Tag: اسرائیلی وزیراعظم

  • سعودی عرب میں فلسطینی ریاست : اسرائیلی وزیراعظم کے بیان کی شدید مذمت

    سعودی عرب میں فلسطینی ریاست : اسرائیلی وزیراعظم کے بیان کی شدید مذمت

    اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کو سعودی عرب میں اپنی ریاست قائم کرنی چاہیے، فلسطین اور مصر نے اس تجویز کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے گزشتہ روز اسرائیلی ٹی وی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ سعودی عرب فلسطینیوں کے لیے اپنی سرزمین پر ایک ریاست بنا سکتا ہے، ان کے پاس وہاں کافی زمین ہے۔

    انہوں نے اس انٹرویو میں سعودی عرب کے ساتھ ممکنہ سفارتی تعلقات کی بات کرتے ہوئے پیش گوئی کی کہ جلد ہی اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی معاہدہ ہو سکتا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خاص طور پر 7 اکتوبر کے بعد سے اب کوئی فلسطینی ریاست نہیں، وہ پہلے ریاست تھی، جس کو غزہ کہا جاتا تھا، غزہ میں حماس کی حکومت تھی اور دیکھیں کہ ہم نے اسے حاصل کرلیا۔

    نیتن یاہو سے سوال کیا گیا کہ آیا سعودی عرب سے تعلقات قائم کرنے کے لیے فلسطینی ریاست ضروری ہے تو انہوں نے اس تجویز کو یکسر مسترد کردیا اور کہا کہ فلسطینی ریاست اسرائیل کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔

    فلسطین اور مصر کی شدید مذمت

    اس حوالے سے فلسطین اور مصر نے اسرائیلی وزیر اعظم کی اس تجویز کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے اسے سعودی عرب کی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیا۔ مصر نے نیتن یاہو کے اس بیان کو "غیر ذمہ دارانہ اور مکمل طور پر ناقابل قبول” قرار دیا۔

    دوسری جانب فلسطینی وزارت خارجہ نے بھی اپنے بیان میں نیتن یاہو کی اس تجویز کو "نسل پرستانہ اور امن مخالف” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سعودی عرب کی خودمختاری اور استحکام پر براہ راست حملہ ہے۔

    فلسطین لبریشن آرگنائزیشن (پی ایل او) کے سیکرٹری جنرل حسین الشیخ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم کا بیان بین الاقوامی قوانین و معاہدوں کی خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست فلسطین صرف فلسطین کی سرزمین پر ہی قائم ہوگی۔

    سعودی عرب کی وضاحت

    رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے نیتن یاہو کے اس بیان کو مسترد کر دیا اور واضح کیا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں نہ آئے جو کہ وہ مسلسل نظر انداز کر رہے ہیں۔

    یہ انٹرویو اس وقت ہوا جب نیتن یاہو واشنگٹن، ڈی سی میں موجود تھے، جہاں انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی۔

  • نیتن یاہو نے جو بائیڈن اور ٹرمپ سے فون پر کیا کہا؟

    نیتن یاہو نے جو بائیڈن اور ٹرمپ سے فون پر کیا کہا؟

    اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے امریکی صدر جو بائیڈن اور نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفونک گفتگو کی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے یرغمالیوں کی رہائی کے لیے ڈیل میں مدد پر دونوں شخصیات کا شکریہ ادا کیا۔

    اسرائیلی وزیراعظم آفس کے مطابق نیتن اور ٹرمپ نے جلد واشنگٹن میں ملاقات پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں کے درمیان جلد ملاقات متوقع ہے۔

    واضح رہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان 15ماہ بعد جنگ بندی معاہدہ طے پا گیا ہے۔ جبکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے غزہ جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔

    اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیریس انتونیو گوتریس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ معاہدے کے نتیجے میں قیدیوں اور یرغمالیوں کو رہا کیا جائے گا اور امداد کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور ہوں گی۔

    اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ جنگ بندی معاہدے کے بعد غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل بھی شروع کردی گئی ہے۔

    معاہدے کی توثیق کے باوجود اسرائیل کی بمباری، 3 فلسطینی شہید

    ان کا مزید کہنا تھا کہ غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل بھی شروع کردی گئی ہے، سیکڑوں امدادی ٹرک صلاح الدین اسٹریٹ کے راستے جنوبی غزہ پٹی میں داخل ہوگئے ہیں۔

