Tag: اسرائیلی حملہ

  • اسرائیل نے حلب میں ایئر پورٹ پر میزائل داغ دیے

    اسرائیل نے حلب میں ایئر پورٹ پر میزائل داغ دیے

    حلب: اسرائیل نے حلب میں شام کے فضائی اڈے پر میزائل حملہ کر کے رن وے کو تباہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیل کی ہمسایہ ممالک کے خلاف جارحیت بند نہ ہوئی، حلب میں شام کے فضائی اڈے پر ایک بار پھر فضائی حملہ کر دیا، جس سے رن وے کو شدید نقصان پہنچا۔

    میزائل حملے سے حلب کے ایئر پورٹ سے پروازیں بند ہو گئیں، شام کے وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ فورسز نے اسرائیل کے کئی مزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔

    شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق یہ اسرائیل کی جانب سے شامی ایئر پورٹ پر ایک ہفتے میں دوسرا فضائی حملہ ہے۔

    شامی نیوز ایجنسی نے منگل کو بتایا کہ اسرائیل نے بحیرہ روم سے مقامی وقت کے مطابق شام سوا آٹھ بجے ساحلی شہر لطاکیہ کے مغرب میں میزائل حملہ کیا۔

    سرکاری خبر رساں ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ شام کے فضائی دفاع نے کئی اسرائیلی میزائلوں کو فضا میں روکا، اور انھیں مار گرایا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق اسرائیلی حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ وزارت ٹرانسپورٹ نے کہا کہ حملے کی وجہ سے تمام پروازوں کا رخ دارالحکومت دمشق کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔

  • غزہ میں تباہ میڈیا بلڈنگ کا مالک اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت پہنچ گیا

    غزہ میں تباہ میڈیا بلڈنگ کا مالک اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت پہنچ گیا

    غزہ: اسرائیلی حملے میں تباہ ہونے والی میڈیا بلڈنگ کا مالک اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت پہنچ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق غزہ میں اسرائیلی حملے میں 15 مئی کو تباہ ہونے والی میڈیا بلڈنگ کا مالک جواد مہدی اسرائیل کے خلاف مقدمہ کرنے عالمی عدالتِ انصاف پہنچ گیا، ان کا کہنا ہے کہ میڈیا بلڈنگ پر حملہ جنگی جرم ہے، اسرائیل اس حملے کا جواز بھی نہیں دے سکا ہے۔

    اسرائیل کے خلاف حکومتِ فلسطین نے بھی عالمی عدالت میں مقدمہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، فلسطینی حکومت اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کے مقدمے کے لیے جنگی جرائم کی عالمی عدالت آئی سی سی سے رجوع کرے گی۔

    یاد رہے کہ عالمی سطح پر کوششوں کے بعد اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی ہو گئی ہے، تاہم جمعے کو اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ سے ملحقہ صحن میں دوبارہ کارروائی کی، جہاں ہزاروں نمازی جمعے کی نماز کے بعد جنگ بندی پر خوشی منا رہے تھے۔

    غزہ میں میڈیا دفاتر پر بمباری، عالمی میڈیا کا رد عمل، صحافیوں کو نشانہ بنانا جنگی جرم قرار

    اسرائیلی اہل کاروں نے فلسطینیوں پر آنسو گیس کی شیلنگ کی اور ربڑ کی گولیاں چلائیں، صحافیوں پر بھی تشدد کیا گیا۔

    آج بھی یروشلم میں جھڑپیں ہوئی ہیں، تاہم اس کے باوجود اسرائیل اور حماس کے درمیان سیز فائر برقرار ہے، مسجد اقصیٰ میں گزشتہ روز اسرائیلی فورسز کی جارحیت سے زخمیوں کی تعداد 50 سے تجاوز کرگئی ہے، نیز کل سے اب تک پچاس فلسطینی بھی گرفتار کیے جا چکے ہیں۔

    متاثرہ علاقوں میں نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے یو این ٹیم غزہ پہنچ گئی

