Tag: اسد عمر کا استعفیٰ

  • خواہش ہے اسد عمر دوبارہ کابینہ میں آئیں: وزیر اعظم

    خواہش ہے اسد عمر دوبارہ کابینہ میں آئیں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کے اجلاس میں سابق وزیرِ خزانہ اسد عمر کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اچھے آدمی ہیں، ہماری خواہش ہے وہ دوبارہ کابینہ میں آئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسد عمر دوبارہ کابینہ میں آنا چاہیں تو ہم خوش آمدید کہیں گے۔

    وزیر اعظم نے کابینہ میں رد و بدل کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر پارٹی رہنماؤں کو اعتماد میں لیتے ہوئے اسد عمر کو اچھے الفاظ میں یاد کیا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے کہا ’اسد عمر کو دوبارہ کابینہ میں آنے کے لیے کہیں گے، اسد عمر واپس آئیں تو کابینہ کو فائدہ ہوگا۔‘

    یہ بھی پڑھیں:  حکومتی ٹیم میں اہلیت ہی نہیں، پیپلز پارٹی کے مسترد شخص کو لگایا گیا: بلاول بھٹو

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت میں کوئی مستقل طور پر نہیں آیا، عوام اور ملک کی خدمت کرنے والا رہے گا، باقی گھر جائیں گے، وفاق کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتوں کی کارکردگی پر بھی نظر ہے، روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی مانیٹر ہو رہی ہے۔

    ذرایع کے مطابق عمران خان نے رہنماؤں سے کہا کہ وہ عوام کے لیے دل میں رحم پیدا کریں، حکومت میں آنے کا مقصد عوامی فلاح کے منشور پر عمل درآمد ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، ایک بار معیشت مستحکم ہوئی تو آسانی سے ٹیک آف کر جائیں گے۔

    انھوں نے پارٹی ترجمانوں کو حکومتی مؤقف جارحانہ انداز میں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا ٹاک شوز میں مکمل معلومات اور تیاری کے ساتھ جائیں اور اپوزیشن کے پراپیگنڈے کے بر عکس عوام کو اصل حقائق سے آگاہ رکھیں۔

  • دیکھو اور انتظار کرو: مریم نواز کا ٹویٹ

    دیکھو اور انتظار کرو: مریم نواز کا ٹویٹ

    لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحب زادی مریم نواز نے کارکنوں کو مشورہ دیا ہے کہ انتقام کی کوئی ضرورت نہیں ہے، بس دیکھو اور انتظار کرو۔

    تفصیلات کے مطابق مریم نواز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کارکنوں کو پیغام دیا ہے کہ انھیں سیاسی مخالفین سے کسی انتقام کی ضرورت ہی نہیں ہے بلکہ انھیں صرف دیکھنا انتظار کرنا چاہیے۔

    مریم نواز نے کارکنوں سے کہا کہ جنھوں نے آپ کو تکلیف پہنچائی آخر کار وہ خود اپنے آپ کو نقصان پہنچائیں گے۔

    سابق وزیر اعظم کی صاحب زادی کا کہنا تھا کہ کارکنوں کے ساتھ خوش قسمتی ساتھ رہی تو انھیں یہ نظارہ دیکھنے کا موقع بھی مل جائے گا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر خزانہ اسد عمر کے استعفے سے شروع ہونے والی خبروں‌ کا سلسلہ اس وقت اپنے اختتام کو پہنچا جب وزیر اعظم ہاؤس سے اہم بیان جاری ہوا جس کے مطابق کئی وزرا کے قلم دان تبدیل کر دیے گئے۔

    وزیر اعظم آفس کے مطابق فواد چوہدری کو سائنس و ٹیکنالوجی، غلام سرور کو ایوی ایشن، اعجاز احمد شاہ کو وفاقی وزیر داخلہ، شہریار آفریدی کو سیفران، اعظم سواتی کو پارلیمانی امور کے قلم دان سونپے گئے جب کہ اسد عمر کی جگہ فی الحال عبدالحفیظ شیخ کو مشیر خزانہ مقرر کیا گیا ہے۔

