Tag: اسد عمر

  • انسانی وسائل کی ترقی اورغربت کا خاتمہ حکومت کا منشور ہے‘ اسد عمر

    انسانی وسائل کی ترقی اورغربت کا خاتمہ حکومت کا منشور ہے‘ اسد عمر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ حکومت انسانی وسائل کی بہتری میں سرمایہ کاری کے لیے پُرعزم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں انسانی وسائل سے متعلق سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ اقتصادی ترقی کی رفتارتیز کرنے میں حائل رکاوٹیں دور کرنی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ انسانی وسائل کی ترقی اور غربت کا خاتمہ حکومت کا منشور ہے، سماجی تحفظ کے فروغ کے لیے صوبوں سے مل کر کام کررہے ہیں۔

    وزیرخزانہ نے کہا کہ انسانی وسائل، تعلیم، صحت میں سرمایہ کاری سب سے زیادہ منافع بخش ہے، حکومت انسانی وسائل کی بہتری میں سرمایہ کاری کے لیے پُرعزم ہے۔

    پاکستان کو کیپیٹل مارکیٹ میں اصلاحات لانی ہوں گی‘ اسد عمر

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پبلک پرائیوٹ شراکت داری کو بہتربنانا ہوگا، اب تک صرف پاور سیکٹر میں شراکت داری دیکھنے میں آئی ہے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ اسلامک بینکنگ میں مواقع بہتر کرنے کی ضرورت ہے، پاکستانی بینک ڈیپازٹ کو درست انداز میں بروئے کارنہیں لا رہے۔

    وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ اصلاحات سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا، اس وقت مارکیٹ میں ضرورت سے زیادہ ریگولیشن ہیں۔

  • پی ایس ایل فور کا فائنل: بلاول بھٹو اور اسد عمر کی آمد پر شائقین کا حیران کن ردعمل

    پی ایس ایل فور کا فائنل: بلاول بھٹو اور اسد عمر کی آمد پر شائقین کا حیران کن ردعمل

    کراچی: گذشتہ روز ہونے والے پی ایس ایل 4 کے فائنل میں‌ جہاں‌ کئی معروف شخصیات نے شرکت کی، وہیں‌ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور وزیر خزانہ اسد عمر بھی اسٹیڈیم میں‌ دکھائی دیے.

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فور کا فائنل کل نیشنل اسٹڈیم کراچی میں‌ کھیلا گیا، جسے ایک اندازے کے مطابق 36 ہزار سے زاید تماشایوں نے دیکھا، جو جوش سے بھرپور تھے اور مسلسل نعرے لگا رہے تھے.

    ایسے ہی نعرے انھوں نے تب بھی لگائے، جب انھوں نے بلاول بھٹو کو انکلیوژر میں‌ دیکھا، مگر یہ نعرے زیادہ خوش گوار نہیں تھے.

    تماشائی بلاول کو دیکھ کر "گو بلاول گو” کے نعرے لگانے لگے، جس کی وجہ سے عجیب صورت حال پیدا ہوگئی، البتہ کچھ افراد نے بلاول بھٹو سے ہاتھ بھی ملایا.

    مزید پڑھیں: آرمی کیپ، پاکستانی اداکاروں کا بھارتی ٹیم کو کرارا جواب

    اسٹیڈیم میں‌ اسد عمر بھی دکھائی دیے. انھیں‌ دیکھ کر شرکا نے "آئی آئی پی ٹی آئی” کے نعرے لگائے، اسد عمر نے اپنی نشست سے کھڑے ہو کر مسکراتے ہوئے سب کو جواب دیا.

    خیال رہے کہ کل ہونے والے میگا ایونٹ میں صدر پاکستان، آرمی چیف، وزیر اعلیٰ سندھ اور ڈی جی آئی ایس پی آر سمیت کئی اہم حکومتی شخصیات نے شرکت کی. فائنل کا ٹائٹل کوئٹہ کے نام رہا، جس نے پشاور کو یک طرفہ مقابلے میں‌ شکست دی.

