Tag: اسد عمر

  • رانا ثنااللہ عوام پر گولے برسانے کی تیاری کر رہے ہیں، اسد عمر کا دعویٰ

    رانا ثنااللہ عوام پر گولے برسانے کی تیاری کر رہے ہیں، اسد عمر کا دعویٰ

    فیصل آباد : جنرل سیکرٹری پاکستان تحریک انصاف اسد عمر کا کہنا ہے کہ راناثناعوام پرگولے برسانے کی تیاری کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جنرل سیکرٹری پاکستان تحریک انصاف اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 11 نومبر کو سارے پاکستان سے قافلے اسلام آباد پہنچیں گے جبکہ گلگت بلتستان سے آنے والے لوگ ایک دن پہلے وہاں پہنچ جائیں گے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ آپ دیکھیں گے پورا پاکستان اسلام آباد پہنچے گا، عوام پرجوش ہے اور اپنا فیصلہ کر چکی ہے، قوم کسی اور اپنی تقدیر کا فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں دے گی۔

    رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ نفرت تب پیدا ہوتی جب آپ قوم کی آواز دبانے کی کوشش کرتے ہیں، جب عوام کے فیصلے کو نہیں مانا گیا تو ہمارا ملک بکھر گیا، ہم عوام کی آواز کو سنیں گے اور پھر فیصلے کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ کے شہر میں بیٹھا ہوں لیکن فیصل آباد کی عوام آپ کومسترد کر چکی، اگر آپ آئین پر یقین رکھتے ہیں تو آئین کو پڑھیں ، ہمارے ملک کے فیصلے اب ہماری عوام نے کرنے ہیں۔

    کابینہ نےعوام کو کچلنے کیلئے 46 کروڑ کی اضافی گرانٹ دی راناثناعوام پرگولے برسانے کی تیاری کر رہے ہیں،

    تحریک انصاف رہنما نے کہا کہ جس شہر جا رہا ہوں لانگ مارچ کیلئے عوام کا جوش دیکھنے کومل رہاہے، سائفر پر تحریک انصاف کا مطالبہ ہے کہ تحقیقات کی جائیں، سپریم کورٹ کو سائفر تحقیقات کیلئے سوموٹو ایکشن لینا چاہئے۔

    ارشد شریف کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کو کہاں سے خطرہ تھا کون ایف آئی آر درج کرارہا تھا، جس دباؤ میں آکر ارشد شریف باہرگیا وہی اس کیس کی تحقیقات کر رہے ہیں، عدالتی احکامات کے ذریعے اس کیس کی شفاف تحقیق ہو سکتی ہے۔

    لانگ مارچ سے متعلق اسد عمر نے کہا کہ لانگ مارچ میں 2 ہزار بندہ ہے تو ملک بھر سے کیوں پولیس بلائی گئی ،یہ صبح سے شام تک امپورٹڈ حکومت پریس کانفرنس کیوں کر رہے ہیں۔

    پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ وہ شخص جو بیماری میں باہر بھاگا تھا اب وہ لندن میں شاپنگ کر رہا ہوتا ہے، جب سے 2 ہزار بندہ باہر نکلا ہے اس کے پلیٹ لیٹس کم ہونا شروع ہو گئے ، 2 ہزار بندوں کیلئے 6 ہزار اہلکار سندھ سے کیوں منگوائے ہیں۔

