Tag: اسرائیلی جارحیت

  • غزہ میں اسرائیلی جارحیت، سیلینا گومز نے کیا فیصلہ کیا؟

    غزہ میں اسرائیلی جارحیت، سیلینا گومز نے کیا فیصلہ کیا؟

    امریکی گلوکارہ و اداکارہ سیلینا گومز نے غزہ کی صورتحال پر دلبرداشتہ ہو کر سوشل میڈیا سے کچھ عرصے دور رہنے کا اعلان کردیا۔

    امریکی گلوکارہ و اداکارہ سیلینا گومز نے انسٹاگرام اسٹوری پر لکھا کہ ’’میں سوشل میڈیا سے بریک لے رہی ہوں کیوں کہ میرا دل دنیا میں پھیلی ہوئی خوف، نفرت اور دہشت کو دیکھ کر ٹوٹ جاتا ہے‘‘۔

    گلوکاراہ کا کہنا تھا کہ میں لوگوں کو ظلم اور تکلیف سے بچانے کے قابل نہیں ہوں، معصوم لوگوں کو قتل ہوتے دیکھ کر دل ٹوٹ گیا ہے، دہشتگردی کی مذمت کرتی ہوں۔

    31 سالہ اداکارہ نے کہا کسی بھی طبقے یا گروہ سے نفرت کرنا، اسے تشدد اور دہشتگردی کا نشانہ بنانا اور قتل کرنا ہولناک ہے، ہمیں تمام لوگوں خصوصاً بچوں کو تشدد اور ظلم سے بچانے کی ضرورت ہے۔

    گلوکارہ کا مزید کہنا تھا کہ میں معصوم لوگوں کے زخم برداشت نہیں کرسکتی، میں جانتی ہوں کہ میری پوسٹ سے کوئی دنیا کو کوئی فرق نہیں پڑے گا اور یہی بات میرے لیے پریشان کن ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اسی لیے میں نے فیصلہ کیا ہے کہ سوشل میڈیا سے کچھ عرصہ دور رہوں۔ کاش کے میں دنیا میں بہتری کے لیے کچھ کرسکتی۔

  • اقوام متحدہ نے فلسطین میں بڑے پیمانے پرنسل کشی کا خدشہ ظاہر کردیا

    اقوام متحدہ نے فلسطین میں بڑے پیمانے پرنسل کشی کا خدشہ ظاہر کردیا

    اقوام متحدہ کے ماہرین نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین میں بڑے پیمانے پرنسل کشی کا خدشہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بے تحاشہ بمباری جاری ہے اور اب تک ہزاروں کی تعداد میں فلسطینی اور معصوم بچے شہید ہوچکے ہیں۔ اس صورتحال میں اقوام متحدہ کے ماہرین نے فلسطین میں وسیع پیمانے پرنسل کشی کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔

    اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ماہرین کا کہنا ہے کہ فلسطین میں نسل کشی کی نئی مثال قائم ہوسکتی ہے۔ ماہرین نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری فوری جنگ بندی کے اقدامات کرے

    انسانی حقوق ماہرین نے کہا کہ فلسطین اور اسرائیل کی صورتحال خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے، صورتحال 1948 اور 1967 جیسی ہوسکتی ہے۔

    واضح رہے کہ اسرائیلی فورسزکی جانب سے غزہ میں آٹھویں روز بھی بمباری جاری رہی جب کہ شہدا کی تعداد 2 ہزار215 ہوچکی ہے۔

    گزشتہ 24 گھنٹے میں 320 فلسطینی شہید ہوئے، غزہ پر اسرائیلی بمباری سے 8714 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔ یونیسف کے مطابق غزہ میں اب تک حملوں میں 700 بچے ہلاک ہوچکے ہیں۔

  • قومی اسمبلی میں  مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف متفقہ قرارداد منظور

    قومی اسمبلی میں مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف متفقہ قرارداد منظور

    اسلام آباد : قومی اسمبلی میں مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف متفقہ قرارداد منظور کرلی گئی، جس میں کہا گیا کہ عالمی برادری اسرائیلی حملے رکوانے کا مطالبہ کرے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا، اجلاس مں پی پی پی رکن ناز بلوچ نے مسجداقصیٰ میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف قرارداد پیش کی۔