  • اسرائیلی وزیراعظم نے اپنی ہی فوج سے لڑنا شروع کر دیا

    اسرائیلی وزیراعظم نے اپنی ہی فوج سے لڑنا شروع کر دیا

    اسرائیلی وزیراعظم اور فوج کے درمیان دراڑیں پڑنے لگی ہیں اور نیتن یاہو نے اپنی ہی فوج سے لڑنا شروع کر دیا ہے۔

    غاصب صہیونی ریاست کی غزہ پٹی پر مسلسل جنگ 14 ماہ سے جاری ہے جبکہ لبنان میں بھی اس نے ایک ماہ قبل نیا محاذ جنگ کھول دیا ہے اس کے علاوہ ایران پر بھی حملے کیے گئے ہیں۔

    اس چومکھی لڑائی کے دوران یہ خبر آئی ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور ان کی فوج کے درمیان دراڑیں پڑنے لگی ہیں اور انہوں نے اپنی ہی فوج سے لڑنا شروع کر دیا ہے۔

    نیتن یاہو نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے اپنی فوج پر الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے اہم معلومات تک ان کی رسائی کو روکا۔

    واضح رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم گزشتہ دنوں وزیر دفاع گیلنٹ کو برطرف کر دیا تھا جب کہ اپنی رہائشگاہ پر دو بار حملوں کے بعد وہ سیکیورٹی ایجنسی کے سربراہ کو بھی برطرف کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

    دوسری جانب گزشتہ دنوں بین الاقوامی فوجداری عدالت نے غزہ جنگ سے متعلق مبینہ جنگی جرائم کے الزام میں اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو، کاؤنٹی کے سابق وزیر دفاع یوو گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ دونوں کی بیرون ملک سفر کی صورت میں گرفتاری کا امکان ہے اور کئی ممالک عدالتی حکم پر عملدرآمد کرنے کا اعلان بھی کرچکے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس 7 اکتوبر سے اسرائیلی فورسز کے غزہ پر جاری وحشیانہ حملوں میں اب تک 43 ہزار سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں۔ ان میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے جب کہ غزہ ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے۔

    اسرائیلی فوج نے اس دوران جنگی قوانین کو بھی اپنے پیروں تلے روند ڈالا اور پناہ گزین کیمپوں، اسپتالوں، اسکولوں تک کو بمباری کر کے ملبے کا ڈھیر بنا دیا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/israeli-pm-benjamin-netanyahu-arrest-warrant-issue/

    (more…)

  • نیتن یاہو کی ایران کی تیل کی تنصیبات پر حملے کی دھمکی

    نیتن یاہو کی ایران کی تیل کی تنصیبات پر حملے کی دھمکی

    اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایک بار پھر ایران کی تیل کی تنصیبات پر حملے کی دھمکی دی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے حملے کی صورت میں اسرائیل ایران کی تیل کی تنصیبات پرحملہ آور ہوسکتا ہے۔

    اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی صدر امریکی دورے پر ہیں جہاں اُن کی امریکی صدر بائیڈن سے ملاقات متوقع ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسرائیل پر ایران کی جانب سے ایک اور حملہ ایرانیوں پر اربوں روپے کے ڈاکے کے مترادف ہوگا۔

    انہوں نے دھمکی آمیز لہجے میں کہا کہ اگر اسرائیل نے ایرانی تیل کی تنصیبات پر حملہ کردیا تو ایران میں معاشی تباہی کی صورتحال پیدا ہوجائے گی۔

    ادھر اسرائیلی فوج کی غزہ میں بربریت کا سلسلہ تاحال جاری ہے، آس پاس کے علاقے بھی بمباری سے ہونے والی تباہی کا منظر پیش کررہے ہیں۔ تازہ فضائی حملے میں 28 فلسطینی شہید ہوگئے۔

    غزہ میں ہر طرف تباہی ہی تباہی پھیل چکی ہے، پناہ گزین کیمپوں پر اسرائیلی افواج کا حملہ ایک سنگدلانہ اقدام قرار دیا جا رہا ہے، جس میں 28 فلسطینیوں نے جام شہادت نوش کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ان پناہ گزین کیمپوں میں بچے اور خواتین کی بڑی تعداد میں پناہ لئے ہوئے تھی تاہم ان پر بھی یہودی افواج نے بمباری کردی۔

