Tag: اسرائیلی ٹینک

  • حزب اللہ نے اہم پہاڑی محاذ سے اسرائیلی ٹینکوں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا، 6 تباہ

    حزب اللہ نے اہم پہاڑی محاذ سے اسرائیلی ٹینکوں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا، 6 تباہ

    بیروت: لبنان کی تنظیم حزب اللہ نے البیضا کے اہم پہاڑی محاذ سے اسرائیلی ٹینکوں کو بھاگنے پر مجبور کر دیا، حملے میں 6 ٹینک تباہ کر دیے۔

    الجزیرہ کے مطابق حزب اللہ نے ٹینک شکن میزائلوں کی بوچھاڑ سے نشانہ بنا کر اسرائیل کے ٹینکوں اور فوجیوں کو جنوبی لبنان کے البیضا علاقے میں ایک اسٹریٹجک پہاڑی کی چوٹی کی پوزیشن سے پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔

    حزب اللہ نے ایک بیان میں بتایا کہ اس نے لبنان کے جنوب میں اپنے حملے میں 6 اسرائیلی مرکاوا ٹینک تباہ کر دیے، جن میں سے 5 اسٹریٹجک ساحلی علاقے البیضا میں نشانہ بنائے گئے، جہاں سے بعد ازاں اسرائیلی فوجی اہم پہاڑی مقام سے بھاگ گئے۔

    دوسری طرف اسرائیل نے حزب اللہ کے فوجی ہیڈکوارٹرز پر متعدد حملوں کا دعویٰ کیا ہے، اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ اس نے گزشتہ شام بیروت کے علاقے دحیہ میں ’’12 فوجی ہیڈکوارٹرز‘‘ پر حملہ کیا، X پر جاری بیان میں کہا گیا کہ اہداف میں حزب اللہ کا انٹیلی جنس ہیڈکوارٹر اور اس کا ساحلی میزائل یونٹ بھی شامل ہے۔

    لبنانی فوج کا کہنا ہے کہ جنگ میں عدم شرکت کے باوجود جنوب مغرب میں واقع قصبے العمیریہ میں ایک اڈے پر اسرائیلی حملے میں اس کا ایک فوجی جاں بحق اور 18 دیگر زخمی ہو گئے۔ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ کے آغاز سے لے کر اب تک اسرائیلی فوج کے حملوں میں 40 سے زیادہ لبنانی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔

    اسرائیل کو جواب : تل ابیب پر درجنوں راکٹ حملے

    اسرائیلی حملوں کے جواب میں حزب اللہ کی جانب سے بھی اسرائیل کے اندر راکٹ فائر کیے جا رہے ہیں، وسطی اسرائیل میں اس وقت ایک بہت بڑا دھماکا سنا گیا جب حزب اللہ نے 340 ڈرون اور راکٹ لانچ کیے، حزب اللہ نے بیان میں کہا کہ ’’بیروت کے قلب میں ایک دھچکا تل ابیب میں ایک دھچکے کے برابر ہے۔‘‘

  • اسرائیلی ٹینکوں کی جنوبی خان یونس میں بھی پیش قدمی، 36 فلسطینی شہید، 120 زخمی

    اسرائیلی ٹینکوں کی جنوبی خان یونس میں بھی پیش قدمی، 36 فلسطینی شہید، 120 زخمی

    غزہ میں رہائشی علاقوں میں اسرائیلی فورسز کے وحشیانہ حملے جاری ہیں، خان یونس صہیونی فوج کی تازہ کارروائی میں 36 فلسطینی شہید اور 120 زخمی ہو گئے۔

    الجزیرہ کے مطابق اسرائیل کی فوج نے غزہ کی پٹی پر اپنی بے دریغ بمباری جاری رکھی ہے، اسرائیلی ٹینکوں نے جنوبی خان یونس میں بھی پیش قدمی شروع کر دی، جہاں بہت سے فلسطینی خاندان 6 دن سے اسرائیلی زمینی حملے کے بعد سے خوراک، پانی اور ادویات کے بغیر پھنسے ہوئے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق المواصی کے پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فورسز نے بم برسا دیے، جس میں بچوں سمیت تین فلسطینی جان سے گئے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 66 فلسطینی شہید اور 241 زخمی ہو چکے ہیں۔

