Tag: اسرائیلی شہری

  • نیدرلینڈز میں اسرائیلی شہری آپے سے باہر ہو گئے

    نیدرلینڈز میں اسرائیلی شہری آپے سے باہر ہو گئے

    نیدرلینڈز کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں اسرائیلی شہری آپے سے باہر ہو گئے جس کے بعد 62 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

    نیدرلینڈز کے دارلحکومت ایمسٹڑڈیم میں اس تصادم کے بعد ایمرجنسی نافذ کر دی گئی، ایمسٹرڈیم میں فٹبال میچ کے بعد تل ابیب کے حامیوں اور اسٹیڈیم کے باہر مظاہرہ کرنے والے فلسطینی مظاہرین میں تصادم ہوا۔

    اسرائیلی شہریوں نے فلسطین کے حق میں نکالی جانے والی ریلی کے شرکاء پر حملہ کر دیا جس کے بتیجے میں دس سے زائد افراد زخمی ہوئے اور پولیس نے متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔

    رپورٹ کے مطابق فٹبال میچ سے قبل اسرائیلی تماشائیوں نے فلسطینی پرچم کی بے حرمتی کی اور عرب مخالف اور غزہ کے بچوں کے خلاف نفرت انگیز نعرے لگائے جس کے نتیجے میں تصادم شروع ہوا۔

    میچ سے قبل اسپین میں سیلاب میں مرنے والوں کے لیے ایک منٹ کی خاموشی پربھی اسرائیلی تماشائی شورمچاتے رہے اور عرب مخالف نعرے لگاتے رہے۔

  • یونان میں‌ بم حملے کی تفتیش میں‌ مطلوب اسرائیلی شہری گرفتار

    یونان میں‌ بم حملے کی تفتیش میں‌ مطلوب اسرائیلی شہری گرفتار

    ایتھنز: یونان کی پولیس نے بین الاقوامی وارنٹ پر ایک مفرور اسرائیلی کو گرفتار کیا ہے، جو اسرائیل کو بم حملے کی تفتیش اور ڈکیتی میں مطلوب ہے۔

    روئٹرز کے مطابق 36 سالہ مفرور اسرائیلی جعلی پاسپورٹ پر یونان میں داخل ہوا تھا، اور اسرائیل میں ایک شخص کو بم حملے کے ذریعے قتل کی کوشش میں ملوث ہونے پر زیر تفتیش تھا، جب کہ ڈکیتی کے الزام میں 25 ماہ قید کی سزا بھگتنے کے لیے بھی اسرائیل کو مطلوب ہے۔

    یونان پولیس کی رپورٹ کے مطابق انھیں 5 اگست کو انٹرپول کی طرف سے الرٹ کیا گیا تھا، اور اسرائیل کی جانب سے ریڈ وارنٹ کا بتایا گیا تھا، یونان پولیس نے بتایا کہ اسرائیلی ملزم 20 جولائی کو جعلی سفری دستاویز کے ذریعے یونان میں داخل ہوا تھا۔

    پولیس نے مزید بتایا ہے کہ مفرور ملزم کو 6 اگست کو وسطی ایتھنز میں یہودی عبادت گاہ کے قریب ایک ریستوران کے باہر سے گرفتار کیا گیا۔ عدالتی دستاویزات کے حوالے سے بتایا گیا کہ مفرور اسرائیلی کو یونان کے تفتیشی اداروں کے سامنے پیش کیا گیا ہے جہاں سے اسے حراست میں لینے کا حکم جاری کیا گیا۔

  • اسرائیلی شہریوں نے وزیراعظم نیتن یاہو سے استعفے کا مطالبہ کردیا

    اسرائیلی شہریوں نے وزیراعظم نیتن یاہو سے استعفے کا مطالبہ کردیا

    تل ابیب میں سیکڑوں لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔

    اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کے بیچ بنجمن نیتن یاہو کے خلاف لوگ سڑکوں پر نکل آئے ہیں، اسرائیلی عوام نے وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔

    موجودہ جنگی صورتحال کے باجوود تل ابیب میں سیکڑوں لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کی۔ حماس کے ہاتھوں یرغمال اسرائیلیوں کے اہلخانہ احتجاج کر رہے ہیں۔

    احتجاج کرنے والوں کا کہنا تھا کہ حماس کے حملوں میں فوج ناکام ہوگئی، اسرائیلی وزیراعظم اس عہدے کے لائق نہیں ہیں۔

    تل ابیب میں غصے میں ابلتے مظاہرین کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہومستعفی ہوں جب کہ سیکڑوں خاندانوں نے حکومت سے یرغمالیوں کی بازیابی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

  • اسرائیلی شہریوں کو آنے کی اجازت کسی صورت نہیں دیں گے: سعودی عرب کی دو ٹوک وضاحت