    ذرائع کے مطابق صیہونی فوج کی جانب سے غزہ پر حملے جاری ہیں، گزشتہ روز پہلے نصیرت میں پناہ گزین کیمپوں پر اسرائیلی افواج نے بمباری کی جس کے بعد زخمیوں اور لاشوں کو العودہ ہسپتال منتقل کیا گیا، زخمیوں کو جیسے ہی ہسپتال پہنچایا گیا تو وہاں بھی صیہونی دہشت گردی کرتے ہوئے بارود برسا دیا۔

    رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے علی الصبح غزہ شہر اور بیت حنون میں گھروں پر حملے کیے جس کے نتیجے میں 5 افراد شہید ہوئے۔

    ڈونلڈٹرمپ کا اسرائیل میں نیا سفیر کون؟

    گزشتہ سال اکتوبر سے جاری غزہ جنگ میں اب تک 43 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں سے 70 فیصد خواتین اور بچے شامل ہیں، زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔

  • اللہ کا شکر ہے اسرائیلی وزیراعظم سے ہاتھ نہیں ملانا پڑا، وزیراعظم شہباز شریف

    اللہ کا شکر ہے اسرائیلی وزیراعظم سے ہاتھ نہیں ملانا پڑا، وزیراعظم شہباز شریف

    وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ جنرل اسمبلی میں اسرائیلی وزیراعظم سے ہاتھ نہیں ملانا پڑا۔

    آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میں نے کانفرنس میں آنیوالے مہمانوں کی تقاریر اور تجاویز کو غورسے سنا ہے، یہ اجتماع گواہی دیتا ہے پاکستان کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز پر پوری قیادت متحد ہے، اے پی سی میں شرکت کرنیوالی تمام سیاسی قیادت کا شکر گزار ہوں

    وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فلسطین میں ہونیوالا ظلم اور زیادتی کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا، 42 ہزار شہادتیں ہوچکی ہیں، یتیم بچے ماں باپ کو پکار رہے ہیں، فلسطین کی صورتحال دیکھ کر کم سے کم عالمی ضمیر کو آج جاگنا چاہیے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ نے کہا کہ اسرائیل کا بدترین ظلم و ستم اور ایسی خونریزی کبھی نہیں دیکھی، فلسطینیوں کی طرح مقبوضہ وادی میں دن رات کشمیریوں کا خون بہایا جارہا ہے۔

    انھوں نے سوال کیا کہ کیا فلسطینی بچوں کی آواز عالمی ضمیر تک نہیں پہنچ رہیں؟ سب سے پہلے اس خونریزی کو بند کرانا اولین فرض ہے، وقت آگیا ہے کہ ہمیں فلسطین میں ہونیوالی خونریزی بند کرانے کیلئے ہر اقدام کرنا ہوگا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ دعا کریں اللہ یہ خونریزی بند کرانے میں ہماری مدد کرے اور فلسطین کو آزادی ملے، فلسطین میں سیزفائر اسوقت کی سب سے اہم ضرورت ہے، اللہ سے دعا ہے دوست ممالک کیساتھ ملکر سیزفائر میں کامیابی حاصل ہو۔

    انھوں نے کہا کہ اے پی سی کے ذریعے قرارداد منظور کرکے ورکنگ گروپ بنائیں گے، سفارتی ماہرین کی ٹیم بنا کر دنیا کے اہم ممالک میں بھیجیں اور فلسطین کیلئے آواز اٹھائیں۔

    شہبازشریف نے کہا کہ فلسطین کی آزاد ریاست کا قیام اور القدس شریف اس کا حتمی دارالخلافہ ہونا چاہیے، عالمی دنیا کو آگے بڑھنا چاہیے اور عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔

    انھوں نے کہا کہ آج پاکستان میں مخلوط حکومت ہے، ہمیں اتفاق کیساتھ ملک کو آگے لیکر جانا ہے، غربت و بیروزگاری کا بھی خاتمہ کرنا ہے، پاکستان ترقی یافتہ اور خوشحال ہوگا تو ہماری آواز بھی مضبوط ہوگی۔

  • نیتن یاہو کی حسن نصر اللہ کو دھمکی، ہر کوئی ہمارے نشانے پر۔۔

    نیتن یاہو کی حسن نصر اللہ کو دھمکی، ہر کوئی ہمارے نشانے پر۔۔

    اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے حزب اللہ کے رہنما حسن نصر اللہ کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے ہر کسی کو نشانے پر رکھا ہوا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا ہے کہ لبنانی عوام کو ہمارے انتباہ کو سنجیدگی سے لینا چاہیے اور اپنے گھروں سے چلے جانا چاہیے۔

