Tag: اسرائیلی کمپنی

  • اسپین نے اسرائیلی کمپنی کے ساتھ میزائل معاہدہ منسوخ کردیا

    اسپین نے اسرائیلی کمپنی کے ساتھ میزائل معاہدہ منسوخ کردیا

    میڈرڈ : اسپین نے اسرائیلی کمپنی کے ساتھ اینٹی ٹینک میزائل سسٹمز کے معاہدے کو منسوخ کردیا ہے، یہ فیصلہ اسرائیلی فوجی ٹیکنالوجی سے دوری اختیار کرنے کی پالیسی کے تحت کیا گیا ہے۔

    عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق اینٹی ٹینک میزائل سسٹمز کو میڈرڈ میں ایک اسرائیلی کمپنی کے ذیلی ادارے کے ذریعے تیار کیا جانا تھا۔

    یہ فیصلہ 168 اسپائیک ایل آر ٹو اینٹی ٹینک میزائل سسٹمز کے لائسنس کو متاثر کرے گا، جن کی مالیت تقریباً 285 ملین یورو (325 ملین امریکی ڈالر) بتائی گئی ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ سسٹمز اسپین میں واقع پاپ ٹیکنوز کمپنی کے ذریعے تیار کیے جانے تھے، جو اسرائیل کی رافائل ایڈوانسڈ ڈیفنس سسٹمز کی شاخ ہے۔

    اس حوالے سے حکومتی ترجمان پیلر الیگریا نے کہا کہ اسرائیلی ٹیکنالوجی سے مکمل علیحدگی اختیار کرنے کا ہمارا مقصد بالکل واضح ہے، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت معاہدے کی منسوخی کے اثرات کا جائزہ لے رہی ہے۔

    میڈرڈ کے مضافات میں واقع پاپ ٹیکنو کمپنی نے اس ڈیل کی منسوخی کی تردید یا تصدیق سے متعلق کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

    واضح رہے اسپین نے ناروے اور آئرلینڈ کے ساتھ مل کر ایک مربوط کوشش میں مئی 2024 میں فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کیا ہے۔

    ایک ماہ بعد اسپین پہلا یورپی ملک بن گیا جس نے اقوام متحدہ کی اعلیٰ ترین عدالت بین الاقوامی عدالت انصاف سے جنوبی افریقہ کے اس مقدمے میں شامل ہونے کی اجازت طلب کی جس میں اسرائیل پر غزہ میں نسل کشی کا الزام لگایا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں : اسپین نے اسرائیلی کمپنی سے خریداری کا معاہدہ روک دیا

    اسپین نے جنوبی اسرائیل پر حماس کی قیادت میں حملے کے چار دن قبل یعنی 3 اکتوبر 2023 کو اینٹی ٹینک میزائل سسٹم معاہدے کی منظوری دی تھی۔

    حکام نے اس وقت استدلال کیا کہ ہسپانوی افواج کے زیر استعمال نظام متروک ہو چکے ہیں اور ان کو جدید ترین ورژن کے لیے تبدیل کیا جانا چاہیے جیسا کہ اتحادی فوجیں استعمال کرتی ہیں۔

  • ایپل نے صارفین کو نقصان سے بچانے کے لیے اسرائیلی کمپنی پر مقدمہ کر دیا

    ایپل نے صارفین کو نقصان سے بچانے کے لیے اسرائیلی کمپنی پر مقدمہ کر دیا

    کیلیفورنیا: امریکی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے صارفین کو نقصان سے بچانے کے لیے اسرائیلی کمپنی پر مقدمہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایپل نے اسرائیلی این ایس او گروپ کے خلاف منگل کو امریکی ریاست کیلیفورنیا کی ایک عدالت میں مقدمہ دائر کیا ہے، جس میں گروپ پر کسی بھی ایپل سافٹ ویئر، سروسز یا آلات کے استعمال کرنے کی ہمیشہ کے لیے پابندی لگانے کی درخواست کی گئی ہے۔

    یہ قدم ایپل صارفین کو مزید نقصان سے بچانے کے لیے اٹھایا گیا ہے، ایپل کمپنی نے اعتراف کیا ہے کہ ایپل ڈیوائسز میں پیگاسس اسپائی ویئر (Pegasus Spyware) کے ذریعے اس کے صارفین کی ایک قلیل تعداد کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

    ایپل کی جانب سے ایک بیان میں بتایا گیا کہ ایپل نے این ایس او گروپ اور اس کی بنیادی کمپنی کے خلاف ایک مقدمہ دائر کیا ہے تاکہ اسے ایپل کے صارفین کی نگرانی اور ہدف بنانے کے لیے جواب دہ ٹھہرایا جائے۔ یہ شکایت اس بارے میں نئی معلومات فراہم کرتی ہے کہ کس طرح اس گروپ نے اپنے پیگاسس اسپائی ویئر کے ذریعے متاثرین کے ڈیوائسز کو متاثر کیا۔