    قومی اسمبلی نے مسجداقصیٰ میں اسرائیلی جارحیت کیخلاف متفقہ قرارداد منظور کرلی گئی ، جس میں کہا گیا کہ یہ ایوان بیت المقدس پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔

    قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ عالمی برادری اسرائیلی حملے رکوانے کا مطالبہ کرے، رمضان میں مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی حملہ بدترین دہشت گردی ہے۔

    یاد رہے گذشتہ روز صیہونی فوج نے مسجدِ اقصیٰ میں نمازیوں پر حملہ کر کے اسے میدان جنگ بنادیا تھا،اسرائیلی فوجی دندناتے ہوئے مسجد کے اندر داخل ہوئے اور عبادت میں مصروف لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

    قابض اسرائیلی فوج کےساتھ جھڑپوں میں درجنوں فلسطینی زخمی ہوئے جبکہ تین سو سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا تھا ، اسرائیل نےغزہ،مغربی کنارے ،نابلوس اور ہیبرون میں فائرنگ کی اور زہریلے گیس بم بھی پھینکے تھے۔

  • اسرائیلی جارحیت پر سلامتی کونسل کا اجلاس، امریکا اسرائیل کے بچاؤ کیلئے میدان میں آگیا

    اسرائیلی جارحیت پر سلامتی کونسل کا اجلاس، امریکا اسرائیل کے بچاؤ کیلئے میدان میں آگیا

    نیویارک : امریکہ کی مخالفت پر غزہ میں اسرائیلی جارحیت پر ہونے والا سلامتی کونسل کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے، اجلاس اب اتوار کو ہو گا۔

    تفصیلات کے مطابق غزہ پر اسرائیل کے فضائی حملوں سے پیدا ہونے والی صورت حال پر غور کرنےکے لیے سلامتی کونسل کا اجلاس جمعے کو طلب کیا گیا تھا تاہم امریکا کی جانب سے مخالفت کے بعد ملتوی کردیا گیا.

    اس حوالے سے امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکہ اجلاس روک نہیں رہا، چاہتا ہے کہ یہ اجلاس بعد میں بلایا جائے، امید ہے اس دوران سفارتکاری کو موقع ملے گا، ہم مشرق وسطیٰ پر کھلی بحث کے حامی ہیں.

    انتھونی بلنکن کا کہنا تھا کہ ہمارا موقف واضح ہے کہ راکٹ حملے رکنے چاہئیں کیونکہ اس سے قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔

    خیال رہے اس سے قبل امریکا نے سلامتی کونسل کے فلسطینی علاقوں کی صورت حال سے متعلق مجوزہ بیان پر بھی اعتراض کیا تھا جبکہ تُونس ، ناروے اور چین نے غزہ پر اسرائیل کے فضائی حملوں سے پیدا ہونے والی صورت حال پر غور کرنےکے لیے سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کی درخواست کی تھی۔

    عرب میڈیا کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ امریکا سلامتی کونسل کو کوئی بیان جاری کرنے سے روک دے گا کیونکہ وہ اس بات میں یقین رکھتا ہے کہ رکن ممالک اجلاس کے بعد اسرائیل کی مذمت میں کوئی بیان جاری کرسکتے ہیں۔

  • اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ میں روزے داروں پر گولیاں برسادیں

    اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ میں روزے داروں پر گولیاں برسادیں

    غزہ: اسرائیلی فوج نے بربریت کی انتہا کردی، مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کے لیے آئے فلسطینیوں پر فائرنگ کردی جس کے باعث 6 روزے دار شدید زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ کے باب العامود کے سامنے مسجداقصیٰ میں نماز جمعہ کے لیے آنے والے فلسطینیوں پر اندھا دھند گولیاں چلادیں جس کے نتیجے میں کم سے کم چھ روزہ دار زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین نے بتایا کہ صہیونی فوج نے مسجد اقصیٰ کے قریب فلسطینیوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 6 فلسطینی شہری زخمی ہوگئے۔

    اسرائیلی فوج نے فلسطینی شہریوں پر آنسوگیس کی شیلنگ بھی کی۔ ہلال احمر کے مطابق اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے 6 فلسطینیوں میں 4 کو شدید زخمی ہونے کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

    اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین پر دھاتی گولیوں کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ٹانگوں اور جسم کے دیگر حصوں میں چوٹیں آئیں۔

    خیال رہے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی ہدایت پر اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں پر تابڑ توڑ حملے شروع کررکھے ہیں، حالیہ دنوں میں درجنوں شہری اسرائیلی گولیوں کا نشانہ بنے اور سینکڑوں تاحال زخمی ہیں۔

    غزہ میں اسرائیلی جارحیت، تین روز میں 23 فلسطینی شہید

    دریں اثنا قابض اسرائیلی فوج نے مسلمان آبادیوں پر فضائی حملے بھی کیے، اس دوران بچوں اور عورتوں سمیت متعدد افراد شہید ہوئے۔

    دوسری جانب اسرائیلی حکام نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ فلسطینیوں کی جانب سے اسرائیل کے جنوبی حصے میں میزائل حملے کیے گئے تھے جس کے بعد فضائیہ نے غزہ میں حملے کیے۔

  • اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت، فائرنگ اور فضائی حملے میں 4 فلسطینی شہید

    اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت، فائرنگ اور فضائی حملے میں 4 فلسطینی شہید

    غزہ:فلسطین میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، بلااشتعال فائرنگ اور فضائی حملے میں انیس سالہ نوجوان سمیت تین افراد شہید ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ سیکڑوں فلسطینی غزہ کی سرحد ی پٹی کے قریب اسرائیلی جارحیت اور ناجائز قبضے کے خلاف پرامن مظاہرہ کررہے تھے کہ اسرائیلی فوج نے مظاہرین پر اندھا دھند فائر نگ کردی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں انیس سالہ نوجوان شہید ہوگیا، اس پہلے جنوبی غزہ میں حماس کے کارکنوں کی موجودگی اطلاع پر اسرائیلی فضائی طیاروں نے بمباری کرکے دوفلسطینی کو شہید اور چھ کو زخمی کردیا۔

    دریں اثنا اسرائیلی فوج نے بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی علاقوں سے متعدد نہتے فلسطینیوں کو گرفتار بھی کیا، اس دوران 6 افراد زخمی بھی ہوئے۔

    دوسری جانب امریکی کانگریس کے اراکین نے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں گرفتار اور حراست میں لیے جانے والے فلسطینی بچوں پر تشدد کے خلاف بل ایوان میں گذشتہ روز پیش کیا۔

    خیال رہے کہ امریکی کانگریس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ پر دباؤ ڈالا ہے کہ وہ اسرائیلی زندانوں میں فلسطینی بچوں پر تشدد روکنے کے لیے اسرائیل کو دی جانے والی امداد بند کر دے۔

    اسرائیلی جارحیت، درجنوں فلسطینی صہیونی زندانوں میں زندگی موت کی کشمکش میں مبتلا

    یاد رہے کہ اسرائیلی زندانوں میں قید 6500 فلسطینیوں میں 1800 کے قریب فلسطینی مریض ہیں، اسیران میں تین سو کے قریب بچے اور پچاس سے زاید خواتین ہیں۔

  • مظلوم فلسطینیوں کو خوف میں مبتلا کرنے کی اسرائیل کی نئی کوشش

    مظلوم فلسطینیوں کو خوف میں مبتلا کرنے کی اسرائیل کی نئی کوشش

    غزہ: فلسطین میں قابض اسرائیلی فورسز کی جارحیت کا سلسلہ تاحال جاری ہے، جبکہ غاضب فوج نے نہتے شہریوں کو خوف میں مبتلا کرنے کے لیے نئی کوششیں شروع کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق غزہ کی پٹی کے قریب اسرائیلی فورسز کی بڑے پیمانے پر مشقیں جاری ہیں، جس کا مقصد علاقے میں خوف وہراس پھیلانا اور فلسطینیوں پر رعب برقرار رکھنا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ فلسطین علاقے غزہ کی پٹی کی سرحد کے قریب اسرائیلی فوج کی بری اور فضائی فورسز نے وسیع پیمانے پر مشقیں شروع کردیں جس کے باعث علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔

