Tag: اسد عمر

  • سائفر کیس میں اسد عمر کو بڑا ریلیف مل گیا

    سائفر کیس میں اسد عمر کو بڑا ریلیف مل گیا

    اسلام آباد : آفیشل سیکرٹ ایکٹ کےتحت قائم خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کی ضمانت منظور کرلی اور 50 ہزار روپے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت میں سائفر کیس میں اسد عمر کی عبوری ضمانت کی درخواست پرسماعت ہوئی۔

    اسپیشل پراسیکیوٹرشاہ خاور عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ ابھی تک اسد عمر کےخلاف کوئی ثبوت نہیں ،فی الحال اسد عمر کی گرفتاری کی ضرورت نہیں ، جس پر جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کہا کہ میں پھر بھی بحث سنوں گا۔

    ایف آئی اے پراسیکیوٹر نےاسد عمر کی گرفتاری کی ضرورت نہیں کا بیان دیتے ہوئے کہا ابھی اسد عمر کیخلاف کوئی ناقابل تردید شواہد نہیں۔

    ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ میرابیان آپ لکھ لیں اور پھر آرڈر لکھوادیں ، جس پر بابر اعوان نے شاہ خاور سے مکالمے میں کہا کہ عدالت کو اپنا کام کرنے دیں آپ بحث نہ کریں۔

    آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نےایف آئی اے پراسیکیوٹرکےبیان کی روشنی میں اسد عمر کی ضمانت منظور کرلی، اسدعمر کی ضمانت 50 ہزار روپے مچلکوں کے عوض کنفرم کردی گئی۔

    جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہا کہ ایف آئی اے کےمطابق اسدعمرکی گرفتاری مطلوب نہیں کیونکہ ان کیخلاف ثبوت نہیں، اسد عمر نے شامل تفتیش ہونےکااظہارکیالیکن پراسیکیوشن نےشامل تفتیش نہیں کیا، اگراسدعمرکی گرفتاری مطلوب ہوئی توایف آئی اے پہلے اسدعمر کو آگاہ کرےگی۔

    جج نے فیصلے میں کہا کہ مجھےکوئی پریشانی نہیں، نہ کمپرومائز کروں گا، جس کا جو حق ہے میں اسے دوں گا۔

  • اسد عمر کو 5 مقدمات سے ڈسچارج کر دیا گیا

    اسد عمر کو 5 مقدمات سے ڈسچارج کر دیا گیا

    لاہور : انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اسد عمرکو 5 مقدمات سے ڈسچارج کر دیا، اسدعمر پر تمام مقدمات میں 9 مئی کو توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرآئی کا الزام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کو 5 مقدمات سےڈسچارج کر دیا، تفتیشی افسر نے کہا کہ اسد عمر مقدمات میں مطلوب نہیں۔

    اسد عمر کیخلاف تھانہ سرور روڈ میں 3، ریس کورس میں ایک اور تھانہ گلبرگ میں ایک مقدمہ درج ہے، ان پر تمام مقدمات میں 9 مئی کو توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرآئی کا الزام ہے۔

    دوسری جانب انسداددھشت گردی عدالت میں عسکری ٹاورحملہ اور تھانہ شادمان نذر آتش اور دیگر مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما اسد عمرکی ضمانت کی درخواستوں پرسماعت ہوئی۔

    اسد عمر 6مقدمات میں عبوری ضمانت کیلئے پیش ہوئے، تفتیشی افسر شادمان نے کہا کہ اسدعمر شامل تفتیش نہیں ہوئے، جس پر عدالت نے حکم دیا کہ ان کا ابھی بیان قلمبندکرائیں۔

    تفتیشی افسر نے بتایا کہ اسد عمر نے ضمانتی مچلکے بھی جمع نہیں کرائے، جس پر عدالت نے ہدایت کی کہ آج 12 بجے تک ضمانتی مچلکے جمع کرائیں ورنہ ضمانت خارج ہو جائے گی۔

