Tag: اسد مجید خان

  • سیکریٹری خارجہ کا اسپین کا دورہ، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور

    سیکریٹری خارجہ کا اسپین کا دورہ، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور

    میڈرڈ: پاکستان اور اسپین کے درمیان پانچویں سالانہ دو طرفہ مشاورت کے دوران دہشت گردی کو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا گیا اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں پاکستان اور اسپین کے درمیان پانچویں سالانہ دو طرفہ مشاورت ہوئی، مشاورت میں تجارت، معیشت اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ مشاورت میں ڈیجیٹلائزیشن، اسٹارٹ اپس اور دیگر شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

    سیکریٹری خارجہ اسد مجید نے دہشت گردی کو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

    ترجمان کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی اسپین کے حکام کو بریف کیا گیا۔

  • وزیر اعظم کا وژن، امریکا میں پاکستانی سفارت خانے میں ای کچہری

    وزیر اعظم کا وژن، امریکا میں پاکستانی سفارت خانے میں ای کچہری

    واشنگٹن: وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے غیر جانب دار اور شفاف گورننس کے وِژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے امریکا میں پاکستانی سفارت خانے میں ای کچہری کا انعقاد کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سفارت خانہ پاکستان واشنگٹن ڈی سی میں وزیر اعظم عمران خان کے شفاف گورننس کے وژن کی عملی تفسیر پیش کرتے ہوئے ای کچہری منعقد کی گئی۔

    ای کچہری میں امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل سنے گئے اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے گئے، کچہری میں امریکا میں مقیم پاکستانیوں اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔

    اس موقع پر سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے لوگوں کو درپیش مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے تجاویز بھی لیں، انھوں نے کہا ای کچہری کا انعقاد ماہانہ بنیادوں پر ہر ماہ کے پہلے ہفتے کے روز کیا جائے گا۔

    سفیر پاکستان کا کہنا تھا امریکا میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کو حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔

  • امریکی انتخابات کوئی بھی جیتے پاکستان کو فرق نہیں پڑتا، اسد مجید خان

    امریکی انتخابات کوئی بھی جیتے پاکستان کو فرق نہیں پڑتا، اسد مجید خان

    واشنگٹن: امریکا میں پاکستانی سفیر اسد مجید خان کا کہنا ہے کہ امریکی انتخابات کوئی بھی جیتے پاکستان کو فرق نہیں پڑتا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں پاکستانی سفیر اسد مجید خان نے صحافیوں سے ملاقات کے دوران پاک امریکا تعلقات، افغانستان کی صورتحال پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک امریکا تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔

    اسد مجید خان نے کہا کہ مائیک پومپیو نے افغانستان میں امن کوششوں پر پاکستان کو سراہا۔پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان کے خیالات میں ہم آہنگی ہے۔

    انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی انتخابات کوئی بھی جیتے پاکستان کو فرق نہیں پڑتا،امریکا کی مقامی سیاست پاکستان پر اثر انداز نہیں ہوگی۔

    واضح رہے کہ تین نومبر کو امریکی ووٹرز اس بات کا فیصلہ کریں گے کہ کیا ڈونلڈ ٹرمپ کو مزید 4 سال کے لیے وائٹ ہاؤس میں رہنا چاہیے یا نہیں۔

    ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے صدر ٹرمپ کو ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار جو بائیڈن کی جانب سے چیلنج ہے، جو بائیڈن اگرچہ 1970 کی دہائی سے امریکی سیاست کا حصہ ہیں مگر ان کی بڑی وجہ شہرت براک اوباما کا نائب صدر ہونا ہے۔

  • سفیر پاکستان کا امریکی اخبار میں مقبوضہ کشمیر پر اہم مضمون

    سفیر پاکستان کا امریکی اخبار میں مقبوضہ کشمیر پر اہم مضمون

    اسلام آباد: سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے امریکی اخبار واشنگٹن ٹائمز میں ایک اہم مضمون میں ایک بار پھر عالمی سطح پر مقبوضہ کشمیر کے المیے کو اجاگر کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسد مجید خان نے اخبار میں لکھا کہ مقبوضہ کشمیر اس وقت ڈبل لاک ڈاؤن کا شکار ہے، اور کشمیری گزشتہ 9 ماہ سے بھارتی حکومت کے ہاتھوں لاک ڈاؤن کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔

    پاکستانی سفیر نے لکھا کہ کرونا وائرس نے مقبوضہ وادی میں صورت حال کو مزید تشویش ناک بنا دیا ہے، مودی سرکار نے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کی انتہا کر دی ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی آبادی کے تناسب کو بدلنے کی بھی کوشش کی۔

    اسد مجید خان نے لکھا بھارتی حکومت نے مسلم اقلیتوں کی شہریت کو ختم کرنے کے لیے نیا قانون پاس کیا، مودی ہندوتوا کے فلسفے پر عمل پیرا ہے، بھارت کو بتدریج ہندو راشٹریہ میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔

    پاکستان کے سفیر نے مضمون میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مصالحت کی پیش کش قبول کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

    خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی مسلسل جاری ہے، گزشتہ روز بھی پلواما اور شوپیاں میں بھارتی فورسز نے نام نہاد سرچ آپریشن کیا، کشمیری میڈیا کے مطابق بھارتی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کیا اور متعدد نوجوانوں کو گرفتار کر لیا، اور گھروں میں گھس کر خواتین سے بدتمیزی کی۔ بھارتی فوج نے اس سے ایک روز قبل 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا۔

  • کورونا وائرس ، امریکا میں 2 کروڑ سے زائد افراد بے روزگار ہوگئے

    کورونا وائرس ، امریکا میں 2 کروڑ سے زائد افراد بے روزگار ہوگئے

    واشنگٹن : امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اسد مجید خان نےکہاہےکہ امریکا میں 2 کروڑ 20 لاکھ افراد بے روزگار ہوگئے، یہ بے روزگاری امریکی معیشت پردور رس اثرات مرتب کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکامیں پاکستان کے سفیرڈاکٹراسدمجیدخان نے سرکاری ٹی وی کوانٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ مہلک وائرس سے نیویارک، نیوجرسی سب سے زیادہ متاثرہوئے ہیں، پاکستانیوں کی تعداد ان ریاستوں میں زیادہ ہے۔

    ڈاکٹراسدمجیدخان کا کہنا تھا کہ سفارتخانہ،قونصلیٹ امریکا میں موجودپاکستانیوں سےمسلسل رابطےمیں ہیں اور تارکین وطن ہماری اولین ترجیح ہیں، سفارتخانہ اور قونصلیٹ ہم وطنوں کوہرممکن مددفراہم کررہاہے،امریکامیں اس وقت سات سوپچاس پاکستانی واپس جانا چاہتے ہیں۔

    پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ امریکامیں22ملین افرادبےروز گارہوگئے ہیں ، بےروزگاری کے امریکی معیشت پردوررس اثرات مرتب ہوں گے۔

    خیال رہے امریکا میں کورونا وائرس 34 ہزار 641 افراد کی زندگیاں نگل گیا اور متاثرین کی تعداد 6 لاکھ 78 ہزار سے زائد ہوگئی ہے جبکہ نیویارک میں وائرس سے 16 ہزارافراد جان سےچلےگئے اور2 لاکھ 26 ہزارسےزیادہ افراد متاثرہیں۔

    معیشیت کے بحران سے پریشان صدرٹرمپ کا کہنا ہے کہ ملک کو کھول رہے ہیں۔ ریاستوں کو باری باری کھولاجائےگا، کچھ ریاستیں جلد کھل جائیں گی،کچھ کو وقت لگے گا جبکہ معیشت کی بحالی تین مراحل پرمشتمل ہوگی۔امریکی صدر نے چین اورعالمی ادارہ صحت سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ وائرس سے متعلق مناسب انداز سے خبردارنہیں کیا گیا۔

    امریکا میں کورونا وائرس کے باعث دو کروڑ سے زیادہ افراد بیروز گارہوئے ہیں تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ شرح دگنی ہو سکتی ہے۔

