Tag: اسرائیلی جارحیت

  • اسرائیلی جارحیت۔مزید بیس افرادشہید،تعداد تین سوسترہوگئی

    اسرائیلی جارحیت۔مزید بیس افرادشہید،تعداد تین سوسترہوگئی

    غزہ میں اسرائیلی فوج نے اپنے اہداف کا دائرہ وسیع کردیا۔اسرائیلی جارحیت نے مزید بیس افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔شہید فلسطینیوں کی تعداد تین سو ستر ہوگئی۔ اسرائیل کی فلسطین پر وحشیانہ اور ظالمانہ کارروائیوں کا سلسلہ دن بہ دن زور پکڑتا جارہاہے اسرائیلی فورسز کی پر تشدد کارروائیوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد ساڑھے تین سو سے تجاوز کرگئی، جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی تازہ کارروائیوں کے نتیجے میں ضلع شجایا سے بیس افراد کی لاشیں برآمد کر لی گئیں ۔گزشتہ رات صیہونی فوج نے غزہ میں واقع اسپتال پربمباری کی۔ جس میں درجنوں فلسطینی لقمہ اجل بن گئے۔فلسطین کے ایمرجنسی سروسز کے ترجمان کے مطابق اسرائیل فوج کی بمباری کے سبب ہزاروں فلسطینی نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں۔

    دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون آج قطر پہنچیں گے جہاں وہ قطری حکام کی مدد سے حماس کے ساتھ غزہ میں قیامِ امن کے سلسلے میں بات چیت کریں گے۔بان کی مون فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات بھی کرینگے۔

  • غزہ :اسرائیلی جارحیت کیخلاف مختلف ممالک میں احتجاج جاری

    غزہ :اسرائیلی جارحیت کیخلاف مختلف ممالک میں احتجاج جاری

    غزہ : اسرائیلی جارحیت کےخلاف دنیا کے مختلف ممالک میں احتجاج جاری ہے، دوسری جانب لندن میں مغربی میڈیا کی جانبدارانہ کوریج کے خلاف سیکڑوں مظاہرین نے بی بی سی کے صدر دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

    اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے غزہ لہو لہو ہے، غزہ میں اسرائیل کے انسانیت سوز مظالم پر دنیا بھر کے عوام سراپا احتجاج ہیں، بھارتی شہر کولکتہ میں شہری فلسطینیوں کی حمایت میں سڑکوں پر نکل آئے اور اسرائیلی بربریت کے خلاف نعرے بازی کی، مقبوضہ جموں کشمیر کے دارالحکومت سرینگر میں ہزاروں افراد نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کیا اور فلسطینی عوام کی حمایت میں نعرے لگائے۔

    برطانوی دارالحکومت لندن میں برٹش براڈ کاسٹنگ کارپوریشن ہاوس آکسفورڈ سرکس کے باہر ہزاروں افراد نے مغربی میڈیا اور بالخصوص بی بی سی کی اسرائیلی جارحیت کی یکطرفہ کوریج اور نہتے فلسطینیوں کے حق میں مظاہرہ کیا، فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مظاہرین کا کہنا تھا کہ بی بی سی اور مغربی میڈیا ظالم اسرائیل کو معصوم بنانے پر تلا ہوا ہے۔

    مظاہرین نے فلسطین کے حق میں اور اسرائیل و مغربی میڈیا کیخلاف پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے، مظاہرین نے برٹش براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کو متعصب نشریاتی ادارہ قرار دیدیا، گزشتہ ایک ہفتے میں لندن میں ہونے والا یہ تیسرا بڑا احتجاجی مظاہرہ ہے۔

  • اسرائیلی جارحیت کا ساتواں روز،شہید فلسطینیوں کی تعداد174ہوگئی

    اسرائیلی جارحیت کا ساتواں روز،شہید فلسطینیوں کی تعداد174ہوگئی

    غزہ : فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ نہ تھم سکا،  اسرائیلی بربریت کا سلسلہ ساتویں روز میں داخل ہوگیا، اسرائیلی بمباری میں ایک سو چوہتر فلسطینی شہید اور بارہ سو سے زائد زخمی ہوگئے۔مشرقی پٹی پر فضائی حملوں کے بعد زمینی کارروائیوں کا آغاز بھی کردیا گیا۔