    اُنہوں نے کہا کہ حزب اللہ گھروں میں میزائل رکھ رہی ہے اور ان سے ہمیں نشانہ بنا رہی ہے ہمیں اپنے دفاع کے لیے حزب اللہ کو جواب دینا ہے۔

    نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جنگ لبنانی عوام کے خلاف نہیں بلکہ حزب اللہ کے ساتھ ہے، اسرائیلی وزیر ا عظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اسرائیل لبنان پر بمباری جاری رکھے گا۔

    میں نے وعدہ کیا تھا کہ ہم شمال میں دفاع کے توازن اور طاقت کے توازن کو تبدیل کر دیں گے۔ اور یہ بالکل وہی ہے جو ہم کر رہے ہیں۔

    تاہم، اسرائیلی وزیر ا عظم نے ساتھ ہی خبردار کیا کہ ان کے ملک کو مشکل دنوں کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ پر حملوں میں شدت آئے گی۔

    اسرائیلی وزیر اعظم کے یہ بیانات اسرائیلی فوج کے اس اعلان کے فوراً بعد سامنے آئے ہیں کہ اس نے لبنان میں حزب اللہ پر اپنے حملوں کا دائرہ بڑھا دیا ہے اور وادی البقاع میں لبنانیوں کو حزب اللہ کے ہتھیاروں کے مقامات کے قریب رہنے والوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ ان سے دور ہوجائیں۔

    حزب اللہ اسرائیل کشیدگی، پاسداران انقلاب کا اہم اقدام

    واضح رہے کہ لبنانی وزارت صحت کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ 23 ستمبر پیر کے روز صبح سے مسلسل پرتشدد اسرائیلی حملوں میں 35 بچوں سمیت 492 افراد جاں بحق اور 1645 زخمی ہوگئے ہیں۔

  • نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری اسی ماہ جاری ہونے کا امکان

    نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری اسی ماہ جاری ہونے کا امکان

    جنگی جرائم میں ملوث اور ہزاروں فلسطینیوں کے قاتل اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے وارنٹ اسی ماہ جاری ہونے کا امکان ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عالمی عدالتِ جرائم کے پراسیکیوٹر کریم خان نے نیتن یاہو اور وزیرِ دفاع گیلینٹ کے وارنٹ گرفتاری کے اجراء کی درخواست دائر کی ہے۔

    پراسیکیوٹر کا اپنی درخواست میں کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیرِ اعظم، وزیرِ دفاع کے ساتھ ساتھ حماس کے رہنماؤں یحییٰ سنوار اور محمد دیف کے بھی فوری وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔

    عالمی عدالتِ جرائم کے پراسیکیوٹر نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ان کی گرفتاری کے وارنٹ کا فوری اجراء اس لیے ضروری ہے تاکہ مبینہ جنگی جرائم جاری رکھتے ہوئے وہ تفتیش یا عدالتی کارروائی میں رکاوٹ یا اسے خطرے میں نہ ڈالیں۔

    واضح رہے کہ کریم خان کی جانب سے رواں سال مئی میں بھی اعلان سامنے آیا تھا کہ عالمی عدالت جرائم جنگی جرائم کے ارتکاب کے الزام میں اسرائیلی وزیر اعظم اور وزیر دفاع کے وارنٹ گرفتاری طلب کر رہی ہے۔

    6 مغویو ں کی لاشیں، اسرائیلی فوج نے سرنگ کی ویڈیو جاری کردی

    اسرائیلی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی وزیرِ اعظم کے وارنٹ اسی ماہ جاری ہوسکتے ہیں۔

  • اگر میرا قتل ہوا تو امریکا ایران کو ختم کردے گا: ٹرمپ

    اگر میرا قتل ہوا تو امریکا ایران کو ختم کردے گا: ٹرمپ

    واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر میرا قتل ہوا تو امریکا ایران کو ختم کردے گا۔

    عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں اسرائیلی وزیراعظم کی امریکی کانگریس میں تقریر کا کلپ دکھایا گیا تھا۔

    ویڈیو میں اسرائیلی وزیراعظم کو ٹرمپ کی تعریفیں اور یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پر انتخابی ریلی میں قاتلانہ حملے میں ایران ملوث ہے۔

    اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا اگر مجھے قتل کر دیا گیا جس امکان ہمیشہ رہتا ہے، تو میں امید کرتا ہوں کہ امریکی فورسز ایران کو صفحہ ہستی سے مٹا دیں گی لیکن اگر ایسا نہ ہوا اس کا مطلب ہوگا کہ امریکی لیڈر شپ بزدل ہے۔