  • پاکستان کو کیپیٹل مارکیٹ میں اصلاحات لانی ہوں گی‘ اسد عمر

    پاکستان کو کیپیٹل مارکیٹ میں اصلاحات لانی ہوں گی‘ اسد عمر

    کراچی: وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ پاکستانی بینک ڈیپازٹ کو درست انداز میں بروئے کار نہیں لا رہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمرنے اکنامک فورم کی تقریب سے فون پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو کیپیٹل مارکیٹ میں اصلاحات لانی ہوں گی۔

    اسد عمر نے کہا کہ اصلاحات سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا، اس وقت مارکیٹ میں ضرورت سے زیادہ ریگولیشن ہیں۔

    وفاقی وزیرخزانہ نے کہا کہ پاکستان میں پبلک پرائیوٹ شراکت داری کو بہتربنانا ہوگا، اب تک صرف پاور سیکٹر میں شراکت داری دیکھنے میں آئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسلامک بینکنگ میں مواقع بہتر کرنے کی ضرورت ہے، پاکستانی بینک ڈیپازٹ کو درست انداز میں بروئے کارنہیں لا رہے۔

    اسد عمر نے کہا کہ پاکستان میں جی ڈی پی اور ڈیپازٹ کا تناسب دنیا میں سب سے کم ہے۔

    آئی ایم ایف سے معاہدے پربات چیت آخری مرحلے میں ہے‘ اسد عمر

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ترنول پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے بیل آؤٹ پیکج پربات چیت آخری مرحلے میں ہے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان آئی ایم ایف سے معاہدے کے قریب پہنچ گیا ہے اور آئی ایم ایف کے درمیان ممکنہ بیل آؤٹ پیکج پراختلافات میں کمی آئی ہے۔

  • ملک کے معاشی، دفاعی اور خارجہ چیلنجز پر وفاقی وزرا کی اہم ملاقات

    ملک کے معاشی، دفاعی اور خارجہ چیلنجز پر وفاقی وزرا کی اہم ملاقات

    اسلام آباد: ملک کے معاشی، دفاعی اور خارجہ چیلنجز پر تین وفاقی وزرا نے اہم ملاقات کی ہے، اس ملاقات میں وزیرِ خزانہ، وزیرِ دفاع اور وزیرِ خارجہ شامل تھے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کو درپیش معاشی، دفاعی اور بیرونی سطح پر درپیش چیلنجز کے حوالے سے وفاقی وزرا اسد عمر، پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں ملکی معیشت، دفاع سمیت دیگر اہم موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ پاکستان کے اقتصادی اور معاشی استحکام کے لیے سفارت کاری کا اقدام سود مند ثابت ہوگا۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ملک کے معاشی استحکام میں ای ویزا، سیاحت، تجارت اور بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ سنگِ میل ثابت ہوگی۔

    وزیرِ دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ وزارتِ خارجہ نے بہترین سفارت کاری کے ذریعے دنیا کی توجہ پاکستان کی طرف مبذول کرائی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیراعظم نے آن لائن ویزا سروس کا افتتاح کر دیا

    دریں اثنا، وفاقی وزرا نے دنیا میں پاکستان کا تشخص مؤثر انداز میں اجاگر کرنے پر وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کو مبارک باد پیش کی۔

    خیال رہے کہ ملک میں سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے آج وزیرِ اعظم عمران خان نے نئی ویزا پالیسی کا افتتاح بٹن دبا کر کیا، جس کے تحت 175 ملکوں کے لیے آن لائن ویزا جب کہ 50 ممالک کے شہریوں کو آن ارائیول ویزا جاری ہوگا۔

  • ایف اے ٹی ایف کے لیے اگلے 3 ماہ بہت اہم ہیں: اسد عمر

    ایف اے ٹی ایف کے لیے اگلے 3 ماہ بہت اہم ہیں: اسد عمر

    اسلام آباد: وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ گزشتہ دورکی نسبت مشکل فیصلے کیے گئے، مہنگائی کی اصل وجہ گزشتہ حکومت کا خسارہ ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ  ایف اے ٹی ایف کے لیے اگلے 3 ماہ بہت اہم ہیں۔

    پیپلز پارٹی دورمیں مہنگائی میں 10 فی صد اضافہ ہوا، لیگی حکومت میں مہنگائی میں 5 فی صد سے زیادہ اضافہ ہوا، جب کہ ہمارے دورمیں مہنگائی میں2.4 فی صد اضافہ ہوا ہے، بڑے خسارے ختم کرنے کے لئے اقدامات سے مہنگائی ہوتی ہے.

