Tag: اسد عمر

  • خواہش ہے اسد عمر دوبارہ کابینہ میں آئیں: وزیر اعظم

    خواہش ہے اسد عمر دوبارہ کابینہ میں آئیں: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کے اجلاس میں سابق وزیرِ خزانہ اسد عمر کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اچھے آدمی ہیں، ہماری خواہش ہے وہ دوبارہ کابینہ میں آئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسد عمر دوبارہ کابینہ میں آنا چاہیں تو ہم خوش آمدید کہیں گے۔

    وزیر اعظم نے کابینہ میں رد و بدل کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر پارٹی رہنماؤں کو اعتماد میں لیتے ہوئے اسد عمر کو اچھے الفاظ میں یاد کیا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے کہا ’اسد عمر کو دوبارہ کابینہ میں آنے کے لیے کہیں گے، اسد عمر واپس آئیں تو کابینہ کو فائدہ ہوگا۔‘

    یہ بھی پڑھیں:  حکومتی ٹیم میں اہلیت ہی نہیں، پیپلز پارٹی کے مسترد شخص کو لگایا گیا: بلاول بھٹو

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت میں کوئی مستقل طور پر نہیں آیا، عوام اور ملک کی خدمت کرنے والا رہے گا، باقی گھر جائیں گے، وفاق کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتوں کی کارکردگی پر بھی نظر ہے، روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی مانیٹر ہو رہی ہے۔

    ذرایع کے مطابق عمران خان نے رہنماؤں سے کہا کہ وہ عوام کے لیے دل میں رحم پیدا کریں، حکومت میں آنے کا مقصد عوامی فلاح کے منشور پر عمل درآمد ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، ایک بار معیشت مستحکم ہوئی تو آسانی سے ٹیک آف کر جائیں گے۔

    انھوں نے پارٹی ترجمانوں کو حکومتی مؤقف جارحانہ انداز میں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا ٹاک شوز میں مکمل معلومات اور تیاری کے ساتھ جائیں اور اپوزیشن کے پراپیگنڈے کے بر عکس عوام کو اصل حقائق سے آگاہ رکھیں۔

  • اسد عمر کے بغیر  وفاقی کابینہ نامکمل ہوگی: زلفی بخاری

    اسد عمر کے بغیر  وفاقی کابینہ نامکمل ہوگی: زلفی بخاری

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا ہے کہ اسد عمرکے بغیر  وفاقی کابینہ نامکمل ہوگئی.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ اسد عمر تحریک انصاف اورعمران خان کا چہرہ ہیں، انھیں پٹرولیم کی وزارت کی پیش کش کی گئی ہے.

    وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ عمران خان کا جب دل چائے، وہ اپنی ٹیم تبدیل کرسکتے ہیں، یہ ان کا استحقاق ہے.

    زلفی بخاری نے کہا کہ عمران خان نے کل وزیراعلیٰ کے پی اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو اپنی ٹیم پرنظر رکھنے کی ہدایت کی ہے.

    مزید پڑھیں: زلفی بخاری سے رومانیہ کے سفیر کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

    یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے آج ہونے والے اجلاس میں شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ اسدعمر کی تعریف اور انھیں اچھے الفاظ میں یاد کیا.

    وزیراعظم نے کہا کہ اسد عمراچھے آدمی ہیں، ہماری خواہش ہے کہ وہ دوبارہ کابینہ میں آئیں، اسد عمر دوبارہ کابینہ میں آناچاہیں توہم خوش آمدید کہیں گے.

  • اسد عمر قیمتی انسان ہیں، منانے جاؤں گا، شیخ رشید کا اعلان

    اسد عمر قیمتی انسان ہیں، منانے جاؤں گا، شیخ رشید کا اعلان

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اسد عمر بہت قیمتی انسان ہیں انہیں منانے کے لیے جاؤں گا، وزیر اعلیٰ پنجاب اور خیبرپختونخواہ کو تبدیل نہیں کیا جارہا۔

    عمران خان کی زبرصدارت اجلاس ختم ہونے کے بعد بنی گالہ کے باہر  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ اسدعمربہت قیمتی انسان ہیں، اُن کو مشورہ ہے کہ کابینہ کا حصہ رہیں۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ جو بھی ناراضی ہوئی میں خود اسد عمر کو منانے کے لیے جاؤں گا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اسد عمر تحریک انصاف کا حصہ تھے اور رہیں گے، معیشت کو خطرہ چوروں اور لٹیروں سے تھا، عمران خان نے ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے اہم فیصلے کیے اور مستقبل میں بھی کریں گے۔ وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کل کوئٹہ ہاؤسنگ اسکیم کا افتتاح کرنے جارہے ہیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’وزیراعلیٰ پنجاب اورخیبرپختونخواتبدیل نہیں ہورہے کیونکہ اُن کی کارکردگی بہتر ہے‘۔ وفاقی وزیر صحت کی تبدیلی پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عامر کیانی کو ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر نکالا گیا۔