    واضح رہے کہ حال ہی میں ایک انتخابی جلسے میں 20 سالہ نوجوان نے ڈونلڈ ٹرمپ پر گولی چلائی جس میں وہ بال بال بچ گئے جب کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ میں حملہ آور نوجوان مارا گیا۔

  • ایران پر جارحانہ آپریشن میں حصہ نہیں لیں گے: امریکی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم کو واضح کردیا

    ایران پر جارحانہ آپریشن میں حصہ نہیں لیں گے: امریکی صدر نے اسرائیلی وزیراعظم کو واضح کردیا

    واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو صاف بتادیا کہ ایران پر جارحانہ آپریشن میں حصہ نہیں لیں گے۔

    امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق وائٹ ہاؤس کے سینیئر حکام کا کہنا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے نیتن یاہو کو بتایا کہ امریکا ایران کے خلاف جارحانہ آپریشن میں حصہ نہیں لے گا اور نہ ہی ساتھ دے گا۔

    اسرائیلی وزیراعظم کو فون میں امریکی صدر ایرانی حملوں کی مذمت کی، صدر بائیڈن نے کہا اسرائیل پر داغے گئے تقریباً تمام ایرانی ڈرون اور میزائل امریکی مدد سے مار گرائے، ایران کے حملے پر سفارتی ردعمل کے لیے جی سیون رہنماؤں کا اجلاس طلب کیا جائے گا۔

    امریکی صدر اور اسرائیلی وزیر اعظم کے درمیان ایران کے اسرائیل پر حملے کے بعد گزشتہ چند گھنٹوں میں دو بار ٹیلیفونک رابطہ ہوچکا ہے۔

    دوسری جانب امریکی وزیردفاع نے اسرائیلی ہم منصب سے بات کی اور کہا اسرائیل ایران پر کسی بھی جوابی کارروائی سے پہلے ہمیں بتائے،  امریکی وزیر دفاع آسٹن لائیڈ نے کہا امریکا ایران سے تنازع نہیں چاہتا لیکن ہم اسرائیل کے دفاع اور اپنی فورسز کی حفاظت کی خاطر کارروائی میں نہیں ہچکچائیں گے۔

    خیال رہے کہ ایران نے اسرائیل کی جانب سے دمشق میں یکم اپریل کو ایرانی قونصل خانے پر کیے گئے حملے کے جواب میں اسرائیل پر ڈرون اور بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے متعدد میزائلوں نے اہداف کو نشانہ بنایا جبکہ اسرائیل اور امریکا کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے فائر کیے گئے زیادہ تر میزائلوں کو مار گرایا گیا۔

  • عالمی عدالت انصاف کے عبوری احکامات پر اسرائیلی وزیراعظم کا رد عمل

    عالمی عدالت انصاف کے عبوری احکامات پر اسرائیلی وزیراعظم کا رد عمل

    عالمی عدالت انصاف کے عبوری احکامات پر اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو کی جانب سے رد عمل ظاہر کیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو کا کہنا تھا کہ اسرائیل اس وقت بڑی جنگ میں مصروف ہے۔

    اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی قوانین کے تحت اسرائیل کا دفاع جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کے خلاف نسل کشی کا مقدمہ منظور کرنا نہ مٹنے والا سیاہ دھبہ ہے۔

    واضح رہے کہ عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) نے فلسطینیوں کی نسل کشی کیس میں جنوبی افریقا کے عائد کردہ الزامات کو درست قرار دیتے ہوئے کیس نہ سننے کی اسرائیلی درخواست مسترد کردی۔

    اسرائیل کو عدالت نے حکم دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فورسز نسل کشی کے اقدامات کو فوری طور پر روک دیں۔

    دوسری جانب عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے باوجود غزہ پر اسرائیلی بربریت کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں شہادتوں کی تعداد 183 سے تجاوز کرگئی۔

    رپورٹ کے مطابق النصیرات کیمپ پر اسرائیلی حملے میں فلسطینی صحافی ایاد الرواغ سمیت کم از کم 11 فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے۔

    ٹرمپ کیلئے نئی مشکل، 83 ملین ڈالر ہرجانہ ادا کرنے کا حکم

    خان یونس میں الاقصیٰ یونیورسٹی، النصر، الامل اور الخیر اسپتالوں کے قریب شدید لڑائی کا سلسلہ جاری ہے، جہاں اسرائیلی فوج کی جانب سے شدید گولہ باری اور فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