  • لانگ مارچ : اسد عمر کا شہباز شریف کو چیلنج

    لانگ مارچ : اسد عمر کا شہباز شریف کو چیلنج

    لاہور : تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے شہباز شریف کو چیلنج کرتے ہوئے کہا عوام میں نکلیں لگ پتہ جائے گا، قوم کہاں کھڑی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ ذہنوں کی تبدیلی ہے ، یہ ایک نیا پاکستان ہے، پاکستان کے عوام کسی اور کے فیصلے ماننے کو تیار نہیں ، پاکستان میں کس کی حکومت ہو اس فیصلے کا اختیارعوام کے پاس ہے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ پرویزرشید کیساتھ رہ کر میاں صاحب کی بھی گنتی خراب ہوگئی ہے،میاں صاحب جو جی ٹی روڈ آپ چھوڑ کر گئے تھے آج یہ وہ نہیں، 200بندے نکلے ہوتے تو آپ نے اسلام آباد کو کنٹینر کا قبرستان نہ بنایا ہوتا۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پورے پاکستان سے جو تیاری کی خبریں آرہی ہیں پوری قوم نکلے گی، یہ سب مانتے ہیں عمران خان عوام کو مسائل سے نکال سکتا ہے، شہر ختم ہو جاتے ہیں مگر مخلوق ختم نہیں ہوتی، کوئی چھت کوئی گلی ایسی نہیں جہاں عورتیں بچے مرد نوجوان نہ ہوں۔

    انھوں نے بتایا کہ عمران خان کو اسلام آباد پہنچنے کا متبادل پلان بنا کر دے دیا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ جنہیں آپ جتھے کہہ رہے ہیں انھی کے ووٹ سے آپ حکومت میں آتےتھے، شرم کرو یہ عوام آپ کو جتھے نظرآتے ہیں، جب عمران خان کو پہنچیں گےعوام کا سب سے بڑا اجتماع اسلام آباد میں دیکھیں گے۔

    اسد عمر نے کہا کہ شہباز شریف کہتے ہیں معیشت ٹھیک کرنے آئے ہیں، خدا کا خوف کریں، شہبازشریف کو چیلنج کرتا ہوں پنجاب میں عوام میں نکلیں لگ پتہ جائے گا، قوم کہاں کھڑی ہے۔

    رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اب وہ زمانہ نہیں رہا جہاں آپ اشتہاروں سے عوام کو بے وقوف بناتے تھے ، انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں،صحافیوں کو خوف زدہ کیاجارہاہے، سپریم کورٹ سے درخواست ہے انسانی حقوق کے معاملے پر ایکشن لے۔

    انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج نے بےتحاشا قربانیاں دی ہیں، اس فوج کو سب سے بڑی طاقت یہ ہے کہ انکےپیچھے قوم کھڑی ہے، ان قربانیوں کی بدولت ہی عوام کےدلوں میں پاک فوج کی جگہ ہے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ قوم فیصلہ کرچکی ہے ، یہ ملک کےدشمن ہیں ، ہم دشمن میں گھرے ہوئے ہیں قوم کو یکجہتی کی ضرورت ہے، ملک کو بحران سے نکالنے کا واحد طریقہ ہے جو بھی کرداراداکرسکتا ہے ادا کرے، ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے واحد حل عام انتخابات کا اعلان ہے۔

  • اسد عمر نے  مذاکرات کی خبروں کو  فیک نیوز قرار دے دیا

    اسد عمر نے مذاکرات کی خبروں کو فیک نیوز قرار دے دیا

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے مذاکرات کی خبروں کو فیک نیوز قرار دیتے ہوئے کہا الیکشن کی بات ہوگی تو ہم مذاکرات میں جائیں گے ورنہ نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نےکبھی نہیں کہاکہ مذاکرات ہورہےہیں، عمران خان ایک میٹنگ کیلئے گئے تھے کسی مذاکرات کیلئے نہیں۔

    پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ کسی نے مذاکرات کے لیے رابطہ بھی نہیں کیا، ہم کئی بار کہہ چکےہیں حکومت الیکشن کااعلان کرے بات کرلیں گے الیکشن کااعلان کریں الیکشن کے لوازمات کیلئے بات کرنے کو تیار ہیں۔

    اسدعمر نے دو ٹوک کہا کہ الیکشن کی بات ہوگی تو ہم مذاکرات میں جائیں گے ورنہ نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ 3 ماہ 6 ماہ کی باتیں مفروضے ہیں اس پرکوئی بات نہیں ہوسکتی، اس وقت سیاسی عدم استحکام کی وجہ سےپاکستان کوشدیدنقصان پہنچ رہاہے، ن لیگ کی اپنی سیاست دفن ہوتی جارہی ہے، ان کا مقصد صرف کیسز ختم کرانا ہے۔

    رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ ہمارے کسی سے کوئی مذاکرات نہیں ہورہے ، عمران خان نےصرف ایک ہی مطالبہ رکھاہےکہ الیکشن کرائے جائیں۔

    اسد عمر نے مذاکرات کی خبروں کو فیک نیوز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان میں کوئی صداقت نہیں ہے، عمران خان واضح کہہ چکےہیں الیکشن کی تاریخ لینےآرہے ہیں ایک جلسہ کرنے نہیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ہم نے حقیقی آزادی مارچ کےاختتام کی تاریخ کااعلان نہیں کیا، ایف نائن پارک میں اجازت مانگی ، تحریری سوالوں کےجوابات بھی دیئے۔

    رہنما پہ ٹی آئی نے بتایا کہ ہمارےپاس پلان بی،سی اوردیگرپربھی بات ہوئی ہے ، ہم نے ایسا کوئی بھی پلان نہیں بنایا ، جو آئین وقانون کےخلاف ہو۔

    موجودہ حکومت کے حوالے سے اسد عمر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت مینڈیٹ لے کر نہیں آئی بلکہ عدم اعتمادکے ذریعے آئی ہے، وہ عدم اعتمادکی تحریک ہے جس پر اسمبلی کہہ چکی ہے کہ بیرونی سازش سےآئی، یہ وہ عدم اعتماد کی تحریک ہے جس میں پیسہ چلا کر لوگوں کے ضمیروں کوخریداگیا، لوگوں کوبلیک میل کر کے پیسہ چلا کر پوزیشن تبدیل کی گئی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ قوم ایک طرف کھڑی ہےاورپی ڈی ایم دوسری طرف کھڑی ہے، قوم الیکشن کامطالبہ کررہی ہے جبکہ حکومت کہتی ہے ہم اقتدار میں رہنا چاہتے ہیں۔

    اسد عمر کا مزید کہنا تھا لپ پی ڈی ایم کی ہٹ دھرمی کی وجہ سےملک تباہی کی طرف جارہاہے، ہم کوئی غیرآئینی مطالبہ نہیں کررہےہیں بلکہ الیکشن کامطالبہ کر رہے ہیں، قوم چاہتی ہے شفاف الیکشن ہوں اورفریش مینڈیٹ آئے۔

  • ’آپ کا کپتان سیاست نہیں جہاد کررہا ہے‘

    ’آپ کا کپتان سیاست نہیں جہاد کررہا ہے‘

    پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ آپ کا کپتان اس وقت سیاست نہیں جہاد کررہا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جذبے سے پاکستان کی طاقتیں خوفزدہ ہورہی ہیں جبکہ ملک کی سب سے بڑی طاقت عوام ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ راستے میں کوئی گھر، سڑک نظر نہیں آئی جہاں کپتان کے لیے عوام نہ آئیں قوم بھی دیکھ رہی ہے کہ پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہونے جارہا ہے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے فیصلے امریکا، لندن اور نہ ہی بند کمروں میں ہوں گے بلکہ ملک کے فیصلے عوام کریں گے۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان کی ایک خاص میٹنگ تھی جس کی وجہ سے لاہور میں واپس آنا پڑا، کپتان کا پیغام ہے کہ کل صبح  بجے مرید کے پہنچنا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/imran-khan-says-biggest-dacoit-of-country-has-been-imposed-on-us/

    اس سے قبل فیروز والا میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ’کوئی آزادی دیتا نہیں ہے یہ چھیننا پڑتی ہے، زنجیروں کو توڑنا پڑتا ہے۔‘

    ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ملک کو ان چوروں سے آزاد کروانا ہے، حقیقی آزادی مارچ میں میرے ساتھ سب نے شرکت کرنی ہے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آزادی کوئی پلیٹ میں رکھ کر نہیں دے گا اس کے لیے جدوجہد کرنا ہوگی ہم حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