    وسطی بوریج اور نصیرات کے پناہ گزین کیمپوں پر بھی حملہ کرنے کے چند گھنٹوں بعد وہاں پناہ لینے والے دسیوں ہزار فلسطینیوں کو علاقوں سے فرار ہونے کا حکم دیا گیا۔ صہیونی فوج نے مشرقی خان یونس کے بعد وسطی خان یونس سے بھی بے گھر فلسطینیوں کو جبری علاقہ خالی کرنے کے احکامات صادر کر دیے ہیں۔

    گولان ہائٹس حملہ، اسرائیل کے بعد امریکا نے بھی الزام حزب اللہ پر دھر دیا

    اقوام متحدہ کے ادارے (یو این آر ڈبلیو اے) نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی کا 86 فی صد حصہ اس وقت انخلا کے احکامات کی زد میں ہے۔ بوریج کیمپ خالی کرنے کے احکامات کے بعد کیمپ کی ایک خاتون نے کہا کہ وہ 10 بار بے گھر ہو چکی ہے، ایک فلسطینی نے کہا ہمارے لیے کوئی حل تلاش کریں، بہت ہو گیا، ہم کہاں جائیں؟

    اسرائیلی ٹینکوں نے جنوبی غزہ میں بھی پیش قدمی بڑھا دی ہے، جہاں اسرائیلی فورسز کو فلسطینی گروپس کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا ہے، جانبازوں نے کئی اسرائیلی ٹینک تباہ کیے اور ایک اسرائیلی فوجی بھی مارا گیا۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی توپ خانے نے غزہ کے جنوبی شہر خان یونس کے مرکز میں شیخ ناصر محلے پر بمباری کی، مشرق میں واقع خزاعہ اور اباسن الکبیرہ کے قصبوں پر بھی بمباری کی گئی، الجزیرہ عربی کے مطابق اسرائیلی فورسز نے خان یونس کے شمال میں واقع قصبے القرارا میں رہائشی عمارتوں کو دھماکے سے اڑا دیا۔

    گزشتہ برس 7 اکتوبر سے صہیونی فورسز کے حملوں میں شہدا کی مجموعی تعداد 39,324 ہو چکی ہے، جب کہ 90,830 زخمی ہوئے۔

  • اسرائیلی ٹینکوں نے پہاڑی پر چڑھ کر المواصی کیمپ پر بمباری کی

    اسرائیلی ٹینکوں نے پہاڑی پر چڑھ کر المواصی کیمپ پر بمباری کی

    اسرائیلی ٹینکوں نے ایک پہاڑی پر چڑھ کر غزہ کے المواصی پناہ گزیں کیمپ پر بمباری کی تھی۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق المواصی کیمپ حملے کے ایک عینی شاہد کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ٹینک کیمپ پر حملہ کرنے کے لیے پہاڑی کی چوٹی پر چڑھ گئے تھے۔

    کیمپ کے رہائشی نے بتایا کہ دو ٹینک ایک پہاڑی کی چوٹی پر چڑھے جہاں سے المواصی کیمپ واضح نظر آ رہا تھا، اور پھر انھوں نے کیمپ پر گولے برسائے، جس میں بے گھر غریب فلسطینیوں کے پناہ لی ہوئی تھی۔

    الجزیرہ نے رپورٹ کیا ہے کہ ایک چیٹ ایپ پر لیا گیا یہ انٹرویو غزہ میں الجزیرہ کے نمائندوں کے انٹرویوز کی توثیق کرتا ہے، جس میں انھوں نے المواصی کیمپ کے پناہ گزینوں سے بات چیت کی، اس حملے میں کم از کم 25 فلسطینی شہید اور 50 زخمی ہوئے ہیں۔

