Tag: اسرائیلی مظالم

  • اسرائیلی مظالم: غزہ کے ایک لاکھ سے زائد بچے شدید نفسیاتی صدمے کا شکار

    اسرائیلی مظالم: غزہ کے ایک لاکھ سے زائد بچے شدید نفسیاتی صدمے کا شکار

    (17 اگست 2025): اسرائیلی کے مظلوم فلسطینیوں وحشیانہ مظالم کے باعث غزہ کے ایک لاکھ سے زائد بچے شدید نفسیاتی صدمے کا شکار ہیں۔

    غزہ کی وزارت صحت کے ڈائریکٹر جنرل منیر البُرش نے الجزیرہ سے خصوصی گفتگو میں کہا ہے کہ اسرائیل کے مسلسل اور وحشیانہ مظالم نے غزہ کے ایک لاکھ سے زائد بچوں کو شدید نفسیاتی صدمے سے دوچار کر دیا ہے اور یہ مظلوم و یتیم بچے دنیا کی توجہ کے منتظر ہیں۔

    منیر البُرش کی وزارت صحت کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک 44 ہزار بچے یتیم ہو چکے ہیں۔ والدین سے محروم ان بچوں میں نفسیاتی مسائل تشویشناک حد تک بڑھ گئے ہیں۔

    ڈی جی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں 52 فیصد ادویات ختم اور اسپتالوں میں خون کی بھی شدید کمی ہے۔ اس وقت غزہ میں انسانی صورتحال تشویشناک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔

    واضح رہے کہ صہیونی قابض ریاست اسرائیل کی جانب سے 7 اکتوبر 2023 سے غزہ کے مظلوم فلسطینی مسلمانوں کے خلاف جاری وحشیانہ کارروائی میں اب تک 60 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ ان میں بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔

    اس سے کہیں زیادہ تعداد زخمیوں کی ہے۔ اسرائیل نے ان کارروائیوں میں انسانی اور جنگی تمام حقوق اور قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گھروں سمیت پناہ گزین کیمپوں، اسکول اور اسپتالوں پر بھی بم برسائے اور غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا۔

    اس وقت غزہ میں سب سے بڑا مسئلہ خوراک کی قلت ہے اور اسرائیلی جارحیت کے ساتھ بھوک بھی روزانہ کئی انسانی جانیں نگل رہی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/south-sudan-denies-having-talks-with-israel-to-resettle-palestinians-from-gaza/

  • اسرائیلی مظالم پر برطانوی حکومت سے جواب طلبی

    اسرائیلی مظالم پر برطانوی حکومت سے جواب طلبی

    لندن : برطانوی پارلیمنٹ ممبر  نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی مظالم کیخلاف برطانوی حکومت نے اب تک کیا اقدامات کیے؟ جواب دیا جائے۔

    برطانوی ممبر پارلیمنٹ تن من سنگھ نے وقفہ سوالات دوران اپنی تقریر میں اسرائیلی مظالم کے حوالے سے غزہ کی تازہ ترین صورتحال بیان کی اور بتایا کہ 6 فلسطینی بچے سردی کی شدت سے مر گئے۔

    انہوں نے کہا کہ ایندھن، صحت اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی بے گناہ فلسطینیوں کی موت کا سبب بن رہی ہے، پناہ گاہیں بارش کے پانی سے بھر گئیں، وبائی امراض بھی تیزی سے پھیل رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ بیرون ممالک سے آنے والی امداد کو عوام تک رسائی نہیں مل رہی، آج غزہ میں ایک بھی اسپتال کام نہیں کررہا۔

    تن من سنگھ نے سوال کیا کہ اسرائیلی مظالم روکنے کیلئے برطانوی حکومت کیا اقدامات کررہی ہے؟ فلسطین میں قتل عام کب بند کیا جائے گا؟

    ممبر پارلیمنٹ کے سوال کے جواب میں برطانوی وزیر مملکت خارجہ برائے جنوبی ایشیا اور مشرقی وسطی ہمیش فالکنر نے جواب دیا کہ برطانیہ حکومتی سطح پر اسرائیل سے اس مسئلہ پر بات چیت کررہا ہے۔