  • لوگ خوش نہیں، ٹیم اور وزرا کی کارکردگی پر سوال اٹھتے ہیں: ندیم افضل چن

    لوگ خوش نہیں، ٹیم اور وزرا کی کارکردگی پر سوال اٹھتے ہیں: ندیم افضل چن

    لاہور: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ کابینہ میں اکثر لوگ معیشت پر بات کرتے تھے، بحث ہوتی تھی کہ لوگ خوش نہیں، ٹیم اور وزرا کی کارکردگی پر سوال اٹھتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے افضل چن کا کہنا تھا کہ 8 ماہ بعد پہلا اسپیل مکمل ہو گیا، کابینہ میں تبدیلی وزیر اعظم کا اختیار ہے، پولیٹیکل تبدیلی سے کام نہیں چلتا، مشینری تو بیورو کریسی ہوتی ہے، بیورو کریسی میں بھی تبدیلیاں لانا پڑیں گی۔

    انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی کرپشن کے معاملے پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے، کرپشن میں ملوث عمران خان کا قریبی شخص بھی کابینہ میں نہیں رہے گا، جن پر کرپشن کا الزام ہوگا ان کا دفاع بالکل نہیں کروں گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  اگر میرے جانے سے معیشت بہتر ہوتی ہے تو یہ بہترین فیصلہ ہے: استعفے کے بعد اسد عمر کا پہلا انٹرویو

    افضل چن کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے صدارتی نظام کی بات کبھی نہیں کی، انھوں نے 18 ویں ترمیم پر صوبوں کے زیادہ اختیارات کی بات کی تھی، وزیر اعظم نے کہا تھا 18 ویں ترمیم کے بعد زیادہ ذمہ داری صوبوں کی ہے۔

    انھوں نے کہا ’ہماری دعا ہے نئی آنے والی ٹیم کامیاب ہو جائے، دیکھنا یہ ہے کہ پارلیمنٹ اور پارٹی کا ماحول بہتر ہوتا ہے یا نہیں، معیشت اہم مسئلہ ہے پچھلی حکومتوں کا بگاڑ سب کے سامنے ہے۔‘

  • غریبوں کے منہ سے روٹی چھیننے کے بعد استعفیٰ قوم سے مذاق ہے: حمزہ شہباز

    غریبوں کے منہ سے روٹی چھیننے کے بعد استعفیٰ قوم سے مذاق ہے: حمزہ شہباز

    لاہور: پنجاب اسمبلی میں قائد حزب حمزہ شہباز نے وزیر خزانہ اسد عمر کے استعفے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ غریبوں کے منہ سے روٹی چھیننے کے بعد استعفیٰ قوم سے مذاق ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمر کے اپنے عہدے سے استعفے کے اعلان کے بعد ن لیگی رہنما حمزہ شہباز نے اسے مہنگائی میں پھنسی قوم کے ساتھ مذاق قرار دیا۔

    حمزہ شہباز نے اپنے بیان میں کہا کہ ان 9 ماہ میں ملک کا کباڑہ کر کے ہزاروں ارب قرض بڑھایا جا چکا ہے، لاکھوں گھروں کے چولھے بجھ گئے ہیں، دوائیں مہنگی ہو گئی ہیں، نیازی صاحب اور ان کی ٹیم پر کیا اثر پڑا؟

    اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے وزیرِ اعظم سے مطالبہ کیا کہ نا اہلی پر وہ مستعفی ہو جائیں، وزیر خزانہ کا غریبوں کے منہ سے روٹی چھیننے کے بعد استعفیٰ قوم سے مذاق ہے، کابینہ نالائقوں کا ٹولہ ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسد عمرنے وزارت خزانہ چھوڑدی، کوئی نئی وزارت نہیں لیں گے