    اسرائیل کی بے گھر فلسطینیوں پر بمباری، 25 شہید، درجنوں زخمی

    روئٹرز نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ المواصی کیمپ پر حملے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ جب کہ اس سے قبل اسرائیل کی فوج نے کہا تھا کہ اس کی افواج رفح کے علاقے میں درست اور انٹیلیجنس پر مبنی کارروائیاں کر رہی ہیں۔

  • اسرائیلی جارحیت کے جواب میں حماس کا جوابی وار، کتنے ٹینک تباہ کئے؟

    اسرائیلی جارحیت کے جواب میں حماس کا جوابی وار، کتنے ٹینک تباہ کئے؟

    اسرائیلی جارحیت کے جواب میں حماس کی جانب سے بھرپور جوابی حملوں کا سلسلہ جاری ہے، حماس کا کہنا ہے کہ الشفاء اسپتال کے گرد 3 اسرائیلی ٹینکوں کو الیاسین راکٹ سے تباہ کردیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حماس کا کہنا ہے کہ الشفاء اسپتال کا محاصرہ کرنے والی اسرائیلی فوج پر القسام بریگیڈ نے متعدد حملے کیے، 2 دنوں میں اسرائیلی فوجیوں اور ٹینکوں پر حملوں کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہیں۔

    ویڈیو میں عمارت میں مورچہ بند اسرائیلی فوجیوں کو اسنائپر گن سے نشانہ بنایا گیا، جس کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی ہے۔

    حماس کے مطابق اسرائیلی فوج نے الشفاء میڈیکل کمپلیکس میں متعدد سہولیات کو تباہ کردیا اور اسپتال کے ارد گرد کی عمارتوں پر بھی شدید بمباری کی جارہی ہے۔

    حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجی الشفاء اسپتال کے طبی عملے اور مریضوں سے بدسلوکی کر رہے ہیں جبکہ اسرائیلی فوج نے الشفاء اسپتال سے بے گھر افراد کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔

    حماس کے مطابق عالمی برادری اور اقوام متحدہ صہیونی قتل مشین کو روکنے میں ناکام ہیں۔ الشفاء کمپلیکس کی تباہی پر عالمی برادری کی خاموشی شرمناک ہے، الشفاء اسپتال کا محاصرہ اقوام متحدہ کی رسوائی اور اخلاقی ناکامی ہے۔

    امریکا کا غزہ جنگ بندی کیلئے سیکیورٹی کونسل میں قرارداد لانے کا فیصلہ

    عرب ممالک غزہ میں زندگی کی سہولیات کی تباہی روکنے کیلئے فوری اقدامات اُٹھائیں، عالمی برادری اور اقوام متحدہ واشنگٹن پر دباؤ ڈالنے میں بھی ناکام ہیں۔

  • اسرائیلی ٹینک فلسطینیوں‌ کو کچل کر قتل کر رہے ہیں، جنیوا میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم کا تکلیف دہ انکشاف

    اسرائیلی ٹینک فلسطینیوں‌ کو کچل کر قتل کر رہے ہیں، جنیوا میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم کا تکلیف دہ انکشاف

    جنیوا: سوئٹزر لینڈ میں قائم انسانی حقوق کی ایک تنظیم ’یورو میڈ ہیومن رائٹس مانیٹر‘ نے تکلیف دہ انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی ٹینک غزہ میں فلسطینیوں کو زندہ کچل کر قتل کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جنیوا بیسڈ انسانی حقوق کی تنظیم یورو میڈ نے اتوار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی ٹینک جان بوجھ کر زندہ فلسطینیوں پر چڑھائی کر رہے ہیں، اسرائیلی ٹینکوں نے جان بوجھ کر زندہ فلسطینیوں پر چڑھائی کی۔