    انہوں نے واضح کیا کہ ہماری پالیسی اسرائیل غزہ پر بالکل کلیئر ہے، ہم مستقل جنگ بندی کی کوشش جاری رکھیں گے۔

    فلسطینی وزارت صحت کا اعلامیہ

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق فلسطینی وزارت صحت نے اپنی رپوٹ میں کہا ہے کہ 7اکتوبر2023سے شروع ہونے والی جنگ میں اب تک 46 ہزار 707 فلسطینی شہید ہوئے، اس کے علاوہ اسی عرصے میں اب تک 1 لاکھ 10 ہزار 265 فلسطینی زخمی ہوئے۔

  • بائیڈن کی تقریر کے دوران اسرائیلی مظالم کے خلاف شدید نعرے بازی

    بائیڈن کی تقریر کے دوران اسرائیلی مظالم کے خلاف شدید نعرے بازی

    امریکی صدر جوبائیڈن کے لئے انتخابی مہم چلانا مشکل ہوگیا، اسرائیلی مظالم کے خلاف شدید نعرے بازی کرنے والوں نے بائیڈن کے لئے نئی مشکل کھڑی کردی ۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر انتخابی مہم کے سلسلے میں ورجینیا میں تقریر کررہے تھے، اس دوران فلسطینیوں کے حامی بار بار کھڑے ہوتے رہے اور فلسطینیوں کے حق میں نعرے لگا تے رہے۔

    فلسطین کا پرچم تھامے ان افراد کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا تھا کہ اسرائیلی مظالم کا سلسلہ بند کیا جائے اور فوری جنگ بندی کرائی جائے۔

    امریکی صدر کی تقریر کے دوران خلل ڈالنے والے ان افراد کو روک کر باہر نکالا جاتا رہا تاہم ایک کے بعد دوسرا شخص سامنے آجاتا تھا۔

    دوسری جانب امریکا کی جانب سے غزہ میں علاقائی تبدیلیوں اور غزہ میں بفرزون بنانے کی اسرائیلی تجویز کو مسترد کردیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اسرائیل کو 7 اکتوبر جیسا حملہ دوبارہ ہونے سے روکنے کا حق ہے، لیکن جب غزہ کی مستقل حیثیت کی بات آتی ہے تو ہم بہت واضح ہیں۔

    اسرائیلی فوج کے تازہ سفاکانہ حملوں میں مزید 200 فلسطینی شہید، 304 زخمی

    امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے مزید کہا کہ ہم اس کی سرزمین پر تجاوزات نہ کرنے کے بارے میں واضح ہیں، نقل مکانی کرنے والوں کی گھروں کو واپسی کی حمایت کرتے ہیں۔

  • غزہ میں اسرائیلی مظالم جاری، فلسطینی شہداء کی تعداد 20 ہزار تک پہنچ گئی

    غزہ میں اسرائیلی مظالم جاری، فلسطینی شہداء کی تعداد 20 ہزار تک پہنچ گئی

    غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت کا سلسلہ تاحال جاری ہے، جس کے باعث مزید 60 سے زیادہ فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق غزہ میں فلسطینی شہداء کی تعداد 20 ہزار ہوچکی ہے، جس میں 8 ہزار بچے اور 6 ہزار سے زائد خواتین شامل ہیں۔

    حماس کی جانب سے اسرائیلی فوج کی بھرپور مزاحمت کا سلسلہ بھی جاری ہے، تازہ ترین کارروائی میں سرنگ میں داخل ہونے والے اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کیا گیا ہے جس میں 5 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

    القسام بریگیڈز کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ 72 گھنٹوں کے دوران اسرائیل کی 41 فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

    دوسری جانب امریکی صدر کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان قیدیوں کی رہائی اور جنگ بندی کے لیے جلد نئے معاہدے کی توقع نہیں ہے۔

    ان کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب حماس اور اسرائیلی نمائندے ایک نئے معاہدے پر پہنچنے کی کوشش میں مصر میں ملاقات کر رہے تھے۔

    اٹلی: غیرت کے نام پر بیٹی کو قتل کرنیوالے پاکستانی والدین کو عمر قید کی سزا

    حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ مصر میں موجود ہیں جو قطر کی ثالثی میں جنگ بندی معاہدے کے لیے حکام سے مذاکرات کر رہے ہیں۔