  • سائفر کیس : عدالت نے ایف آئی اے کو اسد عمر کی گرفتاری سے روک دیا

    سائفر کیس : عدالت نے ایف آئی اے کو اسد عمر کی گرفتاری سے روک دیا

    اسلام آباد : سائفر کیس میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ایف آئی اے کو اسد عمر کی گرفتاری سے روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت میں تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے سائفرکیس میں درخواست ضمانت از گرفتاری دائر کردی۔

    وکلا بابر اعوان اور سردار مصروف کے ذریعے درخواست ضمانت دائر کی گئی، ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سماعت کی۔

    درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ اسدعمر کے خلاف سائفرکیس سیاسی بنیادوں پر بنایاگیا،سائفرکیس اسدعمر کے خلاف بےبنیاد ہے، مقدمے میں دفعات غلط ہیں، اسدعمر شامل تفتیش ہونے کو تیار ہیں، درخواست ضمانت منظور کی جائے۔

    آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت نے اسدعمر کی 29 اگست تک عبوری ضمانت منظور کرلی اور ایف آئی اے کو اسد عمر کی گرفتاری سے روک دیا۔

    عدالت نے اسد عمر کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

  • سائفر کیس میں میری گرفتاری کی خبریں درست نہیں، اسد عمر

    سائفر کیس میں میری گرفتاری کی خبریں درست نہیں، اسد عمر

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے سائفرکیس میں گرفتاری کی تردید کرتے ہوئے کہا خبریں درست نہیں، 2بار شامل تفتیش ہوچکا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر اپنے وکیل بابر اعوان کے ہمراہ سنگجانی کےمقدمے میں انسداددہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے۔

    تھانہ سنگجانی میں درج مقدمے میں عدالت نے بارہ اکتوبر تک ضمانت میں توسیع کردی۔

    عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سائفر کیس میں میری گرفتاری کی خبریں درست نہیں، سائفر کیس میں 2بار شامل تفتیش ہوچکا اور ضمانت قبل ازگرفتاری دائر کردی ہے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ جج نے اٹک جیل کادورہ کیا اور سنجیدہ الزامات پرمبنی رپورٹ تیارکی گئی۔

    یاد رہے دو روز قبل یہ خبر آئی تھی کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر کو سائفر کیس مین اسلام آباد سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔

  • پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کو گرفتار کر لیا گیا

    پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کو گرفتار کر لیا گیا

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر کو اسلام آباد سے گرفتار کرلیا گیا۔

    ذرائع ایف آئی اے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما (پی ٹی آئی) اسد عمرکو سائفر کیس میں اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بھی اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا جبکہ توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین پہلے ہی گرفتار ہیں۔

  • شاہ محمود قریشی اور اسد عمر 9 مئی کے کیسز میں شامل تفتیش ، بیان ریکارڈ کرا دیا

    شاہ محمود قریشی اور اسد عمر 9 مئی کے کیسز میں شامل تفتیش ، بیان ریکارڈ کرا دیا

    لاہور : تحریک انصاف کے رہنماؤں شاہ محمود قریشی اور اسد عمر نو مئی کے کیسز میں شامل تفتیش ہوگئے اور ڈی آئی جی کو بیان ریکارڈ کرادیا۔

    تفصیلات کے مطابق 9مئی واقعات کے مقدمات کی تفتیش کے لئے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی اور اسد عمر جے آئی ٹی میں پیش ہوگئے، دونوں رہنماؤں نے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو بیان ریکارڈ کرایا۔

    پولیس نے کہا کہ 9مئی کے حوالے سے شاہ محمود اور اسد عمر سے سوالات کیے گئے، دونوں رہنماؤں کے سامنے9مئی کے واقعات کےڈیجیٹل ،فرانزک شواہد رکھے گئے، دونوں رہنماؤں نے سوالات کے جوابات ریکارڈ کرائے۔