    مزید پڑھیں: اسد عمر ذمہ داریوں سے سبکدوشی کے بعد واپس کراچی پہنچ گئے

    یاد رہے کہ عمران خان نے گزشتہ روز پارٹی رہنماؤں کا اجلاس طلب کیا تھا جس میں موجودہ صورتحال کے ساتھ اپوزیشن سے نمٹنے پر بھی غور کیا جانا تھا، کپتان کی ہدایت پر بلایا جانے والا اجلاس چیئرمین سیکریٹریٹ بنی گالہ میں ہوا۔ جس میں وزیر اعظم کی جانب سے کابینہ میں حالیہ تبدیلیوں پر ارکان کو بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس میں شیخ رشید، عمر ایوب، مراد سعید، عثمان ڈار، افتخار درانی، ندیم افضل چن، خسرو بختیار، حماد اظہر، مرزا شہزاد اکبر، فیصل جاوید، عمر چیمہ، فیصل واوڈا اور فردوس عاشق اعوان شرکت کی۔

  • اسد عمر ذمہ داریوں سے سبکدوشی کے بعد واپس کراچی پہنچ گئے

    اسد عمر ذمہ داریوں سے سبکدوشی کے بعد واپس کراچی پہنچ گئے

    اسلام آباد : سابق وزیرخزانہ اسد عمر اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد واپس کراچی پہنچ گئے، کراچی ایئر پورٹ پر پارٹی کارکنان نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیرخزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ وزارت خزانہ چھوڑنے پر پریشانی نہیں ہے، پرسکون ہوں، پارٹی کے لئے میری خدمات پہلے کی جاری رہیں گی۔

    یہ بات انہوں نے کراچی روانگی سے قبل اسلام آباد ایئر پورٹ پر کارکنان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی، اسد عمر نے کہا کہ میں نے اسلام آباد سے تعلق نہیں توڑا، بطور ایم این اے آنا جانا لگا رہے گا، ضرورت پڑنے پر یہاں آتا رہوں گا کیونکہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے لئے تو آنا پڑے گا، باقی وقت کراچی میں رہوں گا۔

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے وزرا اور رہنماؤں نے کابینہ سے مستعفی ہونے والے اسد عمر کو واپس وفاقی کابینہ میں دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

    اس سلسلے میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر برائے بحری امور علی حیدر زیدی اور وزیراعظم کے مشیر زلفی بخاری نے اسد عمر کے حق میں پیغامات بھیجے ہیں۔

    علی زیدی نے کہا کہ اسد عمر قابل ترین شخصیات میں سے ایک ہیں،یہ ہمارے کے بہت ضروری ہے کہ اسد عمر اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں اور جتنا جلدی ہوسکے کسی نہ کسی وزارت کے ساتھ کابینہ کا حصہ بن جائیں۔

    اس کے علاوہ زلفی بخاری نے اسد عمر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں پاکستان اور تحریک انصاف کے لیے پرخلوص امید رکھتا ہوں آپ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں گے اور کابینہ کا حصہ رہیں گے۔

  • وزراء کے استعفیٰ منظور، تقرری کا نوٹی فکیشن جاری

    وزراء کے استعفیٰ منظور، تقرری کا نوٹی فکیشن جاری

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسد عمر اور عامر کیانی کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے نئے وزرا اور مشیران کی تقرری کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسد عمر اور عامر کیانی نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کیا جس کو منظور کرکے اُس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا جبکہ اس کی کاپی متعلقہ اداروں کو بھی ارسال کردی گئی۔

    صدر عارف علوی نےاعظم سواتی کی بطوروفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور تقرری کی منظوری دیتے ہوئے نوٹی فکیشن جاری کردیا جبکہ صدرمملکت نےعبدالحفیظ شیخ کی بطور مشیرخزانہ تقرری کی منظوری دیتے ہوئے نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

