Tag: اسرائیلی بمباری

  • اسرائیلی فوج کی غزہ کے اسکولوں پر بمباری، 50 فلسطینی شہید، متعدد زخمی

    اسرائیلی فوج کی غزہ کے اسکولوں پر بمباری، 50 فلسطینی شہید، متعدد زخمی

    شمالی غزہ میں اسرائیلی فوج کی 2 اسکولوں پر بمباری کے باعث 50 فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے درجنوں ٹینک،بکتر بند گاڑیاں اور بلڈوزر خان یونس پہنچا دیے ہیں جبکہ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے خلاف کارروائی کے نام پر زمینی جنگ کا دائرہ جنوبی غزہ تک بڑھا دیا گیا ہے۔

    غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 700 فلسطینی شہید کیے گئے۔

    شمالی غزہ میں اسرائیلی فوج نے 2 اسکولوں پر بمباری کی جس کے باعث 50 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے، اسکولوں میں سیکڑوں بے گھر فلسطینیوں نے پناہ لی ہوئی تھی۔

    اسرائیل نے مین فائبر روٹس کاٹ دیے جس کی و جہ سے غزہ میں لینڈ لائن، موبائل اور انٹرنیٹ سروس ایک بار پھر معطل ہو گئی جبکہ اسرائیلی فوج نے حماس کے 200 سے زائد ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

    اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو علاقہ چھوڑنے کا حکم دیا ہے، جبکہ عالمی ادارہ صحت کو بھی 24 گھنٹوں میں جنوبی غزہ میں گودام چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    اسرائیلی فوج کی جانب سے مغربی کنارے سمیت جینن، سلواد، جفنا، جلازوم، قلقلیا اور ہبرون میں چھاپے مارے گئے اور متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

    اسرائیل کا غزہ میں زیر زمین سرنگوں کے حوالے سے نیا منصوبہ سامنے آ گیا

    وائٹ ہاؤس نیشنل سکیورٹی مشیر کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ امید ہے اسرائیل نے غزہ میں رہائشی ‘no-strike’ زونز کی شناخت کر لی ہو گی۔

  • غزہ پر اسرائیلی بمباری تاحال جاری، جنگ کا دائرہ پھیلنے کا امکان

    غزہ پر اسرائیلی بمباری تاحال جاری، جنگ کا دائرہ پھیلنے کا امکان

    سات روزہ جنگ بندی کے بعد اسرائیل کی جانب سے غزہ پر دوبارہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ اسرائیلی فوج نے جنگ کا دائرہ خطے میں پھیلانے کی کوشش شروع کرتے ہوئے شام کے دارالحکومت دمشق کے مضافاتی علاقے اور لبنانی سرحد پر بھی حملے کئے۔

     بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی افواج کی جانب سے لبنانی سرحد پر بھی بمباری کی گئی جس میں 3 لبنانی شہریوں کے شہید ہونے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں، حزب اللہ نے بھی اسرائیلی حملوں کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایک گھنٹے میں اسرائیل پر پانچ حملے کردیے۔

     روس کا دمشق پر اسرائیلی حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ دمشق پر اسرائیلی حملہ شام کی خودمختاری کی خلاف ورزی اورعالمی قانون کی خلاف ورزی ہے۔

     اسرائیلی افواج نے ایک بار پھر غزہ میں سات روزہ جنگ بندی کے بعد شدید بمباری کا سلسلہ شروع کردیا ہے، اسرائیلی بمباری سے 3 صحافیوں سمیت 184 افراد شہید جبکہ 6 سو زخمی ہوگئے۔

     اسرائیل نے خان یونس اور رفاح سمیت مختلف علاقوں میں 2 سو سے زائد مقامات کو نشانہ بنایا، اسرائیل نے رفاح کے راستے فلسطینیوں کی امداد بھی روک دی ہے۔

     حماس نے بھی غزہ پر اسرائیلی حملوں کے جواب میں اسرائیلی شہروں پردرجنوں جوابی راکٹ حملے کیے جس کے باعث تل ابیب میں بھی سائرن بج اٹھے۔

     ادھر اسرائیلی افواج نے حملے کرکے خود اپنے ہی یرغمالی شہریوں کو بھی قتل کردیا، اسرائیل نے حماس کی قید میں موجود 6 یرغمالیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔

  • ویڈیو: غزہ کا موسم بدل گیا

    ویڈیو: غزہ کا موسم بدل گیا

    غزہ: گزشتہ رات فلسطین کے محصور شہر غزہ پر جہاں ایک طرف صہیونی فورسز کی جانب سے بمباری جاری تھی وہاں دوسری طرف بارش بھی برسنے لگی۔

    تفصیلات کے مطابق صہیونی فورسز کی وحشیانہ بمباری کی زد پر رہنے والے شہر غزہ میں لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے، گزشتہ رات اچانک بارش شروع ہونے کے بعد موسم بدل گیا ہے اور سردی میں اضافہ ہو گیا۔

    غزہ میں اسرائیلی طیاروں کی خوف ناک بمباری کے دوران لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں، جس کی وجہ سے بارش کے بعد سردی اور ٹھنڈی ہوائیں مظلوم فلسطینیوں کی مشکلات میں اضافہ کر رہی ہیں۔

    گزشتہ رات شدید بارش اور سرد موسم کے درمیان غزہ پٹی کے جنوب میں واقع رفح میں اسرائیلی بمباری میں 17 سے زیادہ معصوم شہریوں کا بے دردی سے قتل کیا گیا۔

    بے گھر، بے یار و مددگار، مشکلات، مسائل اور تاریخ کے بدترین بحران سے نبرد آزما غزہ کے عوام کی صورت حال دیکھنے والوں کو غم زدہ کر رہی ہے۔

  • الشفاء اسپتال کا  ڈاکٹر حمام اللّٰہ اسرائیلی بمباری میں اہلِ خانہ سمیت شہید

    الشفاء اسپتال کا ڈاکٹر حمام اللّٰہ اسرائیلی بمباری میں اہلِ خانہ سمیت شہید

    غزہ : الشفاء اسپتال سے وابستہ ڈاکٹر حمام اللّٰہ اسرائیلی بمباری میں اہلِ خانہ سمیت شہید ہوگئے، اپنے آخری انٹرویو میں شہید ڈاکٹر نے کہا تھا کہ مریضوں کو چھوڑکر نہیں جاوں گا،انہیں میری ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق غزہ میں صورتحال بد سے بدتر ہورہی ہے اور مریضوں کو تنہا نہ چھوڑنے والے ڈاکٹر بھی شہید ہورہے ہیں۔

    الشفاء اسپتال سے وابستہ ڈاکٹر حمام اللّٰہ اسرائیلی بمباری میں اہلِ خانہ سمیت شہید ہوگئے، چھتیس سالہ ڈاکٹر حمام اللّٰہ نے اسرائیلی دھمکیوں کی پرواہ کیے بغیر زخمی فلسطینیوں کے علاج کو ترجیح دی۔

    اپنے آخری انٹرویو میں شہید ڈاکٹر نے کہا تھاکہ مریضوں کو چھوڑکر نہیں جاؤں گا،انہیں میری ضرورت ہے۔

    خیال رہے الشفااسپتال میں اسرائیلی فورسز کا دھاوا برقرارہے، اسرائیلی فورسز نےمسلسل چوتھے روز بھی الشفا اسپتال پرقبضہ کررکھا ہے۔

    اقوام متحدہ کےمطابق ایک ہفتے میں بجلی نہ ہونے سےالشفا اسپتال میں چار بچوں سمیت چالیس مریض جان سے گئے، الشفا اسپتال کے منیجر کا کہنا ہےکہ ہم تباہ ہورہے ہیں، جنگ روکی جائے۔

    واضح رہے عالمی برادری غزہ میں تینتالیسویں روز بھی اسرائیلی بمباری روکنے میں ناکام ہے، رات بھراسرائیلی فورسزغزہ کی پٹی پر بم برساتی رہیں۔

    خان یونس میں بمباری سےمزیدچھبیس فلسطینی شہید ہوگئے، جس میں اکثریت بچوں کی تھی جبکہ النصرت میں رہائشی عمارت پر بمباری کی گئی ، جس میں بیس فلسطینی شہیدہوئے اور ہزاروں افراد ملبے تلےدب گئے۔

