Tag: اسد قیصر

  • اسپیکر قومی اسمبلی نے ذاتی گارڈز پارلیمنٹ احاطے میں لانے پر پابندی لگا دی

    اسپیکر قومی اسمبلی نے ذاتی گارڈز پارلیمنٹ احاطے میں لانے پر پابندی لگا دی

    اسلام آباد: پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر کیمرا مین پر میاں نواز شریف کے گارڈز کے تشدد پر اسپیکر قومی اسمبلی نے فوری ایکشن لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے کوریج کے دوران کیمرا مین پر نواز شریف کے گارڈز کے تشدد کا فوری نوٹس لے لیا ہے۔

    [bs-quote quote=”سیکورٹی گارڈز کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کا حکم” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    اسد قیصر نے تشدد میں ملوث نواز شریف کے سیکورٹی گارڈز کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کا حکم دے دیا ہے۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آئندہ کوئی شخصیت اپنے ساتھ گارڈز پارلیمنٹ کے احاطے میں نہیں لاسکے گی، کوئی کتنا بھی بڑا لیڈر ہو سیکورٹی پارلیمنٹ سے باہر چھوڑ کر آئے۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ ارکان کی حفاظت پارلیمنٹ کی سیکورٹی کرے گی۔


    یہ بھی پڑھیں:  نواز شریف کے گارڈ کے تشدد سے کیمرا مین بے ہوش: حکومت کی مذمت


    واضح رہے کہ آج پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر نواز شریف کے اسکواڈ نے 2 کیمرا مینوں پر بہیمانہ تشدد کیا، جس سے سما ٹی وی کا کیمرا مین بے ہوش ہو گیا۔ دوسرے کیمرہ مین کو بھی شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    بے ہوش کیمرا مین کا اسپتال میں معائنہ جاری ہے، معائنے کے بعد میڈیکل رپورٹ جاری کی جائے گی۔ دوسری طرف صحافیوں نے نواز شریف کے ایک گارڈ کو پکڑ لیا، جب کہ ایک گاڑی میں بیٹھ کر فرار ہو گیا۔

  • اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے چوہدری شجاعت حسین کی ملاقات

    اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے چوہدری شجاعت حسین کی ملاقات

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر سے ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی و معاشی صورتِ حال اور باہمی دل چسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اس موقع پر سابق وزیرِ اعظم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں چوہدری شجاعت کا ایک بڑا نام ہے۔

    [bs-quote quote=”چوہدری شجاعت نے ہمیشہ شرافت اور اصولوں کی سیاست کی: اسد قیصر
    ہم حکومت کے شانہ بشانہ ہیں: چوہدری شجاعت حسین” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    اسد قیصر نے ق لیگی رہنما کی شرافت کی بھی تعریف کی، کہا کہ چوہدری شجاعت نے ہمیشہ شرافت اور اصولوں کی سیاست کی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیاسی قوتوں کو ایک ہونا ہوگا، قومی اہمیت کے تمام ایشوز کو قومی اسمبلی میں زیرِ بحث لایا جائے گا۔

    اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے ہم حکومت کے شانہ بشانہ ہیں، گزشتہ حکومتوں کی ناقص پالیسیوں سے ملک معاشی مشکلات کا شکار ہے۔

    مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نے ہمیشہ ملکی مفادات کو ترجیح دی ہے، اور ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  مونس الہٰی، سالک حسین کی کام یابی ق لیگ کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے، چوہدری شجاعت، پرویز الہٰی


    خیال رہے کہ ضمنی انتخابات میں اپنے صاحب زادے چوہدری سالک کی کام یابی پر انھوں نے کہا تھا کہ اگر کسی نے حکومت گرانے کی کوشش کی تو ق لیگ ساتھ نہیں دے گی۔

    چوہدری شجاعت نے وزیرِ اعظم بننے پر عمران خان کو عوامی طاقت سے بننے والا پہلا وزیرِ اعظم قرار دیا تھا، انھوں نے لگی لپٹی رکھے بغیر کہہ دیا تھا کہ ’مجھ سمیت تمام وزائے اعظم بنائے جاتے تھے، پچھلے 21 میں سے 2 وزرائے اعظم میں نے اپنے ہاتھوں سے بنوائے۔‘