    مزید پڑھیں: اسدعمر کے بعد غلام سرورخان کا بھی متبادل وزارت لینے سے انکار

    عبد الحفیظ شیخ کی بطور مشیر خزانہ تقرری کی گئی جبکہ انہیں وفاقی وزیر کا درجہ دیا گیا، مشیر خزانہ فوری اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔ دوسری جانب کابینہ ڈویژن نے استعفیٰ منظورہونے پرنوٹیفکیشن جاری کردیا۔

    قبل ازیں اعجاز بریگیڈئیر ریٹائرڈ اعجاز شاہ نے گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دی جانے والی وزارتِ داخلہ کا عہدہ سنبھال لیا۔  وزیرداخلہ اعجاز شاہ وزارت داخلہ کے دفتر پہنچے تو سیکریٹری اعظم سلیمان نےاستقبال کیا،جس کے بعد انھوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

    یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیرداخلہ اعجاز احمد شاہ نےعہدے کا چارج سنبھال لیا

    یاد رہے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی وفاقہ کابینہ بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے وزارت داخلہ کا قلمدان اعجاز شاہ کو سونپا تھا جبکہ اسد عمر کی جگہ ڈاکٹر حفیظ شیخ مشیر خزانہ بنا دیا تھا۔

  • امریکی اداکار کی اسد عمر کی جگہ وزیرخزانہ بننے کی خواہش

    امریکی اداکار کی اسد عمر کی جگہ وزیرخزانہ بننے کی خواہش

    نیویارک : امریکی اداکار جیریمی نے اسد عمر کی جگہ وزیر خزانہ بننے کی خواہش کا اظہار کردیا ، اسد عمر نے وزارت خزانہ کے قلمدان سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا، سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے جیریمی وزیر خزانہ تو نہیں وزیر مذاق بن سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی اداکار جیریمی میک لیلن نے اسد عمرکی جانب سے وزارت خزانہ کے قلمدان سے مستعفی ہونے کے بعد خود یہ قلمدان سنبھالنے کی خواہش کا اظہارکردیا۔

    وفاقی وزیر خزانہ اسد عمرکی جانب سے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کی خبرنے سیاسی حلقوں سمیت پاکستانی عوام کو بھی ششدر کردیا تھا، جب کہ وزیر خزانہ کے مستعفی ہونے کی خبر جہاں پاکستانی میڈیا پر زیرگردش رہی وہیں بین الاقوامی میڈیا کی توجہ حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہی۔

    یہاں تک کہ اسد عمر کا نام ٹوئٹرپربھی ٹاپ ٹرینڈ میں رہا، ٹوئٹر پر جہاں لوگوں نے اسد عمر کے استعفی سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کیا وہیں نامور امریکی اسٹینڈ اپ کامیڈین اور اداکار جیریمی میک لیلن نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا پاکستان کی وزارت خزانہ کا قلمدان سنبھالنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

    جیریمی کا کہنا تھا  سن کر افسوس ہوا کہ اسد عمر نے وزیر خزانہ کے قلمدان سے سبکدوش ہونے کا فیصلہ کرتے ہوئے استعفیٰ دے دیا لیکن میں ان کی جگہ یہ عہدہ سنبھالنے کی جیریمی پوری کوشش کروں گا۔

    وزیرخزانہ تو نہیں وزیر مذاق بن سکتے ہیں،سوشل میڈیا صارفین کا ردعمل


    تاہم سوشل میڈیا صارفین نے ان کے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا آپ وزیرخزانہ تو نہیں وزیر مذاق بن سکتے ہیں، اور اس کے لیے ایک نئی وزارت متعارف کرانی پڑے گی۔

    یاد رہے گذشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزارت چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا وزیر اعظم کی خواہش ہے کہ میں وزرارت خزانہ چھوڑ کر توانائی کی وزارت لے لوں، میں نے وزیر اعظم کو اعتماد میں لیا کہ میں کابینہ کا مزید حصہ نہیں رہوں گا۔

  • اگر میرے جانے سے معیشت بہتر ہوتی ہے تو یہ بہترین فیصلہ ہے: استعفے کے بعد اسد عمر کا پہلا انٹرویو

    اگر میرے جانے سے معیشت بہتر ہوتی ہے تو یہ بہترین فیصلہ ہے: استعفے کے بعد اسد عمر کا پہلا انٹرویو

    اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ان کے وزارت چھوڑنے سے ملک کی معیشت بہتر ہوتی ہے تو پھر یہ بہترین فیصلہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق استعفے کے فوراً بعد اسد عمر نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں پہلا انٹرویو دیتے ہوئے کہا ’میرے وزارت چھوڑنے سے معیشت بہتر ہوتی ہے تو بہترین فیصلہ ہے، وقت بتائے گا کہ اس فیصلے سے معیشت بہتر ہوئی یا نہیں۔‘