    غزہ پر اسرائیل کی بمباری اور زمینی حملوں میں اب تک کم از کم 12,000 فلسطینی جانیں کھو چکے ہیں، جن میں 5,000 بچے اور 3,300 خواتین شامل ہیں، جب کہ 30 ہزار زخمی ہوئے اور 3750 لا پتا ہیں۔

  • مراکش میں تین لاکھ افراد سراپا احتجاج، نیویارک میں اسرائیلی بمباری کے خلاف مین ہٹن پُل پر نماز کی ادائیگی

    مراکش میں تین لاکھ افراد سراپا احتجاج، نیویارک میں اسرائیلی بمباری کے خلاف مین ہٹن پُل پر نماز کی ادائیگی

    غزہ میں صہیونی بربریت کے خلاف دنیا بھر میں مظاہرے جاری ہیں، گزشتہ روز بھی مراکش میں تین لاکھ افراد سراپا احتجاج بنے، اور نیویارک میں اسرائیلی بمباری کے خلاف مین ہٹن پُل پر نماز ادا کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے، امریکا، برطانیہ، جاپان، میکسیکو اور ایمسٹرڈیم میں احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں، مراکش میں تین لاکھ افراد نے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری کے خلاف صدائے احتجاج بلند کیا۔

    برطانوی شہر ایڈنبرا میں بھی ننھی بچی غزہ میں معصوم بچوں کے حق میں بول پڑی کہا ’’بچوں کو مارنا بند کرو‘‘ جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں سیکڑوں شہری سڑکوں پر نکلے اور عالمی برادری سے حماس اسرائیل جنگ بندی کرانے کی اپیل کی۔

    جنوبی امریکی ملک چلی میں بھی فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ہزاروں لوگوں نے احتجاج کیا، امریکی شہر نیویارک میں غزہ میں اسرائیلی بمباری کے خلاف ہزاروں لوگوں نے احتجاج کیا اور مسلمانوں نے مین ہٹن پُل پر نماز ادا کی، مظاہرین ’ون ٹو تھری فور آکیوپیشن نو مور‘ اور ’اسرائیل دشت گرد ریاست ہے‘ کے نعرے لگاتے رہے، ایمسٹرڈیم میں بھی سینٹرل اسٹیشن پر ہزاروں لوگ جمع ہوئے اور آزاد فلسطین اور جنگ بندی کا مطالبہ دہراتے رہے۔

    دوسری طرف صدر بائیڈن نے ایک بار پھر اسرائیلی وزیر اعظم سے فون پر جنگ میں وقفے کی بات کی، مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے سربراہ ولیم برنس سے ملاقات کی، اور غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور دیا۔ غزہ کی صورت حال پر او آئی سی کا اجلاس اتوار کو جدہ میں ہوگا، متحدہ عرب امارات نے غزہ میں 150 بستروں پر مشتمل فیلڈ اسپتال قائم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

  • ’کاش میرا دل ان کے دل جیسا ہوتا‘ غزہ سے واپسی پر امریکی نرس کا سی این این کو دل دہلا دینے والا انٹرویو

    ’کاش میرا دل ان کے دل جیسا ہوتا‘ غزہ سے واپسی پر امریکی نرس کا سی این این کو دل دہلا دینے والا انٹرویو

    دنیا کے سب سے بڑے محصور شہر غزہ میں صہیونی بربریت کے ہاتھوں انسانیت مٹتی جا رہی ہے، اور دنیا بھر کے لوگ رنگ و نسل، اور مذہب سے مبرا ہو کر اس پر چیخ اٹھے ہیں، ایک امریکی نرس نے بھی غزہ میں خدمات انجام دینے کے بعد واپسی پر اپنا دل کھول کر رکھ دیا ہے۔

    لہو لہو فسلطینی شہر غزہ میں ’ڈاکٹرز وِد آؤٹ بارڈرز‘ کے تحت کام کرنے والی ایک نرس ایملی کالہان نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو انٹرویو میں منگل کو کہا ’’ان کا دل ابھی بھی غزہ ہی میں ہے، غزہ کے شہری بہترین لوگ ہیں۔‘‘

    غزہ پر اسرائیلی وحشیانہ بمباری نے امریکی نرس کو جذباتی کر دیا، غزہ کے لوگوں کی بہادری اور بلند حوصلوں پر بولیں کہ کاش ان کا دل بھی غزہ کے لوگوں کے دل جیسا ہوتا۔

