Tag: استنبول

  • غلط موڑ مڑنے کے باعث گاڑی ٹرام کے ٹریک پر آگئی

    غلط موڑ مڑنے کے باعث گاڑی ٹرام کے ٹریک پر آگئی

    ترکی میں ایک گاڑی غلط موڑ مڑ کر ٹرام کے ٹریک پر چلی گئی، خوش قسمتی سے واقعے میں ڈرائیور سمیت کوئی زخمی نہیں ہوا۔

    ترک شہر استنبول کے توپ کاپی اسٹیشن پر پیش آنے والا یہ واقعہ سرویلنس کیمرے میں ریکارڈ ہوگیا۔

    مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق گاڑی کے ڈرائیور نے ایک مصروف انٹر سیکشن پر موڑ کاٹا تو گاڑی ٹرام کے ٹریک پر آگئی۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹرام کے اسٹیشن پر ٹرام کے منتظر مسافروں نے گاڑی دیکھی تو وہ حیران پریشان رہ گئے۔

    فوراً ہی پولیس کو اطلاع دی گئی جس کے بعد پولیس اور فائر بریگیڈ کی مدد سے گاڑی کو روکا جاسکا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں ڈرائیور محفوظ رہا۔

  • ترکی میں 4 گھنٹوں کے دوران 3 بار زلزلے کے جھٹکے

    ترکی میں 4 گھنٹوں کے دوران 3 بار زلزلے کے جھٹکے

    انقرہ: ترکی کے ساحلی علاقوں میں 4 گھنٹوں کے دوران 3 بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، دوسری جانب ماہرین ارضیات نے خبردار کیا ہے کہ استنبول میں کسی بھی وقت 7.2 شدت کا زلزلہ آسکتا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی کے ساحلی علاقوں میں 4 گھنٹے کے دوران 3 بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، ریکٹر اسکیل پر پہلے جھٹکے کی شدت 4.8 محسوس کی گئی جبکہ بعد میں آنے والے دونوں زلزلوں کی شدت 5.1 تھی۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز بحیرہ احمر میں یونان کے جزیرے میں 10 میل کی گہرائی میں تھا اور جھٹکے ترکی کے مغربی صوبے ازمیر میں بھی محسوس کیے گئے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس 30 اکتوبر کو 7.0 شدت کے زلزلے نے ازمیر اور یونانی جزیرے ساموس کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ زلزلے سے ازمیر میں خوفناک تباہی ہوئی تھی جہاں زلزلے سے 117 افراد جاں بحق جبکہ 1 ہزار سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

    دوسری جانب ترک ماہرین ارضیات نے خبردار کیا ہے کہ استنبول میں کسی بھی وقت 7.2 شدت کا زلزلہ آسکتا ہے۔

    حال ہی میں مقامی میڈیا میں شائع کردہ رپورٹ کے مطابق استنبول کے نیچے زمین میں فالٹ لائن میں غیر معمولی تبدیلیاں آرہی ہیں جو کسی بھی وقت خطرناک زلزلے کا پیش خیمہ ثابت ہوں گی۔

    ماہرین ارضیات کا کہنا ہے کہ استنبول اس وقت دنیا میں زلزلے آنے والے علاقوں میں سب سے زیادہ خطرناک صورتحال کا شکار ہے۔ 1 کروڑ 60 لاکھ آبادی کا شہر استنبول شمالی اناطولیہ کی فالٹ لائن پر کھڑا ہے اور اس خطے میں کسی بھی وقت 7 یا اس سے زائد شدت کا زلزلہ آسکتا ہے۔

    استنبول میونسپل کارپوریشن کی پلاننگ ایجنسی کا کہنا ہے کہ شہر میں 48 ہزار عمارتیں ایسی ہیں جو 7 شدت کے زلزلے میں انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔

    ماہرین کے مطابق حکومت کو فوری طور پر کام کرنا ہوگا اور خطرناک عمارتوں کو خالی کروا کر نئی عمارتیں تعمیر کرنا ہوں گی۔

  • کراچی کو استنبول کی طرح سیاحتی شہر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں،افتخار شالوانی

    کراچی کو استنبول کی طرح سیاحتی شہر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں،افتخار شالوانی

