Tag: اسرائیلی فوج

  • اسرائیلی فوج نے اسپتال پر حملہ کیوں کیا؟ حقیقت سامنے آگئی

    اسرائیلی فوج نے اسپتال پر حملہ کیوں کیا؟ حقیقت سامنے آگئی

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے اسپتال پر کیے جانے والے حملے کے نتیجے میں 500 سے زائد افراد کی شہادت کے بعد دنیا بھر میں اظہار افسوس کیا جارہا ہے۔

    اس حوالے سے اسرائیل کی جانب سے حملے کیے جانے کے الزام کو مسترد کردیا ہے اس کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی فوج نے غزہ میں کسی اسپتال کو نشانہ نہیں بنایا۔

    اسرائیل کی جانب سے تردید کے بعد اقوام متحدہ میں فلسطین کے مندوب ریاض منصور نے اسپتال پر اسرائیلی حملے کی حقیقت بیان کردی۔

    انہوں نے بتایا کہ حملے بعد اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے ترجمان نے ٹویٹ کیا کہ اسرائیل نے اسپتال پر یہ سوچ کر حملہ کیا کہ اسپتال کے آس پاس حماس کا اڈہ ہے اور پھر بعد ازاں وہ ٹویٹ ڈیلیٹ کر دیا گیا۔

    ریاض منصور نے بتایا کہ ہمارے پاس اس ٹویٹ کی کاپی موجود ہے، اب انہوں نے فلسطینیوں کو مورد الزام ٹھہرانے کے لیے کہانی کو بدلنے کی کوشش کی ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے تقریباً ایک ہفتہ قبل ایک بیان بھی دیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اسپتالوں کو خالی کرو، اسپتال نشانے پر ہیں۔

    اقوام متحدہ میں فلسطینی مندوب ریاض منصور نے اسرائیلی کارروائیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے امریکی صدر بائیڈن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر جنگ بندی کروائیں، اسرائیل کو یہ بتائیں کہ بس بہت ہو چکا۔ آپ کو غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کے خلاف اس قتل عام کو روکنا ہوگا۔

    ریاض منصور نے کہا کہ بیس لاکھ فلسطینیوں کو بے گھر نہ کریں اورانہیں اردن کی جانب نہ دھکیلیں، آپ کو غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کے خلاف اس قتل عام کو روکنا ہوگا۔

  • حزب اللہ کا اسرائیلی فوج پر راکٹوں سے حملہ

    حزب اللہ کا اسرائیلی فوج پر راکٹوں سے حملہ

    لبنانی حزب اللہ نے اس بات کی تصدیق کی کہ اس نے مقبوضہ لبنان فلسطینی سرحد کے پار صہیونی غاصب فوج کی ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا ہے۔

    حملے کے نتیجے میں متعدد اسرائیلی فوجی اہلکار ہلاک اور زخمی ہوئے جب کہ کئی فوجی گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔

    حزب اللہ نے کہا کہ اسلامی مزاحمت نے اسرائیلی ہنیتا بیرکوں کو میزائلوں سے نشانہ بنا کر کئی قابض فوجیوں کو قتل کردیا۔ حملے میں دو ٹینکوں اور ایک فوجی جہاز کو نقصان پہنچایا۔

    حزب اللہ نے کہا کہ اس نے لبنان اور فلسطین کی سرحد پر متولہ بستی کی دیوار پر نصب صہیونی کیمروں اور تکنیکی آلات کو مناسب ہتھیاروں سے نشانہ بنایا جس کی وجہ سے وہ ناکارہ ہو گئے۔

    اس کے علاوہ قابض فوج نے اعتراف کیا کہ جنوبی لبنان سے فائر کیے جانے کے بعد مغربی گلیلی میں 30 گولے گرے۔

    اتوار کی صبح لبنانی حزب اللہ نے مغربی الجلیل میں قابض فوج کی ایک فورس پر میزائل حملہ کیا، جس میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک اور دیگر زخمی ہوگئے۔

    الجزیرہ نے حزب اللہ کے ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ ہم نے شطولہ میں اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

    اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ لبنان سے گولہ باری میں شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

  • اسرائیلی فوج کو یرغمالیوں کی لاشیں مل گئیں

    اسرائیلی فوج کو یرغمالیوں کی لاشیں مل گئیں

    اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ حماس کے ہاتھوں اغوا کیے گئے کچھ یرغمالیوں کی لاشیں اسی ہفتے غزہ کے اندر آپریشن کے دوران ملی ہیں۔

    فوجی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل پیٹر لرنر نے بریفنگ میں بتایا کہ ہمیں غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حدود میں کچھ لاشیں ملی ہیں جنہیں اغوا کیا گیا تھا۔”