    غزہ میں ہر طرف تباہی کے مناظر ہیں، اسرائیلی بم باری نے 11 روز میں غزہ کا نقشہ بدل دیا ہے، 15 فیکٹریاں، 180 عمارتیں، 16 ہزار سے زیادہ گھر ملبے کا ڈھیربن چکے ہیں، 75 ہزار افراد بے گھر ہوئے، جن کی بحالی کے لیے اب اقوام متحدہ نے عالمی برادری سے مدد کی اپیل کر دی ہے۔

  • اسرائیلی حملے میں 6 ماہ کے بچے کے علاوہ خاندان کے سبھی افراد شہید

    اسرائیلی حملے میں 6 ماہ کے بچے کے علاوہ خاندان کے سبھی افراد شہید

    غزہ: گزشتہ روز اسرائیلی فضائی حملے میں 6 ماہ کے بچے کے علاوہ ایک ہی خاندان کے سبھی افراد شہید ہو گئے ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ کی پٹی میں ہفتے کے روز اسرائیل کے ایک فضائی حملے میں کم از کم 10 فلسطینی شہید ہوگئے تھے جن میں زیادہ تر بچے تھے، یہ سبھی ایک ہی خاندان کے افراد تھے۔

    اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے ابو حَتاب کے گھرانے کے افراد کی نعشوں کو لے کر سیکڑوں سوگوار لوگوں نے ہفتے کے روز غزہ شہر کی سڑکوں پر مارچ بھی کیا۔

    فلسطینی شہری محمد حدیدی نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی اہلیہ اور 5 بچے رشتہ داروں کے ساتھ عید الفطر کی چھٹی منانے گئے تھے، وہ اور ان کے 3 بچے، جن کی عمر 6 سے 14 سال تھیں، حملے میں شہید ہوگئے، جب کہ ایک 11 سالہ بچہ لا پتا ہے۔

    محمد حدیدی کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حملے میں صرف ان کا 6 ماہ کا بیٹا عمر بچ گیا ہے، انھوں نے نہایت دکھ سے کہا کہ میں دنیا سے کوئی مطالبہ نہیں کر رہا، نہ ہی بین الاقوامی تنظیموں اور ہیومن رائٹس گروپس سے، کیوں کہ یہاں کوئی انسانی حقوق نہیں ہیں، یہ سب پروپیگنڈا ہے۔

    متاثرہ فلسطینی شہری نے غم و اندوہ کے عالم میں کہا کہ 4 جنگیں ہو چکی ہیں، انھوں نے ہمارے ساتھ کیا کیا؟ معصوم بچوں نے کیا کیا تھا؟ کیا وہ یہودیوں پر راکٹ فائر کرتے تھے؟ کیا انھوں نے یہودیوں پر گولہ باری کی؟ وہ تو بے گناہ تھے، ان پر تب فضائی حملے کیے گئے جب وہ اپنے گھروں میں سو رہے تھے۔

    حدیدی نے بتایا کہ ان کی اہلیہ اُم صہیب اور بیٹا صہیب (14 سالہ)، عبد الرحمنٰ (8 سالہ) اور ویسام (6 سالہ) نے جائے وقوعے پر ہی دم توڑ دیا تھا، عمر کو غزہ کے الشفا اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی ٹوٹی ہوئی ٹانگ اور زخموں کا علاج کیا جا رہا ہے، حالاں کہ اس دوران اس کی ماں اور دو بھائی حملے میں شہید ہو چکے ہیں۔

    الشفا اسپتال کے نرسنگ شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر احمد ہمودا نے کہا کہ یہ بچہ ابو حَتاب کے گھر پر ہوائی حملے کے بعد کل تقریباً آدھی رات کو اسپتال پہنچا تھا، اس کا نام عمر محمد حدیدی ہے، یہ صرف چھ ماہ کا ہے اور وہ اکیلا اپنے کنبے میں بچا ہے اور کوئی بھی اس کے ساتھ نہیں تھا۔