    کراچی: ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی کا کہنا ہے کہ کراچی کو استنبول کی طرح سیاحتی شہر بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخارشالوانی سے ترک قونصل جنرل نے ملاقات کی۔اس موقع پر تولگا یوک نے کہا کہ ترکی ایم اے جناح،آئی آئی چندریگرروڈ پر ٹرام چلانے میں مدد کرےگا۔

    ترک قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ نمائش سے ٹاور تک ٹرام چلانے میں تعاون پر تیار ہیں،آئی آئی چندریگرروڈ پر بھی ٹرام سروس کے لیے تعاون کریں گے۔تولگا یوک نے کہا کہ کراچی کی لائبریریوں کی بہتری اور انہیں جدید بنانےمیں مدد کریں گے۔

    ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ٹرام سروس اور لائبریریاں بہتر کرنے میں تعاون کی پیشکش پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے تعلقات مثالی ہیں۔

    افتخار شلوانی کا کہنا تھا کہ ٹرام سروس چلنے سے کراچی کی تاریخی حیثیت بحال ہوگی،کراچی کوپھر استنبول کی طرح سیاحتی شہر بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ 14 ستمبر کو ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شلوانی نے فریئر ہال لائبریری کی خراب صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تاریخی لائبریری کو فوری طور پر بہتر بنانے کی ہدایت کی تھی۔

  • بلی بیمار بچے کو لے کر اسپتال پہنچ گئی، تصاویر وائرل ہوگئیں

    بلی بیمار بچے کو لے کر اسپتال پہنچ گئی، تصاویر وائرل ہوگئیں

    استنبول: ترکی کے شہر استنبول میں بلی اپنے بیمار بچے کو لے کر اسپتال پہنچ گئی،سوشل میڈیا پر بلی اور اس کے بچے کی تصاویر وائرل ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق حال ہی میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر میرو ازکان کی جانب سے شیئر کی جانے والی تصاویر تیزی سے وائرل ہوگئیں، ان تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بلی اپنے بیمار بچے کو لے کر اسپتال پہنچی جہاں پر موجود طبی عملے نے فوری طور پر بیمار بلونگڑے کو طبی امداد پہنچانا شروع کر دی۔

    اسپتال میں ہنگامی بنیادوں پر انسانی ڈاکٹروں کی جانب سے بلی کے بیمار بچے کو طبی امداد دینے کے بعد دونوں کا جانوروں کے ڈاکٹر نے بھی معائنہ کیا اور یقینی بنایا کہ ماں اور بچہ دونوں صحت یاب ہیں۔

    سوشل میڈیا پر لوگوں نے استنبول کے اسپتال میں پیرامیڈکیس اور اسپتال کے عملے کی جانب سے ان کے حسن سلوک کی تعریف کی اور کچھ کو اپنی کہانیاں بھی یاد تھیں جہاں لوگوں نے ضرورت مند جانوروں کی مدد کی۔

    ایک صارف لکھا کہ یہ میرے آبائی شہر میں ایک بلی کے ساتھ ہوا، اس کو پریشانی تھی اور وہ اسپتال جا پہنچی جہاں پر موجود عملے نے اس کی مدد کی اور اب ڈاکٹر نے اس بلی کو اپنے پاس رکھ لیا ہے۔


  • افغانستان کا امن اور استحکام ہمارے مفاد میں ہے، وزیرخارجہ

    افغانستان کا امن اور استحکام ہمارے مفاد میں ہے، وزیرخارجہ

    استنبول: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغانستان کا امن اور استحکام ہمارے مفاد میں ہے، پاکستان سمجھتا ہے افغانستان میں قیام امن سے تجارت بڑھے گی۔