  • اسپیکر قومی اسمبلی   کا 16 اکتوبر کیلئے شہبازشریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے انکار

    اسپیکر قومی اسمبلی کا 16 اکتوبر کیلئے شہبازشریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے انکار

    اسلام آباد : قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے سولہ اکتوبر کے لیے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے انکار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے سولہ اکتوبر کو مسلم لیگ ن کے اجلاس میں شرکت کیلئے شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے انکار کر دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق اسپیکر ایاز صادق کا خط سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہے، پروڈکشن آرڈر صرف اسمبلی اجلاس کیلئے جاری ہوتے ہیں پارلیمانی پارٹی کیلئے نہیں۔

    ایازصادق نے نون لیگ کے پارلیمانی اجلاس کے لیے شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

    خیال رہے قومی اسمبلی کے اسپیکر پہلے ہی سترہ اکتوبر کے لیے نیب کے ہاتھوں گرفتار مسلم لیگی رہنما شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کرچکے ہیں، جس کے بعد اب وہ سترہ اکتوبر کے اجلاس میں شریک ہو سکیں گے۔

    مزید پڑھیں : اسپیکر قومی اسمبلی نے شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کر دیے

    یاد رہے اپوزیشن نے شہباز شریف کی گرفتاری پر قومی اسمبلی کا اجلاس فوراً بلانے کا مطالبہ کیا تھا اور 90 ارکان کے دستخطوں کے ساتھ اجلاس طلب کرنے کی ریکوزیشن جمع کرائی تھی۔

    جس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپوزیشن کی درخواست پر قومی اسمبلی کا اجلاس 17 اکتوبر کو طلب کیا۔

    واضح رہے 5 اکتوبر کو قومی احتساب بیورو نے صاف پانی کیس میں تفتیش کے لیے شہباز شریف کو طلب کیا تھا۔اپوزیشن لیڈر شہباز شریف تفتیش کے لیے آئے تو ان سے آشیانہ سوسائٹی کے حوالے سے بھی پوچھ گچھ کی گئی، جس کے بعد شہباز شریف کو حراست میں لے لیا گیا۔

    قومی احتساب بیورو نے شہباز شریف کی گرفتاری کی بنیادی وجوہات بیان کرتے ہوئے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں کہا تھا کہ شہباز شریف نے بہ طور وزیرِ اعلیٰ پنجاب اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا۔

  • عوام کو جلد تبدیلی نظر آئے گی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

    عوام کو جلد تبدیلی نظر آئے گی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

    صوابی: قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے ضلع صوابی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو تبدیلی جلد نظر آئے گی، وزیرِ اعظم کے 100 دن پلان پر مکمل عمل در آمد ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ وہ اپوزیشن کا احترام کرتے ہیں، ان کی ہر بات سنی جائے گی، اپوزیشن کے مطالبے پر ہی وزیرِ اعظم پارلیمانی کمیٹی کا اعلان کریں گے۔

    اسد قیصر نے مختلف منصوبوں کے بارے میں میڈیا کو بتایا کہ رشکئی انٹر چینج کے قریب اکنامک زون 2 سال میں مکمل ہوگا، اس معاشی زون کے قیام سے صوبے کے عوام کو روزگار ملے گا۔

    قومی اسمبلی کے اسپیکر نے بتایا کہ سعودی سفیر سے سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے سلسلے میں بھی بات کی گئی، خیال رہے کہ سعودی وزیرِ اطلاعات عواد بن صالح العواد تین روزہ دورے پر پاکستان آئے تھے جو آج واپس چلے گئے۔


    یہ بھی پڑھیں:  ن لیگ اور پی پی کے سابقہ حکمرانوں کو آڑے ہاتھوں لیا جائے، وزیرِ اعظم کی ہدایت


    ڈیم فنڈ کے حوالے سے اسپیکر کا کہنا تھا کہ وہ اپنی پہلی تنخواہ ڈیم کی تعمیر کے لیے دے چکے ہیں۔ انھوں نے کہا ’ہر پاکستانی ڈیم کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالے۔‘

    واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے اپنے تمام وزرا کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈیم فنڈ کے سلسلے میں اپنی اپنی سطح پر کام کو تیز تر کریں۔

  • اسپیکر قومی اسمبلی سے ایرانی وزیرخارجہ کی ملاقات، تعلقات کو فروغ دینے کا عزم

    اسپیکر قومی اسمبلی سے ایرانی وزیرخارجہ کی ملاقات، تعلقات کو فروغ دینے کا عزم

    اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ایرانی وفد نے ملاقات کی ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا.

    تفصیلات کے مطابق اس ملاقات میں ایرانی وفد کی قیادت ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کی.

    اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان، ایران میں برادرانہ تعلقات ہیں، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی کے شعبے میں تعاون کوفروغ دینا ہوگا.

    اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان، ایران میں قریبی دوستانہ تعلقات ترقی وخوش حالی کے لئے ناگزیرہیں، پاکستان امت مسلم کےاتحاد پر یقین رکھتا ہے.

    انھوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا.

    مزید پڑھیں: ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف پاکستان پہنچ گئے

    اس موقع پر ایرانی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ایران خطےمیں امن کے لئے پاکستان کا شراکت دار ہے، دہشت گردی، انتہاپسندی کے خلاف پاکستان کی خدمات گراں قدر ہیں.

    جوادظریف نے کہا کہ کشمیر،فلسطین کی آزادی کے لئے پاکستان کے مؤقف کی تائید کرتے ہیں، ایرانی قیادت دوطرفہ تعلقات کومستحکم بنانا چاہتی ہے. ایرانی وزیرخارجہ نے مؤثر طرز حکمرانی کے لئے اداروں کی سطح پر تعاون کوفروغ دینے پر زور دیا.

    اسپیکر نے کشمیر اور فلسطین سے متعلق پاکستانی مؤقف کی تائید پر ایرانی وزیرخارجہ کا شکریہ ادا کیا.

  • اپوزیشن کو جائز مقام دینا میری اولین ترجیح ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

    اپوزیشن کو جائز مقام دینا میری اولین ترجیح ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

    اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے پارلیمانی رہنماؤں سے ٹیلی فونک رابطے کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن کو جائز مقام دینا ان کی اوّلین ترجیحات میں سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے بلاول بھٹو، خورشید شاہ، خالد مقبول صدیقی، طارق بشیر چیمہ، رانا تنویر، اختر مینگل، شیخ رشید، خالد مگسی، اسعد محمود اور شاہ زین بگٹی کو فون کیے۔

    قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے اپوزیشن اور اتحادی رہنماؤں سے فون پر وزیرِ اعظم کے انتخاب کے دوران ایوان کی صورتِ حال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔

    اسد قیصر کا کہنا تھا کہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے، پارلیمان کا تقدس برقرار رکھنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اپوزیشن کو جائز مقام دینا ان کی اوّلین ترجیح ہے۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا ’توقع ہے کہ ایوان پارلیمانی روایات کی احسن انداز میں عکاسی کرے گا، سب کی مشاورت سے ایوان کی کارروائی چلانا میرا اولین فرض ہوگا۔‘


    مزید پڑھیں: ایوان میں باقاعدگی سے آئیں، نو منتخب اسپیکر اسد قیصر کی وزرا کو ہدایت


    پارلیمانی رہنماؤں نے فون پر تبادلۂ خیال کرتے ہوئے اسپیکر اسد قیصر کو اسمبلی کی کارروائی خوش اسلوبی سے چلانے کی یقین دہانی کرا دی۔

    خیال رہے کہ 15 اگست کو تحریک انصاف کے اسد قیصر پیپلز پارٹی کے سید خورشید شاہ کے 146 ووٹوں کے مقابلے میں 176 ووٹ لے کر اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہوگئے تھے۔

    اسپیکر اسد قیصر نے قومی اسمبلی میں قائد ایوان کی کرسی سنبھالتے ہی وزرا کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایوان میں باقاعدگی سے حاضری کو یقینی بنائیں۔