  • اسلام آباد میں قانون نافذ کرنے والے قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں: اسد عمر

    اسلام آباد میں قانون نافذ کرنے والے قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں: اسد عمر

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں قانون نافذ کرنے والے قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں، ان تمام غیر قانونی کام کرنے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اسلام آباد میں قانون نافذ کرنے والے قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہمارے ورکر مراد بخاری کو پکڑنے آئے اور نہیں ملا تو بھائی مہتاب بخاری کو پکڑ کر لے گئے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کا دارالحکومت ہے یا کوئی جنگل؟ انشا اللہ ان تمام غیر قانونی کام کرنے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

  • امید ہے عدالت  الیکشن کمیشن کے فیصلے کو اڑا کر رکھ دے گی، اسد عمر

    امید ہے عدالت الیکشن کمیشن کے فیصلے کو اڑا کر رکھ دے گی، اسد عمر

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ امید ہے عدالت پیر کو الیکشن کمیشن کے فیصلے کو اڑا کر رکھ دے گی۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ غیر قانونی ہے لیکن غیر متوقع نہیں ہے، الیکشن کمیشن کوشش میں ہے کیسے عمران خان کو نقصان پہنچایا جائے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہمارے خلاف توہین الیکشن کمیشن کا فتویٰ جاری کیاہوا ہے، الیکشن کمیشن کے تمام فیصلے عدالتوں میں رد ہوئے، یہ فیصلہ بھی عدالت میں ردہوجائے گا۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مخالفین کو پریشانی ہے دوبارہ عمران خان کا مقابلہ نہ کرنا پڑ جائے، الیکشن کمیشن کے فیصلے کو  پاکستان کے عوام نےپہلے ہی مسترد کردیا، امید ہے عدالت بھی الیکشن کمیشن کے فیصلے کو اڑا کر رکھ دے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن پی ڈی ایم کا حلیف بن کیاگیا ہے، فیصلے میں مزید فرمائشیں بھی شامل کی جارہی ہیں۔

    اسد عمر نے مزید کہا کہ قوم عمران خان کے ساتھ ہے، الیکشن کمیشن نے فیصلہ لکھ کر صرف سیاہی ضائع کیا ہے۔ پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ اس فیصلے کو اڑا دے گا۔

  • ‘آج عمران خان کو عدالت میں بات کرنےکی اجازت دی گئی تو معافی مانگ سکتے ہیں’

    ‘آج عمران خان کو عدالت میں بات کرنےکی اجازت دی گئی تو معافی مانگ سکتے ہیں’

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ آج عدالت میں عمران خان کو بات کرنے کی اجازت ملی تو ہوسکتا ہے وہ معافی مانگ لیں۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے اے ار وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت خوف میں وقت گزاررہی ہے، عمران خان کیخلاف ممکنہ فیصلہ کرنے کا ارادہ ہے ، اس لیے ریڈ زون سیل کردیا گیا ہے۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ کیاپورےپاکستان میں صرف ریڈزون ہےاورجگہوں پراحتجاج نہیں کیاجاسکتا، ہم دنیا سے ٹیکنالوجی عوام پر آنسوگیس چلانے کیلئے مانگتےہیں، اسلام آباد میں ریڈزون کو جس طرح بند کیا گیا ہے یہ غیر معمولی ہے۔

    رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان نےتوہین عدالت کیس میں واضح معذرت کی ہے، عمران خان نے بھی بتا دیا کہ قانونی کارروائی چاہتے تھے اور باقاعدہ پٹیشن بھی دی، عمران خان کے الفاظ کی بات ہے تو وہ وہی الفاظ ادا کر دیں گے جو چاہتے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کل عمران خان کوکل عدالت میں بات کرنےکی اجازت دی جائے، عمران خان کوبات کرنے کی اجازت دی گئی تومعافی بھی مانگ سکتے ہیں۔