    یہ مشقیں غزہ کی سرحد کے مشرقی، جنوبی اور وسطی مقامات پر جاری ہیں، غزہ کی سرحد کی دوسری جانب موجودہ آبادکاروں کی کونسل کے مطابق غزہ کی سرحد پر اسرائیلی فوج کی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر وسیع پیمانے پر نقل وحرکت دیکھی گئی۔

    اس کے علاوہ اسرائیلی فوج کے ہیلی کاپٹروں کی پروازیں اور جنگی طیاروں کی نچلی پروازیں بھی دیکھی گئی ہیں، جس کا مقصد مظلوم فلسطینیوں کی آزادی تحریک کو ناکام کرنا اور ان کے دلوں میں ڈر پیدا کرنا ہے۔

    فلسطین میں اسرائیلیوں کی تخریب کاری و دہشت گردانہ کاررائیاں کم نہ ہوسکیں، گزشتہ روز مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں ناجائز صیہونی ریاست اسرائیل کے شہری نے فلسطینی خاتون کو بے دردی سے شہید کردیا۔

    بیت لحم میں یہودی آباد کار نے فلسطینی خاتون کو گاڑی تلے روند کر شہید کردیا

    یاد رہے کہ کچھ روز قبل غزہ میں اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر نہتے اور پرامن مظاہرین پر بلا اشتعال فائرنگ کرکے پندرہ سالہ فلسطینی لڑکے کو شہید کردیا تھا۔

  • فلسطین: اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری، متاثرین کی مدد کے لیے قطر کے اقدامات

    فلسطین: اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری، متاثرین کی مدد کے لیے قطر کے اقدامات

    دوحہ: فلسطین میں قابض اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ متاثرین کی مدد کے لیے قطری کی جانب سے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قطر کے تعاون سے فلسطین میں قائم حمد اسپتال کی آپریشنل سرگرمیوں میں تعاون کے لیے قطری وزارت صحت کا وفد غزہ پہنچ گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں قطر کے تعاون سے قائم کئے گئے حمد اسپتال کی آپریشنل سرگرمیوں میں تعاون کے لیے قطری وزارت صحت کا اعلیٰ سطحی وفد غزہ پہنچ گیا۔

    غزہ میں الشیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی اسپتال قطر کے تعاون سے قائم کیا گیا ہے، گزشتہ وفد قطر کی وزارت صحت کا وفد رافت سعد کی قیادت میں غزہ پہنچا، وفد میں ضیاءالدین سرھید، محمد الحموی اور مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹر شامل ہیں۔

    قطری وفد کی آمد پر فلسطینی وزارت صحت کے عہدیدار اور حمد اسپتال کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رافت لبد نے استقبال کیا۔

    قطری وفد کی آمد کا مقصد غزہ کے مریضوں اور زخمیوں کی بحالی میں مدد فراہم کرنا اور سرجری کے عمل کے منتظر مریضوں کے آپریشنز میں ان کی مدد کرنا ہے۔

    خیال رہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے جارحیت کا سلسلہ تاحال جاری ہے، غاضب صیہونی ریاست کے خلاف ہر جمعے فلسطینی غزہ بارڈر پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہیں، یہ سلسلہ گذشتہ سال 30 مارچ سے چلا آرہا ہے۔

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ، شہید ہونے والوں کی تعداد چار ہوگئی

    ایک محتاط اندازے کے مطابق ہفتہ وار احتجاجی مظاہروں کے دوران اب تک اسرائیلی فوج 300 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کرچکی ہے، جبکہ ہزاروں زخمی بھی ہوئے۔

  • اسرائیلی جارحیت، ایک اور فلسطینی طالب علم شہید

    اسرائیلی جارحیت، ایک اور فلسطینی طالب علم شہید

    غزہ: فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے، ایک اور فلسطینی طالب علم کو فائرنگ کرکے شہید کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق غزہ میں اسرائیلی فوج نے ایک بار پھر نہتے اور پرامن مظاہرین پر بلا اشتعال فائرنگ کرکے پندرہ سالہ فلسطینی لڑکے کو شہید کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق سیکڑوں فلسطینی غزہ کی سر حدی پٹی کے قریب اسرائیلی جارحیت اور ناجائز قبضے کے خلاف پرامن مظاہرہ کررہے تھے۔