  • امریکا سے طویل المدتی، پائیدار تعلقات کے خواہاں ہیں: پاکستانی سفیر

    امریکا سے طویل المدتی، پائیدار تعلقات کے خواہاں ہیں: پاکستانی سفیر

    بوسٹن: امریکا میں متعین پاکستانی سفیر اسد مجید خان نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا سے طویل المدتی، پائیدار اور وسیع البنیاد تعلقات کا خواہاں ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا ہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے یک جہتی کشمیر ویک کے سلسلے میں بوسٹن کے دورے کے موقع پر کیا، اسد مجید نے بوسٹن یونی ورسٹی کے گلوبل اسٹیڈیز کے ممبران سے ملاقات کی، پاکستانی سفیر نے ٹفٹس یونی ورسٹی کے طلبہ، اسکالرز اور فیکلٹی ممبران سے بھی ملاقاتیں کیں۔

    پاکستانی سفیر اسد مجید نے پاک امریکا تعلقات، خطے میں حالیہ پیش رفت پر اپنا نقطہ نظر پیش کیا، انھوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اور انسانی صورت حال کی ابتری پر بھی روشنی ڈالی، اسد مجید نے امریکی صدر اور وزیر اعظم عمران خان کی ملاقاتوں سے بھی گلوبل اسٹڈیز کے ممبران کو آگاہ کیا۔

    اسد مجید نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا ہوگا، سلامتی کونسل نے چند ماہ کے دوران تین بار تنازع کشمیر کا نوٹس لیا، مقبوضہ وادی میں 6 ماہ سے غیر انسانی لاک ڈاؤن جاری ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستانی سفیر کا دورہ یک جہتی کشمیر ویک کے حوالے سے جاری سرگرمیوں کا حصہ ہے۔

  • امریکا کی سفری ایڈوائزری میں بہتری سیکیورٹی صورتحال کا اعتراف ہے: اسد مجید خان

    امریکا کی سفری ایڈوائزری میں بہتری سیکیورٹی صورتحال کا اعتراف ہے: اسد مجید خان

    فلاڈلفیا: امریکا میں پاکستانی سفیر اسد مجید خان کا کہنا ہے کہ امریکا کی سفری ایڈوائزری میں بہتری سیکیورٹی صورتحال کا اعتراف ہے، پاکستان میں سیاحت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی شہر فلاڈلفیا میں پاکستانی سفیر اسد مجید خان نے پاکستانی ڈاکٹرز کی تنظیم ’اپنا‘ کے اجلاس سے خطاب کیا۔ پاکستانی سفیر نے پاک امریکا تعلقات میں حالیہ پیشرفت پر شرکا کو بریف کیا۔

    اسد مجید نے وزیر اعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ ملاقاتوں کے حوالے سے آگاہ کیا جبکہ شرکا کو پاکستانی معیشت اور سلامتی کی صورتحال پر بھی بریف کیا گیا۔

    پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ دو طرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے ’اپنا‘ کی خدمات کو سراہتے ہیں، امریکا کی سفری ایڈوائزری میں بہتری سیکیورٹی صورتحال کا اعتراف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور کینیڈا سمیت دیگر ممالک نے بھی سفری پالیسی پر نظر ثانی کی، پاکستان میں سیاحت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کر رہے ہیں۔

    اسد مجید خان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں بھارت نے کشمیریوں کو قیدی بنا رکھا ہے، مقبوضہ کشمیر میں کشمیری بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں مظالم رکوانے کے لیے کردار ادا کرے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر اسد مجید خان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر پر مرکوز ہے، امریکی صدر بھی اس مسئلے پر سنجیدہ ہیں۔ کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت ملنا چاہیئے۔

  • پاکستان پوری دنیا کے لیے ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے: اسد مجید خان

    پاکستان پوری دنیا کے لیے ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے: اسد مجید خان

    واشنگٹن: امریکا میں پاکستانی سفیر اسد مجید خان کا کہنا ہے کہ پاکستان پوری دنیا کے لیے ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے، دنیا پاکستان کے سافٹ امیج کو دیکھ رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی دارالحکومت واشنگٹن کی رونلڈ ریگن بلڈنگ میں سالانہ ثقافتی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ نمائش میں پاکستان کا اسٹال بھی موجود تھا۔