    اسد عمر نے کہا کہ مہنگائی سے عوام کو تکلیف پہنچ رہی ہے، اندازہ ہے،  مہنگائی کی وجہ گزشتہ حکومت کےچھوڑکرجانےوالاخسارہ ہے، بڑے خساروں کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں تو مہنگائی ہوتی ہے.

    مزید پڑھیں: کرپٹ عناصر کی نشان دہی کے لیے انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مدد کا سوچ رہا ہوں: اسد عمر

    وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ پی پی کی حکومت آئی تو10 فی صدافراط زرمیں اضافہ ہوا، ن لیگ کی حکومت میں 5 فی صدافرط زرمیں اضافہ ہوا، پی ٹی آئی کی حکومت آئی ایم ایف کے پاس ابھی تک نہیں گئی، ٹیکس ریونیو کم نہیں ہوا، مگراتنا بڑھا بھی نہیں، جتنا بڑھنا چاہیے تھا.

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف کے لیے اگلے 3 ماہ بہت اہم ہیں، بےنامی قانون 2 سال پہلے بنا تھا اس پرعمل درآمد نہیں کرنا تھا،رولز بنا کر کابینہ سے منظوری کے بعد قانون لاگو کردیا ہے.

    وزیر خزانہ نے کہا کہ کسٹم اور ایف آئی اے کے قانون میں بھی ترمیم کررہے ہیں، ترامیم کابینہ کو منظوری کے لیے بھجوا دی ہیں.

  • کرپٹ عناصر کی نشان دہی کے لیے انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مدد کا سوچ رہا ہوں: اسد عمر

    کرپٹ عناصر کی نشان دہی کے لیے انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مدد کا سوچ رہا ہوں: اسد عمر

    اسلام آباد: وزیرِ خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ ایف بی آر میں کرپٹ عناصر کی نشان دہی کے لیے وہ سنجیدگی کے ساتھ انٹیلی جنس ایجنسیوں کی مدد حاصل کرنے کا سوچ رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ایف بی آر میں کرپٹ عناصر کی نشان دہی کے لیے سنجیدگی سے انٹیلی جنس ایجنسیز کی مدد کا سوچ رہا ہوں، جب تک کرپٹ عناصر کا خاتمہ نہیں ہوتا نظام ٹھیک نہیں ہو سکتا۔

    [bs-quote quote=”بلاول بھٹو نے پاکستان کے بیانیے کو نقصان پہنچایا۔” style=”style-8″ align=”left” author_name=”اسد عمر” author_job=”وزیر خزانہ”][/bs-quote]

    وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم آئی تو وہ نتیجہ دینے کے لیے ہوگی روایتی نہیں، بزنس کمیونٹی سے کہا کہ وہ کیسی ایمنسٹی اسکیم چاہتے ہیں تجاویز دیں، ہماری کوشش ہے ٹیکس وصولی اور سسٹم میں آسانی نظر آئے، ایمنسٹی اسکیم آتی ہے تو استعمال کریں ورنہ تیاری مکمل ہے، دائرہ تنگ ہوگا، لوگوں کی نشان دہی کرلی ہے اب ان کے خلاف ایکشن بھی ہوگا۔

    وزیرِ خزانہ اسد عمر نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو نے پاکستان کے بیانیے کو نقصان پہنچایا۔

    اسد عمر نے کہا ’بلاول بھٹو میرے بیٹے سے 2 ماہ بڑا ہے اس لیے غصہ نہیں آتا، میں نے اسمبلی میں کوئی بد اخلاقی نہیں کی، میرے خیال میں بلاول بھٹو نے پاکستان کے بیانیے کو نقصان پہنچایا۔‘

    وزیرِ خزانہ نے کہا کہ بے نظیر کی شہاد ت کے بعد آصف زرداری پارٹی پر کنٹرول چاہتے تھے، آصف زرداری نے بی بی کی وصیت نکالی اور بچوں کے نام کے ساتھ بھٹو لگایا، دوسری طرف بلاول بھی تقریروں میں شہید والدہ اور نانا کے کارنامے گنواتے ہیں لیکن والد کا کوئی ذکر نہیں کرتے۔