    اسرائیلی شہریوں کو آنے کی اجازت کسی صورت نہیں دیں گے: سعودی عرب کی دو ٹوک وضاحت

    ریاض: سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی شہریوں کا سعودی عرب میں کسی صورت خیر مقدم نہیں کیا جائے گا، انہوں نے یہ دو ٹوک وضاحت اسرائیل کی اپنے شہریوں کو سعودی عرب کا دورہ کرنے کی اجازت کے بعد دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے شہزادہ فیصل بن فرحان نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب کی اسرائیل کے حوالے سے پالیسی غیر متزلزل ہے، اسرائیل کے ساتھ ہمارے تعلقات نہیں ہیں۔

    سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی باشندوں کا سعودی عرب میں خیر مقدم نہیں ہوگا۔ اسرائیلی پاسپورٹ پر کوئی بھی شخص فی الوقت سعودی عرب کا دورہ نہیں کر سکتا۔

    سعودی وزیر خارجہ کی یہ وضاحت اسرائیل کے اس فیصلے کے لیے ہے جس میں اس نے اپنے شہریوں کو مخصوص حالات میں سعودی عرب کے سفر کی اجازت دی ہے۔

    اسرائیل کا یہ فیصلہ گزشتہ روز سامنے آیا ہے، اسرائیلی وزیر داخلہ کے مطابق اسرائیلی شہریوں کو 2 صورتوں میں سعودی عرب جانے کی اجازت ہوگی۔

    پہلا: وہ مذہبی امور یعنی عمرے یا حج کی ادائیگی کے لیے یا پھر دوسرا: کاروباری وجوہات یا سرمایہ کاری کی غرض سے 90 دن کے لیے سعودی عرب کا دورہ کر سکیں گے۔

    دورے سے قبل اسرائیلی شہریوں کو اسرائیل کے ساتھ ساتھ سعودی عرب سے بھی اجازت درکار ہوگی۔

    سعودی وزیر خارجہ نے مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی صدر کے امن منصوبے سے متعلق سوال پر کہا کہ فی الحال اس منصوبے پر رائے نہیں دے سکتے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینیوں کے ساتھ انصاف پر مبنی تصفیے کی ہر کوشش کے ساتھ ہیں، ہمارے لیے یہ بات بے حد اہم ہے کہ فلسطین کا مسئلہ حل ہو، انہیں ان کے حقوق ملیں اور سعودی عرب ایسی ہر کوشش کا ساتھ دے گا جس سے فلسطینیوں کو ان کے حقوق ملیں۔

    خیال رہے کہ اسرائیل میں مقیم عرب باشندوں کو اس سے قبل سعودی عرب جانے کی اجازت تھی تاہم انہیں باقاعدہ سرکاری طور پر اجازت نامہ نہیں دیا جاتا تھا۔

    اسرائیل کے عوام عموماً کسی تیسرے ملک خاص طور پر اردن سے ہو کر سعودی عرب جاتے تھے، تاہم اب اسرائیلی حکومت کی اجازت کے بعد وہ براہ راست سعودی عرب جا سکتے ہیں۔

  • فلسطینی شہری نے دو یہودی آباد کار گاڑی تلے روند ڈالے

    فلسطینی شہری نے دو یہودی آباد کار گاڑی تلے روند ڈالے

    بیت المقدس: فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی صہیونی بستی غوش عتصمون میں ایک فلسطینی کی گاڑی کی گاڑی کی ٹکر سے دو صہیونی آبادکار زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کار حادثے میں 17 سالہ مرد صہیونی آبادکار اور 20 سالہ آبادکار عورت زخمی ہوگئے۔نوجوان کے سر میں سنگین نوعیت کی چوٹیں لگنے کی وجہ سے اس کی حالت سنگین ہے جبکہ خاتون آباد کار کو درمیانے درجے کے زخم آئے ہیں۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے میں زخمی ہونے والے دونوں یہودیوں کو کو مقبوضہ بیت المقدس میں ھداسا ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب گاڑی کے ڈرائیور کو اسرائیلی فوجیوں نے گولی مار کے قتل کر دیا ہے۔

    قابض اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ ڈرائیور نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن اسے گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔یہ واقع مغربی کنارے میں غوش عتصمون کی صہیونی بستی کے قریب ہائی وے 60 پر بیت لحم سے سات کلومیٹر دور ہوا۔سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ایک فوٹیج بھی جاری کی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ فلسطینیوں کی جانب سے اسرائیلی شہریوں کو گاڑی تلے روند نے کے واقعات سنہ 2015 کے اواخر میں شروع ہوئے تھے تاہم اب ان میں شدت آتی جارہی ہے۔

    اسرائیل نے 1967 سے مغربی کنارے پر اپنا غاصبانہ تسلط برقرار رکھا ہوا ہے، جبکہ فلسطینی شہری اس علاقے میں ، غزہ اور مشرقی یروشلم میں اپنی ریاست قائم کرنا چاہتے ہیں۔