    یورو میڈ نے اپنی رپورٹ میں ایسے متعدد واقعات کا ذکر کیا ہے، ادارے نے ان جرائم کو غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی نسل کشی قرار دیا جو 7 اکتوبر 2023 سے جاری ہے، اور عالمی برادری سے نسل کشی کو روکنے کے لیے اپنے اپنے فرائض نبھانے کی اپیل بھی کی۔

    یورو میڈ مانیٹر نے اسرائیلی فوج کی طرف سے ایک فلسطینی کے قتل کو باقاعدہ دستاویزی شکل دی ہے، جس پر 29 فروری کو غزہ شہر کے الزیتون محلے میں جان بوجھ کر فوجی گاڑی چڑھائی گئی، مانیٹر نے لکھا کہ اسرائیلی فوجیوں نے جب اسے پکڑا تو پہلے اس سے سخت پوچھ گچھ کی اور پھر اس کے ہاتھ پلاسٹک کی زپ ٹائی سے باندھ دیے اور پھر اسے زمین پر لٹا کر پیروں کی طرف سے سر کی جانب اس پر گاڑی گزاری گئی۔

    یورو میڈ مانیٹر ٹیم سے بات کرنے والے عینی شاہدین کے مطابق یہ واقعہ زیتون کے محلے کی مرکزی صلاح الدین اسٹریٹ پر پیش آیا تھا، فلسطینی شہری کو ملحقہ ریتلی علاقے میں رکھنے کی بجائے پختہ سڑک پر رکھا گیا تھا، تاکہ موت یقینی ہو، مقتول کی مسخ شدہ لاش اور آس پاس کے علاقے میں واضح نشانات پائے گئے کہ وہاں فوجی بلڈوزر یا ٹینک موجود تھا، مقتول کے کپڑے بھی اتارے گئے تھے، موت کے وقت اسے صرف انڈرپینٹس پہنے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

    ایک اور دستاویزی واقعہ 23 جنوری کو پیش آیا، جب غنم خاندان کے افراد خان یونس کے علاقے طیبہ ٹاورز میں ایک پناہ گاہ کارواں میں سو رہے تھے، ایک اسرائیلی ٹینک نے ان پر حملہ کیا، اور سوئے ہوئے افراد پر ٹینک چڑھا دی، جس کے نتیجے میں ایک شخص اور اس کی بڑی بیٹی جاں بحق اور اس کے باقی تین بچے اور بیوی زخمی ہو گئے۔

  • اسرائیلی ٹینکوں کو نشانہ بناتے حماس کے ڈرون

    اسرائیلی ٹینکوں کو نشانہ بناتے حماس کے ڈرون

    غزہ: اسرائیلی بربریت کے خلاف برسرِ پیکار حماس نے اسرائیل پر کیے گئے ڈرون حملے کی ویڈیو جاری کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق صہیونی وحشیانہ بمباری نے غزہ شہر کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا ہے، لیکن بمباری کا سلسلہ تاحال نہیں رک سکا ہے، اس تباہ کن صورت حال میں حماس کی جانب سے بدستور مزاحمت جاری ہے۔

    کتائب القسام نے سوشل میڈیا پر ایک نئی ویڈیو جاری ہے کی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حماس نے ڈرونز کی مدد سے غزہ میں اسرائیلی ٹینکوں کو نشانہ بنایا۔

    حماس کی جانب سے ایک اور ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں حماس کے اہلکار رائفلیں اٹھائے مارچ کر رہے ہیں اور لاکھوں فلسطینی حماس کا حوصلہ بلند کرنے کے لیے وہاں موجود ہیں۔

    اسرائیل نے غزہ میں ایک لاکھ عمارتیں تباہ کر دیں

    ترجمان حماس ابو عبیدہ کا کہنا ہے کہ فلسطین مسئلے کا حل ’جنگ بندی نہیں بلکہ اسرائیلی قبضے کا مکمل خاتمہ ہے۔‘