    [bs-quote quote=”سیاست میں باہر والوں سے مدد مانگیں گے تو میں انھیں ان کا آقا کہوں گا، عوامی ریکارڈ پر درجنوں ثبوت ہیں کہ امریکی لیڈروں نے کہا یہ ہمارے پاس آئے۔” style=”style-8″ align=”right” author_name=”وزیر خزانہ”][/bs-quote]

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ پی پی امیدوار بھی اپنے پوسٹرز میں زرداری صاحب کی تصویر نہیں لگاتے، بلاول بھٹو آکسفرڈ کے پڑھے ہوئے ہیں اور میں سیدھا سادہ بندہ ہوں، کسی کو غدار نہیں کہا، نہ بلاول کی طرح نواز شریف مودی کا یار کے نعرے لگائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں باہر والوں سے مدد مانگیں گے تو میں انھیں ان کا آقا کہوں گا، عوامی ریکارڈ پر درجنوں ثبوت ہیں کہ امریکی لیڈروں نے کہا یہ ہمارے پاس آئے، امریکی لیڈروں نے کہا ہم نے فون کیے اور پاکستان پر دباؤ ڈالا، میرے خیال میں کسی پاکستانی کو اس طرح کا کام نہیں کرنا چاہیے۔

    اسد عمر نے کہا ’بیرونی آقاؤں کے زیر اثر رہ کر قومی مفاد کی خارجہ پالیسی نہیں بن سکتی، حسین حقانی کو سب جانتے ہیں وہ امریکا میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف بول رہا ہے، حسین حقانی کو بھی پیپلز پارٹی کے دور میں امریکا کا سفیر لگایا گیا۔‘

    انھوں نے کہا ’نواز اور زرداری تعلقات استعمال کر کے خارجہ پالیسی پر اثر انداز ہوتے ہیں تو یہ طرزِ حکمرانی نہیں چلے گی، بلاول بھٹو کی انگریزی پر اعتراض نہیں ان کے انگریزی کے بیانیے پر ہے، انھوں نے انگریزی میں ان ملکوں کو پیغام دیا جو ہم پر الزام لگاتے ہیں، پوچھنا چاہتا ہوں میں نے اخلاق سے گری ہوئی کون سی بات کی تھی؟ بلاول کی حب الوطنی سے نہیں بلکہ سیاست سے اختلاف ہے۔‘

    وزیر خزانہ نے کہا ’وزیر اعظم نے کئی بار اپنے مؤقف سے ہٹ کر کابینہ کی تجویز مانی ہے، میں اے پی سی کو نہیں مانتا جو فیصلے کرنے ہیں پارلیمان میں ہونے چاہئیں، قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے خزانہ میں کل شرکت کروں گا۔‘

  • کمزور طبقات کو سہولیات فراہم کرنا ہمارے منشور کا حصہ ہے: وزیر خزانہ

    کمزور طبقات کو سہولیات فراہم کرنا ہمارے منشور کا حصہ ہے: وزیر خزانہ

    اسلام آباد: وزیرِ خزانہ اسد عمر نے کم لاگت گھروں کی تعمیر سے متعلق منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کم زور طبقات کو سہولیات فراہم کرنا ہمارے منشور کا حصہ ہے۔

    وزیرِ خزانہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ مکانات کی تعمیر کا منصوبہ بنیادی اہمیت کا حامل ہے، کم لاگت مکانات کی تعمیر وفاقی حکومت کا اہم منصوبہ ہے۔

    اسد عمر نے اپنے خطاب میں کہا کہ مکانات کی تعمیر سے روزگار کے بے پناہ مواقع بھی میسر آئیں گے، عوام کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

    واضح رہے 10 اکتوبر 2018 کو وزیر اعظم عمران خان نے ’نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے‘ کا افتتاح کیا اور تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ ہاؤسنگ اسکیم ملک میں خوش حالی لے کر آئے گی، اپنا گھر اسکیم ان لوگوں کے لیے جو کبھی گھر بنانے کا سوچ نہیں سکتے تھے، گھروں کے منصوبے میں عام آدمی ہمارا ٹارگٹ ہوگا۔

    خیال رہے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر حکومت کا سب سے اہم منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے اور وزیر اعظم عمران خان نے منصوبے کی نگرانی خود کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