    انٹرویو کے دوران اس سوال پر کہ کیا آپ کو کارکردگی کی وجہ سے ہٹایا گیا، اسد عمر نے جواب دیا کہ ’اور کیا ہو سکتا ہے۔‘

    [bs-quote quote=”سوال: کیا آپ کو کارکردگی کی وجہ سے ہٹایا گیا؟
    جواب: تو اور کیا ہو سکتا ہے۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

    اسد عمر نے کہا کہ استعفے کے سلسلے میں وزیر اعظم سے ان کی بات چیت رات کو شروع ہوئی تھی تاہم ملاقات صبح ہوئی، وزارت سے ہٹائے جانے کی باتیں پہلے سے تھیں مگر حتمی طور پر کل رات پتا چلا، وزیر اعظم سے ابتدائی بات چیت واٹس ایپ پر ہوئی تھی۔

    انھوں نے کہا کہ پچھلے 8 ماہ سے جتنا کام کیا ہے اس سے بہت تھکاوٹ محسوس کر رہا تھا، وزارت خزانہ مشکل کام ہے روزانہ کی ورزش کا بھی وقت نہیں ملتا تھا، مجھے 2 بار پارٹی کا سیکریٹری جنرل بننے کا کہا گیا لیکن میں نے منع کر دیا، جب عمران خان سے استعفے کی بات سنی تو اپنا اسٹریس لیول نیچے آتا دکھائی دیا۔

    اسد عمر کا کہنا تھا ’میں نہ تو مایوس ہوں نہ ہی غصے میں، استعفے کی خبر خود دینا چاہتا تھا، عمران خان سے بھی کہا، لیڈر شپ میں پسند نا پسند پر فیصلے نہیں ہوتے، عثمان بزدار اور میرا موازنہ نہیں کیا جا سکتا، وہ وزیر اعلیٰ پنجاب ہیں، وزیر اعظم نے دو سے تین نام بتائے تھے کہ یہ تبدیلی کر رہے ہیں، حفیظ شیخ کے ساتھ بہت کام کیا ہے نفیس انسان ہیں، بہ طور وزیر خزانہ کبھی یہ احساس نہیں ہوا کہ ہم یہ کیا کر رہے ہیں۔‘

    [bs-quote quote=”عثمان بزدار اور میرا موازنہ نہیں کیا جا سکتا، وہ وزیر اعلیٰ پنجاب ہیں۔” style=”style-8″ align=”right”][/bs-quote]

    ایک سوال کے جواب میں سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ ہو سکتا ہے آئی ایم ایف جانا میری وزارت چھوڑنے کی وجہ بنی ہو، امریکی سیکریٹری آئی ایم ایف کو تنبیہہ کر رہا تھا کہ پیسا چین کا قرض ادا کرنے کے لیے استعمال نہ ہو، آئی ایم ایف کے ساتھ نومبر اور آج کے معاہدے میں واضح فرق ہے، آج کا معاہدہ عوام اور پاکستان کے لیے بہتر ثابت ہوگا۔

    سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ 2 سال بعد عمران خان نے دوبارہ بلایا تو صورت حال دیکھیں گے، انکار کسی چیز سے نہیں مگر اپنے پروفیشنل ازم سے ہٹ کر کام کرنے کو تیار نہیں، ہوسکتا ہے کہ نئے وزیر خزانہ کے کہنے پر ایک نئی معاشی ٹیم آئے، اگر یہ کہا جائے کہ میری پوری ٹیم میں سب قابل تھے تو ایسا نہیں تھا۔

    انھوں نے کہا ہم نے جو کام کیے کچھ اچھے ہوئے کچھ کے نتائج نہیں ملے، پارٹی میں اگر کسی نے اختلاف کیا تو میں نے کبھی مڑ کر بھی نہیں پوچھا، آئی ایم ایف کہتا تھا پاکستانی معیشت کے اتنے خطرناک حالات پہلے نہیں تھے، ہماری حکومت آنے کے بعد معیشت میں واضح اہداف کے اندر بہتری نظر آئی۔

    [bs-quote quote=”ہو سکتا ہے آئی ایم ایف جانا میری وزارت چھوڑنے کی وجہ بنی ہو، امریکی سیکریٹری آئی ایم ایف کو تنبیہہ کر رہا تھا کہ پیسا چین کا قرض ادا کرنے کے لیے استعمال نہ ہو۔” style=”style-8″ align=”center”][/bs-quote]