    تفصیلات کے مطابق استنبول میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ترکی نے شہریت کے لیے دروازے کھولے ہیں، جو شہریت سے مستفید ہونا چاہتا ہے ہو، ہمیں اعتراض نہیں ہے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ غیرقانونی امیگریشن یقیناً تشویش کا باعث ہے، غیرقانونی امیگریشن پر پاکستان، ایران اور ترکی کو مل کر بیٹھنا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں ہماری بہت اچھی نشست ہوئی، ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کی، کانفرنس کے اختتام پر استنبول ڈیکلیئریشن انتہائی جامع ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ آئندہ ریجنل ٹیکنیکل گروپوں کے اجلاس بلائے جائیں گے، پاکستان بھی 2020 میں ماحولیات اور زراعت پر اجلاس بلائے گا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان کا امن اور استحکام ہمارے مفاد میں ہے، پاکستان سمجھتا ہے افغانستان میں قیام امن سے تجارت بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے افغانستان میں سرمایہ کاری، تعمیرنو کے مواقع ہوں گے۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا افغان طالبان مذاکرات میں پاکستان نے مثبت کردار ادا کیا، پاکستان نے ٹرائبل بیلٹ پر سیاسی اتفاق رائے پیدا کیا ہے، حکومت نے ٹرائبل بیلٹ کی تعمیر وترقی کے لیے خصوصی پیکچ دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں واضح کیا افغان امن عمل چاہتے ہیں۔

  • مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور ظلم ختم کیا جائے، ترک صدر اردوان

    مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور ظلم ختم کیا جائے، ترک صدر اردوان

    استنبول: ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور ظلم ختم کیا جائے، مسئلہ کشمیر کے حل تک ترکی کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ترک صدر سے ملاقات ہوئی، ملاقات خطے کے ممالک کی تیسری اسپیکر کانفرنس کے موقع پر ہوئی، جس میں کشمیر کی صورت حال، امہ کو درپیش چیلنجز اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان اور ترکی دو قالب ایک جان کی مانند ہیں، پاکستان کو ترکی کے ساتھ اپنی بے مثال دوستی پر فخر ہے۔

    اسد قیصر نے کہا کہ دونوں ملکوں نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، اسپیکر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ترک صدر کے خطاب کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ناگزیر ہے۔

    مزید پڑھیں: کشمیریوں کی جدوجہد نے ان سے موت کا خوف ختم کردیا ہے: وزیر اعظم

    دوسری جانب ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ پاکستان کو اپنا بھائی اور دوست سمجھتے ہیں، پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔

    ترک صدر نے جنرل اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے خطاب کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے مسلم امہ اور کشمیری عوام کی زبردست ترجمانی کی ہے، بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں حالیہ اقدامات غیرقانونی اور غیراخلاقی ہیں۔

  • ترکی، نوجوان نے دوسری منزل سے گرنے والی 2 سالہ بچی کو بچالیا، ویڈیو وائرل

    ترکی، نوجوان نے دوسری منزل سے گرنے والی 2 سالہ بچی کو بچالیا، ویڈیو وائرل

    استنبول: ترکی کے شہر استنبول میں نوجوان نے دوسری منزل کی بالکونی سے گرنے والی 2 سالہ بچی کو بچالیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترکی کے شہر استنبول کے فلیٹ کی بالکونی میں 2 سالہ بچی کھیلتے ہوئے اچانک گر گئی وہاں سے گزرتے ہوئے نوجوان نے جب یہ دیکھا تو فوراً دوڑ کر معصوم بچی کو تھام کر اس کی زندگی بچالی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    رپورٹ کے مطابق مذکورہ واقعہ گزشتہ جمعرات کو استنبول کے ضلع فتح میں پیش آیا، 17 سالہ فیوضی زبات نے دو سالہ بچی کو کیچ کیا جس کے سبب بچی کے جسم پر کوئی چوٹ نہیں آئی اور اس کی زندگی بچ گئی۔

    سوشل میڈیا پر مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد فیوضی زبات کو ہیرو کے طور پر پیش کیا جارہا ہے اور لوگوں کی جانب سے نوجوان کے اقدام کو سراہا جارہا ہے۔

    زبات الجیرین تارکین وطن ہیں اور کام کے غرض سے استنبول کے مقیم ہیں ان کی مذکورہ سڑک پر ایک ورکشاپ ہے۔

    بچی کی والدہ کا کہنا ہے کہ وہ کچن میں کھانا بنا رہی تھیں تب انہیں پتا ہی نہیں چلا کہ بچی کب فلیٹ کی بالکونی میں چلی گئی ہے.