  • سینیٹ میں مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کیخلاف  قرارداد منظور

    سینیٹ میں مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کیخلاف قرارداد منظور

    اسلام آباد : سینیٹ میں مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کیخلاف قرارداد منظور کرلی گئی، فرارداد میں غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں قائد ایوان اسحاق ڈار نے اسرائیل کے حملے کیخلاف مذمتی قرارداد پیش کی۔

    قرارداد میں اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ فلسطینیوں پر مظالم بند کئے جائیں، آزاد فلسطین پریقین رکھتے ہیں جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو۔

    قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ پاکستان غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے، غزہ میں خوراک،پانی اور دواؤں سمیت دیگر اشیا فوری بحال کی جائیں ،پاکستان فلسطینی عوام کیساتھ بھرپوریکجہتی کا اظہارکرتا ہے۔

    سینیٹ اجلاس میں غزہ پر اسرائیل کےحملے کیخلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی، جس کے بعد چیئرمین سینیٹ نے قرارداد دنیا کے مختلف ممالک کو بھجوانے کی ہدایت کرتے ہوئے اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا۔

    خیال رہے 7 اکتوبر سے اب تک غزہ میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم 8,525 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جب کہ دوسری طرف اسرائیل میں 1,400 سے زیادہ افراد مارے جا چکے ہیں۔

  • ’اسرائیلی وزیراعظم اس کے جوابدہ ہے‘ باکسر عامر خان اسرائیلی مظالم دیکھ کر پھٹ پڑے

    ’اسرائیلی وزیراعظم اس کے جوابدہ ہے‘ باکسر عامر خان اسرائیلی مظالم دیکھ کر پھٹ پڑے

    پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم دیکھ کر پھٹ پڑے۔

    پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان  نے اسرائیل کی فلسطین پر جاری بربریت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ پر حملوں کو روکنے کے لیے کیوں کچھ نہیں کیا جا رہا؟۔

    باکسر عامر خان  نے غزہ کی صورتحال پر کہا کہ غزہ میں گزشتہ رات اسپتال پر بمباری کی گئی ہے، معصوم بچوں سمیت لوگوں کا قتل کیا جارہا ہے، جو لوگ حملوں میں زخمی ہونے کے بعد اسپتال میں تھے ان پر حملہ کیا جارہا ہے۔

    انہوں  نے مزید لکھا کہ ان سب کو روکنے کے لیے کچھ کرنا ہوگا، عالمی رہنماؤں کو غزہ پر آواز اٹھانی چاہیے اور ایکشن لینا چاہیے، ہمارے آنکھوں کے سامنے نسل کشی ہورہی ہے اور کوئی مدد نہیں کررہا۔

    عامر خان نے کہا کہ روزانہ یہ ویڈیوز دیکھ کر میرا دل ٹوٹ جاتا ہے اور میں بے بس محسوس کرتا ہوں، کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں زندگی میں وار کرائم دیکھوں گا اور دنیا بس دیکھ رہی ہو گی، ان سب کا جوابدہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو ہیں۔

  • اسپین نے بھی اسرائیلی مظالم کی مخالفت کردی

    اسپین نے بھی اسرائیلی مظالم کی مخالفت کردی

    غزہ میں ہونے والی اسرائیلی بربریت پر اسپین نے بھی آواز حق بلند کردی، صہیونی کارروائیوں کو جنگی جرائم اور فلسطینیوں کی نسل کشی قرار دے دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسپین کی وزیر برائے سماجی انصاف ایون بلیرا نے کہا ہے کہ اسرائیل منصوبہ بندی کے تحت مظلوم فلسطینی عوام نسل کشی کا مرتکب ہو رہا ہے۔

    ہسپانوی نائب وزیر سماجی حقوق ایون بلیرا کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی شہریوں پر بمباری اور انہیں اجتماعی طور پر سزا دینا بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے اور یہ ایک "جنگی جرم” ہے

