریں۔

    جیو کے وکلاء نے دلائل دیئے کہ میر شکیل بیرون ملک ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہوسکتے، جس پر جسٹس اعجاز نے کہا کہ عدالت تمام پہلووں کا جائزہ لینے کے بعد ہی سمن جاری کرتی ہے، آپ نے صرف خدشات کی بنیاد پر ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔

    جیوکے وکلا نے سمن معطل کرنے کی استدعا کی، جسےعدالت نے مسترد کر دیا اور جیو کے وکیل کو کیس کی تیاری کے لیے مہلت دیتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