    بچی کے اہل خانہ کی جانب سے زبات کو اپنی خوشی سے 200 ترکش لیراز بطور تحفہ پیش کیے۔

    یو ٹیوب پر ایک شہری کا کہنا تھا کہ ذرا سوچیں اگر نوجوان کی نظر اوپر نہیں پڑتی تو ایک افسوسناک خبر ہمارے سامنے ہوتی، نوجوان ترکی کا ہیرو ہے۔

  • بلدیاتی انتخابات، استنبول میں حکمران جماعت پھر ناکام

    بلدیاتی انتخابات، استنبول میں حکمران جماعت پھر ناکام

    انقرہ : ترک صدر رجب طیب ایردوآن کی جماعت جسٹس اینڈ ڈولپمنٹ پارٹی نے استنبول کے بلدیاتی انتخابات میں ایک مرتبہ پھر شکست سے دوچار ہونا پڑا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کے سب سے بڑے شہر استنبول میں گزشتہ روز دوبارہ بلدیاتی انتخابات منعقد ہوئے تھے جس میں ترک صدر رجب طیب ایردوان کی جماعت جسٹس اینڈ ڈولپمنٹ پارٹی کو استنبول میں بری طرح کا شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد میں طیب ایردوان نے بھی اپنی شکست تسلیم کرلی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اتوار کے روز منعقد ہونےو الے بلدیاتی انتخابات میں مخالف جماعت کے امیدوار اکرم امام اوغلو 53 اعشاریہ 59 فیصد ووٹ لےکر فاتح قرار پائے جبکہ حکمران جماعت کے امیدوار بن علی یلدرم صرف 45 اعشاریہ 4 فیصد ووٹ حاصل کرسکے۔

    سابق وزیر اعظم بن علی یلدرم کا کہنا تھا کہ ’حزب اختلاف کے امیدوار اکرم امام اوغلو انتخابات میں واضح برتری رکھتے ہیں، میں آپ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا خواہشمند ہوں‘۔

    خیال رہے کہ اکرم امام اوغلو ترک اپوزیشن کی بڑی جماعت عوامی جمہوری پارٹی (سی ایچ پی) کے امیدوار ہیں، جو مارچ میں استنبول کے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرچکے تھے تاہم الیکشن کمیشن نے انتخابی بے ضابطگیوں کے باعث جیت کو کالعدم قرار دیتے ہوئے 23 جون کو میئر شپ کا دوبارہ الیکشن کرانے کا اعلان کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : ترک بلدیاتی انتخابات، طیب اردوان نے انقرہ اور استنبول میں‌شکست تسلیم کرلی

    ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ طیب اردوان کے 16 سالہ دور اقتدار میں پہلی مرتبہ دارالحکومت میں جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کو شکست سے دوچار ہونا پڑا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک صدر نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز استنبول سے کیا ہے کہ جہاں پہلی مرتبہ 1990 میں انہیں استنبول کا ناظم(میئر) منتخب کیا گیا تھا اور اب استنبول کی نظامت (میئرشپ) ان ہاتھ سے نکل چکی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ترکی کا دارالحکومت سمیت تین بڑے شہر استنبول اور ازمیر حکمران جماعت کے گڑھ سمجھے جاتے ہیں جہاں انہیں انتخابات میں شکست دینا تقریباً ناممکن تھا۔

  • استنبول کی میئرشپ کے لیے یلدرم اور اوگلو کے درمیان ایک بار پھر مقابلہ

    استنبول کی میئرشپ کے لیے یلدرم اور اوگلو کے درمیان ایک بار پھر مقابلہ

    انقرہ : استنبول کے میئر اکرم امام اوگلو نے حکومتی امیدوار بن علی یلدرم کے لیے میدان خالی چھوڑنے کے بجائے ان کا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کی اپوزیشن جماعت پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی نے 23 جون کو استنبول میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں دوبارہ حصہ لینے کا اعلان کیا ہے، ترکی کے الیکشن کمیشن نے دو روز قبل 31 مارچ کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کالعدم قرار دیتے ہوئے آئندہ ماہ دوبارہ پولنگ کرانے کا اعلان کیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ 31 مارچ کو استنبول کے میئر کی سیٹ پر اپوزیشن کے اکرم امام اوگلو کامیاب ہوئے تھے مگر حکمران جماعت آق نے ان کی کامیابی کو دھاندلی کا نتیجہ قرار دے کر نتائج الیکشن کمیشن میں چیلنج کیے تھے۔