    گزشتہ ہفتے امریکا لوٹنے والی نرس نے کہا ’’اپنی جان کی پروا کیے بغیر طبی عملہ غزہ میں رکا ہے، اور میرا دل ابھی بھی غزہ میں ہے، غزہ کے شہری بہترین لوگ ہیں، کاش میرا دل بھی ان کے دل جیسا ہوتا۔‘‘ انھوں نے کہا کہ جو طبی عملہ غزہ میں رہ گیا ہے اسے معلوم ہے کہ اسرائیلی حملوں کے سبب ان کی جانوں کو بھی خطرہ ہے، لیکن پھر بھی انھوں نے غزہ میں رہنے کو ترجیح دی۔

    امریکی نرس ایملی نے تقریباً ایک ماہ تک غزہ میں کام کیا، انھوں نے انٹرویو میں ان خوفناک حالات کے بارے میں بات کی جس میں فلسطینی شہری زندگی گزار رہے ہیں۔ انھوں نے کہا ’’مجھے واضح طور پر راحت کا احساس ہے کہ میں گھر ہوں اور میں اپنے خاندان کے ساتھ ہوں اور 26 دنوں میں پہلی بار خود کو محفوظ محسوس کر رہی ہوں۔ لیکن میں اس بات میں کوئی خوشی محسوس نہیں کر رہی ہوں، کیوں کہ میرا محفوظ رہنا لوگوں کو پیچھے چھوڑ آنے کا نتیجہ ہے۔‘‘

    فلسطینی بچوں نے دنیا تک اپنی آواز پہنچانے کے لیے پریس کانفرنس کر ڈالی

    ایملی کالہان نے بتایا کہ وہ اپنی ٹیم کے ساتھ جنوب میں ایک پناہ گزین کیمپ میں منتقل ہوئی، اس کیمپ میں 35,000 بے گھر لوگ مقیم تھے اور اب اس کیمپ میں 50,000 لوگ پناہ لینے پر مجبور ہیں، یہاں وسائل کی اتنی کمی تھی کہ لوگوں کو ہر 12 میں سے صرف 2 گھنٹے پانی تک رسائی حاصل تھی۔ ایملی نے کہا اسپتال بھرے ہوئے تھے اور لوگوں کو علاج کے فوراً بعد ڈسچارج کرنا پڑتا تھا، اس لیے لوگ بالخصوص بچے بغیر صحت یاب ہوئے، جلنے اور دیگر تازہ زخموں کے ساتھ کیمپ میں ادھر ادھر گھومتے دکھائی دیتے تھے۔

    ایملی نے اپنے فلسطینی ساتھیوں کی بے مثال قربانی کے حوالے سے کہا کہ اگر وہ نہ ہوتے تو ہم ایک ہفتے کے اندر مر جاتے، ایملی نے کہا فلسطینی ساتھیوں نے غیر ملکی ڈاکٹروں اور نرسوں کے زندہ رہنے کے لیے بڑی قربانیاں دیں، سپلائی ختم ہونے پر ہمارے لیے خوراک اور پانی تلاش کر کے دیتے تھے اور انخلا کے وقت بسوں پر محفوظ لے جانے کے لیے جانیں خطرے میں ڈالتے تھے۔

  • اداکارہ عائزہ خان بھی غزہ میں اسرائیلی بمباری کے خلاف بول پڑیں

    اداکارہ عائزہ خان بھی غزہ میں اسرائیلی بمباری کے خلاف بول پڑیں

    کراچی: شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عائزہ خان نے بھی اسرائیلی جارحت کے خلاف مظلوم فلسطینیوں کے حق میں بول پڑیں۔

    اسرائیل کے غزہ پر وحشیانہ حملہ جاری ہے، ایک ماہ سے جاری اسرائیلی جارحیت میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 10ہزار 328 ہو گئی۔

    شہدا میں 4 ہزار 237 بچے اور 2 ہزار 719 خواتین شامل ہیں، فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں زخمی فلسطینیوں کی تعداد 26 ہزار ہو گئی۔

    دوسری جانب اسرائیل کی فلسطین پر دہشتگردی کے خلاف دُنیا بھر کے فنکار اپنی آواز بلند کررہے ہیں اور فوری طور پر غزہ میں جنگ بند کا مطالبہ بھی کررہے ہیں۔