    ہسپانوی نائب وزیر برائے سماجی حقوق ایون بلیرا نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں "منصوبہ بند نسل کشی” کر رہا ہے اور کہا کہ وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے خلاف بین الاقوامی فوجداری عدالت میں اس بنیاد پر مقدمہ چلایا جانا چاہیے کہ انہوں نے "جنگی جرائم” کا ارتکاب کیا ہے۔

    اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری کیے گئے ویڈیو پیغام میں بیلرا نے اس بات پر زور دیا کہ فلسطینیوں کے المناک مناظر نے مجھے سخت دھچکہ لگایا ہے "ریاست اسرائیل غزہ میں ایک منصوبہ بند نسل کشی کر رہی ہے۔”

    ایون بلیرا نے کہا کہ اسرائیل کی شہریوں پر بمباری اور انہیں اجتماعی طور پر سزا دینا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے اور یہ ایک "جنگی جرم” ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور یورپی یونین نہ صرف اس سے آنکھیں بند کرلیتے ہیں بلکہ اسرائیل کی نسل پرستانہ پالیسی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والے قبضے میں ریاست کی حمایت کرتے ہیں۔

    اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ اسرائیلی شہریوں پر حماس کے حملے اسرائیل کی طرف سے کیے جانے والے "جرائم” کا عذر نہیں ہو سکتے، بیلارا نے اسپین اور پورے یورپ دونوں کے لوگوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے خلاف سڑکوں پر نکل آئیں۔

    ایون بلیرا نےحکومت قائم کرنے کی ذمہ داری سونپ گئی سوشلسٹ ورکرز پارٹی سے اپیل کی ہے ، وہ نیتن یاہو کے جنگی جرائم کی "تحقیقات” کے لیے آئی سی سی کو درخواست دینے پر مل کر کام کریں۔

  • فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے حوالے سے اقوام متحدہ نے رپورٹ جاری کر دی

    فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے حوالے سے اقوام متحدہ نے رپورٹ جاری کر دی

    فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے حوالے سے اقوام متحدہ نے رپورٹ جاری کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق صہیونی فورسز نے فلسطینیوں پر ظلم اور بربریت کے پہاڑ تور دیے، اقوامِ متحدہ نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فورسز کے حملوں اور پُرتشدد کارروائیوں کی تعداد 600 سے زائد ہو گئی ہے۔

    اقوامِ متحدہ کی رپورٹ کے مطابق 2023 کی پہلی ششماہی میں مظلوم فلسطینیوں کے خلاف مذموم 591 پُرتشدد واقعات ریکارڈ ہوئے، سال 2022 کے مقابلے میں ان کارروائیوں میں 39 فی صد اضافہ ہوا۔

    واضح رہے کہ فلسطین میں اسرائیلی فورسز کی ظالمانہ کارروائیاں تواتر کے ساتھ جاری ہیں، گزشتہ روز بھی مقامی میڈیا اور فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اپنے معمول کے چھاپوں کے دوران ایک فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا۔

    اس سے قبل ایک اور واقعے میں آبادکاروں کے ہاتھوں ایک فلسطینی شہید ہوا، فلسطین کی وزارت صحت نے جمعہ کو بتایا کہ 19 سالہ قصی جمال معتان کو رام اللہ کے مشرق میں واقع گاؤں برقۃ میں آباد کاروں نے گولی مار کر شہید کیا۔

  • اسرائیل نے ’کیرم شالوم‘ گزرگاہ پر پابندی عائد کردی

    اسرائیل نے ’کیرم شالوم‘ گزرگاہ پر پابندی عائد کردی

    یروشلم : صیہونی ریاست اسرائیل نے فلسطینی شہریوں پر دھائے جانے والے مظالم میں مزید اضافہ کردیا، غزہ پر مزید بحری اور زمینی پابندیاں عائد کرتے ہوئے ’کیرم شالوم‘ گزر گاہ بند کردی۔

    تفصیلات کے مطابق غاصب صیہونی ریاست اسرائیل نے نہتے فلسیطینوں کی جانب سے کیے جانے والے احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لیے گذشتہ روز مقبوضہ غزہ پر مزید نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔

    فلسطینی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ظلم و بربریت کا بازار گرم کرنے والی ریاست اسرائیل کے وزیر دفاع لائیبرمین کی جانب سے نئی پابندیاں غزہ کے مچھیروں پر لگائی گئی ہیں جو اب سمندر میں صرف 6 سے 9 ناٹنیکل میل تک ہی شکار کرسکیں گے۔

    انتہا پسند اسرائیلی وزیر دفاع نے فلسطینی شہریوں کو دھمکی دی ہے کہ اگر مچھیرے اسرائیلی حکومت کے جاری کردہ احکامات کی حکم عدولی کریں گے یا مزید مظاہرے کریں گے تو انہیں مزید پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے غزہ میں اشیاء کی آمد و رفت کے لیے استعمال ہونے والی شاہراہ ’کیرم شالوم‘ پر پابندیاں عائد کردی گئی ہیں۔

    خیال رہے کہ اسرائیلی حکومت کی جانب سے حماس کی حکومت وجود میں آنے کے بعد سے غزہ کا بحری اور زمینی محاصرہ کیا ہوا ہے۔

    فلسطینی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سنہ 1948 میں فلسطینی شہریوں کو ان ہی کے گھروں سے بے دخل کرکے یہودیوں کو آباد کردیا گیا تھا جس کے خلاف رواں برس مارچ سے نہتے فلسطینی شہری صیہونی ریاست کے خلاف احتجاجی مظاہرے کررہے ہیں۔


    مزید پڑھیں : غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ‘ 3 فلسطینی شہید


    واضح رہے کہ اسرائیلی فورسز کے ظلم و بربریت اور اندھا دھند فائرنگ کی زد میں آکر غزہ کی سرحد پراحتجاج کرنے والے تین فلسطینی شہری شہید جبکہ 300 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔

    غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 12 سالہ فارس حفیظ اور 24 محمود اکرم موقع پرہی دم توڑ گئے۔


    مزید پڑھیں : غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ، نوجوان شہید، 24 فلسطینی زخمی


    یاد رہے کہ دو روز قبل اسرائیلی فورسز نے احتجاج کرنے والے فلسطینیوں پر فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں نوجوان شہید جبکہ 24 فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔

    واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی قبضے کے خلاف 30 مارچ سے شروع ہونے والے مظاہروں میں اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے تقریباََ 200 فلسطینی جاں بحق اور 21 ہزار سے زائد مظاہرین زخمی ہوچکے ہیں۔

  • اسرائیلی مظالم کےخلاف ملک بھرمیں آج ’یوم یکجہتی فلسطین‘ منایا جا رہا ہے

    اسرائیلی مظالم کےخلاف ملک بھرمیں آج ’یوم یکجہتی فلسطین‘ منایا جا رہا ہے

    اسلام آباد : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی اپیل پر فلسطینوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آج ملک بھر میں ’یوم یکجہتی فلسطین‘ منایا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینوں پرڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف ملک بھر میں آج ’یوم یکجہتی فلسطین‘ منایا جا رہا ہے۔

    وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ’یوم یکجہتی فلسطین‘ سے متعلق اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان ہرفورم پرفلسطینی بھائیوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

    فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور غزہ میں اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کی مذمت کے لیے خصوصی ریلیاں نکالی جائیں گی اور کانفرنسز منعقد ہوں گی۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے 18 مئی کو فلسطین کے حق میں ’یوم یکجہتی فلسطین‘ منانے کا اعلان کیا تھا۔

    امریکی سفارت خانے کی منتقلی کے خلاف مظاہرے، 63 افراد شہید

    یاد رہے کہ رواں ہفتے 14 مئی کو امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی کے خلاف فلسطینوں کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا تھا جس پراسرائیلی فوج نے وحشیانہ فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 62 افراد شہید اور 2700 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

    اسرائیلی فوج کی نہتے فلسطینیوں پر وحشیانہ فائرنگ کی نہ صرف مذمت کی گئی تھی بلکہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں احتجاج بھی کیا گیا تھا۔

    فلسطین کی سنگین صورت حال سے متعلق او آئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب

    واضح رہے کہ فلسطین میں قابض اسرائیلی فوج کے ہاتھوں معصوم شہریوں کی شہادت سے متعلق او آئی سی کا ہنگامی اجلاس آج طلب کیا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