    اپنے صارفین کو مزید نشانہ بننے اور نقصان سے روکنے کے لیے، ایپل نے عدالت سے این ایس او گروپ پر کسی بھی ایپل سافٹ ویئر، سروسز یا ڈیوائسز کے استعمال پر پابندی لگانے کے لیے مستقل حکم نامہ مانگ لیا ہے۔

    این ایس او گروپ ریاستی سرپرستی میں نگرانی کی جدید ترین ٹیکنالوجی بناتا ہے، اس کا انتہائی ٹارگٹڈ جاسوس سافٹ ویئر اپنے متاثرین کا سروے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، یہ اسپائی ویئر iOS اور Android سمیت متعدد پلیٹ فارمز پر لوگوں کو متاثر کرتا ہے۔

    ایپل کے سافٹ ویئر انجینئرنگ کے سینئر نائب صدر کریگ فیڈریگھی نے کہا کہ ایپل ڈیوائسز مارکیٹ میں سب سے زیادہ محفوظ ہارڈویئر ہیں، لیکن سرکاری اسپانسر شدہ اسپائی ویئر تیار کرنے والی نجی کمپنیاں اور بھی زیادہ خطرناک ہو گئی ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکی حکومت نے اسرائیلی کمپنی این ایس او گروپ کو حال ہی میں بلیک لسٹ کیا ہے،اس سافٹ ویئر کے ذریعے ان فونز میں موجود پیغامات، تصاویر، ای میلز، کالز کے ریکارڈ تک رسائی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ فون کے کیمرے کو صارف کے علم میں لائے بغیر استعمال کیا جا سکتا ہے اور گزشتہ چند برسوں سے پیگاسس سافٹ ویئر کو دنیا بھر میں سیاست دانوں، صحافیوں اور سماجی کارکنوں کے خلاف استعمال کیے جانے کے الزامات لگتے رہے ہیں۔

  • اسرائیلی کمپنی کا پاکستان کے سرکاری افسران کے موبائل فون ڈیٹا تک رسائی کا انکشاف

    اسرائیلی کمپنی کا پاکستان کے سرکاری افسران کے موبائل فون ڈیٹا تک رسائی کا انکشاف

    اسلام آباد : اسرائیلی کمپنی  کاپاکستان کےسرکاری افسران کےموبائل فون ڈیٹاتک رسائی کا انکشاف ہوا ، جس کے بعد وزارت آئی ٹی ہدایت جاری کی ہے کہ 10مئی 2019سے پہلے خریدے گئے موبائل فوری طور  پر  تبدیل کریں اور  حساس معلومات کسی بھی ایپ کے ذریعے شیئر نہ کریں۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیلی کمپنی کی جانب سے سوشل میڈیا سائٹ فیس بک اور  واٹس ایپ سے معلومات چوری کا انکشاف سامنے آیا ، 20 ممالک کے  1400  سینئر  گورنمنٹ اور  ملٹری آفیشلز کا ڈیٹا چوری کیا گیا اور پاکستان کےسرکاری افسران کےموبائل فون ڈیٹاتک بھی رسائی حاصل کی گئی۔

    اسرائیلی کمپنی نے 28 اپریل سے 10 مئی کے دوران میل ویئرلانچ کیا ، جس کے بعد وزارت آئی ٹی نے میل ویئر سے بچنے کےلیےخصوصی ایڈوائزری جاری کر  دی ، جس میں 10 مئی 2019سے پہلے خریدےگئے موبائل فوری طور پر تبدیل کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واٹس ایپ کو نئے ورژن پر اپ گریڈ کیا جائے۔

    وزارت آئی ٹی نے حساس معلومات کسی بھی ایپ کے ذریعے شیئر نہ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ، واٹس ایپ اور فیس بک کی جانب سے سان فرانسسکومیں اسرائیلی کمپنی کے خلاف مقدمہ درج ہے۔

    مزید پڑھیں : واٹس ایپ کا غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن

    یاد رہے سب سے بڑی موبائل ایپلیکشن واٹس ایپ نے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد شروع کردیا تھا، جس کے تحت غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے والے صارفین کے نمبرز بلاک کیے جارہے ہیں۔