  • پاکستان نے ایشیا پیسفک گروپ کے بھارتی شریک چیئر کو ہٹانے کا مطالبہ کر دیا

    پاکستان نے ایشیا پیسفک گروپ کے بھارتی شریک چیئر کو ہٹانے کا مطالبہ کر دیا

    اسلام آباد: پاکستان نے ایف اے ٹی ایف ایشیا پیسفک گروپ میں بھارت کی شمولیت پر اعتراض کرتے ہوئے بھارتی شریک چیئر کو ہٹانے کا مطالبہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف اے ٹی ایف ایشیا پیسفک گروپ میں بھارت کی شمولیت پر پاکستان نے اعتراض کر دیا ہے، وزیرِ خزانہ اسد عمر نے ایف اے ٹی ایف کے صدر کو خط لکھ دیا۔

    وزیرِ خزانہ نے خط میں لکھا ہے کہ بھارت پاکستان کے اقتصادی مفادات کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، پاکستان کی فضائی حدود کی حالیہ خلاف ورزی بھارتی رویے کی عکاس ہے۔

    اسد عمر نے صدر ایف اے ٹی ایف کو خط میں لکھا کہ بھارت نے پاکستان کی فضائی حدود کی بھی خلاف ورزی کی ہے۔

    خط کا متن ہے کہ بھارت پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنے کے لیے سرگرم ہے، پاکستان ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان پر عمل درآمد کر رہا ہے، ایف اے ٹی ایف ایشیا پیسیفک گروپ میں بھارت کی شمولیت سے پاکستان ہراساں ہوگا۔

    دریں اثنا، وزیر خزانہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ انھوں نے ایف اے ٹی ایف کے صدر کو بھارت کو شریک چیئر کی پوزیشن سے ہٹانے کے لیے خط لکھا، بھارت نے پاکستان کے خلاف لابنگ کے ذریعے اپنی پوزیشن کا غلط استعمال کیا۔

    انھوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے کے لیے اپنی پوزیشن کا غلط استعمال کیا، دوسری طرف پاکستان نے اپنے مؤقف کا کام یابی سے بھرپور دفاع کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  ایف اے ٹی ایف اجلاس، پاکستان کا نام گرے لسٹ میں برقرار

    یاد رہے کہ 22 فروری کو وزیرِ خزانہ اسد عمر نے ٹویٹ کر کے کہا تھا کہ فنانشل ایکٹ ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی بلیک لسٹ میں پاکستان کا نام شامل ہونے کا خطرہ ٹل گیا ہے، پاکستان کا نام گرے لسٹ میں برقرار ہے۔

    انھوں نے کہا کہ بھارت کی خواہش تھی کہ پاکستان کا نام اس بار بلیک لسٹ میں شامل کر دیا جائے، تاہم ایف اے ٹی ایف نے منی لانڈرنس دہشت گردوں کی فنڈز کے معاملے کا جائزہ لیا، اور پاکستان کی درجہ بندی کو برقرار رکھا ہے۔

  • حسن صدیقی صرف پاک فوج کا نہیں پاکستان کا بیٹا ہے ، اسد عمر

    حسن صدیقی صرف پاک فوج کا نہیں پاکستان کا بیٹا ہے ، اسد عمر

    اسلام آباد: وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ حسن صدیقی صرف پاک فوج کانہیں پاکستان کابیٹاہے ، پاک فوج اوربہادرقوم کی وجہ سے ہمیں کسی قسم کا خوف نہیں ہے، بھارت میں سیاسی قوتیں تقسیم اور پاکستان میں متحد ہیں، مودی سرکار کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمر نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں قوم کے بہادر بیٹوں اور بیٹیوں کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا بھارت پاکستان کو دھمکیاں دے رہا ہےاور ہم سکون کی نیند سوتے ہیں، پاک فوج اور بہادر قوم کی وجہ سے ہمیں کسی قسم کا خوف نہیں ہے۔

    اسدعمر کا کہنا تھا کہ جو ہم نے کہا تھا وہ پاکستانی پائلٹ حسن صدیقی اور دیگرجوانوں نے کرکےدکھایا، حسن صدیقی صرف پاک فوج کانہیں پاکستان کا بیٹا ہے، قوم کے بیٹے ملک کیلئے اپنی جان دینے کیلئے تیار ہیں۔