    تاہم اب پاکستان کی معروف اداکارہ عائزہ خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں جائے نماز کی تصویر شیئر کی اور کہا کہ اس کنکشن کو کسی انٹرنیٹ کنکشن کی ضرورت نہیں ہے۔

     

    اداکارہ نے اپنی اسٹوری کچھ ہیش ٹیگز کا بھی استعمال کیا جن میں لکھا تھا کہ انسانیت کے لیے، فلسطین کے لیے، دُنیا کے لیے اور امن کے لیے دُعا کررہی ہوں۔

    اُنہوں نے اپنی ایک اور اسٹوری میں غزہ کے بچوں کی تصویر ری شیئر کی اور لکھا کہ ’’یااللہ رحم‘‘۔

    واضح رہے کہ عائزہ خان کو اسرائیل فلسطین کشیدگی پر خاموش رہنے پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

     اداکارہ کے انسٹاگرام پر 13 ملین سے زائد فالوورز ہیں، سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ وہ عائزہ خان کا بائیکاٹ کررہے ہیں اور اُنہیں سوشل میڈیا سے اَن فالو کررہے ہیں۔

    صارفین کی تنقید کے بعد بالآخر عائزہ خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاوْنٹ کی اسٹوری میں فلسطین کے حق میں پوسٹ کردی ہے۔

  • اسرائیلی بمباری سے فلسطینی  صحافی خاندان کے 42 افراد سمیت شہید

    اسرائیلی بمباری سے فلسطینی صحافی خاندان کے 42 افراد سمیت شہید

    غزہ : اسرائیلی بمباری میں فلسطینی نیوز ایجنسی کے صحافی محمد ابو حسیرہ خاندان کے 42 افراد سمیت شہید ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیلی بمباری سے ایک اور فلسطینی صحافی شہادت کے مرتبے پر فائز ہوگئے، رات بھر غزہ پر صہیونی فوج کی بمباری کے نتیجے میں نیوزایجنسی وفا کے صحافی محمد ابو حسیرہ بھی جان سے گئے۔

    اسرائیلی حملے میں ان کے بیٹوں، بھائیوں سمیت خاندان کے 42 افراد شہید ہوئے۔

    صحافیوں کی تنظیم کمیٹی تو پروٹیکٹ جرنلسٹ کا کہنا ہے کہ ایک ماہ کے دوران غزہ میں سینتیس صحافی اسرائیلی دہشتگردی کا نشانہ بنے جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

    دوسری جانب سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ چارہفتوں میں اتنے صحافی مارے جاچکے ہیں، جتنےتین دہائیوں کے کسی تنازع میں بھی نہیں مرے، اتنی بڑی تعداد میں اقوام متحدہ کے امدادی کارکنان بھی کبھی ہلاک نہیں ہوئے۔

    خیال رہے صہیونی فوج کی بمباری سےغزہ کی آدھی عمارتیں تباہ اور ستر فیصد آبادی بےگھر ہوگئی ہے جبکہ غزہ کے پینتیس میں سے سولہ اسپتال پہلےہی بند ہیں۔

    صہیونی فورسزنے المغازی اور الشاطی پناہ گزین کیمپوں پر بم برسائے جبکہ رفح اور خان یونس میں بمباری سے تیس فلسطینی شہید ہوگئے۔

    ایک ماہ میں شہادتوں کی تعداد دس ہزارسےزائدہوگئی، ہر گھنٹے چھ بچے اور پانچ خواتین شہید ہو رہی ہیں۔

    Remarks: اسرائیلی بمباری سےغزہ کاصحافی خاندان کے42افرادسمیت شہید صحافی ابوحسیرہ کےبیٹےاوربھائیوں سمیت ساراخاندان شہیدہوگیا ایک ماہ میں37صحافی اسرائیلی دہشت گردی کاشکارہوچکےہ

  • غزہ میں اسپتال، ایمبولینس اور اسکولوں پر بمباری، شہید فلسطینیوں کی تعداد 10 ہزار سے بڑھ گئی

    غزہ میں اسپتال، ایمبولینس اور اسکولوں پر بمباری، شہید فلسطینیوں کی تعداد 10 ہزار سے بڑھ گئی