    شاہ محمود قریشی نے بیان میں کہا کہ سربراہ جے آئی ٹی نے کچھ سوالات کیے اور پوچھا کہ آپ کا کردار کیا رہا، ہمارا کوئی کردار تھا نہ ہی ہم ملوث ہیں، تفتیش کے سوالات اور نکات کو میڈیا پرلانا مناسب نہیں۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ پولیس نے نو مئی کے حوالے سے پوچھا جتنی معلومات تھی ہم نے بتادی۔

  • چیئرمین پی ٹی آئی چاہیں تو مائنس ون ہوسکتا ہے، اسد عمر

    چیئرمین پی ٹی آئی چاہیں تو مائنس ون ہوسکتا ہے، اسد عمر

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے سابق سیکریٹری جنرل اسد عمر کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی چاہیں تو مائنس ون ہوسکتا ہے، انھیں اپنی پوزیشن چھوڑنے کیلئے تیار ہونا چاہیئے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سابق سیکریٹری جنرل اسد عمر نے اے آر وائی کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی چیئرمین کی ٹکراؤکی حکمت عملی سےاتفاق نہیں تھا، اسی وجہ سے انھوں نے پارٹی عہدے سے استعفی دیا۔

    اسد عمر نے بتایا کہ اختلاف 9 مئی کے واقعات سے پہلےشروع ہوا، قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے 80 فیصد ارکان استعفوں کے خلاف تھے جبکہ پنجاب اورخیبرپختونخوا میں 99 فیصد ایم پی اے اسمبلیوں کی تحلیل کے خلاف تھے۔

    سابق سیکریٹری جنرل نے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا اس وقت ملک جس نہج پر پہنچا ہوا ہے سب کو دو قدم پیچھے ہٹنا پڑے گا، جن جماعتوں کو سوا دو کروڑ پاکستانیوں نے ووٹ دیا ہو، یہ نہیں کہہ سکتے کہ ان سے بات نہیں کریں گے، ایک کے سوا سب کا اتفاق تھا کہ حکومت سے الیکشن کی تاریخ پر معاہدہ کرلینا چاہیے تھا۔

    اسد عمر نے پاکستان تحریکِ انصاف کو موجودہ صورتحال سے نکالنے کا راستہ بتاتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی چاہیں تو مائنس ون ہوسکتا ہے، خان صاحب کو اپنی پوزیشن چھوڑنے کیلئے تیار ہونا چاہیئے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں بٹھا کر ان کی رضامندی سے کوئی نہ کوئی طریقہ نکالنا چاہیے، جو پاکستان کے لیے بہتر ہو، وہی طریقہ ہوگا جو یہاں سے باہرنکالے گا۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وہ لیڈر ہیں، جواسٹریٹجی اختیارکرنا چاہیں کریں، میں اتفاق نہیں کرتا، بطور سیکرٹری جنرل اسٹریٹجی پر کیسےعمل کراتا جس پریقین نہیں رکھتا تھا۔

    پارٹی چھوڑنے والوں کے حوالے سے اسدعمر کا کہنا تھا کہ لوگ پارٹی چھوڑنا نہیں چاہتے لیکن مستقبل نظرآرہا ہے، سب کی کوشش ہے کسی طریقے سے فوج اورپی ٹی آئی کے تعلقات بہترہوں، تعلقات ٹھیک نہ ہوئے تو آگے سیاسی طور پر شاید راستے بند ہوں۔

  • کیا  جہانگیر ترین نے آپ سے کوئی رابطہ کیا؟  اسد عمر نے صحافی کو کیا جواب دیا

    کیا جہانگیر ترین نے آپ سے کوئی رابطہ کیا؟ اسد عمر نے صحافی کو کیا جواب دیا

    اسلام آباد : پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے صحافی کے سوال پر جہانگیرترین سے رابطے کی تردید کرتے ہوئے کہا فواد چودھری رابطے میں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالت پیشی پر رہنما پی ٹی آئی اسد عمر پر صحافیوں کے سوالات کی بوچھاڑ کردی۔