    نمائش میں 60 ممالک کے سفارتخانوں کی جانب سے اسٹالز لگائے گئے۔

    پاکستانی اسٹال پر شرکا کو پاکستانی سیاحت، فنون لطیفہ اور ثقافت سے روشناس کروایا گیا۔ امریکا میں پاکستانی سفیر اسد مجید خان نے بھی پاکستانی اسٹال کا دورہ کیا۔

    اس موقع پر پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان پوری دنیا کے لیے ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے، دنیا پاکستان کے سافٹ امیج کو دیکھ رہی ہے۔

    اسد مجید خان نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیاحت فروع پا رہی ہے، پاکستانی لباس، زیورات اور پکوان دنیا بھر میں پسند کیے جاتے ہیں۔

    اس سے قبل کیلیفورنیا میں انویسٹ ان پاکستان نامی سمٹ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسد مجید خان نے کہا تھا کہ پاکستان ٹیک سیکٹر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارتی قوانین میں اصلاحات لائی جارہی ہیں۔

  • پاکستان ٹیک سیکٹر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں: اسد مجید خان

    پاکستان ٹیک سیکٹر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں: اسد مجید خان

    نیویارک: پاکستانی سفیر اسد مجید خان کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیک سیکٹر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارتی قوانین میں اصلاحات لائی جارہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا میں انویسٹ ان پاکستان نامی سمٹ کا انعقاد ہوا۔ سمٹ میں امریکا بھر سے آئی ٹی ماہرین نے شرکت کی۔

    سمٹ میں مائیکرو الیکٹرونکس، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ اور گیمنگ پر تفصیلی گفتگو کی جبکہ میڈیکل انوویشن، آرٹیفشل انٹیلی جنس کے موضوع پر بھی ماہرین نے روشنی ڈالی۔ امریکی آئی ٹی کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

    پاکستانی سفیر اسد مجید خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیک سیکٹر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارتی قوانین میں اصلاحات لائی جارہی ہیں۔

    اس سے قبل ایک موقع پر اسد مجید خان کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ وادی کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا ہے، امریکا سمیت عالمی برادری کشمیر کو متنازعہ علاقہ تسلیم کرتی ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ کشمیر کا مسئلہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں شامل ہے، مقبوضہ کشمیر میں مکمل طور پر لاک ڈاؤن ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں فوج کی تعداد میں حالیہ اضافہ کیا۔

  • آزاد مبصرین کو مقبوضہ وادی میں بھیجا جائے، اسد مجید خان

    آزاد مبصرین کو مقبوضہ وادی میں بھیجا جائے، اسد مجید خان

    واشنگٹن: امریکا میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹراسد مجید خان کا کہنا ہے کہ بھارتی رویے سے پیدا شدہ حالات امن اور سیکورٹی کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں بل رن پارک میں یوم آزادی پاکستان فیسٹول کا انعقاد ہوا جس میں بڑی تعداد میں پاکستانی نژاد امریکیوں نے شرکت کی۔ شرکا نے بھارتی مظالم کا سامنا کرنے والے کشمیری بھائیوں،بہنوں سے اظہار یکجہتی کی۔

    پاکستانی سفیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکی صورت حال ایک سنگین انسانی المیے میں بدل رہی ہے، بھارتی رویے سے پیدا شدہ حالات امن اور سیکورٹی کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔

    اسد مجید خان نے کہا کہ آزاد مبصرین کو مقبوضہ وادی میں بھیجا جائے، بھارت کو حالیہ اقدام واپس لینے پر مجبور کیا جائے۔

    اقوام متحدہ کو بھارت کے خلاف سخت کارروائی کرنا ہوگی، اسد مجید خان

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکا میں تعینات پاکستان کے سفیرڈاکٹر اسد مجید خان نے امریکی پالیسی ساز اداروں کو کشمیر کی صورت حال پر بریفنگ دی۔ تھی پاکستانی سفیر نے امریکی نمائندوں کو مقبوضہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف سے آگاہ کیا تھا۔

    ڈاکٹراسد مجید خان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی عوام بھارتی ظلم وستم کا شکار ہے، مسئلے کے حل کے لیے عالمی قوتوں، اداروں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو بھارت کیخلاف سخت کارروائی کرنا ہوگی۔

    پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ مسئلہ کشمیرپر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش پر آگے بڑھا جائے۔