    اسد عمر نے مزید کہا کہ عمران خان کی جوپوزیشن ہےاس سےکبھی پیچھےنہیں ہٹے، انھوں نےکوئی نئی بات نہیں کی وہی باتیں کی ہیں جو کرتے رہتےہیں۔

    تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ ایک مفروضہ ہے کہ عمران خان کی ملاقات ہوئی میرےعلم میں نہیں ہے، ملاقات سے متعلق وقت فیصلہ کرے گا میں انکار بھی نہیں کروں گا، اسٹیبلشمنٹ سےبات کیلئے بائی پاس سے متعلق عمران خان کی بات نئی نہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ ہمارا ایک ہی مؤقف ہے کہ ملک میں فوری شفاف انتخابات کرادیں، تحریک عدم اعتماد سے پہلے بتا دیا تھا کہ حکومت گئی تومعیشت کونقصان ہوگا، وقت نےثابت کردیا کہ ہماری معیشت سےمتعلق بریفنگ بالکل درست تھی۔

    شہباز شریف کی کابینہ کے حوالے سے اسد عمر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نےجتنی تباہی کی ہے72کابینہ کیا 7200 بھی کم ہوگی، پی ڈی ایم کی سیاست دفن ہوتی جارہی ہے اس لیے کابینہ بڑھتی جارہی ہے، آدھےارکان بیرون ملک گھوم رہےہوتےہیں اورآدھے لوگوں کوکابینہ میں شامل کرلیا۔

    ملکی معاشی صورتحال سے متعلق رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ آئی ایم ایف کےاعلان کے بعد روپے کی قدر 26 روپے تک گرچکی ہے، عمران خان کابنیادی نقطہ یہ ہے کہ پاکستان کو نئے الیکشن کی طرف جانا چاہیے۔

    موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت جوحکومت بیٹھی ہوئی ہےاس کااخلاق جوازعوام نہیں مانتی ، اخلاقی جوازنہ رکھنے والی حکومت بڑے فیصلےکرےگی تووہ متنازع بنیں گے۔

    اسد عمر نے کہا کہ الیکشن کبھی بھی ہوں عمران خان نےوزیراعظم بن کرآناہے،جہاں حالات جارہےہیں ایسانہ ہو عمران خان کے بس سےبھی بات باہرہو۔

    تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کیلئےایک مجرم سے کس طرح مشاورت کی جا سکتی ہے، آفیشل سیکریٹ ایکٹ وزیراعظم سمیت تمام وزرا پر لاگو ہوتا ہے، وزیراعظم آفیشل سیکریٹ ایکٹ کی کس طرح خلاف ورزی کررہے ہیں۔

  • ‘نواز شریف جمہوریت نہیں بلکہ اپنی بادشاہت چاہتے ہیں’

    ‘نواز شریف جمہوریت نہیں بلکہ اپنی بادشاہت چاہتے ہیں’

    چارسدہ : تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ ‘نواز شریف جمہوریت نہیں بلکہ اپنی بادشاہت چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چارسدہ میں تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے سا اس میں کوئی شک نہیں کہ پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے ، عمران خان سچائی، دلیری سے حقیقی آزادی ،خودمختاری کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان عام انتخابات کی جانب جا رہا ہے، پی ڈی ایم پریشان ہے، انہیں اندازہ ہوچکا ہے عمران خان تمام ضمنی انتخابات جیت رہے ہیں۔

    نواز شریف کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ نواز شریف پاکستان میں جمہوریت نہیں بلکہ اپنی مکمل بادشاہت چاہتے ہیں ، نواز شریف کی خواہش ہےکہ بادشاہ بن جائیں کوئی ان سےپوچھ گچھ نہ کرے۔

    ملک میں سیلابی صورتحال پر ان کا کہنا تھا کہ 2010کے سیلاب میں خیبر پختونخوا میں بڑی تباہی آئی تھی ، عمران خان کی ہدایت پر صوبائی حکومت نے دریاؤں کے اردگردپ روٹیکشن وال تعمیر کیے، پروٹیکشن وال کی وجہ سے حالیہ سیلاب کی وجہ سے کم نقصانات ہوئے۔