    میڈیا رپورٹس کا کہنا تھا کہ اکرم امام اوگلو نے حکومتی امیدوار بن علی یلدرم کے لیے میدان خالی چھوڑںے کے بجائے ان کا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اکرم امام نے اپنی پارٹی کے رہنماﺅں اور ارکان پارلیمنٹ کی موجودگی میں ایک اجلاس کے دوران کہا کہ ہم استنبول کے میئر کا انتخاب پوری تیاری کےساتھ لڑیں گے اور پہلے بھی بھاری کامیابی حاصل کریں گے۔

    خبر رساں ادارے کے مطابق اجلاس میں بعض رہنماﺅں نے بلدیاتی انتخابات کےبائیکاٹ کی رائے دی گئی مگر آخرکاریہ فیصلہ کیا گیا کہ پیپلز ڈیموکرٹک پارٹی 23 جون کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے کر اس میں کامیاب ہو کر دکھائے گی۔

    ترکی کی حزب اختلاف کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر طیب ایردوآن کی قیادت میں قائم حکومت اور حکمراں جماعت دوسری سیاسی قوتوں سے خائف ہے۔

    آق پارٹی نے استنبول میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں شکست کے بعد نتائج قبول کرنے سے انکار کرکے آمرانہ طرز عمل کا ثبوت دیا ہے۔

    ترکی کی ڈیموکرٹک پیپلز پارٹی کے وائس چیئرمین اونورسال اڈیگوزیل نے کہا کہ حکمراں جماعت آق غیر قانونونی طریقے اور آمرانہ طرز عمل سے انتخابات میں فتح حاصل کرنا چاہتی ہے۔

  • ترک صدر نے ملک کی سب سے بڑی مسجد کا افتتاح کردیا

    ترک صدر نے ملک کی سب سے بڑی مسجد کا افتتاح کردیا

    انقرہ: ترک شہر استنبول میں ملکی صدر رجب طیب اردوگان نے ترکی کی سب سے بڑی مسجد کا افتتاح کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کے شہر استنبول میں قائم ’جمیلیہ‘ نامی مسجد بیک وقت چوہتر ہزار نمازیوں کو اپنے دامن میں سمیٹ سکتی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سلجوق اور عثمانیہ طرز تعمیر کی شاہکار مسجد جمیلیہ کے فلک بوس مینار باز نطینیوں کے خلاف ترکوں کی شاندار فتح کی یاد دلاتے ہیں تو اسکے چھوٹے بڑے گنبد نفیس خطاطی کا نمونہ ہیں۔

    عثمانیہ طرزتعمیر کی خوبصورتی اور ہاتھ سے بُنے دبیز قالینوں سے آراستہ مسجد کے افتتاح پر بوسنیا ہرزے گووینا، سینیگال اور گنی کے باشندوں نے بھی مسجد میں پہلی بار ہونے والی نماز جمعہ ادا کی۔

    اس موقع پر ترک صدر نے مساجد اور گرجوں پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عبادت گاہوں پر حملے کرنے والے یکساں سیاہ ذہنیت کے حامل ہوتے اور قابل مذمت ہیں۔

    مذکورہ مسجد کی تعمیر کا آغاز 2013 میں کیا گیا تھا جس کی تکمیل رواں سال مکمل ہونے کے بعد آج ترک صدر نے دیگر حکومتی عہدیداروں کے ساتھ مل کر افتتاح کیا۔

    اس سے قبل ترک صوبے ادانا میں 1998 قائم کردہ مسجد کو سب سے بڑی مسجد تصور کی جاتی تھی جہاں بہ یک وقت 28 ہزار پانچ سو کے قریب نمازی نماز ادا کرسکتے ہیں۔

    استنبول میں خواتین کی ڈیزائن کردہ مسجد کا افتتاح

    سلطنت عثمانیہ کی عکاسی کرتی کملیکا مسجد میں خواتین کے لیے علیحدہ جگہ بنائی گئی ہے جہاں تقریباً چھ سو خواتین بیک وقت نماز پڑھ سکتی ہیں جبکہ بچوں کےلیے کھیل کا میدان بھی بنایا گیا ہے۔