    قوم کے بیٹے ملک کیلئے اپنی جان دینے کیلئے تیار ہیں

    وزیر خزانہ نے کہا پاکستان نےپورے معاملےمیں کوشش کی خطے کا امن سلامت رہے، پاکستان کو طاقت برقرار رکھنے کیلئے سیاسی قوت کا بھی مظاہرہ کرنا ہے، بھارت میں سیاسی قوتیں تقسیم اور پاکستان میں متحد ہیں۔

    ان کا کہنا تھا پاکستان کوجب بھی ضرورت پڑی ہے تو پورا ملک متحد ہوتا ہے، آج پاکستان میں کوئی تفریق نظر نہیں آرہی پورا ملک ایک ہوتا ہے، مودی سرکار کیلئے لمحہ فکریہ ہے، ان کی حکمت عملی کی وجہ سے بھارت تقسیم ہے۔

    اسد عمر نے کہا پلواما میں اپنے فوجی مروانے اور پاکستان کو دھمکیاں دینے کے باوجود انہیں مسترد کیا جارہا ہے، موجودہ صورتحال میں پاکستان معاشی طور پر مضبوط ہے، کوئی نقصان نہیں ہوا۔

    بھارت کواپنی فوج پربہت غرورتھاوہ توخاک میں مل گیا ہے

    وزیر خزانہ کا کہنا تھا بھارت کواپنی فوج پربہت غرورتھاوہ توخاک میں مل گیا ہے، پاکستان کےزرمبادلہ ذخائرمیں کوئی کمی نہیں آئی، ہم نہیں چاہتےبھارت کے کسی شہری کونقصان ہو انہیں بھی سمجھناچاہیے، بھارتی عوام کوسمجھناچاہیےمودی ان کوکس طرف لےکرجارہاہے۔

  • امید ہے اب پاکستان کی صلاحیت پر کوئی سوال نہیں اٹھایا جائے گا: اسد عمر

    امید ہے اب پاکستان کی صلاحیت پر کوئی سوال نہیں اٹھایا جائے گا: اسد عمر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ امید ہے اب پاکستان کی صلاحیت پر کوئی سوال نہیں اٹھایا جائے گا، مودی کے جنون نے 2 جوہری ممالک کو جنگ کے دہانے پر کھڑا کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ امید ہے اب پاکستان کی صلاحیت پر کوئی سوال نہیں اٹھایا جائے گا، پاکستان اپنا دفاع خود کرسکتا ہے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ امید ہے ہوش مند بھارتی جنونی، مودی کا دیوانہ پن سمجھنے کی کوشش کریں گے۔ مودی کے جنون نے 2 جوہری ممالک کو جنگ کے دہانے پر کھڑا کر دیا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کی خواہش کوئی ذی ہوش انسان نہیں کر سکتا۔

    خیال رہے کہ کچھ دیر قبل پاک فضائیہ نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے 2 بھارتی طیارے مار گرائے ہیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے سربراہ میر جنرل آصف غفور کے مطابق بھارت کے 2 طیارے لائن آف کنٹرول کے اطراف میں گر کر تباہ ہوئے ہیں۔ ایک طیارہ بھارتی مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈگام میں گرا، جبکہ دوسرا طیارہ پاکستان کی جانب گرا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی علاقے میں گرنے والے طیارے کے دونوں پائلٹ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ پاکستانی علاقے میں گرنے والے جہاز کے ایک پائلٹ کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    ایک روز قبل بھارتی طیاروں نے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دراندازی کی تھی تاہم پاک فضائیہ نے بروقت کارروائی کی اور بھارتی طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردیا۔ بھارتی طیارے جاتے ہوئے اپنا پے لوڈ جنگل میں گرا کر چلے گئے۔

    فضائی دراندازی کی کوشش میں بری طرح منہ کی کھانے کے بعد بھارت نے گزشتہ روز لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 خواتین اور ایک بچہ شہید ہوگئے جبکہ 11 شہری زخمی ہوگئے۔

    ذرائع کے مطابق بزدل بھارتی فوج نے ایل او سی سے متصل عباس پور، چڑھوئی، کھوئی رٹہ، نتھیال، درہ شیر خان، بھمبر اور جھمپ سیکٹر پر گولہ باری کر کے شہری آبادی کو نشانہ بنایا تاہم پاکستانی فوج کی منہ توڑ جوابی کارروائی کے بعد بھارتی توپیں خاموش ہوگئیں۔