    اسد عمر نے مزید کہا کہ سندھ میں کوئی حکومت نہیں اس لیے وہاں سیلاب نے تباہی مچادی۔

  • اسد عمر نے الیکشن کمیشن  کا توہین عدالت سے متعلق  نوٹس  چیلنج کردیا

    اسد عمر نے الیکشن کمیشن کا توہین عدالت سے متعلق نوٹس چیلنج کردیا

    کراچی : تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے الیکشن کمیشن کا توہین عدالت سے متعلق نوٹس چیلنج کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے توہین سے متعلق الیکشن کمیشن کے نوٹس کیخلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

    اسدعمر نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ الیکشن کمیشن کا 19اگست کا جاری کردہ نوٹس غیر آئینی قرار دیا جائے۔

    درخواست میں کہا گیا ہےکہ آئین کےمطابق الیکشن کمیشن عدالت نہیں،آرٹیکل 204 میں الیکشن کمیشن کا ذکر نہیں ۔ الیکشن کمیشن کا نوٹس آئین میں دییے گئے اظہارِ رائے کے حق کے خلاف ہے۔

    اسد عمر نے استدعا کی درخواست کی سماعت تک درخواست گزار کے خلاف ایکشن لینے سے روکا جائے اور درخواست کے فیصلے تک نوٹس پر عملدرآمد معطل کیا جائے۔

    درخواست میں وزارت قانون اور چیف الیکشن کمشنر کو فریق بنایا گیا ہے۔

    اس سے قبل پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان اور مجھے اور فواد چوہدری توہین الیکشن کمیشن کا نوٹس دیا، آئین واضح ہے الیکشن کمیشن عدالت نہیں ہے۔

    الیکشن کمیشن کا جاری کردہ نوٹس غیرآئینی ہے، پی ٹی آئی کے خلاف الیکشن کمیشن کےفیصلوں کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں ، الیکشن کمیشن چاہتاہےسیاہ کو فید اور سفید کو سیاہ کرتا رہے اور ہم مانتے رہیں تو ایسا نہیں ہوگا۔

  • گرفتاری کا خدشہ :  اسد عمر نے درخواست ضمانت دائر  کردی

    گرفتاری کا خدشہ : اسد عمر نے درخواست ضمانت دائر کردی

    اسلام آباد : پی ٹی آئی جنرل سیکرٹری اسد عمر نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر درج مقدمے میں درخواست ضمانت دائر کر دی۔

    پی ٹی آئی جنرل سیکرٹری اسد عمر نے سیشن عدالت میں دفعہ 144 اور ایمپلی فائر ایکٹ کی خلاف ورزی پر درج مقدمے میں درخواست ضمانت دائر کر دی۔

    اسد عمر نے درخواست ضمانت وکیل سردار مصروف خان کے ذریعے دائر کی، جس میں کہا گیا ہے کہ پولیس کے سامنے شامل تفتیش ہونے کو تیار ہوں۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کیا گیا، ضمانت منظور کی جائے، خدشہ ہے کہ سوسائٹی میں تضحیک کے لیے گرفتار کیا جائے گا۔

    درخواست میں بتایا گیا کہ جب ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں تو پٹیشنر اس وقت لاہور کی ریلی میں شریک تھا۔

    اس سے قبل پی ٹی آئی جنرل سیکرٹری اسد عمر کی عبوری درخواست ضمانت پر اعتراض عائد کردیا گیا تھا، اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے اعتراض عائد کیا گیا۔

    ذرائع رجسٹرار آفس نے کہا کہ ہائی کورٹ سے پہلے سیشن کورٹ سے ضمانت لینے کا فورم موجود ہے۔

    یاد رہے گذشتہ روز اسد عمر نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست جمع کرائی تھی۔