    اسد عمر نے کہا ’عمران خان نے مجھ سے کہا آپ سے فیصلوں میں مشورہ کرتا ہوں، میں نے جواب دیا اب بھی مشورہ لے سکتے ہیں کس نے منع کیا، میرا کابینہ میں ہونا بالکل بھی ضروری نہیں ہے، میں نہیں بتا سکتا کہ حکومت میں میرا کردار کتنا فعال ہوگا، میں اب بھی پارٹی اور حکومت کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہوں، وزارت خزانہ چھوڑی ہے مگر سیاست چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں۔‘

    انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے 8 ماہ پورے ہو رہے ہیں، معیشت سے متعلق بلاول بھٹو کا بیان سیاسی ہے، ن لیگ اور پی پی کے پہلے 8 ماہ سے ہمارے 8 ماہ بہت بہتر ہیں، زیادہ تراعداد و شمار کے مطابق ہم نے بہتر کارکردگی دکھائی۔

    ایمنسٹی اسکیم کی مخالفت سے متعلق سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ اسمبلی میں یہ نہیں کہا تھا کہ ایمنسٹی اسکیم نہ دیں بلکہ تجاویز دی تھیں، ایمنسٹی اسکیم کے ذریعے لوگوں کو سسٹم میں لانا چاہتے تھے، ایسی اسکیم سے اخلاقی نقصان ہی ہونا تھا جس کے بعد بھی لوگ ٹیکس نیٹ سے باہر رہتے۔

    اسد عمر نے کہا کہ اس وقت حکومت پر اپوزیشن کا دباؤ کم اپنی توقعات کا دباؤ زیادہ ہے، پی ٹی آئی حکومت انشاء اللہ 5 سال پورے کرے گی، 5 سے 6 لوگ ایسے ہیں جو پکا حکومت کے 5 سال تک رہیں گے، سب کو تکلیف ہے کہ میں کسی کیمپ میں کیوں نہیں ہوں، میرا صرف ایک ہی کیمپ ہے اور وہ عمران خان کیمپ ہے۔

  • اسد عمر کو معیشت جس حالت میں ملی وہ پوشیدہ نہیں، شاہ محمود قریشی

    اسد عمر کو معیشت جس حالت میں ملی وہ پوشیدہ نہیں، شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اسد عمر ہماری ٹیم کا نمایاں چہرہ ہیں، اسد عمر کو معیشت جس حالت میں ملی وہ پوشیدہ نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمر کی جانب سے وزارت چھوڑنے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اسد عمر کی خدمات کا اعتراف کرتا ہوں، آج وہ اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئے، اسد عمر نے بطور وزیر خزانہ دیانت داری سے کام کیا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کون کس وزارت میں کام کرے گا اس کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ پہلے بھی کہا تھا حکومت معاشی مشکلات کا شکار ہے، پی ٹی آئی کی حکومت آئی تو تاریخی مالیاتی خسارہ ملا۔

    انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے بے دریغ قرض لیے جو نئی حدوں کو چھو رہے تھے، ماضی کی حکومت میں ڈالر کو عارضی سطح پر کھڑا کیا گیا، کوئی شک نہیں ڈالر اوپر جانے سے مہنگائی ہوئی ہے۔

    مزید پڑھیں: اسد عمرنے وزارت خزانہ چھوڑدی، کوئی نئی وزارت نہیں لیں گے

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 10 سال سے باتیں کی گئیں مگر اصلاحات نہ کی گئیں، ن لیگ حکومت جاتے جاتے 1280 ارب کا سرکلر ڈیٹ چھوڑ کر گئی۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ تحریک انصاف میں کوئی گروہ بندی نہیں ہے، ڈیموکریسی میں مختلف دوستوں کی مختلف رائے ہوتی ہے، جمہوریت کی خوبصورتی یہی ہے مختلف آرا سن کر فیصلہ کیا جاتا ہے، بہت سے معاملات ایسے ہوتے ہیں جن پر پارٹی میں ہی بحث ہونی چاہئے۔

    انہوں نے کہا کہ گروٹھ ریٹ بڑھنا چاہئے اس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں، گزشتہ 10 سال کی پالیسی سے گروتھ ریٹ کی حوصلہ شکنی ہوئی، دس سال سے معیشت گرتی رہی تو گروتھ ریٹ کیسے بڑھے گا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اتنا بگاڑ پیدا ہوگیا تھا کہ ہم وقتی مقبولیت کو نہیں دیکھ سکتے تھے، پاکستان کی خاطر کچھ مشکل فیصلے کیے اور کرنے پڑیں گے۔

  • اسد عمر کا استعفیٰ، مشاہد اللہ خان کی وزیر اعظم پر کڑی تنقید

    اسد عمر کا استعفیٰ، مشاہد اللہ خان کی وزیر اعظم پر کڑی تنقید

    لاہور: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما مشاہد اللہ خان نے اسد عمر کے استعفے پر وزیر اعظم عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے.