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حماس کے ہاتھوں اسرائیلی یرغمالیوں کے اہل خانہ نے ریڈ کراس سے اپیل کی ہے کہ سات روز سے زیرحراست یرغمالیوں کو فوری طور پر دوائیں فراہم کی جائیں۔

    تل ابیب میں یرغمالیوں اور لاپتہ افراد کے خاندانوں کے فورم کے سربراہ رونن زور نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ یرغمالیوں کو ادویات کی منتقلی کے لیے آدھی رات تک ایک معاہدہ طے پا جائے۔ انہوں نے مزید کہا ہمیں آج رات انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس سے جواب ملنے کی امید ہے۔

    اسرائیلی ایسوسی ایشن آف پبلک ہیلتھ فزیشنز جو خاندانوں کے ساتھ تعاون کرتی ہے کے سربراہ ہاگائی لیون نے تل ابیب میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ 150 ایسے قیدی ہیں جو صحت کے مسائل کا شکار ہیں جنہیں فوری طور پر جان بچانے کی ادویات کی ضرورت ہے۔

    رونن زور نے کہا کہ اگر یرغمالیوں کو وہ دیکھ بھال نہیں ملتی جس کی انہیں ضرورت ہے تو اسرائیل کو اپنے حماس کے قیدیوں کو طبی امداد سے محروم کر دینا چاہیے۔ اسرائیلی جیلوں میں حماس کے قیدی موجود ہیں جنہیں بہترین طبی امداد دستیاب ہے۔ اگر کوئی چارہ نہیں ہے تو ہمیں کھیل کے قوانین کو تبدیل کرنا چاہیے۔

  • ٹینکوں کے سہارے اسرائیلی فوج غزہ میں داخل

    ٹینکوں کے سہارے اسرائیلی فوج غزہ میں داخل

    بھاری تعداد میں ٹینکوں کے سہارے اسرائیل کی زمینی فوج غزہ میں داخل ہوگئی ہے۔ جبکہ اسرائیلی فوج کا دعویٰ سامنے آیا ہے کہ لاپتا اسرائیلیوں کی لاشیں مل گئیں ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں اسرائیل کی جانب سے پمفلیٹس کے ذریعے شہریوں کو 24 گھنٹے کے اندر اندر غزہ چھوڑنے کی وارننگ دی گئی تھی۔

    حماس نے اسرائی دھمکی کو مسترد کردیا گیا تھا، حماس نے رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر اسرائیلی فوج غزہ میں داخل ہوئی تو اسرائیلی فوج کو نیست و نابود کردیں گے۔

    دوسری جانب جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کی جانب سے میڈیا کی گاڑی پر بمباری کی گئی ہے جس کے نتیجے میں صحافی جاں بحق ہو گیا۔

    اسرائیلی حملے میں غیر ملکی خبر ایجنسی رائٹرز کے صحافی عصام عبداللہ جاں بحق ہوئے جب کہ رائٹرز کے صحافی طائرالسوڈانی اور مہر نازیہ زخمی ہونے والوں میں ہیں۔

    زخمی ہونے والوں میں الجزیرہ کی رپورٹر کارمین جوخادر اور کیمرہ پرسن ایلی برخیا شامل ہیں۔ یہ واقعہ الماالشعب میں لبنان اسرائیل سرحد پر بڑھتی کشیدگی کے درمیان پیش آیا۔ غزہ پر اسرائیل بمباری سے جاں بحق ہونے والے صحافیوں کی تعداد 7 ہو گئی ہے۔

    رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز کا کہنا ہے کہ لبنانی سرحد پر اسرائیلی فوج نے جان بوجھ کر صحافیوں کو نشانہ بنایا صحافی اپنی پریس کی گاڑی کیساتھ کھڑے تھے جان بوجھ کر حملہ کیا گیا۔

    رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز کے مشرق وسطیٰ ڈیسک کے سربراہ جوناتھن ڈغر کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ لبنان میں مارے جانے والے صحافی قابل شناخت تھے اور جنگجوؤں سے گھرے ہوئے نہیں تھے۔

  • اسرائیلی فوج نیست و نابود کردیں گے، حماس کا اعلان

    اسرائیلی فوج نیست و نابود کردیں گے، حماس کا اعلان

    حماس کے فوجی ترجمان ابو عبیدہ نے اسرائیل کو وارننگ دی ہے کہ اگر اسرائیل نے زمینی حملہ کیا تو اسکی فوج کو نیست ونابود کردیا جائے گا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حماس کے فوجی ترجمان نے اسرائیل پرحملوں کی ویڈیو جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ جنگ کے آغاز پر ہی اسرائیلی فوج کا غزہ ڈویژن تباہ کر دیا تھا۔