  • ایوان میں باقاعدگی سے آئیں، نو منتخب اسپیکر اسد قیصر کی وزرا کو ہدایت

    ایوان میں باقاعدگی سے آئیں، نو منتخب اسپیکر اسد قیصر کی وزرا کو ہدایت

    اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اور نو منتخب اسپیکر قومی اسمبلی نے وزرا کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایوان میں باقاعدگی سے حاضری کو یقینی بنائیں۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا ’میں نے وزرا کو ہدایات دی ہیں کہ ایوان میں باقاعدگی سے آئیں۔‘

    اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پارلیمان کو مضبوط ادارہ بنایا جائے گا، وزیرِ اعظم خود ایک گھنٹہ سوالوں کے جواب دیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے، ہم سب کو ساتھ لے کر چلیں گے، ملک کے مسائل حل کرنا سب سے اہم ہے، ہمارا مقصد عوام کو ریلیف دینا ہے۔

    قومی اسمبلی کے نو منتخب اسپیکر نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں 170 بل منظور کیے گئے جو ایک مثال ہے، پی ٹی آئی کا ایجنڈا نیا پاکستان ہے، ہم اداروں میں اصلاحات چاہتے ہیں اور اداروں کی مضبوطی پر یقین رکھتے ہیں۔

    تحریک انصاف کے اسد قیصر قومی اسمبلی کے اسپیکر، قاسم خان سوری ڈپٹی اسپیکر منتخب

    خیال رہے کہ آج قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوئی جس میں تحریکِ انصاف کے امیدوار اسد قیصر 176 ووٹ لے کر قومی اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوگئے، ان کا مقابلہ پی پی کے خورشید شاہ سے تھا۔

  • پاکستان کے آئین و قانون کی بقاء کے لیے کام کریں گے، خورشید شاہ

    پاکستان کے آئین و قانون کی بقاء کے لیے کام کریں گے، خورشید شاہ

    اسلام آباد : پی پی پی رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت شہید بے نظیر بھٹوکی شہادت کی وجہ سے ہے، بھرپور کوشش ہوگی جمہوریت کی مضبوطی کے لئے اقدامات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ نے پی ٹی آئی کے اسد قیصر کو اسپیکر قومی اسمبلی منتخب ہونے مبارک دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی کوشش ہوگی پارلیمنٹ کا تقدس بحال رکھے۔

    رہنما پی پی پی خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت شہید بے نظیر بھٹوکی شہادت کی وجہ سے ہے، بے نظیر بھٹو شہید کی قربانی رائیگاں نہ جانے دیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھرپور کوشش ہوگی جمہوریت کی مضبوطی کے لئے اقدامات کریں گے، ہمارے قائدین نے پارلیمنٹ کے تقدس کے لئے جانیں قربان کیں۔

    سابق قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ سابق اسپیکر ایازصادق کا ذکر نہ کروں تو یہ زیادتی ہوگی، سردار ایاز صادق کے کردار کی تعریف کرتا ہوں۔

    پیپلز پارٹی کے رہنما نے مؤقف اختیار کیا کہ ماضی میں بھی کوشش کی گئی پارلیمنٹ مدت پوری نہ کرسکے، کوشش ہوگی پاکستان، آئین اور قانون کے لیے کام کریں، دعا ہے موجودہ پارلیمنٹ بھی اپنے 5 سال پورے کرے۔

    سابق قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ جو لوگ منتخب ہو کر آئے کوشش ہوگی انہیں موقع دیں، بلاول بھٹو کی قیادت میں بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے، بھرپور اپوزیشن کا کردار  ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے۔

  • اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کےسیاسی سفرپرایک نظر

    اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر کےسیاسی سفرپرایک نظر

    تحریک انصاف کے رکن اسد قیصر 176 ووٹ لے کر آئندہ پانچ سال کے لیے قومی اسمبلی کے اسپیکر مقرر ہوگئے ہیں، ان کا شمار تحریک انصاف کے ابتدائی کارکنان میں ہوتا ہے۔