    تفصیلات کے مطابق ن لیگی رہنما نے وزیراعظم عمران خان کو آڑے ہاتھ لیتے ہوئے کہا حکومت فیل ہوچکی ہے.

    انھوں نے مزید کہا کہ اسد عمر پارٹی کے اہم ترین رہنما تھے، وہ کچھ نہیں کرسکے ،تو  باقی مانگے تانگے کے لوگ ہیں، ان سے امید نہیں کی جاسکتی.

    مشاہد اللہ خان نے کہا کہ ہر چیز آؤٹ آف کنٹرول ہوچکی ہے، وزیراور سیکریٹری خزانہ دونوں فلاپ ہو چکے ہیں.

    انھوں نے سیکرٹری خزانہ کے انتخاب پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس انتخاب کی وجہ سے وزارت کے ملازمین احتجا ج کر رہے ہیں، انھوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے کے بعد حالات مزید بگڑ جائیں گے۔

    خیال رہے کہ آج وفاقی وزیر  اسد عمر نے وزارت خزانہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، تحریک انصاف کے رہنما نے آج ایک ٹویٹ کیا، جس میں انھوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ اب کابینہ میں کوئی وزارت اپنے پاس نہیں رکھیں گے۔

    کیا اسد عمر کے بعد وزیر پیٹرولیم بھی استعفے کا اعلان کر دیں گے؟

    ٹویٹر پیغام میں انھوں نے کہا کہ کابینہ میں ردوبدل کے عمل میں وزیراعظم عمران خان چاہتے تھے کہ میں خزانہ کے بجائے توانائی کی وزارت سنبھالوں۔ تاہم میں نے ان سے درخواست کی ہے کہ مجھے کابینہ میں کوئی عہدہ نہ دیا جائے۔

    ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے سابق وزیر خزانہ کو طلب کر لیا ہے، ملاقات جلد متوقع ہے.

  • وزارت خزانہ کا قلم دان حفیظ شیخ کو دیے جانے کا امکان

    وزارت خزانہ کا قلم دان حفیظ شیخ کو دیے جانے کا امکان

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی وفاقی کابینہ میں ردو بدل سے متعلق مشاورت مکمل ہو گئی ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ کا قلم دان حفیظ شیخ کو دیے جانے کا امکان ہے۔

    وزیر اعظم آفس کے ذرایع کے مطابق وزیر اعظم کی وفاقی کابینہ میں رد و بدل سے متعلق مشاورت مکمل ہو گئی، 5 وزرا کے قلم دان تبدیل کیے جا رہے ہیں۔

    ذرایع نے بتایا کہ وزارتِ خزانہ کا قلم دان حفیظ شیخ کو دینے کا امکان ہے، جب کہ اعجاز شاہ کو وزارتِ داخلہ کا قلم دان دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

    ذرایع نے مزید بتایا کہ عمر ایوب توانائی کی وزارت پر برقرار رہیں گے، علی امین گنڈا پور کو وزارت سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ غلام سرور کو امور کشمیر کی وزارت دیے جانے کا امکان ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسد عمرنے وزارت خزانہ چھوڑدی، کوئی نئی وزارت نہیں لیں گے

    واضح رہے کہ آج 18 اپریل 2019 کو تحریک انصاف حکومت کی جانب سے مقرر کردہ وزیر خزانہ اسد عمر نے اپنا قلم دان چھوڑنے کا اعلان کیا، اپنے ٹویٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ کابینہ میں رد و بدل کے عمل میں وزیر اعظم عمران خان چاہتے تھے کہ میں خزانہ کی بہ جائے توانائی کی وزارت سنبھالوں، تاہم میں نے ان سے درخواست کی ہے کہ مجھے کابینہ میں کوئی عہدہ نہ دیا جائے۔

    یاد رہے تین دن قبل اے آر وائی نیوز نے خبر دی تھی کہ وزیر اعظم عمران خان نے کارکردگی کی بنیاد پر پانچ وزرا کے قلم دان تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