    حماس کے فوجی ترجمان نے مزید کہا کہ بیت المقدس کے تحفظ کے لئے ایسی مزید کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

    ابوعبیدہ کا کہنا تھا کہ اس آپریشن کیلئے خفیہ تیاری کی گئی تھی جس میں حماس مزاحمتی قوتوں کے ساتھ رابطے میں تھے، انہوں نے کہا کہ آپریشن ’الاقصیٰ فلڈ‘ میں توقع سے زیادہ کامیابی ملی ہے۔

    حماس رہنما کا کہنا تھا کہ امریکا، فرانس اور دیگر ملکوں کے شہری اسرائیلی فوج کی وردیاں پہن کر جنگ میں شامل ہوگئے ہیں، جن لوگوں کو یرغمال بنایا گیا ہے ان میں بہت سے اسرائیلی فوجی امریکی اور فرانسیسی شہری نکلے ہیں۔

    مزاحمتی تنظیم اسلامی جہاد کی القدس بریگیڈ کے ترجمان ابو حمزہ نے کہا کہ جلد کئی محاذ کھو ل دیئے جائیں گے، جن میں 1948 میں فلسطین کے پاس موجود علاقے بھی شامل کیے جائیں گے۔

    دوسری جانب واضح رہے کہ اسرائیل نے غزہ میں رہائشی کمپاؤنڈ پر بمباری کی ہے، جس سے مزید 45 فلسطینی شہید ہوگئے، جس کے بعد شہید فلسطینیوں کی تعداد 1570 ہوگئی۔

    اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں گنجان آباد جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں رہائشی کمپاؤنڈ پر بمباری کی، اسرائیلی فوج کے حملے میں درجنوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔

    وزارت داخلہ فلسطینی اتھارٹی نے بتایا کہ فضائی حملے میں جبالیہ کیمپ کے مرکز میں الشہاب خاندان کے رہائشی کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا گیا، حملے کے وقت کمپاؤنڈ میں الشہاب خاندان کے رہائشی درجنوں رشتے دار تھے۔

    وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ خاندان کے کچھ افراد دوسرے علاقوں پر بمباری کے خوف سے رہائشی کمپاؤنڈ میں موجود تھے اور شہری دفاع کے کارکن اب بھی ملبے سے لاشیں نکال رہے تھے۔

  • اسرائیلی فوج کے میزائل سسٹم کے اسٹاک میں بڑی کمی کا انکشاف

    اسرائیلی فوج کے میزائل سسٹم کے اسٹاک میں بڑی کمی کا انکشاف

    تین اسرائیلی شہروں میں حماس کی جانب سے راکٹ حملوں کے بعد صیہونی فورسز کی جانب سے جوابی کارروائی نہ کئے جانے کی اہم وجہ سامنے آگئی ۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کے میزائل سسٹم کے اسٹاک میں کمی کا انکشاف ہوا ہے، تین اسرائیلی شہرو ں پر راکٹ حملے نہ روکے جانے کی وجہ آئرن ڈوم سے لیس متعدد یونٹوں کو گولہ باردو فراہم نہ کرنا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے پاس گائیڈڈ اینٹی ائیر کرافٹ میزائل محدود تعداد میں ہیں، اسرائیلی فوج غزہ کے قریب شہروں پر راکٹ حملے روکنے میں ناکام رہی ہے۔

    واضح رہے کہ حماس کے بھرپور حملے کے بعد امریکا نے اسرائیل کے دفاع اور اس کی مدد کیلئے بحری بیڑہ بھیجنے کا باظابطہ اعلان کردیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق امریکا نے فلسطینی تنظیم حماس سے نمٹنے کیلئے اپنا جنگی بحری بیڑہ اسرائیل کے نزدیک بھیجنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    اس حوالے سے امریکی وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ امریکا اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کرے گا کہ اسرائیل کے پاس اپنے دفاع کے لیے جو ضرورت ہے وہ موجود ہو۔

    انہوں نے بتایا کہ اسرائیل کی مدد کے لیے جنگی بحری بیڑٖے روانہ کررہے ہیں، اسرائیل کے لوگوں کی حفاظت کیلئے سیکیورٹی امداد آج سے شروع ہوجائے گی۔

    وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا کہ ہمارا خیال ہے کہ حماس کا یہ تازہ حملہ اسرائیل اور سعودی عرب کے تعلقات کو معمول پر لانے کی کوششوں کو ممکنہ طور پر متاثر کرنے کیلئے کیا گیا ہے۔