  • القسام بریگیڈ نے اسرائیلی ٹینکوں کو تباہ کرنے کی نئی ویڈیو جاری کر دی

    القسام بریگیڈ نے اسرائیلی ٹینکوں کو تباہ کرنے کی نئی ویڈیو جاری کر دی

    القسام بریگیڈ نے اسرائیلی ٹینکوں کو تباہ کرنے کی نئی ویڈیو جاری کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حماس کی غزہ سٹی میں اسرائیل فوج کے ساتھ دوبدو جھڑپیں جاری ہیں، القسام بریگیڈ کی جانب سے جاری نئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جنگجو اسرائیلی ٹینک کو راکٹ سے کس طرح نشانہ بناتا ہے۔

    ایک موقع پر بریگیڈ کے ایک جاں باز نے بے مثال دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹینک کے قریب جا کر اس میں دھماکا خیز مواد رکھا اور اس طرح ٹینک کو اڑا دیا۔

    واضح رہے کہ آج اسرائیلی کی غزہ پر بمباری کا 45 واں دن ہے، الشفا اسپتال کو تباہ کرنے کے بعد صہیونی فورسز نے انڈونیشیا اسپتال کا بھی گھیراؤ شروع کر دیا ہے، جہاں براہ راست گولہ باری سے ایک ڈاکٹر زخمی ہو گیا ہے۔

    اسرائیلی ٹینکوں نے العودہ اسپتال پر بھی حملہ کیا، جس سے اسپتال کے اطراف میں آگ بھڑک اٹھی، نصریات پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی بمباری میں مزید 25 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں، اور 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی یلغار میں ساڑے پانچ ہزار بچے اور ساڑے تین ہزار خواتین سمیت 14 ہزار چار سو فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جب کہ الشفا اسپتال کے ڈھائی سو زخمیوں کی کوئی خبر نہیں ہے۔

  • القسام بریگیڈز نے اسرائیلی ٹینک تباہ کرنے کی ویڈیو جاری کر دی

    القسام بریگیڈز نے اسرائیلی ٹینک تباہ کرنے کی ویڈیو جاری کر دی

    غزہ میں زمینی کارروائی اسرائیل فوج کو بھاری پڑ گئی ہے، اسرائیلی فوجی اور ٹینک بھی اب حماس کے جانبازوں کے نشانے پر آ گئے ہیں، القسام بریگیڈز نے اسرائیلی ٹینکوں کو تباہ کرنے کی ایک ویڈیو بھی جاری کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق غزہ میں در اندازی اسرائیل کو بہت مہنگی پڑی ہے، القسام بریگیڈ کے مجاہدین اسرائیلی فورسز پر ہر طرف سے ٹوٹ پڑے ہیں، اور دشمن کے 22 ٹینک اور بکتر بند گاڑیاں تباہ کر دی ہیں۔

    چینی کمپنیوں کا بڑا قدم، آن لائن نقشوں سے اسرائیل کا نام ہٹا دیا

    حماس کے حملوں میں اسرائیل کے 16 فوجی ہلاک ہو گئے، غزہ میں ایک مقام پر ڈرون سے فوجی قافلے کو نشانہ بنایا گیا، جس میں متعدد گاڑیاں تباہ ہو گئیں، القسام بریگیڈز نے اس کی ایک ویڈیو بھی جاری کی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جانباز کس طرح ٹینکوں کی طرف بڑھے اور انھیں راکٹوں سے نشانہ بنایا۔

    ادھر ترجمان حماس ابو عبیدہ نے کہا ہے کہ ناقابلِ تسخیر مافوق الفطرت فوج کا جھوٹ ختم ہو گیا، اور صہیونیوں کی شکست کا دور شروع ہو چکا ہے، انشاء اللہ ہم انھیں تباہ کر دیں گے۔ ابو عبیدہ نے اسرائیلی وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’’نیتن یاہو تمھارے لیے ہمارے پاس ابھی بھی بہت کچھ ہے اور غزہ دشمنوں کا قبرستان بن جائے گا۔‘‘