     نہتے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی بربریت رکنے کا نام نہیں لے رہی، غزہ میں اسرائیلی فوج کی ظالمانہ کارروائیاں ساتویں روز بھی جاری ہیں،تازہ حملوں میں اسرائیلی فضائیہ نے غزہ میں تین مختلف مقامات کونشانہ بنایا، اسرائیل کی شمالی غزہ کو خالی کرنے کی دھمکی کے بعد ہزاروں فلسطینی مرد ،عورتوں اور بچوں کو بے سروسامانی کی حالت میں گھربارچھوڑ کرامدادی کیمپوں میں منتقل ہونا پڑا۔

    اسرائیل نے زمینی کاروائی سے قبل خبردار کیا ہے کہ فلسطینی اپنے گھربار چھوڑدیں، اسرائیلی انتباہ کے بعد چار ہزار سے زائد فلسطینی شمالی غزہ میں اپنے گھر بار چھوڑ کر دوسرے علاقوں کی طرف نقل مکانی کرچکے ہیں جبکہ مزید ہزاروں افراد کی نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے۔

    سات روزمیں غزہ میں ایک ہزار سے زائد مقامات اسرائیلی بمباری سے ملبے کا ڈھیربن گئے ہیں، ایک سو سے زائد فلسطینیوں کی شہادت کے برعکس کوئی اسرائیلی زخمی تک نہیں ہوا، اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے خلاف عالمی برادری بدستور خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے۔ اس رویے کو دیکھتے ہوئے اسرائیل کے وزیراعظم نتن یاہو نے ایک بار پھر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بے گناہ اور نہتے فلسطینیوں کے خلاف جارحیت کا سلسلہ غیرمعینہ مدت تک جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

     ایک طرف غزہ پربمبوں کی بارش ہور ہی ہےتو دوسری طرف اقوام متحدہ اور امریکا زبانی جمع خرچ میں مصروف ہیں، بان کی مون نے اسرائیلی دہشت گردی پرصرف اظہار تشویش ہی کیا ہے جبکہ امریکی وزیرخارجہ نےاسرائیلی وزیراعظم کوفون کرکے محض حملوں پرتشویش کا اظہار کیا۔

  • اسرائیلی جارحیت کیخلاف ملتان اورکراچی میں احتجاجی مظاہرے

    اسرائیلی جارحیت کیخلاف ملتان اورکراچی میں احتجاجی مظاہرے

    غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف ملتان اور کراچی میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔
    فلسطین کے لہو لہو شہر غزہ میں اسرائیل کی جارحیت اور شدت پسندی کے خلاف پاکستان میں عوام سراپا احتجاج ہیں۔ آج صبح ملتان کچہری چوک پر اسرائیلی ظلم اور اقوامِ متحدہ کی خاموشی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اس موقع پرشہریوں کی ایک بڑی تعداد مظاہرے میں شریک تھی جنہوں نے اسرائیل اور اقوامِ متحدہ کے خلاف پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جارحیت پر اسلامی ریاستوں کے سربراہوں اور اقوامِ متحدہ کی خاموشی بہت بڑا ظلم ہے۔ اقوامِ متحدہ کو تحلیل کردینا چاہئیے اور اسلامی ریاستوں کی تنظیم کو فعال بنایا جائے تاکہ اسرائیل کو روکا جاسکے۔

    جماعت اسلامی کراچی میں غزہ میں اسرائیلی وحشیانہ بمباری کےخلاف فلسطینی عوام سے اظہاری یکجہتی کےلئے ریلی نکالی گئی۔ جماعت اسلامی کے ترجمان کا کہنا ہےکہ فلسطین انبیا کی سرزمین اور مسلمانوں کا قبلہ اول ہے،اس پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