    لائیڈ آسٹن نے ایک بیان میں کہا کہ آنے والے دنوں میں امریکی محکمہ دفاع اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کرے گا کہ اسرائیل کے پاس اپنے دفاع اور شہریوں کو اندھا دھند تشدد اور دہشت گردی سے بچانے کے لیے ضروری دفاعی صلاحیت موجود ہو۔

  • اسرائیلی فوج کی لبنان کے سرحدی علاقے پر گولا باری

    اسرائیلی فوج کی لبنان کے سرحدی علاقے پر گولا باری

    بیروت: اسرائیلی فوج نے لبنان کے سرحدی علاقے پر گولاباری شروع کر دی ہے۔

    روئٹرز کے مطابق حزب اللہ کی جانب سے متنازع شیبہ فارمز میں 3 اسرائیلی فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے بعد اسرائیل نے اتوار کو جنوبی لبنان میں توپ خانے سے گولہ باری کی۔

    اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ لبنان سے ہونے والی گولہ باری میں اسرائیل کی فوجی چوکی کو نشانہ بنایا گیا، اور لبنان کی سرحد پار سے مارٹر گولے فائر ہونے کے بعد ان اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

    ترک میڈیا انادولو کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے لبنان کی شمالی سرحد پر حزب اللہ کے جھنڈے اٹھائے ہوئے مظاہرین پر فائرنگ کی، موٹر سائیکل سواروں کا ایک گروپ سرحدی علاقے میں حماس کے اسرائیل پر حملے کا جشن منانے آیا تھا، زخمیوں سے متعلق کوئی اطلاع موصول نہیں ہو سکی ہے۔

    غزہ اندھیروں میں ڈوب گیا، اسرائیل کا تمام سپلائی معطل کرنے کا اعلان

    روئٹرز کے مطابق ایران کی حمایت یافتہ طاقت ور مسلح گروپ حزب اللہ نے کہا ہے کہ اس نے فلسطینی عوام کے ساتھ ’’یکجہتی‘‘ کے طور پر شیبہ فارمز میں تین پوسٹوں پر گائیڈڈ راکٹ داغے، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ درجنوں جنگجو لبنان سے اسرائیل میں داخل ہو گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ اسرائیل نے 15 مربع میل (39 مربع کلومیٹر) پر مشتمل شیبا فارمز پر 1967 سے قبضہ کر رکھا ہے، شام اور لبنان دونوں کا دعویٰ ہے کہ شیبا فارمز لبنانی ہیں۔

    آپریشن طوفان الاقصیٰ جاری، ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 530 سے تجاوز کر گئی

    ادھر جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کے امن مشن نے اسرائیل اور غزہ میں ہونے والی پیش رفت کے بعد اپنی موجودگی کو بڑھا دیا ہے، تاکہ یہاں سے ہونے والے راکٹ حملوں کی کارروائیوں کو روکا جا سکے۔

  • اسرائیل کی فوجی گاڑی میں دھماکہ، حماس کے 3 اہم ارکان گرفتار

    اسرائیل کی فوجی گاڑی میں دھماکہ، حماس کے 3 اہم ارکان گرفتار

    اسرائیل کی ایک فوجی گاڑی میں مغربی کنارے کے جنین کیمپ سے انخلا کے دوران دھماکہ خیز مواد پھٹ گیا، جس سے بڑی تباہی کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق صہیونی فورسز نے الجنین کیمپ پر چھاپہ مارا، کارروائی کے دوران حماس کے ایک رہنما سمیت تین ارکان کو حراست میں لے لیا ، آپریشن کے دوران 6 فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔

    اسرائیلی فوج کے ترجمان کا ٹوئٹر پر کہنا تھا کہ اسرائیلی فورسز نے حماس کے 3 ارکان کو حراست میں لے لیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق گرفتار کئے گئے ارکان میں عبداللہ حسن محمد صبیح، ورد الشریم اور معتصم جعایصۃ شامل ہیں۔ ان میں سے ایک فلسطینی کے پاس سے ایم سولہ خودکار رائفل بھی ملی ہے۔ گرفتار تین افراد میں سے دو زخمی بھی ہوئے تھے۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج لگ بھگ ایک گھنٹے تک جنین میں آپریشن کرنے میں مصروف رہی اور پھر انہیں فلسطینیوں کو گرفتار کرکے ہیلی کاپٹر میں لے جاتے دیکھا گیا۔

    فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 4 افراد زخمی حالت میں ہسپتال لائے گئے تھے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ اس سے قبل خصوصی فورس کی آمد پر کیمپ میں سائرن بجنے لگے جس کے بعد کئی فوجی گاڑیوں نے کیمپ پر دھاوا بول دیا۔

