Tag: اسرائیلی خفیہ ایجنسی

  • موساد سے تعاون، ایران میں 4 افراد کو سزائے موت

    موساد سے تعاون، ایران میں 4 افراد کو سزائے موت

    تہران: ایران میں اسرائیلی انٹیلی جنس سے تعاون اور اغوا کے جرم پر 4 افراد کو سزائے موت کی سزا دی گئی۔

    ایرانی خبر ایجنسی مہر کے مطابق بدھ کو ایرانی عدالت نے چار افراد کو اسرائیلی خفیہ تنظیم موساد کے ساتھ تعاون اور اسرائیلی انٹیلی جنس سروس کی ہدایات پر چوری چکاری، اغوا اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کے جرم میں ملوث پائے جانے پر سزائے موت دے دی۔

    اس گروہ کے دیگر 3 افراد کو قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے، غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور اغوا کی وارداتوں میں معاونت پر 5 سے 10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ یہ گروہ پاسداران انقلاب اور وزارتِ خفیہ اطلاعات کی مشترکہ کارروائی میں پکڑا گیا تھا۔

    اسلامی جمہوریہ ایران طویل عرصے سے اپنے دیرینہ دشمن اسرائیل پر اپنی سرزمین پر خفیہ کارروائیاں کرنے کا الزام لگاتا رہا ہے، تہران نے حال ہی میں اسرائیلی اور مغربی انٹیلی جنس سروسز پر ملک میں خانہ جنگی کی سازش کا الزام لگایا تھا، ان دنوں ایران 1979 کے اسلامی انقلاب کے بعد سے سب سے بڑے حکومت مخالف مظاہروں کی زد میں ہے۔

    چین اور روسی جنگی طیارے داخل ہوتے ہی جنوبی کورین طیاروں کی ہنگامی اڑانیں

    مہر نیوز ایجنسی نے اسرائیل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انھیں ’’صہیونی حکومت کی انٹیلی جنس سروسز کے ساتھ تعاون اور اغوا کے جرم میں موت کی سزا سنائی گئی ہے۔‘‘

    دوسری جانب ایران میں کُرد خاتون مہسا امینی کی پولیس کسٹڈی میں ہلاکت کے خلاف مظاہروں پر کریک ڈاؤن کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 448 ہو گئی ہے۔

    ہیومن رائٹس واچ کے مطابق نصف سے زائد ہلاکتیں ایران کے نسلی اقلیتی علاقوں میں ہوئیں، اور ہلاک ہونے والے مظاہرین میں 60 افراد کی عمریں 18 سال سے کم تھیں، ہلاک ہونے والوں میں 9 لڑکیاں اور 29 خواتین بھی شامل ہیں۔

  • ترکی نے موساد کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، 15 اسرائیلی جاسوس گرفتار

    ترکی نے موساد کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا، 15 اسرائیلی جاسوس گرفتار

    انقرہ: ترکی نے ایک بڑی کارروائی میں اپنی سرزمین پر اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کا منصوبہ ناکام بنا کر اس کے 15 جاسوس گرفتار کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی کی نیشنل انٹیلیجنس آرگنائزیشن ( ایم آئی ٹی) نے ایک کارروائی میں موساد کے ایک بڑے حلقے کو توڑ ڈالا ہے، پندرہ ایسے موساد جاسوس گرفتار کیے گئے ہیں جو ترکی کے علاقے میں کام کر رہے تھے اور ایک سال سے خفیہ طور پر ان کی نگرانی کی جا رہی تھی۔

    جمعرات کو ترک اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ مشتبہ جاسوس رواں ماہ قبل گرفتار کیے گئے ہیں، ان جاسوسوں نے ترک شہریوں اور ترکی میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کے سلسلے میں معلومات موساد کو فراہم کی تھیں، یہ وہ طلبہ تھے جنھیں امکانی طور پر دفاعی انڈسٹری میں جانا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے جاسوس 7 اکتوبر کو کیے جانے والے ایک خفیہ آپریشن کے ذریعے گرفتار کیے گئے، یہ آپریشن ترکی کے چار مختلف صوبوں میں بیک وقت کیا گیا تھا۔

    ابتدائی طور پر یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ موساد کے جاسوسوں کا زیادہ تر ہدف ان ممالک کے طلبہ تھے جو اسرائیل مخالف سمجھے جاتے ہیں، اس حوالے سے یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ موساد کے فیلڈ آفیسرز سے بیرون ملک ملاقاتوں کا بھی اہتمام کیا جاتا تھا۔

    یاد رہے کہ ترکی کا شمار ان مسلم ممالک میں ہوتا ہے جن کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم ہیں، تاہم یروشلم کے ساتھ انقرہ کے تعلقات اردگان کی فلسطینیوں کی حمایت کی وجہ سے حالیہ برسوں میں ناخوش گوار رہے ہیں۔