Tag: اسحاق ڈار

  • اسحاق ڈار کی امریکی وزیرخارجہ سے اہم ملاقات طے

    اسحاق ڈار کی امریکی وزیرخارجہ سے اہم ملاقات طے

    اسلام آباد : وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو  سے اہم ملاقات طے پاگئی ، جس میں دو طرفہ تعلقات سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار جمعے کو امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کریں گے۔

    سفارتی ذرائع نے بتایا کہ پاک امریکا وزرائے خارجہ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوگی۔

    وزیر خارجہ امریکی ہم منصب سے ملاقات میں پاک بھارت کشیدگی سمیت بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر بات کریں گے۔

    اسحاق ڈار، مارکو روبیو ملاقات میں افغانستان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوگی اور افغانستان میں دہشت گردوں کیخلاف کاروائیوں کیلئے مشترکہ انسداد دہشت گردی کی کوششوں پر بات کی جائے گی۔

    مزید پڑھیں : کشمیر پر ثالثی : پاکستانی رہنما سے ملاقات جمعہ کو ہوگی، امریکی ترجمان

    ملاقات میں ٹرمپ انتظامیہ اور حکومت پاکستان کے درمیان پارٹنر شپ کے مواقع پر بات ہوگی۔

    نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ 25 جولائی کو واشنگٹن میں امریکی وزیر خارجہ سے اہم ملاقات کرنے والے ہیں۔

    یہ ملاقات ان کے دورہ امریکہ کے دوران ایک روزہ دورہ واشنگٹن کے دوران ہوگی، یہ دونوں رہنماؤں کے درمیان پہلی باضابطہ ملاقات ہوگی۔

  • اسحاق ڈار امریکا کے سرکاری دورے پر نیویارک پہنچ گئے

    اسحاق ڈار امریکا کے سرکاری دورے پر نیویارک پہنچ گئے

    اسلام آباد: وزیر خارجہ اسحاق ڈار امریکا کے سرکاری دورے پر نیویارک پہنچ گئے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نیویارک پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کی 28 جولائی تک اقوام متحدہ اور امریکا میں سرکاری مصروفیات طے ہیں۔

    اسحاق ڈار یو این سلامتی کونسل میں پاکستان کی صدارت کے تحت اعلیٰ سطح اجلاسوں کی قیادت کریں گے، وہ نیویارک اور واشنگٹن میں دو طرفہ اور کثیر الجہتی ملاقاتیں بھی کریں گے۔

    ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ دو ریاستی حل سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، دو ریاستی حل کانفرنس سعودی عرب اور فرانس کی میزبانی میں منعقد ہو رہی ہے۔ نائب وزیر اعظم ’مشرق وسطیٰ کی صورت حال، فلسطین کا سوال‘ کے موضوع پر سلامتی کونسل کے سہ ماہی مباحثے کی صدارت بھی کریں گے۔


    ٹرمپ نے یو اے ای میں پھنسے افغان شہریوں کی مدد کا اعلان کر دیا


    نیویارک آمد پر پاکستانی سفیر برائے امریکا اور اقوام متحدہ نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا استقبال کیا۔ 24 جولائی کو ایک اور اہم بریفنگ منعقد ہوگی، جس میں اقوام متحدہ اور علاقائی تنظیموں خصوصاً اسلامی تعاون تنظیم (OIC) کے مابین تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

  • اسحاق ڈار نے  چینی وزیر خارجہ  سے ملاقات،   تعاون بڑھانے پر اتفاق

    اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ سے ملاقات، تعاون بڑھانے پر اتفاق

    تیانجن : وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات میں علاقائی امن واستحکام اور ترقی کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

    تفصیلات کے مطابق نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی، ملاقات تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔

    اسحاق ڈار نے اجلاس کی کامیاب میزبانی پر چینی وزیر خارجہ کو مبارکباد دیتے ہوئے چین کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

    ملاقات میں وزرائے خارجہ کے درمیان سی پیک سمیت اہم امورپرگفتگو ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات پراطمینان کا اظہارکیا۔

    پاکستان اور چین کی اسٹرٹیجک شراکت داری پر اعتماد کا اعادہ کیا گیا جبکہ دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی امن واستحکام اور ترقی کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا اور مختلف شعبوں میں قریبی تعاون جاری رکھنے پر زور دیا۔

    گذشتہ روز نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیور سیدوف سے بھی ملاقات کی۔

    وزیر خارجہ نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا تھا "ہم نے پائیدار اور کثیر جہتی پاک-ازبک شراکت داری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا، جاری اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا، اور ازبک-افغان-پاک ریلوے رابطے کے منصوبے سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کا عہد کیا۔”

  • انتونیو گوتریس کا اسحاق ڈار کو ٹیلیفون : اہم امور پر تبادلہ خیال

    انتونیو گوتریس کا اسحاق ڈار کو ٹیلیفون : اہم امور پر تبادلہ خیال

    اسلام آباد : اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ نائب وزیرخارجہ نے سلامتی کونسل کی صدارت کے دوران تنازعات کے حل کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

    ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان جولائی میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت کر رہا ہے، پاکستان عالمی امن و سلامتی کے لیے پرعزم ہے۔

    نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان پُرامن طریقے سے تمام تنازعات کے حل پر یقین رکھتا ہے، پاکستان صدارت کے دوران اہم اجلاس منعقد کر رہا ہے۔

    اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کو اس کے مینڈیٹ کی ادائیگی میں مکمل تعاون اور اقوام متحدہ کے اہلکاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرتا ہے۔

    دفترخارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور اسحاق ڈار کی جلد ملاقات نیویارک میں طے ہے، پاکستان سلامتی کونسل کی صدارت کے دوران عالمی امن کے فروغ کے لیے سرگرم ہے۔

  • ایران پر اسرائیلی حملہ ، اسحاق ڈار کا اہم بیان آگیا

    ایران پر اسرائیلی حملہ ، اسحاق ڈار کا اہم بیان آگیا

    اسلام آباد : وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسرائیلی حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے ایران کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کے بعد وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کہا اسلامی جمہوریہ ایران پر اسرائیل کے بلاجواز حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، اس گھناؤنے اقدام نے بین الاقوامی قانون کی بنیادوں کے ساتھ ساتھ انسانیت کو بھی ہلا کر رکھ دیا ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ حملوں سے علاقائی استحکام اور بین الاقوامی سلامتی کو بری طرح نقصان پہنچا ہے، پاکستان ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔

    اس سے قبل پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیلی حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں، اسرائیلی اشتعال انگیزیاں خطے اور دنیا کے امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

     مزید پڑھیں : اسرائیل کا ایران پر حملہ، پاکستان کا ردعمل 

    ترجمان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملے ایران کی خود مختاری، علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے، اسرائیلی کارروائیاں اقوام متحدہ چارٹر اور عالمی قوانین کے منافی ہیں۔

    انھوں نے مزید کہا تھا کہ ایران کو اقوام متحدہ کے آرٹیکل 51 کے تحت دفاع کا حق حاصل ہے، اسرائیلی اشتعال انگیزیاں خطے، دنیا کے امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں، عالمی برادری اسرائیلی جارحیت روکنے، ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کی ذمہ دار ہے۔

  • پاکستان کا سندھ طاس معاہدے کی منسوخی پر عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ

    پاکستان کا سندھ طاس معاہدے کی منسوخی پر عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ

    نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے سندھ طاس معاہدے کی منسوخی پر عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ہانگ کانگ میں بین الاقوامی ثالثی تنظیم کے قیام سے متعلق کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ منسوخی عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے مشرقی پڑوسی نے حال میں بلا اشتعال اور غیر منصفانہ فوجی جارحیت کا مظاہرہ کیا، بھارتی اقدام سے جنوبی ایشیا کا امن خطرات سے دو چار ہوا۔

    مزید پڑھیں : سندھ طاس معاہدہ : کیا بھارت پاکستانی دریاؤں کا پانی روک سکتا ہے؟ شیراز میمن کے اہم انکشافات

    نائب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کشمیر کا معاملہ جنوبی ایشیا میں تنازع کی بنیاد ہے، لہذا اس تنازع کو سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہش کے مطابق فوری حل کیا جائے۔

    اسحاق ڈار نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ منسوخی کی مذمت کی اور سندھ طاس معاہدے کی منسوخی پر عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے تاجک صدر امام علی رحمان سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن خود مختاری کے دفاع سے پیچھے نہیں ہٹے گا، شہباز شریف نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق ناگزیر ہے۔

    سندھ طاس معاہدہ کیا ہے؟

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان کیخلاف کیے گئے سخت اقدامات میں سرفہرست سندھ طاس معاہدہ کا خاتمہ بھی ہے۔

    یہ بھی خیال رہے کہ سندھ طاس معاہدہ کے تحت بھارت پاکستان کے حصے کا پانی روک ہی نہیں سکتا اس کے علاوہ اس کے پاس فی الوقت کوئی ایسا ذخیرہ یا وسائل نہیں جہاں وہ ان دریاؤں کے اس پانی کو جمع کر سکے اور اگر وہ کوئی ایسا منصوبہ شروع کرے بھی تو اس کو پورا کرنے کیلیے کئی سال درکار ہوں گے۔

  • مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ضروری ہے: اسحاق ڈار

    مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ضروری ہے: اسحاق ڈار

    نائب وزیراعظم اسحاق  ڈار نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ضروری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق  ڈار نے اقوام متحدہ امن مشن ڈے کے عالمی دن پر پیغام میں کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشن اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

    اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ 181 پاکستانی اہلکار امن مشنز میں شہید ہوئے، پاکستان نے اب تک 2 لاکھ 35 ہزار اہلکار امن مشنز کے لیے بھیجے، پاکستان اقوام متحدہ ملٹری آبزرور گروپ کا میزبان ہے۔

    نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کشمیر کی صورتحال اقوام متحدہ ملٹری آبز رور گروپ کی اہمیت بڑھاتی ہے، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ضروری ہے، امن مشنز عالمی امن کا مؤثر ذریعہ ہیں۔

    نائب وزیراعظم نے کہا کہ امن مشنز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہوگا، پاکستان اور کوریا نے اسلام آباد میں امن کانفرنس کی، کانفرنس کا موضوع ٹیکنالوجی اور مشترکہ حکمت عملی تھا، پاکستان امن مشنز کی حمایت جاری رکھے گا۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistani-ambassador-to-un-asim-iftikhar-palestine/

  • وزیر خارجہ اسحاق ڈار اہم دورے پر چین روانہ

    وزیر خارجہ اسحاق ڈار اہم دورے پر چین روانہ

    اسلام آباد : وزیر خارجہ اسحاق ڈار اہم دورے پر چین روانہ ہوگئے ، دورے میں جنوبی ایشیا کی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام پر بات ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بھارت کشیدگی سے پیدا صورتحال پر مشاورت کے لیے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار چین روانہ ہوگئے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا اسحاق ڈار چین کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے، دورے میں نائب وزیراعظم کی بیجنگ میں چینی وزیرخارجہ وانگ ژی سے ملاقات ہوگی۔

    وزرائے خارجہ اورکمیونسٹ پارٹی سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات پربات ہوگی ساتھ ہی اہم علاقائی پیش رفت اور دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر بھی گفتگو ہوگی۔

    وزیر خارجہ کے دورے میں جنوبی ایشیا کی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام پر بات ہوگی۔

    مزید پڑھیں : بھارت کا بلیم گیم بے نقاب ہوچکا ہے ، اسحاق ڈار

    دورہ چین کے دوران پاک چین دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا جائے گا اور علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا اسحاق ڈار کا دورہ پاک چین اعلیٰ سطح روابط کا تسلسل ہے، اس سے اسٹریٹجک تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

    ذرائع کے مطابق افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی کل چین پہنچیں گے۔۔ ذرائع کا کہنا ہے پاکستان، چین اور افغان وزرائے خارجہ کی ملاقات بھی بیجنگ میں متوقع ہے۔

  • بھارت کا بلیم گیم بے نقاب ہوچکا ہے ، اسحاق ڈار

    بھارت کا بلیم گیم بے نقاب ہوچکا ہے ، اسحاق ڈار

    اسلام آباد : نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ بھارت کا بلیم گیم بے نقاب ہوچکا ہے کیونکہ دنیا جانتی ہے بھارت کی طرف سے پاکستان پر الزامات لگائے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بیجنگ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا بلیم گیم بے نقاب ہو چکا ہے، دنیا جانتی ہے بھارت کی طرف سے پاکستان پر الزامات لگائے گئے، جنھیں پاکستان نے غلط ثابت کیا۔

    انہوں نے پڑوسی ملک بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے تناظر میں گزشتہ تین ہفتوں میں پاکستان کی سفارتی کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔

    انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستان 60 ممالک کے ساتھ سفارتی رابطے میں ہے۔

    وزیر خارجہ نے بتایا کہ وہ چینی وزیرخارجہ کی دعوت پرچین کا دورہ کررہے ہیں، جنوبی ایشیا کی صورتحال اورخطے میں امن واستحکام پر بات چیت ہوگی۔

    خیال رہے دورہ چین کے دوران پاک چین دو طرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لیا جائے گا جبکہ علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    اسحاق ڈار کی سربراہی میں وفد کا دورہ پاک چین اعلیٰ سطح روابط کا تسلسل ہے ، اس کے علاوہ پاکستان،چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ بیجنگ میں سہ فریقی ملاقات کریں گے۔

  • وزیر خارجہ کل دورہ چین پر روانہ ہوں گے، افغان ہم منصب سے بھی ملاقات متوقع

    وزیر خارجہ کل دورہ چین پر روانہ ہوں گے، افغان ہم منصب سے بھی ملاقات متوقع

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کل اپنے وفد کے ہمراہ  دورہ چین پر بیجنگ روانہ ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بیجنگ میں چین کے وزیراعظم لی چیانگ سے ملاقات کریں گے اس کے علاوہ افغانستان عبوری حکومت کے وزیر خارجہ امیر خان متقی بھی  20 مئی کو چین پہنچیں گے۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ بیجنگ میں ملاقات کرینگے جہاں پاک بھارت کشیدگی کے بعد خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق تینوں ممالک کے درمیان اس ملاقات میں باہمی تجارت کے فروغ، سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، وفد کی چین میں اعلیٰ سطح ملاقات میں بیجنگ میں علاقائی امن و استحکام پر بات چیت ہوگی۔

    واضح رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے ماحول میں پاکستان کے دیرینہ دوست چین نے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا تھا۔