وائٹ ہاؤس اہلکار کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی کیلئے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے براہ راست رابطہ کیا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق وائٹ ہاؤس اہلکار کا کہنا ہے کہ نائب امریکی صدر، سیکریٹری خارجہ اورخصوصی ایلچی نے ایرانی حکام سے بات کی۔
وائٹ ہاؤس اہلکار کے مطابق قطری حکومت نے ایران اسرائیل جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امیر قطر سے بات کی اور جنگ بندی میں اہم کردار پر شکریہ ادا کیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کا آغاز ہوگیا ہے، صدر ٹرمپ نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی شروع ہونے کا اعلان کیا۔
امریکی صدر ٹرمپ کے مطابق ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی شروع ہوگئی ہے، دونوں ممالک جنگ بندی کی خلاف ورزی نہ کریں۔
قبل ازیں جنگ بندی کا وقت شروع ہونے سے پہلے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کی اطلاعات ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے تہران پر شدید حملے کیے، کرج اور راجائی شہر میں بھی کئی دھماکے سنے گئے۔
دوسری جانب ایرانی سرکاری میڈیا کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ دشمن پر جنگ بندی نافذ کردی گئی ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ دشمن پر جنگ بندی نافذ کردی گئی ہے، 12 گھنٹے بعد اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کا آغاز کیا جائے گا۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق امریکی جارحیت کا کامیابی سے جواب دیا گیا، جنگ بندی امریکی جارحیت کے جواب میں فوجی ردعمل کے بعد کی گئی۔
ایران، اسرائیل اور امریکی تنازع سے متعلق تمام خبریں جاننے کے لیے کلک کریں
رپورٹس کے مطابق ایرانی میڈیا پر سیز فائر کے اعلان کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہوگئی۔