    صارفین کی آئی ڈیز بلاک کرنے کا مقصد پلیٹ فارم کو بہتر بنانا ہے، اب تک نشاندہی کے بعد کئی صارفین کے اکاؤنٹس بند کیے جاچکے ہیں، چند صارفین نے  اپنے اوپر عائد ہونے والی پابندی کے حوالے سے بھی سوشل میڈیا پر کہانی شیئر کی۔

    خیال رہے دنیا بھر میں واٹس ایپ صارفین کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کرچکی ہے، آئے روز صارفین کی تعداد میں اضافہ بھی ہورہا جبکہ کمپنی نئے لوگوں کو اپنے پلیٹ فارم پر لانے کے لیے فیچرز بھی متعارف کراتی رہتی ہے۔

  • اسرائیلی کمپنی کینسر کا مکمل علاج دریافت کرنے کی دعویدار

    اسرائیلی کمپنی کینسر کا مکمل علاج دریافت کرنے کی دعویدار

    اسرائیل کی ایک بائیو ٹیک کمپنی نے کینسر کا مکمل علاج دریافت کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سنہ 2020 تک اس مرض کا مکمل علاج کرنے کے قابل ہوسکیں گے۔

    اسرائیل کی ایکسلریٹڈ ایوولوشن بائیو ٹیکنالوجیز لمیٹڈ کمپنی کا کہنا ہے کہ کینسر کو 100 فیصد طور پر جڑ سے اکھاڑ پھینکنے والی ان کی دوا کا چوہے پر کامیاب تجربہ کیا جاچکا ہے۔

    یاد رہے کہ اس وقت دنیا بھر میں کینسر کا مختلف طریقوں سے علاج کیا جاتا ہے تاہم یہ صرف وقتی طور پر فائدہ پہنچا سکتا ہے، کوئی بھی علاج مکمل طور پر اس موذی مرض کو ختم نہیں کرسکتا۔

    ابتدائی اسٹیج پر اس مرض کی تشخیص اور اس کے علاج کے باوجود بھی بعد میں عمر کے کسی حصے میں اس مرض کے لوٹ آنے کا خدشہ موجود رہتا ہے۔

    تاہم اب اسرائیلی کمپنی کا یہ دعویٰ کہ وہ اس مرض کو جڑ سے ختم کرسکتے ہیں، طبی دنیا میں انقلاب برپا کرسکتا ہے۔

    مزید پڑھیں: روز کھائی جانے والی یہ اشیا آپ کو کینسر میں مبتلا کرسکتی ہیں

    ایک بین الاقوامی اخبار سے بات کرتے ہوئے ادارے کے سربراہ ڈاکٹر ایان مراد کا کہنا تھا کہ ان کی بنائی گئی دوا کے کوئی سائیڈ افیکٹس نہیں ہیں جبکہ یہ فی الحال دستیاب دواؤں سے کہیں کم قیمت پر دستیاب ہوگی۔

    کمپنی کے اس ٹریٹمنٹ کو ملٹی ٹارگٹ ٹاکسنز کا نام دیا گیا ہے۔

    یہ ٹریٹمنٹ یا دوا کیسے کام کرے گی؟ اس بارے میں ڈاکٹر ایان کا کہنا تھا کہ کینسر کی عام دوائیں ایک خاص ہدف کو ٹارگٹ کرتی ہیں، یہ دوائیں عموماً کینسر زدہ خلیے کو اپنا نشانہ بناتی ہیں۔

    اس کے برعکس ان کی دوا کینسر زدہ خلیے کو وصول کرنے والے ریسیپٹر کو 3 طرف سے نشانہ بنائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ عام دوا ایک وقت میں ریسیپٹر پر ایک دفعہ حملہ کرتی ہے جس سے کینسر کا خلیہ وقتی طور پر کمزور پڑجاتا ہے، اس کے برعکس ان کی بنائی گئی دوا کے 3 دفعہ حملوں کے بعد کینسر زدہ خلیے کی کمزوری میں 3 گنا اضافہ ہوگا اور اسے پھر سے مضبوط ہونے کے لیے وقت درکار ہوگا۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں کینسر کے مرض میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے، ایک رپورٹ کے مطابق ہر سال 1 کروڑ 81 لاکھ افراد کینسر کا شکار ہو رہے ہیں۔

    عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کے مطابق دنیا بھر میں ہونے والی ہلاکتوں میں سے ہر آٹھویں ہلاکت کی وجہ کینسر ہے۔ کینسر کے باعث ہلاک ہوجانے والے افراد کی تعداد 80 لاکھ سالانہ ہے۔

    یونین فار انٹرنیشل کینسر کنٹرول (یو آئی سی سی) کے مطابق سنہ 2030 تک دنیا بھر میں ڈھائی کروڑ سے زائد افراد کینسر کا شکار ہوں گے۔