    اسرائیلی فورسز کی بربریت میں مزید شدت آ گئی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صہیونی فورسز نے غزہ میں اسپتال، ایمبولینس اور اسکولوں پر بمباری کی، جس میں 100 سے زیادہ فلسطینی شہید ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 29 روز میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، غزہ میں گزشتہ روز الشفا اسپتال کے مرکزی دروازے پر بمباری سے درجنوں افراد شہید ہوئے، جب کہ فلسطینی زخمیوں کو مصر لے جانے والی ایمبولینس پر بھی اسرائیلی فوج نے حملہ کیا۔

    غزہ میں اسکول پر اسرائیلی بمباری میں 20 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوئے، شمال سے جنوب نقل مکانی کرنے والوں پر بھی بمباری کی گئی جس کے باعث 14 افراد شہید ہو گئے جب کہ خان یونس میں گھر پر حملے میں ایک خاندان کے 5 افراد شہید ہوئے۔

    دوسری طرف حماس نے اسرائیلی فوج کے ساتھ بیت الحنون میں شدید مقابلے کی ویڈیو جاری کر دی، جس نے اسرائیلی فوج کے جھوٹ کو بے نقاب کر دیا، اسرائیلی فوج نے بیت الحنون پر کنٹرول حاصل کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

    ادھر دنیا بھر میں اسرائیلی فورسز کی بربریت کو روکنے کے لیے لوگ سڑکوں پر نکل رہے ہیں، اور یک آواز ہو کر مطالبہ کر رہے ہیں کہ غزہ میں قتل عام روکا جائے، فوری جنگ بندی کی جائے، امریکی ریاست اوریگن کے شہر پورٹ لینڈ میں مظاہرین اسرائیل جانے والے بحری جہاز پر چڑھ گئے اور احتجاج کیا، مظاہرین نے دعویٰ کیا کہ اس جہاز میں ہتھیار ہیں جو اسرائیل بھیجے جا رہے ہیں۔

    ارجنٹینا میں ہزاروں سماجی کارکنوں نے ریلی نکالی اور فلسطین میں اسرائیلی فورسز کی جارحیت کو روکنے کا مطالبہ کیا، آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں غزہ میں شہید ہونے والوں کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں، مظاہرین نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

  • غزہ میں ایک اور ہولناک رات، شہید فلسطینیوں کی تعداد 8 ہزار ہو گئی

    غزہ میں ایک اور ہولناک رات، شہید فلسطینیوں کی تعداد 8 ہزار ہو گئی

    غزہ: فلسطینیوں پر ایک اور ہولناک رات گزر گئی، اسرائیلی طیاروں نے غزہ میں مزید 53 مقامات پر بم برسائے جس سے 377 شہری شہید ہو گئے ہیں، ترجمان حماس نے جنگ کو ہولوکاسٹ سے بڑھ کر قرار دے دیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 7 اکتوبر سے جاری بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 8 ہزار ہو گئی ہے، 3 ہزار 600 بچے بھی شہید ہونے والوں میں شامل ہیں، جب کہ 22 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔

    اسرائیل کی جانب سے حماس کے فضائی آپریشن کے سربراہ سمیت کئی کارکنان کو شہید کرنے کا دعویٰ سامنے آ رہا ہے، دوسری طرف حماس اور حزب اللہ نے جوابی کارروائیوں میں اسرائیلی فوج کے ٹھکانوں پر حملے کیے، اور اسرائیلی فوج کے بکتر بند اور گاڑیاں تباہ کر دیں۔

    ترجمان حماس ابو عبیدہ کا کہنا ہے کہ اس جنگ کو فیصلہ کُن معرکہ سمجھیں اور ہمارے ساتھ اٹھیں، غزہ میں اسرائیلی جارحیت ہولوکاسٹ سے بڑھ کر ہے۔

    الجزیرہ کے مطابق اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس کی زمینی فوج غزہ کے اندر لڑ رہی ہے اور جنگ شروع ہونے کے بعد سے محصور علاقے کو شدید ترین بمباری کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ اس کے جنگجو مختلف مقامات پر ڈٹ کر اسرائیلی فوجیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔

    انسانی ہمدردی کے لیے کام کرنے والے گروپ سیو دی چلڈرن کا کہنا ہے کہ 10 لاکھ سے زیادہ فلسطینی بچے اور ان کے والدین محصور غزہ میں ایک وحشت ناک زندگی گزار رہے ہیں۔