    صحافیوں نے سوال کیا جہانگیر ترین نے آپ سے کوئی رابطہ کیا؟ جس پر اسد عمر نے جواب دیا کہ جہانگیر ترین نے کوئی رابطہ نہیں کیا لیکن فواد چودھری رابطے میں ہیں۔

    صحافی نے سوال کیا کہ کوئی دباؤہے؟ تو رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ یہی دباؤ ہے کہ ہر روز کسی نہ کسی عدالت میں پیش ہورہا ہوں۔

    صحافی نے اسد عمر سے سوال کیا فیصل واوڈا کس کے لیے کام کررہےہیں؟ تو ان کا کہنا تھا کہ فیصل سے پوچھیں وہی بتائے گا۔

  • خان صاحب سے ملنے جا رہے ہیں؟ صحافی  کے سوال پر اسد عمر نے کیا جواب دیا

    خان صاحب سے ملنے جا رہے ہیں؟ صحافی کے سوال پر اسد عمر نے کیا جواب دیا

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے عمران خان سے ملنے کے سوال پر جواب دیا کہ پہلے اپنے کیس تو بھگت لوں، فی الحال انسداد دہشت گردی کی عدالت جا رہا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر پیشی کے لئے انسداد دہشت گردی کی عدالت پہنچے ، اس موقع پر صحافیوں نے سوالات کی بوچھاڑ کردی۔

    صحافیوں نے سوال کیا کہ کیا پی ٹی آئی کے عہدے چھوڑنے کا کوئی افسوس ہے، کیا خان صاحب سے ملنے جارہے ہیں، جس پر اسد عمر نے کہا کہ فی الحال انسداد دہشت گردی کی عدالت جا رہا ہوں، پہلے اپنے کیس تو بھگت لوں۔

    صحافی نے پوچھا مشکل وقت میں خان کے ساتھ کیوں نہیں کھڑے تو اسد عمر کا کہنا تھا کہ آپ ہی فیصلہ کرلیں مجھ سے کیوں پوچھ رہے ہیں۔

    صحافی نے سوال کیا پی ٹی آئی کا مستقبل کیا دیکھ رہے ہیں؟ لیکن اسدعمر یہ سوال بھی گول کرگئے اور کہا آپ بتائیں آپ صحافی ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ ہفتے پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے پی ٹی آئی کے عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں ان حالات میں پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اور قیادت کی ذمہ داری نہیں نبھا سکتا۔

    اسد عمر کا کہنا تھا مجھ پر کوئی دباؤ نہیں تھا سیکریٹری جنرل کا عہدہ اور کور کمیٹی کی رکنیت چھوڑنے کا اعلان کیا ہے پارٹی چھوڑنے کی بات نہیں کی۔

  • اسد عمر کی  راہداری ضمانت کیلئے درخواست دائر

    اسد عمر کی راہداری ضمانت کیلئے درخواست دائر

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں راہداری ضمانت کیلئےدرخواست دائر کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں راہداری ضمانت کیلئےدرخواست دائر کر دی۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار تعلیم یافتہ اور با عزت شہری ہیں،الزامات بے بنیاد ہیں، اسد عمر کانام بلا وجہ سیاسی مفاد کے لیے ایف آئی آر میں شامل کیاگیا۔

    دائر درخواست میں کہا گیا کہ اسد عمر متعلقہ عدالت پیش ہونا چاہتے ہیں ،آئینی طور پر ضمانت کے حقدار ہیں ،وہ ایف آئی آر میں درج کسی بھی معاملےمیں ملوث نہیں ہیں۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت دو ہفتوں کی راہداری ضمانت منظور کرے، اسد عمر کیخلاف لاہور تھانہ گلبرگ میں دہشتگردی کامقدمہ درج ہے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے اسد عمر کی راہداری ضمانت کی درخواست پر بینچ تشکیل دے دیا اور اسد عمر کی درخواست ڈویژن بنچ 2 میں سماعت کے لئے مقرر کر دی۔