    اسرائیلی آرمی ریڈیو کا کہنا تھا کہ آپریشن کا مقصد مطلوب افراد کو گرفتار کرنا تھا۔فائرنگ کی آوازایک سے زیادہ مقامات پر سنی گئی۔

    جولائی کے اوائل میں جنین شہر اور اس کے کیمپ میں اسرائیلی فوج نے بڑا فوجی آپریشن کیا تھا جس میں 12 فلسطینی شہید اور 200 کے قریب زخمی ہوگئے تھے۔واضح رہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر ظلم و ستم کی داستان کوئی نئی بات نہیں ہے۔

  • اسرائیلی فوجی کارروائی کے دوسرے دن تل ابیب میں حملہ، 8 افراد زخمی

    اسرائیلی فوجی کارروائی کے دوسرے دن تل ابیب میں حملہ، 8 افراد زخمی

    تل ابیب: اسرائیلی فوج کی کارروائی کے دوسرے دن تل ابیب میں حملے میں 8 افراد زخمی ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی 20 برس میں سب سے بڑی فوجی کارروائی کے بعد گزشتہ روز تل ابیب میں ایک کار کے ٹکرانے اور چھرا گھونپنے کے واقعات میں آٹھ افراد زخمی ہو گئے ہیں، جب کہ ایک مشتبہ شخص کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔

    اسرائیلی پولیس نے منگل کے روز کہا کہ انھیں اطلاع ملی تھی کہ شمالی تل ابیب میں ایک کار نے متعدد شہریوں کو کچل دیا ہے، جس پر کار سوار کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

    دوسری طرف فلسطینی گروپ حماس نے جنین کیمپ میں فلسطینیوں کے خلاف جرائم کے ارتکاب کے رد عمل کے طور پر انجام دیے گئے گاڑی سے کچلنے کے واقعے کو بہادری سے تعبیر کرتے ہوئے سراہا ہے۔

  • اسرائیلی فوج کا جنین میں فضائی اور زمینی حملہ، 4 فلسطینی شہید، زہریلی گیس کا استعمال

    اسرائیلی فوج کا جنین میں فضائی اور زمینی حملہ، 4 فلسطینی شہید، زہریلی گیس کا استعمال

    جنین: اسرائیلی فوج نے جِنین میں فضائی اور زمینی حملے میں 4 فلسطینیوں کو شہید کر دیا، قابض فورسز نے زہریلی گیس کا استعمال بھی کیا۔

    عالمی میڈیا نیوز رپورٹس کے مطابق فلسطین میں اسرائیلی قابض فورسز کی دہشت گردی کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے، صہیونی فورسز نے پیر کو مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جِنین میں صبح سویرے کیمپ پر زمینی اور فضائی حملہ کر دیا۔

    اسرائیلی فوج کے حملے میں چار فلسطینی شہید اور10 زخمی ہو گئے ہیں، جنین کیمپ پر حملے میں اسرائیلی فورسز نے میزائل فائر کیے، گولیاں برسائیں، گرینیڈ اور زہریلی گیس کا بھی استعمال کیا۔

    اسرائیلی فورسز نے حملے کے دوران مقبوضہ مغربی کنارے میں کئی گھروں کو دھماکے سے اڑا دیا۔

    الجزیرہ کے مطابق مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے پیر کی صبح جنین میں کم از کم 10 فضائی حملے کیے، کئی عمارتوں کے ملبے سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا، اور شہر کے وسیع پناہ گزین کیمپ کی طرف بڑھتے ہوئے اسرائیلی بکتر بند گاڑیوں کے ایک قافلے کو بھی دیکھا گیا تھا۔

    جنین میں فلسطینی ہلال احمر کے ڈائریکٹر محمود السعدی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ’’فضا سے بمباری اور زمین سے حملہ ہو رہا ہے، کئی مکانات اور مقامات پر بمباری کی گئی، ہر طرف سے دھواں اٹھ رہا ہے۔‘‘

    فلسطینی وزارت صحت نے کہا کہ چھاپوں میں کم از کم چار فلسطینی شہید ہوئے جب کہ زخمی ہونے والوں میں سے کئی کی حالت تشویش ناک ہے، ایک فلسطینی ایمبولینس ڈرائیور خالد الاحمد نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ مہاجر کیمپ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ حقیقی جنگ ہے۔ حکام کے مطابق ایک الگ واقعے میں مغربی کنارے کے شہر رام اللہ کے قریب اسرائیلی فائرنگ سے ایک 21 سالہ فلسطینی بھی شہید ہو گیا ہے۔