    اسرائیلی فوج نے مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں پندرہ سالہ طالب علم شہید ہوگیا۔

    گزشتہ سال تیس مارچ سے شروع ہونے احتجاج کے دوران اب تک دو سوساٹھ سے زائد فلسطینی شہید جبکہ زخمیوں کی تعداد تیس ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

    اسرائیلی فوج کی نہتے فلسطینیوں کے خلاف کارروائیاں عروج پر ہیں، وحشیانہ کریک ڈاؤن میں گزشتہ دنوں صبح کے وقت 21 فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا۔

    بعد ازاں حماس نے غرب اردن سے فلسطینی اتھارٹی کی پولیس کے ہاتھوں فلسطینی طالبعلم موسیٰ الدویکات کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ غرب اردن میں فلسطینی قوم کو عباس ملیشیا ءکی شکل میں ہیجان خیز مافیا کا سامنا ہے۔

    غزہ: طالبعلم سمیت متعدد فلسطینیوں کی گرفتاری کا معاملہ، حماس کا شدید ردعمل

    خیال رہے کہ غزہ پٹی میں اسرائیلی جارحیت اور قبضے کے خلاف ہفتہ وار مظاہرہ کیا جاتا ہے، صیہونی فوج کی جانب سے مظاہرے کو ناکام بنانے کے لیے نہتے فلسطینوں پر اندھا دھن فائرنگ معلوم کی بات ہے۔

  • اسرائیلی تسلط نے فلسطینیوں کی زندگی اجیرن کردی،ملیحہ لودھی

    اسرائیلی تسلط نے فلسطینیوں کی زندگی اجیرن کردی،ملیحہ لودھی

    نیویارک : اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی تسلط نے فلسطینیوں کی زندگی اجیرن کردی ہے، غزہ کی حالیہ صورتحال اسرائیل کی مسلسل جارحیت کی تازہ مثال ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا مسئلہ فلسطین کا حل خطے اور عالمی امن کے لیے ناگزیر ہے، اسرائیلی تسلط نےفلسطینی لوگوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔

    ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ غزہ میں حالیہ کشیدگی اسرائیل کی مسلسل جارحیت کی تازہ مثال ہے، مسئلہ فلسطین کے حل میں تاخیرنے خطے میں ناختم ہونے والی دشمنی اوراختلاف کا بیج بودیا ہے اور اسرائیل سوچے سمجھےمنصوبے کے تحت دو ریاستی حل کے خدوخال بگاڑ رہا ہے۔

    اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب نے اسرائیلی جارحیت کا جائزہ لینے والی کمیٹی کی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا فلسطین کے مسئلے پر پیشرفت نہ ہونے سے کئی نسلیں امن کی امید کھو چکی ہیں، پاکستان کی حمایت فلسطینیوں کے ساتھ رہے گی۔

    مزید پڑھیں : پاکستان نے فلسطینی مہاجرین کو دی جانے والی امداد میں اضافہ کردیا ‘ ملیحہ لودھی

    یاد رہے پاکستان نے فلسطینی مہاجرین کو دی جانے والی امداد میں اضافہ کردیا تھا ، پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ حکومتی احکامات،عوامی امنگوں کے پیش نظرامداد میں اضافہ کیا، اضافی مدد سے فلسطینی بچوں کے اسکول کھلے رہیں گے، کلینک بند نہیں ہوں گے، پاکستان ہمیشہ فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

    دوسری جانب غزہ کی صورتحال پراقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا بند کمرا اجلاس بے نتیجہ رہا تھا اور فلسطینوں کی شہادت پرعالمی حقوق کے چمپئین اسرائیل کی مذمت تک نہ کرسکے، اقوام متحدہ میں فلسطین کے مستقل آبزرور ریاض منصور نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے سلامتی کونسل سے اسرائیل کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

    خیال رہے اسرائیلی فورسزکی جارحانہ کارروائیوں میں گزشتہ چندروزمیں چودہ فلسطینی شہید اورمتعدد زخمی ہوچکے ہیں۔