    اسد قیصر تجربہ کار اور منجھے ہوئے سیاستدان ہیں اور گزشتہ حکومتی دور میں خیبرپختونخواہ اسمبلی چلانے کا تجربہ رکھتے ہیں۔ پانچ سال تک اسپیکر کے پی اسمبلی رہنے والے نو منتخب اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، 15 نومبر 1969 کو پختونخوا کے ضلع صوابی میں پیدا ہوئے تھے۔

    انہوں نے ابتدائی تعلیم گورنمنٹ سیکنڈری سکول مرغوز سے حاصل کی اور اس کے بعد یونیورسٹی آف پشاور سے آرٹس میں گریجو ایشن کی۔

    سیاسی کیریئر


    اسد قیصر نے اپنی عملی سیاست کا آغاز جماعت اسلامی اور شباب ملی کے پلیٹ فارم سے کیا تھا۔انہوں نے 1996 میں پارٹی میں شمولیت اختیار کی اوریہاں اپنا سیاسی کیریئر بطور ایک ورکر آگے بڑھایا۔

    اسد قیصر کا شمار تحریک انصاف کے اولین رہنماؤں میں ہوتا ہے،، 1996 میں ہی انہیں تحریک انصاف صوابی کا صدر نامزد کیا گیا تھا۔

    سنہ 2008 میں اسد قیصر کو خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کا صوبائی صدر بھی بنایا گیا اور 2011 تک وہ اس عہدے پر فائز رہے۔ مارچ 2013 میں انہوں نے پارٹی الیکشن جیتا اور عام انتخابات میں این اے 13 اور پی کے 35 کی نشستوں پر صوابی سے حصہ لیا، جس کے نتیجے میں انہوں نے دونوں نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔

    تحریک انصاف کے رہنما نے 2013 کے انتخابات میں صوبائی نشست کو برقرار رکھا، تحریک انصاف کی جانب سے انہیں خیبر پختونخوا ہ اسمبلی چودہویں اسپیکر کے عہدے پر منتخب کیا گیا۔ الیکشن 2018 میں اسد قیصر نے این اے 18 صوابی اور پی کے 44 سے کامیابی حاصل کی۔

    پاکستان کی پندرہویں قومی اسمبلی میں تحریک انصاف نے انہیں اسپیکر کے عہدے کے لیے نامزد کیاا ور وہ 176 ووٹوں سے متحدہ اپوزیشن کے امید وار کو شکست دے کر اسپیکر مقرر ہوئے ہیں۔

  • اسپیکرقومی اسمبلی کے لیے خورشید شاہ نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے

    اسپیکرقومی اسمبلی کے لیے خورشید شاہ نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے

    اسلام آباد : اسپیکرقومی اسمبلی کے لیے پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار سید خورشید شاہ نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے سینئررہنما خورشید شاہ پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے اسپیکرقومی اسمبلی کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

    اسپیکرقومی اسمبلی کے خورشید شاہ کے تجویز کنندگان میں ان کے دوست سید نوید قمر، رمیش لعل، شازیہ ثوبیہ، مسرت مہیسر اور شاہدہ رحمانی شامل ہیں۔

    کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ 25 سال سے پارلیمنٹ میں ہوں اور جتنے اراکین پارلیمنٹ میں آرہے ہیں سب سے اچھا تعلق ہے۔

    خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ساری سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کرچلنا چاہتے ہیں، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کی بالادستی کے لیے بات کی ہے۔

    اسپیکرشپ کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے اسد قیصر اور متحدہ اپوزیشن کے خورشید شاہ کے درمیان کانٹے کے مقابلے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

    قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے عہدے پر بلوچستان سے رکن نامزد

    خیال رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کی جانب سے اسپیکرقومی اسمبلی کے لیے اسد قیصراور ڈپٹی اسپیکر کے لیے قاسم سوری نے اپنے کاغذات نامزدگی سیکریٹری قومی اسمبلی کے پاس جمع کرائے تھے۔

    واضح رہے کہ کل ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران خفیہ رائے شماری کے ذریعے اسپیکروڈپٹی اسپیکر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