    انھوں نے کہا کہ کھلاڑی بدلنے سے معاشی میچ جیتا نہیں جا سکتا، کپتان بدلنا پڑے گا، اسد عمر کا استعفیٰ عمران خان کی نا اہلی کا اعتراف ہے، اسد عمر تمام اقدامات عمران خان کو اعتماد میں لے کر کرتے تھے۔

    حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو رگڑے کے چکر میں معیشت اور عوام کو رگڑا لگایا گیا، حکومتی نا اہلی کا خمیازہ بد قسمتی سےغریب عوام کو ادا کرنا پڑ رہا ہے، لیڈر کو معاملات کی سوجھ بوجھ نہ ہو تو ٹیم کا رد و بدل بے سود ہوتا ہے۔

  • عمران نیازی صاحب ضد چھوڑ کر معیشت کو ترجیح دیں، شہباز شریف

    عمران نیازی صاحب ضد چھوڑ کر معیشت کو ترجیح دیں، شہباز شریف

    لندن : اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف نے کہا عمران نیازی صاحب ضد، انااورتکبر کو چھوڑ کر معیشت کو ترجیح دیں ، وقت ضائع نہ کیا جاتاتو موجودہ معاشی تباہی کا سامنا نہ کرنا پڑتا، وقت ضائع کیا گیا تو معاشی اقتصادی لحاظ سے نتائج جھیلنا پڑیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہبازشریف وزیر خزانہ اسد عمر کے وزارت چھوڑنے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا پہلے دن کہا تھا پاکستان کی معیشت انا،ضد اور تکبر کی زد میں ہے ، عمران نیازی صاحب ضد، انااورتکبر کو چھوڑ کر معیشت کو ترجیح دیں۔

    شہبازشریف کا کہنا تھا پہلے دن میثاق معیشت کی پرخلوص پیشکش کی تھی، وقت ضائع نہ کیا جاتاتو موجودہ معاشی تباہی کا سامنا نہ کرنا پڑتا ، وقت ضائع کیا گیا تو معاشی اقتصادی لحاظ سے نتائج جھیلنا پڑیں گے۔

    یاد رہے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزارت چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہ وزیر اعظم کی خواہش ہے کہ میں وزرارت خزانہ چھوڑ کر توانائی کی وزارت لے لوں، میں نے وزیر اعظم کو اعتماد میں لیا کہ میں کابینہ کا مزید حصہ نہیں رہوں گا۔

    مزید پڑھیں : وزیر خزانہ اسد عمر کا وزارت چھوڑنے کا اعلان

    اسد عمر نے کہا کہ کابینہ سے علیحدگی پر وزیراعظم کی تائید حاصل کرلی، میرا یقین ہے کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کیلئے امید ہیں انشاءاﷲ ہم نیا پاکستان بنائیں گے-

    خیال رہے تین روز قبل اے آروائی نیوز نے خبر دی تھی کہ وزیراعظم عمران خان نے کارکردگی کی بنیاد پرپانچ وزراء کےقلمدان تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا، جس میں وزیرخزانہ اسدعمر، وزیرمملکت برائےداخلہ اورپٹرولیم کےوزراء کے قلمدان تبدیل کیے جائیں گے۔

    خبر میں کہا گیا تھا کہ اسد عمرکو وزارت پیٹرولیم دینے اورشہر یارآفریدی کی جگہ اعجاز شاہ کو ذمہ داریاں دینے کا فیصلہ کیاگیا، جبکہ وزارت خزانہ کے لیے ٹیکنو کریٹ مشیر تعینات کیے جانے کا امکان ہے۔

    بعد ازاں وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹویٹ کرتے ہوئے اس وقت اس خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی وزیرکوتبدیل نہیں کیاجا رہا، وزیراعظم نے پیغام بھیجا کہ میڈیاپرغلط خبریں چل رہی ہیں، اس طرح کی خبریں تصدیق کے بغیر نہیں چلنی چاہئیں، غلط خبروں سے ملک اور میڈیا کا بھی نقصان ہوگا۔